Tag: ٹوئٹر

  • پاک چین دوستی امن و ترقی کی علامت ہے: فردوس عاشق اعوان

    پاک چین دوستی امن و ترقی کی علامت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ اور وزیر اعظم عمران خان کا گرمجوشی کا انداز آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیر اعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال دونوں سدا بہار دوستوں کے لازوال اور گہرے رشتے کا درخشاں باب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔ چینی وزیر اعظم نے عمران خان کے سی پیک منصوبوں پر تیز رفتاری سے تکمیل کے عزم اور پیشرفت پر شکریہ ادا کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت سی پیک منصوبوں پر تیز تر اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی بحران پر گفتگو آئینہ دار ہے کہ عمران خان ہر محاذ پر کشمیریوں کے حق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

  • اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لیے ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ

    اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لیے ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ترکی، ملائیشیا اور پاکستان مشترکہ طور پر انگریزی چینل کھولیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ آج ان کی رجب طیب اردوان اور مہاتیر محمد سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ مشترکہ طور پر ایک انگریزی چینل شروع کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا انگریزی زبان کے چینل کا مقصد اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہے، اور دنیا کو اسلام کے بارے میں آگاہی دینا ہے، چینل کا مقصد عظیم مذہب اسلام کے بارے میں غلط تاثر کا خاتمہ ہے۔

    انھوں نے کہا ایسی تمام غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے گا جو لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف یک جا کرتی ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ اس چینل کے ذریعے مسلمانوں کے بارے میں غلط تاثرات ٹھیک کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا چینل کے ذریعے توہین رسالت کے معاملے پر دنیا کو آگاہی، مسلمانوں کی تاریخ پر مبنی فلموں کے ذریعے دنیا کو تعلیم دی جائے گی۔

    تازہ ترین:  مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا ازالہ ضروری ہے: عمران خان

    انھوں نے لکھا چینل کے ذریعے مسلمانوں کو میڈیا پر مکمل نمایندگی ملے گی۔

    واضح رہے آج پاکستان، ملائیشیا اور ترکی نے مشترکہ طور پر اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ’نفرت انگیز تقاریر‘ کی روک تھام کے سلسلے میں ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔

    کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، مذہبی دہشت گردی کے پیچھے حقیقت کی بہ جائے سیاست ہے، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔

  • میرے فالورز کم ہو گئے ہیں‘ ٹرمپ کا ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو سے شکوہ

    میرے فالورز کم ہو گئے ہیں‘ ٹرمپ کا ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو سے شکوہ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو سے ہونے والی ملاقات میں ٹوئٹر پر اپنے فالورز کی تعداد میں کمی کا شکوہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے ملاقات کا زیادہ حصہ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو سے اپنے فالورز میں کمی کے حوالے سے سوالات کرنے میں گزار دیا تھا۔

    رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی تشویش کے جواب میں ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو نے صدر کو واضح کیا کہ کمپنی جعلی ٹویٹر اکاﺅنٹس کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس وجہ سے بہت سی نامور شخصیات کے فالورز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

    چیف ایگزیکٹو جیک ڈارسی کا کہنا تھاکہ کمپنی کے اس اقدام سے ان کے فالورز بھی پہلے کی نسبت کم ہوئے ہیں۔

    جیک ڈارسی کی وضاحت کے باوجود صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ رپبلکن پارٹی کے رکن ہونے کی وجہ سے ٹوئٹر کمپنی ان سے تعصب رکھتی ہے۔’بطور رپبلکن (ٹوئٹر کمپنی ) میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتی اور یہ بہت امتیازی رویہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے اعداد و شمار دینے والے ادارے ’کی حول‘ کے مطابق جولائی کے مہینے سے اب تک صدر ٹرمپ نے اپنے پانچ کروڑ تیس لاکھ ٹوئٹر فالورز میں سے 2 لاکھ 4 ہزار فالورز کھوئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں بھی صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے ٹویٹ کیا تھا کہ ٹوئٹر نے ان کے اکاﺅنٹس سے بہت سے لوگوں کو ہٹایا ہے اور کمپنی نے ایسے اقدامات کیے ہیں جن کی وجہ سے لوگوں کو اکاﺅنٹ بنانے میں مشکل آرہی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ میں 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غلط خبروں کی تشہیر کر کے مبینہ طور پر ووٹرز پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جس کے بعد سے ٹویٹر نے مشتبہ اکاﺅنٹس کو بند کرنے کا سلسہ شروع کر دیا تھا۔

