Tag: ٹوئٹر

  • ٹوئٹر کے ویریفائیڈ صارفین کے لئے بڑی خبر آگئی

    ٹوئٹر کے ویریفائیڈ صارفین کے لئے بڑی خبر آگئی

    سان فرانسسكو: ٹوئٹر نے ویریفائیڈ صارفین سے 8 ڈالر ماہانہ وصول کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر کے نئے مالک الیون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ہ ٹوئٹر صارفین کے اکاؤنٹس کی تصدیق کیلئے ماہانہ آٹھ ڈالر وصول کئے جائیں گے۔

    الیون مسک نے کہا کہ نیلا نشان ہونے کا موجودہ لارڈ اور پیزنٹ نظام فضول ہے، نیا منصوبہ ٹوئٹر کو مواد تخلیق کرنے والوں کو دینے کیلئے آمدنی کا سلسلہ دے گا۔

    مین پوسٹ کا جواب دینے اور تلاش کرنے میں ترجیح بھی شامل کی جائے گی ، اس ترجیح کو شامل کرنے کا مقصد جعلسازی کو روکنا ہے۔

    چند روز قبل یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر پر بلو ٹک طریقہ میں تبدیلی ہونے والی ہے اور آئندہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ویریفیکیشن کے لیے 20 ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔

    یاد رہے ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے بلیو ٹک والے صارفین پر فیس عائد کرنے کے لیے نیا سسٹم متعارف کروایا تھا۔

    ایلون مسک نے فیس عائد کرنے کے لیے انجینئرز کو 7 نومبر کی ڈیڈ لائن دی تھی، ڈیڈ لائن تک پروجیکٹ پورا نہ کرنے کی صورت میں مسک نے انجینئرز کو برطرف کرنے کی وارننگ بھی دی۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے تصدیقی طریقہ کار کو نئے سرے سے بنایا جارہا ہے۔

    دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بلیو ٹک کے علاوہ ٹوئٹر کےدیگر فیچرز پر بھی فیس عائد کی جائے گی۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کی چڑیا آزاد کردی

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کی چڑیا آزاد کردی

    معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد دلچسپ ٹوئٹ کیا ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا، ٹوئٹر کنٹرول لینے کے بعد ایلون مسک نے سابق سی ای او اگروال اور سی ایف او سیگال کو فارغ کردیا۔

    ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد انہوں نے ایک مختصر  ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’’ پرندہ آزاد ہوگیا‘‘۔

    اس کے علاوہ ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹر پروفائل کو بھی بدل دیا ہے اور خود کو چیف Twit لکھا ہے جبکہ لوکیشن ٹوئٹر ہیڈ آفس درج کی ہے۔

    ایلون مسک کی اس ذو معنی ٹوئٹ صارفین کی توجہ کا مزکر اس لیے بنی کیوںکہ ٹوئٹر کے ’لوگو‘ پر نیلے رنگ کا پرندہ ہے۔

    صارف نے ایلون مسک کے اس ٹوئٹ پر ری ٹوئٹ میں ایک تصویر  شئیر کی، جس میں ایلون مسک ٹوئٹر کی چڑیا’لوگو‘ کو اڑا رہے ہیں۔

    https://twitter.com/drefanzor/status/1585841644292648960?s=20&t=jGeAnzPkf7M6jByqU78FLg

    جب کہ ایک اور صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی میں بیٹھا شخص ایک کے بعد ایک پرندہ اڑا رہا ہے، اس شخص کے چہرے پر ایڈٹ کے ذریعے ایلون مسک کی تصویر لگائی گئی ہے۔

  • ٹوئٹر نے زبردست فیچر کی آزمائش شروع کر دی

    ٹوئٹر نے زبردست فیچر کی آزمائش شروع کر دی

    ٹوئٹر نے ایک اور زبردست فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، یہ فیچر ہے ’آڈیو اسٹیشن‘ جس پر پوڈ کاسٹ بھی سنے جا سکیں گے۔

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں ’ٹوئٹر اسپیس‘ کے ٹیب کو بہتر بنانے کے فیچر پر آزمائش شروع کر دی گئی ہے، اور اس پر پوڈ کاسٹ بھی سنے جا سکیں گے۔

    ٹوئٹر نے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ صارفین جب اسپیس کے ٹیب میں جائیں گے تو انھیں 3 آپشن نظر آئیں گے، جس میں سے ایک پوڈکاسٹ جب کہ دوسرا ’اسٹیشن‘ کا ٹیب ہوگا۔ اس میں صارفین اپنی پسند کے مطابق مختلف خبریں، پروگرامات اور رپورٹس کو سن سکیں گے۔

