اسلام آباد : ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کاسوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ موجود نہیں، متعلقہ ادارے ایسے اکاؤنٹ بلاک کر کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کریں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کاسوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ موجود نہیں، ٹوئٹر یا فیس بک اکاؤنٹ جعلی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو ایسے اکاؤنٹ بلاک کرنے کی ہدایات کردی گئیں ہیں جبکہ چیف جسٹس کے جعلی اکاؤنٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔
مزید پڑھیں : بطورچیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایک گھنٹے کے اندر پہلے مقدمے کا فیصلہ سنادیا
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حلف اٹھاتے ہی عدالت لگا کر ایک گھنٹے کے اندر پہلے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے منشیات کے کیس میں سزا یافتہ نور محمد کی سزا میں کمی کی درخواست مسترد کردی تھی۔
اس سے قبل فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ زیر التوامقدمات کا قرض اتاروں گا، فوج اورحساس اداروں کاسویلین معاملات میں دخل نہیں ہوناچاہیئے، ملٹری کورٹس میں سویلین کاٹرائل ساری دنیا میں غلط سمجھا جاتاہے،کوشش کریں گےسول عدالتوں میں بھی جلد فیصلے ہوں۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ بطور چیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تعطل دور کرنے کی کوشش کروں گا، جعلی مقدمات اور جھوٹےگواہوں کیخلاف ڈیم بناؤں گا۔