    صدر ٹرمپ سمیت دیگر رپبلکن پارٹی کے ممبران بھی ٹوئٹر پر ان کی جماعت کی طرف تعصب رکھنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ ٹویٹر کمپنی کے عہدیداروں نے ان الزامات کو ہمیشہ رد کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا شمار ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی نامور شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کے ٹویٹر پر پانچ کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں۔

    ٹوئٹر کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر کارلوس مونشے نے گزشتہ مہینے امریکی سینیٹ میں سماعت کے دوران واضح کیا تھا کہ ان کی کپمنی سے متعلق فیصلے اور ٹویٹر پرشائع کیے جانے والے موادکا تعین سیاسی نظریات اورپارٹی وابستگیوں کی بنیاد پرنہیں کیا جاتا۔

  • کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید، وزیر اعظم نے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا حوالہ دے دیا

    کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید، وزیر اعظم نے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا حوالہ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا ایک اہم اقتباس شیئر کیا۔

    وزیرِ اعظم نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں لکھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے ساتھ قانون کی سطح پر جو برتاؤ کیا جاتا ہے، اس کی حقیقت فریڈرک باسٹائٹ کے اس قول سے واضح ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کرنے والے افراد سے اگر سوال پوچھا جائے تو ان کا رد عمل یہ ہوتا ہے کہ وہ غصے میں لال پیلے ہو جاتے ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے فرانسیسی ماہر معاشیات فریڈرک باسٹائٹ کا اقتباس شیئر کیا، جس میں باسٹائٹ کہتا ہے کہ جب کسی سماج میں ایک طبقے کے لیے لوٹ مار معمول کا کام بن جاتا ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ وہ اپنی لوٹ مار کے لیے قانون کا سہارا بھی لے لیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شریف خاندان اور زرداری نے کس طرح کرپشن کی؟ فواد چوہدری نے ہوشربا تفصیلات بتا دیں

    باسٹائٹ نے معاشرے میں کرپشن کے پھیلاؤ کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوٹ مار کرنے والے اپنی کرپشن کے لیے بھی قانون بنا لیتے ہیں، ایک ایسا لیگل سسٹم جو ان کو لوٹ مار کی اجازت دیتا ہے، اور لوٹ مار کو قابل تعریف کام بنا دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور آصف زرداری نے پاکستان میں اپنی کرپشن کے لیے قانون کا سہارا لیا، اپنی کرپشن کو محفوظ بنانے کے لیے 92 میں اکنامی ریفارم ایکٹ لایا گیا، اس ایکٹ میں تھا کہ پیسا باہر سے آ رہا ہے تو ادارے نہیں پوچھ سکتے۔

  • ایران ٹوئٹر کے ذریعے سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف، امریکی اخبار

    ایران ٹوئٹر کے ذریعے سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف، امریکی اخبار

    واشنگٹن : امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اپنے زیر انتظام عربی ویب سائٹس اور ٹوئٹر اکاؤٹنس کے ذریعے سعودی عرب پر کڑی تنقید اور شامی صدر بشارالااسدکی حمایت میں مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے گزشتہ برس اگست میں سیکڑوں اکاؤنٹس بند کرنے کا اعلان کیا تھا جن کے بارے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ ایران کے ساتھ مربوط ہیں۔

    ٹویٹر انتظامیہ نے اس اقدام کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مذکورہ اکاؤنٹس رابطہ کاری کے ساتھ انجام دی گئی ہیرا پھیری میں شریک رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں ٹویٹر نے 770 اکاؤنٹس سے کی گئی ٹویٹس پیش کی تھیں جو ممکنہ طور پر ایران سے جاری کی گئیں تھی۔

    آکسفورڈ انٹرنیٹ انسٹی ٹیوٹ کے تحقیق کاروں نے مذکورہ اکانٹس کی ٹویٹس کا تجزیہ کیا جس کے نتیجے میں یہ انکشاف ہوا کہ ایران سے مربوط ان کانٹس پر کی جانے والی زیادہ تر ٹویٹس فرانسیسی، انگریزی اور عربی زبان میں تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹس سے کی گئی ٹویٹس میں صرف 8 فیصد فارسی میں کی گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ رواں برس فروری میں سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بُک نے بھی ایران سے منسلک سینکڑوں جعلی اکاؤنٹس، گروپس اور پیجز بند کرکیے تھے۔

     فیس بُک انتظامیہ نے یہ اقدام مذکورہ گروپس، جعلی اکاؤنٹس اور پیجز پر شائع کی جانے والی مذہبی، سیاسی انتشار پھیلانے والے مواد کے باعث اٹھایا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں :  ایران کے سینکڑوں جعلی فیس بُک اکاؤنٹس اور پیجز بند

    فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایرانیوں کی جانب سے جعلی اکاؤنٹ سازی ایک منظم غیر مسلمہ رویہ ہے۔

    فیس بُک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے کہ وہ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے سے منسلک تھے اورمشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کے عوام کو نشانہ بنارہے تھے۔

    انتظامیہ نے بتایا کہ 262 پیجز، 356 جعلی اکاؤنٹس اور 3 گروپس فیس بک سے ڈیلیٹ کیے گئے ہیں جبکہ 162 انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں۔

  • سوشل میڈیا پر انڈے والا برگر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    سوشل میڈیا پر انڈے والا برگر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    کراچی: شہرِ قائد کے باسی کہتے ہیں کہ جس نے انڈے والا برگر نہیں کھایا اس نے کچھ نہ کھایا، لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب سوشل میڈیا پر انڈے والا برگر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سنگر کامیڈین علی گل پیر نے انڈے والے برگر کی ویڈیو ٹویٹر پر اپ لوڈ کی جس کے بعد وہ تیزی سے وائرل ہو گئی، اور ٹویٹر پر انڈے والے برگر کا ٹرینڈ ہی چل پڑا۔

    ہوا یوں کہ علی گل پیر نے مختلف بڑے ریسٹورنٹس جا جا کر انڈے والا برگر مانگا جس پر ان سے کہا گیا کہ انڈے والا برگر تو نہیں ہے، یہ ویڈیو انھوں نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی، اور مداحوں نے اسے ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا۔

    ٹویٹر پر ویڈیو کو اتنا فالو کیا گیا کہ انڈے والا برگر قومی برگر بنا دیا گیا، کسی نے کہا کہ گندی والی چٹنی کے ساتھ اگر انڈے والا برگر نہیں کھایا تو پھر کیا کھایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  برگر آپ کو نفسیاتی مریض بنا سکتا ہے

    علی گل پیر نے انڈے والے برگر کی تلاش میں سوال کیا کہ کون کھلائے گا مجھے انڈے والا برگر؟ مداحوں نے اس کا بھرپور جواب دیا یہاں تک کہ چٹوروں نے انڈے والے برگر کو قومی برگر بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

    چٹوروں نے چیلنج کیا کہ جس نے انڈے والا برگر نہ کھایا، اس نے کچھ نہ کھایا، علی گل پیر کی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر انڈے والے برگر کے چرچے ہونے لگے۔

  • خادم رضوی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک، فوادچوہدری نے فیس بک، ٹوئٹر کے اقدام کو سراہا

    خادم رضوی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک، فوادچوہدری نے فیس بک، ٹوئٹر کے اقدام کو سراہا

    اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے خادم حسین رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کرنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا ویب سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک کے جعلی خبریں اور نفرت انگیز مواد روکنے کے اقدام کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بہت خوش آئند ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک کی جانب سے جعلی خبریں، نفرت انگیزمواد کو روکنے کا اقدام کیا گیا۔

    فواد چوہدری نے فیس بک اور ