Tag: ٹنڈو محمد خان

  • نومولود کی فروخت، فوٹیج میں خریدار کی شناخت ہو گئی، بچے کے والد سمیت زیر حراست

    نومولود کی فروخت، فوٹیج میں خریدار کی شناخت ہو گئی، بچے کے والد سمیت زیر حراست

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کرنے والے والد اور بچے کے خریدار کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں نومولود کو فروخت کرنے کے معاملے میں اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں نومولود کے والد سہیل پلیجو اپنا بچہ ہرے رنگ کی قمیض شلوار پہنے شخص کے حوالے کرتے دیکھا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فوٹیجز کی مدد سے بچہ لینے والے شخص کو پہچان لیا گیا ہے، والد سہیل اور غلام حیدر کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق والد نے بتایا اس نے پیسوں کے لیے بچہ غلام حیدر کے حوالے کیا تھا، جب کہ غلام حیدر نے بیان میں کہا اس نے بچہ حیدرآباد میں کسی کو دے دیا ہے۔


    باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا


    یاد رہے کہ گزشتہ روز باپ نے ایک دن کا بچہ 50 ہزار روپے میں فروخت کیا تھا، والدہ کا کہنا تھا اسپتال انتظامیہ نے بل کا مطالبہ کیا تو شوہر نے ادھار لے کر بل ادا کیا، جس سے رقم لی بچہ بھی اس کو دے دیا۔ معاملہ سامنے آنے پر اسپتال انتظامیہ نے بل کی مد میں ادا کی گئی رقم متاثرہ خاتون کو واپس کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ پولیس نے بچے کو تلاش کر کے ماں کے حوالے کر دیا ہے، اور مذکورہ اسپتال میں ان کا علاج بھی مفت ہو رہا ہے۔

  • باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا

    باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا

    سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں غربت سے مجبور ماں  باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا، والدہ نے کہا کہ نجی اسپتال انتظامیہ نے بل کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔

    متاثرہ والدہ نے کہا کہ میرے شوہر نے ادھار پیسے لیے اور اسپتال کا بل ادا کیا، شوہر نے جس سے ادھار رقم لی بچے کو اسکے حوالے کردیا۔

    نجی اسپتال کے ڈائریکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رقم دے کر نومولود بچہ کو لینے والےکی تلاش جاری ہے اس واقعے کے بعداسپتال انتظامیہ نے خاتون کا علاج مفت کردیا ہے، اب تک جتنی بھی ادائیگی ہوئی وہ متاثرہ خاتون کو واپس کی جائیگی۔

  • اس انوکھے ساز کو بجانے والے اب گنتی کے ہی رہ گئے ہیں، ویڈیو رپورٹ

    اس انوکھے ساز کو بجانے والے اب گنتی کے ہی رہ گئے ہیں، ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: ذیشان خاصخیلی

    مورچنگ سندھ کا تاریخی ثقافتی ساز ہے!

    اس ساز کو چرواہون کا ساتھی بھی کہا جاتا ہے، کیوں کہ بکریاں چرانے والے اس ساز کو فرصت میں بڑے شوق سے بجاتے تھے۔ ٹنڈو محمد خان کے پس ماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والا حاکم سولنگی مورچنگ ساز پر عبور رکھتا ہے، جو گزشتہ 30 سالوں سے اس ساز پر اپنے فن کا مظاہرہ کئی شہروں میں کر چکا ہے۔

    انگلیوں کی مدد سے لوہے کو منہ میں اندر رکھ کر سانسوں سے موسیقی کی خوب صورت دھن نکالنے والا یہ البیلا فنکار ثقافتی ساز مورچنگ کو زندہ رکھتا آ رہا ہے۔ مور چنگ ساز کو بیرون ملک میں بھی سراہا گیا، مگر اب اس ساز کو بجانے والے گنتی کے لوگ رہ گئے ہیں۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • سیمنٹ سے تیار کی جانے والی خوبصورت جالیاں

    سیمنٹ سے تیار کی جانے والی خوبصورت جالیاں

    ٹنڈو محمد خان کے ایک کارخانے میں سیمنٹ سے تیار کی جانے والی خوبصورت جالیاں بنائی جاتی ہے ، جو گھر کی زینت میں اضافہ کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذیشان علی خاصخیلی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جالیو‌ں کی صنعت میں محنت کش قربان علی گذشتہ 15 سالوں سے سمینٹ بجری سے جالیاں تیار کرنے کا کام کررہا ہے، ایک دن میں قربان علی 100 سے زائد جالیاں آسانی سے بنا لیتا ہے۔

    قربان علی نے بتایا کہ میں ایک دن میں 110 سے 115 تک جالیاں بنا لیتا ہو۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے کہا کہ بڑی مہارت اور محنت سے لکڑی کے سانچے میں جالی تیار کرکے اسے کچھ گھنٹوں کے لئے دھوپ میں رکھا جاتا ہے تاکہ جالی کی خوبصورتی اور مضبوطی برقرار رہے۔

    قربان علی نے جالی بنانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ جالی بنانے میں چار ٹرالی ریتی ، دو بوری سیمنٹ کی ہوتی اور چار لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے ، جس میں 5 سے 5 ہزار روپے روز کا خرچہ آتا ہے۔

    ذیشان علی کا کہنا تھا کہ اس کارخانے میں جالی کے ساتھ ساتھ سیمنٹ کے بلاک اور ٹائلز بھی تیار کئے جاتے ہیں، چھوٹے صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی سے اس کاروبار پر کافی اثر پڑا ہے.

    صنعت کار نے بتایا کہ ہمیں اس کام میں بہت نقصان ہوا ہے اور 15 سے 20 لاکھ کا قرض ہوگیا ہے.

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذیشان علی خاصخیلی حکومتی اداروں کا عدم تعاون اور خام مال مہنگا ہونے کے باعث چھوٹے کارخانے بند ہوتے نظر آتے ہیں۔

  • سندھ: وڈیرے کے اشارے پر خواتین کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملہ

    سندھ: وڈیرے کے اشارے پر خواتین کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملہ

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان میں ایک وڈیرے کے اشارے پر خواتین نے سماجی ورکر رضیہ سہتو پر حملہ کر کے انھیں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان کے گاؤں ہاشم سہتو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر رضیہ سہتو پر خواتین نے حملہ کر کے ان پر تشدد کیا۔

    وڈیرے کے اشارے پر مشتعل خواتین نے رضیہ سہتو کو یرغمال بنایا اور موبائل چھیننے کی کوشش کی، ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے۔

    رپورٹ کے مطابق رضیہ سہتو بیمار متاثرین میں دوائیں تقسیم کرنے گئی تھیں، وہ ڈیڑھ ماہ سے سیلاب متاثرین کو راشن اور خیمے فراہم کر رہی ہیں، تاہم گاؤں کا وڈیرہ ان کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے۔

    وڈیرے کی بدمعاشی بھی سامنے آ گئی ہے، رضیہ سہتو کے مطابق وڈیرے کا کہنا ہے کہ جو بھی امدادی کام کرنا ہے مجھ سے پوچھ کر کرو، وڈیرے ہی نے خواتین کو حکم دیا کہ انھیں گاؤں میں نہ آنے دیں، اے آر وائی نیوز کو موصول ویڈیو میں رضیہ کی گاڑی پر خواتین حملہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

    دوسری طرف اے آر وائی نیوز پر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والی سماجی ورکر پر حملے کی خبر نشر ہونے کے بعد شیخ بھرکیو پولیس بھی الجھن کا شکار ہو گئی۔ پولیس نے فریادی سماجی ورکر غیر شادی شدہ خاتون کو شادی شدہ لکھ ڈالا، پولیس نے جلد بازی کرتے ہوئے فریادی کے والد کے نام کی جگہ پر شوہر لکھ دیا۔

    متاثرہ سماجی کارکن رضیہ سہتو کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر وڈیرے کی خواہش کے مطابق درج کی گئی ہے، پولیس جان بوجھ کر اس کی گرفتاری میں تاخیر کر رہی ہے، اور ایف آئی آر میں سہولت کار وڈیرے کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

  • ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین نے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو اپنے درمیان دیکھا تو ان پر برس پڑے اور سخت باز پرس کی، متاثرین کا کہنا تھا کہ جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، انتظامیہ نے اب تک کیا کیا؟

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان پہنچے تو سیلاب متاثرین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، متاثرین نے نوید قمر سے سخت سوالات کیے اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ آپ ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، نکاسی آب کی مشینیں اپنے ساتھ لائے ہیں؟ متاثرین نے سخت غصے میں ان سے سوال کیا کہ مویا شہر زیر آب ہے، انتظامیہ نے کیا کیا؟

    نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بجر خان تالپور کا دورہ کیا جہاں بارش کا جمع شدہ پانی دریا بن گیا، گاؤں کے قبرستان زیر آب آچکے ہیں جس سے میتوں کی تدفین میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    نوید قمر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور ان کے بیٹے قاسم نوید بھی ان کے ساتھ تھے۔

    خیال رہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبہ سندھ میں تباہی مچادی ہے اور متعدد شہر و دیہات زیر آب آچکے ہیں، بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

  • کراچی میں 100 سال میں ایسی بارش نہیں ہوئی: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی میں 100 سال میں ایسی بارش نہیں ہوئی: وزیر اعلیٰ سندھ

    ٹنڈو محمد خان: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں 100 سال میں ایسی بارش نہیں ہوئی، 1931 میں ہونے والی بارش اس سے کم تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹنڈو محمد خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کراچی سمیت سندھ بھر کے بارش سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرنے آیا ہوں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا بارش سے جو اضلاع متاثر ہوئے ہیں انھیں آفت زدہ قرار دیا جائے گا، ابھی بارش ختم نہیں ہوئی ہے اور بارش آئے گی۔

    انھوں نے کہا بلدیاتی ادارے 28 اگست کو اپنی مدت پوری کریں گے، قانون کے مطابق ایڈمنسٹریٹر اپوائنٹ کریں گے۔

    بارش کے بعد اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھرپار کر پہنچ گئے، وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے انھیں تفصیلات فراہم کیں

    واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ ہونے والی بارشوں نے بڑی تباہی مچائی، کئی علاقوں کی حالت سیلاب زدہ علاقوں جیسی ہو گئی تھی، لوگوں کو مختلف علاقوں سے کشتیوں میں نکالا گیا، شہر میں نکاسی آب کا مسئلہ بھی عروج پر رہا۔

    آج کراچی میں وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں 36 سالہ تاریخ کی تیز ترین بارشیں ریکارڈ کی گئیں، بارشوں کے دوران سندھ حکومت کے تمام محکمے فعال رہے، بلاول بھٹو کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ، وزرا اور اراکین اسمبلی عوام کے درمیان رہے، تاریخی برسات کے ختم ہوتے ہی پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا گیا۔

    انھوں نے کہا آج صبح تک بیش تر علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل کیا گیا، نکاسی کے عمل کا سلسلہ اب بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ہے، مشرف دور میں اس دفعہ سے کم بارشیں ہوئی تھیں مگر 4 دن تک کراچی بند تھا، افسوس ناک طور پر اس قومی آفت کے دوران وفاق نے سندھ کو لاوارث چھوڑ دیا، مشرف دور میں ہوئی تجاوزات کے خاتمے تک نکاسی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔

  • سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کا گودام مل گیا، چابیاں سیاسی کارکن کے پاس تھیں

    سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کا گودام مل گیا، چابیاں سیاسی کارکن کے پاس تھیں

    ٹنڈو محمد خان : سال دوہزار گیارہ کے سیلاب متاثرین کیلئے آنے والے امدادی سامان کا گودام اے آر وائی نیوز نے ڈھونڈ لیا، گودام کی چابیاں ایک سیاسی جماعت کے رکن کے پاس تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف ممالک اور سماجی تنظیموں کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سال 2011میں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک اور دیگر سامان کی صورت میں امداد فراہم کی گئی تھی جسے متاثرین تک پہچانے کے بجائے گودام میں محفوظ کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجے گئے سامان کا گودام ڈھونڈ نکالا، ٹنڈو محمد خان کے علاقے میں قائم گودام میں رکھا گیا سامان2011کے سیلاب متاثرین کیلئے بھجوایا گیا تھا۔

    امدادی سامان میں ٹینٹ، پنکھے اور دیگر اشیاء شامل ہیں، مذکورہ امدادی سامان ٹنڈو غلام حیدر ٹاؤن کے قریب گودام میں رکھا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں بارش کے بعد ایم نائن موٹروے پرسیلاب، پولیس اور فوجی جوانوں کی امدادی کارروائیاں

    بعد ازاں انکشاف ہوا کہ اس گودام کی چابیاں ایک سیاسی جماعت کے کارکن کے پاس تھیں، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی کے احکامات کے بعد گودام کی چابیاں محکمہ ریونیو کےحوالے کردی گئی ہیں۔

     

  • جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ، فالودے والے کے بعد دھوبی بھی کروڑوں کا مالک نکلا

    جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ، فالودے والے کے بعد دھوبی بھی کروڑوں کا مالک نکلا

    کراچی: فالودے والے، اسکول ٹیچر اور کلرک کے بعد اب دھوبی کے اکاؤنٹ سے بھی کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس سے ٹرانزیکشن کا سلسلہ نہ رک سکا، کراچی کے فالودے والے کے بعد اب ٹنڈو محمد خان کے دھوبی کے اکاؤنٹ سے ایک کروڑ 4 لاکھ کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    طارق سعید نامی دھوبی نے ایف آئی اے کی جانب سے لیٹر موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رقم منتقل ہونے کا مجھے کچھ علم نہیں ہے، ملازمت کے لیے اپنی دستاویزات ایک کمپنی کو جمع کرائی تھیں۔

    طارق سعید کا کہنا ہے کہ لیٹر موصول ہوا ہے جس میں کراچی طلب کیا گیا ہے، کرائے کے پیسے نہیں ہیں کہ ایف آئی اے کے دفتر تک پہنچ سکوں۔ ایف آئی اے نے خریدوفروخت کے معاہدے کی کاپی، بلز اور بینک کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

    طارق نے مزید کہا کہ وہ مزدور آدمی ہے اس کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے پھر وہ معاہدہ اور خریدو فروخت کی تفصیلات کہاں سے لائے گا۔

    ایف آئی کا لیٹر موصول ہونے کے بعد دھوبی طارق سعید نے ڈر سے اپنی دکان بھی بند کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: ایک اور شہری کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف

    یاد رہے کہ کراچی کے فالودے والے عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں دو ارب 25 کروڑ روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

    اس سے قبل حیدرآباد کے رہائشی پردیپ کمار کے اکاؤنٹ میں چار کروڑ 99 لاکھ 54 ہزار 432 روپے جبکہ شہر قائد کے رہائشی فالودہ فروش عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

  • جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

    جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

    ٹنڈو محمد خان : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، نیب کےسابق چیئرمین نے کمزورکیس بنا کرشہباز شریف کو بچالیا، اداروں کو تبا ہ کرنے والے کبھی ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ٹنڈٖو محمد خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے سابق نااہل وزیر اعظم کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تک زندہ ہوں نوازشریف کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔

    اچھا ہوا جو حدیبیہ پیپر کیس میں شہباز شریف نااہل نہیں ہوئے، کمزورٹیموں سے کھیلنےمیں مزہ نہیں آتا، نیب کےسابق چیئرمین نےکمزورکیس بنا کر شہبازشریف کو بچالیا،عوام کے ساتھ مل کران چورروں کامقابلہ کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ پولیس عوام کی حفاظت کے بجائے وزراء کی ایما پر سیاسی مخالفین کوتنگ کرتی ہے، آئی جی سندھ کی رپورٹ کےمطابق14ہزاراہلکاروں پرکرپشن کا کیس ہے، اس کے مقابلے میں کےپی کے پولیس عالمی معیار کی پولیس بن چکی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں جرائم کی شرح نیچے آگئی ہے، دہشت گردی بھی کم ہوئی، نواز لیگ اور پی پی نے6، چھ دفعہ باریاں لیں، پولیس کو کیوں نہیں ٹھیک کیا گیا؟ ادارے تباہ کرنے والےکبھی بھی اداروں کو ٹھیک نہیں کرسکتے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹنڈو محمدخان شوگر ملز اس لیے بند ہیں کہ یہاں جنگل کاقانون ہے، آصف زرداری ٹنڈو محمد خان میں ایک اورشوگرمل لیناچاہتاہے۔


    مزید پڑھیں: اللہ کاشکرگزارہوں، عدالتی فیصلہ تسلیم کرتےہیں،عمران خان


    انہوں نے کہا کہ جس طرح کی کرپشن سندھ میں ہے یہاں کسی نے سرمایہ کاری نہیں کرنی، یہاں مل لگانے والا سرمایہ کار دعا کرتا ہوگا کہ شوگر مل کے پی کے لےجاؤں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