    صارفین مختلف معروف نشریاتی اداروں کی جانب سے کرنٹ افیئرز، اسپورٹس اور شوبز، اور سیاست پر بھی آڈیو خبریں اور فیچرز سن سکیں گے، پوڈ کاسٹ کے ٹیب میں دنیا بھر کے سب سے زیادہ دیکھے اور سنے جانے والے پوڈکاسٹ بھی سنے جا سکیں گے۔

    اس فیچر کے تحت ابتدائی طور پر صارفین انگریزی زبان کے پوڈ کاسٹ اور آڈیو نیوز سن سکیں گے، تاہم مستقبل میں دیگر زبانوں کے پوڈ کاسٹ بھی سنے جا سکیں گے۔ اسپیس کا فیچر بھی اپڈیٹ ہو رہا ہے، اس کے بعد صارفین اسپیسز کو ریکارڈ کر سکیں گے۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا؟

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا؟

    سان فرانسسکو: ٹوئٹر نے دنیا کے امیر ترین شخص امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے 2 ہفتے قبل  ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لئے 44 ارب ڈالرز ادا کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم ٹوئٹر بورڈ نے ایلون مسک کی اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    لیکن گزشتہ روز اچانک خبر آئی کہ ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایلون مسک کی پیش کش قبول کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ٹویٹر نے ارب پتی کاروباری شخص کو 44 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے میں کمپنی کی فروخت کی تصدیق کردی ہے۔

    معاہدے کے مطابق ایلون مسک ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 54.20 ڈالر فی شیئر رقم ادا کریں گے۔ معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد  شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔

    ٹوئٹر بورڈ کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارے نے’’ایلون کی تجویز کا جائزہ لینے کے بعد سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹویٹر کے حصص یافتگان (شیئر ہولڈرز) کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔

    ایلون مسک نے کمپنی کی ملکیت لینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وہ نئے فیچرز کے ساتھ ٹوئٹر کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ’’آزادیِ اظہار ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہے، ٹویٹر’ڈیجیٹل اسکوائر‘ ہے جہاں انسانیت کے مستقبل کے لیے اہم معاملات پر بحث ہوتی ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ٹیسلا انکارپوریٹڈ اور اسپیس ایکس کی کامیابی میں کارفرما کھرب پتی نے ٹویٹر کمپنی کے کاروباری ماڈل میں تبدیلیوں کے لیے بہت سی تجاویز بھی پیش کی ہیں، ان میں کمپنی کے سان فرانسیسکو میں واقع ہیڈکوارٹر کو بے گھر افراد کی پناہ گاہ میں تبدیل کرنا، ٹویٹس کے لیے ایڈٹ کا بٹن شامل کرنا، پریمیم صارفین کو خودکار تصدیقی نمبر دینا شامل ہے۔

    خیال رہے کہ مسک اس سے قبل بھی ٹویٹر کے 9 فی صد سے زیادہ حصص کے مالک تھے اور وہ اس کے سب سے بڑے انفرادی شیئر ہولڈر تھے، انھوں نے اس ماہ کے اوائل میں اس فرم کا ایک بڑا حصہ خریدا تھا، واضح رہے کہ ٹویٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی ایلون مسک کے دوست ہیں۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ٹیسلا کمپنی کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئرز خرید چکے ہیں، انھیں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونا تھا، تاہم اب انھوں نے بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

    ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایلون مسک سب سے زیادہ شیئر خریدنے کے بعد مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔

    تاہم اب انھوں نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ اسپیس ایکس کے بانی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے، پراگ اگروال نے ٹوئٹ میں ٹوئٹر ٹیم کو کی گئی ای میل کا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا، جس میں لکھا گیا تھا کہ 9 اپریل کو آفیشلی ایلون مسک ان کے بورڈ کا حصہ بنے، لیکن اسی دن ہی ایلون نے ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

    ایلون مسک نے ٹویٹر کے کتنے ارب ڈالرز کے شیئرز خرید لیے؟

    ای میل میں ٹیم میں ایلون مسک کی عدم شمولیت کی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم لکھا گیا کہ مسک ان کے سب سے بڑے شئیر ہولڈر ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے ان پٹ کی قدر کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جو فیصلہ ہم کرتے ہیں اس پر عمل درآمد کرنا بھی صرف ہمارے ہاتھ میں ہے، کسی اور کے نہیں۔

  • ٹویٹر نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا

    ٹویٹر نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ‘ایڈٹ بٹن’ پیش کر دیا۔

    ایک عرصے سے ٹویٹر صارفین فیس بک کی طرح ایڈٹ بٹن کا تقاضا کر رہے تھے، جس پر ٹویٹر انتظامیہ نے بلیو ٹک اکاؤنٹس کے لیے ایڈٹ بٹن پیش کر دیا ہے۔

    بلیو ٹک ٹویٹر صارفین اب ٹویٹ کرنے سے قبل اپنا پیغام پڑھ کر اس میں ضروری رد و بدل کر سکیں گے۔

