Tag: ٹوئٹر انتظامیہ

  • ٹویٹر نے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل کر دیے، پی ٹی اے نے نوٹس لے لیا

    ٹویٹر نے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل کر دیے، پی ٹی اے نے نوٹس لے لیا

    کراچی: ٹویٹر انتظامیہ نے بغیر کسی وجہ کے پاکستانی صارفین کے متعدد اکاؤنٹس معطل کر دیے ہیں، جس پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ نے بغیر وجہ پاکستانی صارفین کے متعدد اکاؤنٹس معطل کر دیے، معلوم ہوا ہے کہ ٹویٹر نے 396 پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کیے ہیں۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی شکایات پر ٹویٹر انتظامیہ کو 396 معطل اکاؤنٹس کی اطلاع دی گئی ہے، جس پر ٹویٹر نے صرف 66 اکاؤنٹس بحال کیے، جب کہ 330 تاحال معطل ہیں۔

    پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ٹویٹر انتظامیہ کے اس اقدام کو آزادیٔ اظہار کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا، اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ٹویٹر انتظامیہ کا اقدام اصولوں کے خلاف ہے، پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ معطل اکاؤنٹس سے ویب سائٹ پر رپورٹ کریں، پی ٹی اے اس مسئلے کو ٹویٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کے حق میں آواز، ٹوئٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    یاد رہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں ٹویٹر انتظامیہ نے مودی کی آلہ کار بنتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کو نوٹس ارسال کر دیا تھا۔ اے آر وائی نیو ز ٹوئٹر اکاؤنٹ کو کشمیریوں کے لیے 15 اگست کے ٹویٹ پر نوٹس بھیجا گیا تھا۔

    اس سے قبل مسئلہ کشمیر اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ٹویٹرانتظامیہ نے صدر پاکستان عارف علوی کو بھی نوٹس بھیج دیا تھا، جس پر شیریں مزاری نے کہا تھا کہ ٹویٹر بدمعاش مودی کا ترجمان بننے کے چکر میں حدیں عبور کر گیا۔

    خیال رہے کہ ٹویٹر انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے والے 178 پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے جب کہ اے آر وائی نیوز کے سینئیر اینکر ارشد شریف کو بھی ٹوئٹس ڈیلیٹ کرنے کا نوٹس بھیج دیا گیا تھا۔

  • بھارت کو شدید دھچکہ،  ٹویٹر اب پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا

    بھارت کو شدید دھچکہ، ٹویٹر اب پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا

    اسلام آباد : سماجی میڈیا پر بھارتی اجارہ داری کو شدید دھچکہ لگا، حکومت پاکستان اور ٹویٹر انتظامیہ کے مابین معاملات طے پا گئے ہیں، اب ٹویٹر آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ صباحت علی شاہ نے امریکہ میں ٹویٹر کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات کی اور ٹویٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ اٹھایا۔

    انتظامیہ نے بھارتی اجارہ داری کیخلاف حکومت پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔

    حکومت پاکستان اور ٹوئٹر انتظامیہ میں معاملات طے پاگئے ، معاہدے کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی اور آئندہ یکطرفہ طورپرپاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کشمیر پر بھارت کے 5 اگست کے غاصبانہ قبضے کے بعد ٹویٹر کے ذریعے بھارتی غنڈہ گردی میں تیزی آئی اور اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹس بلاک کئے گئے تھے، جس پر حکومت پاکستان نے ٹویٹر کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا۔

    مزید پڑھیں : سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیرکے لیے آواز اٹھانے والے178 پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل

    یاد رہے بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹ بند کردیےجائیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیریوں کےلیےآواز اٹھانے والےایک سواٹھہتر پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کردیئے تھے۔

    پی ٹی اے نے صارفین کی شکایت ملنے پر ٹوئٹر انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر کے متعلق کئے گئے ٹوئٹس پر پاکستانی صارفین کے ٹویٹر اکاﺅنٹس بلاک کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے نے ٹوئٹر کو 333 اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی تھیں اور اس حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری کے لیے ٹویٹر انتظامیہ کو ایک میٹنگ کے لیے دعوت دی گئی تھی۔

     

  • کشمیریوں کے  حق میں  آواز،  ٹوئٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    کشمیریوں کے حق میں آواز، ٹوئٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    اسلام آباد : مسئلہ کشمیر اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پر ٹوئٹرانتظامیہ نے صدر پاکستان عارف کوبھی نوٹس بھیج دیا ، شیریں مزاری کا کہنا ہے ٹوئٹر بدمعاش مودی کا ترجمان بننے کے چکر میں حدیں عبورکرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ٹوئٹربدمعاش مودی کاترجمان بننےکےچکرمیں حدیں عبورکرگیا، ٹوئٹرانتظامیہ کا صدرپاکستان عارف علوی کو نوٹس بھیجناعجیب مذاق ہے۔

    صدرپاکستان مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم پر ٹوئٹر پر مسلسل آواز اٹھا رہے تھے۔

    اس سے قبل بھارتی حکومت نے ٹوئٹر انتظامیہ سے وفاقی وزیر مرادسعید کا اکاونٹ بند کرنےکی درخواست کی تھی ، بھارتی وزارت داخلہ سے شکایت ملنے پر ٹوئٹر انتظامیہ نے مراد سعید سے رابطہ کیا اور شکایت سے باقاعدہ آگاہ کیا۔

    مزید پڑھیں : بھارتی حکومت کی ٹوئٹر انتظامیہ سے مرادسعید کا اکاونٹ بند کرنےکی درخواست

    بعد ازاں انتظامیہ نے بھارت کی جانب سے مراد سعید کا ٹوئٹراکاؤنٹ بندکرنےکی درخواست مسترد کردی تھی۔

    یاد رہے بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹ بند کردیے جائیں۔ یاد رہے کہ سینئر اینکر پرسن ارشد شریف سمیت یہ آٹھ افراد مسلسل بھارتی مظالم کو آشکار کررہے تھے۔

    جس کے بعد سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیریوں کےلیےآواز اٹھانے والےایک سواٹھہتر پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے جبکہ اے آروائی نیوزکے سینئیر اینکر ارشد شریف کو بھی ٹوئٹس ڈیلیٹ کرنے کا نوٹس بھیج دیاتھا ۔