Tag: ٹنکی گراؤنڈ

  • ’’جاگ مہاجر جاگ‘‘ایم کیوایم متحد ہونے کے بعد سیاسی طاقت دکھانے کو تیار

    ’’جاگ مہاجر جاگ‘‘ایم کیوایم متحد ہونے کے بعد سیاسی طاقت دکھانے کو تیار

    کراچی : ایم کیو ایم متحد ہونے کے بعد سیاسی طاقت دکھانے کو تیار ہے، ایم کیوایم کا جلسےکے لیے’’جاگ مہاجر جاگ‘‘ کا نعرہ مختص کیا گیا ہے، جلسہ 5بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول کے تیروں کا جواب دینے کیلئے ایم کیوایم پاکستان تیار ہے، لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں بھرپور پاور شو کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، جلسہ 5بجے شروع ہوگا۔

    کراچی میں پاکستانی اور ایم کیوایم پرچموں کی بہار آگئی، استقبالیہ بینرز بھی آویزاں کردیے گئے، گراؤنڈ میں 45ہزار  سے زائد کرسیاں لگادی گئیں، اسٹیج سج گیا جبکہ اسکرینیں بھی نصب کردی گئیں۔

    ایم کیوایم کاجلسےکےلیے’’جاگ مہاجر جاگ‘‘ کانعرہ مختص کیاگیاہے، جلسے سے فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی خطاب کریں گے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے مشترکہ جلسے کیلئے قیادت سمیت کارکنان بھی پرجوش ہیں۔

    فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جلسے کا مقصد یکجہتی اوراتحاد قائم کرنا ہے۔ پیپلزپارٹی کو خالی اور بھری ٹنکی کا فرق بتادیں گے جبکہ عامرخان نے کہا آج پی پی کوبتادیں گے کہ آئندہ جلسے کیلئے یہاں نہ آنا۔

    گزشتہ رات ایم کیو ایم نے ریلی نکالی، فاروق ستار اور عامر خان ایک ہی گاڑی میں سوار تھے، خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری سمیت اعلیٰ قیادت نے بھی کارکنان کا جوش بڑھایا، شہر کےمختلف علاقوں سے ریلیاں ٹنکی گراؤنڈ پہنچی جہاں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔

    یاد رہے ٹنکی گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے میں  بلاول بھٹو کی تنقید کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں پی آئی بی اور بہادرآباد نے 5 مئی کو مشترکہ جلسہ کرنے کا اعلان کردیا  تھا۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مہاجر اور مظلوم کی یکجہتی کے خلاف ہرسازش ناکام بنائیں گے جبکہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ  دو روز بعد ہر سوال کا جواب مل جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹنکی گراؤنڈ کے جلسے میں بحیثیت کارکن شرکت کروں گا، کامران ٹیسوری

    ٹنکی گراؤنڈ کے جلسے میں بحیثیت کارکن شرکت کروں گا، کامران ٹیسوری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کی متنازعہ شخصیت کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کل ٹنکی گراؤنڈ کے جلسے میں کارکن کی حیثیت سے شرکت کروں گا، اگر یہ سزا ہے تو بخوشی قبول ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پی آئی بی کالونی پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے اپنے سربراہ سے ملنے آیا ہوں، دیگر کارکنوں کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھ کر سربراہ کا انتظار کروں گا اور فاروق ستار کے ہمراہ ریلی کی شکل میں ٹنکی گراؤنڈ جاؤں گا،۔

    کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ کل ٹنکی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے میں بھی دیگر کارکنوں کے ہمراہ شرکت کروں گا، پتہ چلا ہے کہ بہادرآباد سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ میں جلسے کے دوران اسٹیج پر نہ بیٹھوں۔

    مجھے بتایا گیا ہے کہ اب آپ کو کارکن بنا دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم پاکستان کا کارکن ہونے پر فخر ہے، اگر یہ سزا ہے تو مجھے اس سزا پر بھی خوشی ہے۔

    مزید پڑھیں: افواہوں نے دم توڑ دیا، فاروق ستار اور عامر خان کی مشترکہ پریس کانفرنس

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فاروق ستار کی بہادرآباد آمد پر ان کے ساتھ آنے والے کامران ٹیسوری کو دفتر کے باہر ہی روک دیا گیا تھا، بعد ازاں پریس کانفرنس میں‌ کامران ٹیسوری کے سوال پرعامر خان اور فاروق ستار ایک پیچ پر نظر آئے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ کامران ٹیسوری بہادر آباد آئیں، چائے اور بسکٹ کھلائیں گے، جس پر عامر خان نے کہا کہ کامران ٹیسوری کارکن ہیں، بہ حیثیت کارکن عزت دیں گے، بہادر آباد جو بھی آئے ہمارے لیے باعث عزت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے، اپنا حق لے کر رہیں گے، پیپلز پارٹی کراچی سے بھی جیتے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا ٹنکی گراؤنڈ کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کل بروز اتوار ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

    جلسے سے بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، سید مراد علی شاہ نے جلسے کے انتظامات کے علاوہ خصوصی طور پر سیکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کا جائزہ لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پی پی کیلئے پہلے بھی کوئی نوگو ایریا نہیں تھا اوراب بھی نہیں ہے، کل بلاول بھٹو کی قیادت میں شاندارجلسہ ہوگا، جلسے کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پوراپاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلزپارٹی پورے ملک کی طرح کراچی سے بھی جیتے گی، پیپلزپارٹی کے منشور پر عمل کرنے والے پارٹی میں آسکتے ہیں۔

    پیپلزپارٹی سے بڑے لوگ نہیں گئے، وزیراعظم سے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کو سزانہ دی جائے، سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے ہم اپناحق لے کر رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