    انتظامیہ کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش کر لی گئی ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں پہلے بلیو ٹک اور مجاز صارفین کے اکاؤنٹس پر مرحلہ وار یہ سہولت پیش کر دی جائے گی، اس کے بعد مزید صارفین بھی اسے اپنا سکیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹویٹر پر ایڈٹ کا آپشن نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ لاکھوں ٹویٹس پر املا کی غلطیاں یا جلد بازی میں لکھے گئے پیغام فی سیکنڈ جمع ہوتے رہتے ہیں، اور ٹویٹس کرنے والوں کو خفت کا سامنا ہوتا ہے۔

    ٹویٹر کے نائب صدر جے سلی ون نے کہا ہے کہ کئی برسوں سے ٹویٹ کی ایڈیٹنگ کی درخواست کی جا رہی تھی اور اب صارفین اسے با سہولت انداز میں انجام دے سکیں گے۔

    واضح رہے کہ عوامی مطالبے کے باوجود ٹویٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسے ایڈٹ کی سہولت پیش کرنے سے ہچکچا رہے تھے، ان کا خیال تھا کہ ٹویٹس پھیلنے کے بعد کوئی بھی صارف اٹھ کر اس میں رد و بدل کر سکے گا، جس سے مسائل کا ایک نیا محاذ کھل جائے گا۔

  • ٹوئٹر نے کئی افغان سرکاری اکاؤنٹس سے نیلے بیجز ہٹا دیے

    ٹوئٹر نے کئی افغان سرکاری اکاؤنٹس سے نیلے بیجز ہٹا دیے

    کابل: ٹوئٹر نے افغانستان کے متعدد سرکاری اکاؤنٹس سے نیلے بیجز ہٹا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے افغانستان میں حکومت کے زیر استعمال کئی اکاؤنٹس سے ’بلیو بیج‘ ہٹا دیے ہیں، جس سے تصدیق ہوتی ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ سرکاری اور مصدقہ ہے۔

    ٹوئٹر نے افغانستان کے ایوان صدر کے آفیشل اکاؤنٹ ’ارگ‘ سے بھی نیلا بیج ہٹا دیا ہے، اس اکاؤنٹ سے پندرہ اگست کو طالبان کنٹرول کے بعد کوئی سرگرمی سامنے نہیں آئی، تاہم کور فوٹو تبدیل کر کے ’اللہ اکبر‘ شامل کیا گیا ہے، ایوان صدر کے اکاؤنٹ پر صدر اشرف غنی کی ویڈیوز، تصاویر اور پیغامات اب تک موجود ہیں۔

    دیگر سرکاری اکاؤنٹس میں افغان وزارت خارجہ، وزارت دفاع، داخلی امور اور خزانہ کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں، جن پر تصدیقی علامت کے طور پر استعمال ہونے والی ’بلیو ٹک‘ ختم کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کے اکاؤنٹس پر مسلسل اپ ڈیٹس شیئر کی جا رہی ہیں تاہم دیگر اکاؤنٹس کو استعمال نہیں کیا گیا۔

    سابقہ افغان حکومت کے زیر استعمال بیرون ملک سفارتی مشن کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو بیج ہٹا دیا گیا ہے، بھارت میں افغان سفارت خانے کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک ہٹ گئی ہے۔

  • ٹوئٹر پر اہم ترین فیچر متعارف

    ٹوئٹر پر اہم ترین فیچر متعارف

    ٹوئٹر نے صارفین کے لیے ایک اہم ترین فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، یہ ایک ‘سافٹ بلاک’ فیچر ہے جس کے استعمال کے ذریعے کسی صارف کو بلاک نہیں کرنا پڑے گا۔

    اس نئے فیچر کا تعلق ٹوئٹر کے نئے پرائویسی ٹولز سے ہے، جس کے ذریعے اب صارف کسی فالوور کو بلاک کیے بغیر ہٹا سکے گا یعنی ان فالو کر سکے گا، ٹوئٹر نے اس کی ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔

    ٹوئٹر سپورٹ نے 8 ستمبر کے ٹوئٹ میں اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ اپنے پروفائل پیج سے فالوورز کی فہرست سے کسی بھی فالوور کو ہٹا سکتے ہیں۔

    ٹوئٹر سپورٹ کے مطابق آپ نے فالوور کے نام کے آگے صرف تین نقطوں والے مینیو پر کلک کرنا ہے، جس پر ‘ریموو فالوور’ کا آپشن آئے گا، اسے کلک کرنے کے بعد آپ کے ٹوئٹس اس صارف کی ٹائم لائن پر پھر دکھائی نہیں دیں گے۔

    یعنی اگر آپ کسی فالوور سے تنگ ہیں تو اب بڑے آرام سے اسے اپنے فالوورز کی لسٹ سے ہٹا سکیں گے، جس کا نوٹیفکیشن بھی اس شخص کو موصول نہیں ہوگا۔ فیچر کے تحت ان فالو کرنے والوں کو نوٹیفیکشن نہیں بھیجا جائے گا جس سے انھیں یہ پتا چل سکے کہ وہ لِسٹ سے نکالے جا چکے ہیں کیوں کہ اگر انھیں یہ معلوم ہو جاتا ہے تو وہ دوبارہ فالو کر سکتے ہیں۔

    اس سے قبل صارفین کے پاس ان فالو کا آپشن نہیں تھا بلکہ انھیں اس کے لیے اس مخصوص شخص کو بلاک کرنا پڑتا تھا، ٹوئٹر کا یہ فیچر ابھی صرف ویب ورژن پر صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

    واضح رہے کہ یہ کسی صارف کو بلاک کرنے سے بالکل مختلف ہے، اس کے ذریعے دوسرا صارف آپ کے ٹوئٹس اور ڈائریکٹ میسجز دیکھنے سے رک جائے گا، اور اسی طرح آپ بھی اس کی سرگرمی دیکھ نہیں پائیں گے۔ ٹوئٹر کا یہ نیا ریموو فالوور فیچر ان فالو کے بٹن سے بھی کچھ الگ ہے، کیوں کہ یہ ٹویٹر پر آپ اور کسی اور کے درمیان تھوڑا فاصلہ پیدا کرنے کا ایک نرم طریقہ ہے۔

    اگر وہ صارف پھر آپ کو فالو کرنا چاہے گا تو آپ کے وہ ٹوئٹس جنھیں دیکھنے کی اجازت آپ نے صرف اپنے فالوورز کو دی ہوگی، ان ٹوئٹس کو دیکھنے کے لیے اس صارف کو آپ کی اجازت درکار ہوگی، یعنی آپ ان کی فالوئنگ کی درخواست کو قبول کریں گے تو وہ دیکھ سکیں گے۔

  • ٹوئٹر کا نیا اور اہم فیچر

    ٹوئٹر کا نیا اور اہم فیچر

    سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر نے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، یہ فیچر غلط معلومات کی روک تھام سے متعلق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر نے رپورٹ ٹوئٹ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد کرونا کی عالمی وبا اور دیگر اہم عالمی موضوعات اور معاملات سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سدِ باب کرنا ہے۔

    ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غلط معلومات کی روک تھام کے لیے نیا فیچر رپوٹ ٹوئٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کا مقصد صارفین کو وسیع پیمانے پر درست معلومات فراہم کرنا ہے۔

    یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

    ٹوئٹر میں بھی تبدیلی آگئی! صارفین کا ملا جلا ردعمل

    یاد رہے کہ اس سے قبل ٹوئٹر نے پوسٹ کرنے کے بعد ایڈٹ کرنے والا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے تحت صارفین کو 5 سیکنڈ کے اندر اندر اپنی ٹوئٹ کو درست کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ٹوئٹر نے اپنے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی تھی، ٹوئٹر کے مطابق نئے ڈیزائن میں جدید فونٹس کے ساتھ ایسے رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے، جو آنکھوں کو اچھے لگتے ہیں۔

  • نفرت انگیز مواد کے خلاف ٹوئٹر کا اہم قدم

    نفرت انگیز مواد کے خلاف ٹوئٹر کا اہم قدم

    ٹوئٹر نے نفرت انگیز مواد کے خلاف اپنی پالیسی اپ ڈیٹ کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نفرت انگیز مواد کو روکنے اور سود مند مواد کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

    ٹوئٹر انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ نفرت انگیز اور نامناسب مواد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹوئٹر ہیلپ سینٹر کو مزید اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے، اپ ڈیٹ کی گئی پالیسی نفرت انگیز مواد اور ہراساں کیے جانے جیسے اقدامات کی روک تھام میں معاون و مدد گار ثابت ہوگی۔

    ٹوئٹر نے بھارتی حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

    ٹوئٹر انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی پالیسی میں تمام مواد کا احاطہ کیا گیا ہے، جس سے نفرت انگیز مواد کو روکنے میں بہتر مدد ملے گی۔

    ٹوئٹر کے آفیشل اکاؤنٹ پر اس نئی پالیسی سے متعلق ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر کا عزم مثبت گفتگو کو فروغ دینا ہے، اس عزم کے تحت شراکت داروں کی رائے اکھٹی کی جاتی ہے، اور اس کی مدد سے پھر پالیسیوں میں جدت لائی جاتی ہے۔

    ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ٹوئٹر وہ مقام ہے جہاں ہر شخص خود کو محفوظ سمجھ سکے، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پالیسیوں میں جدت لاتی رہتی ہے۔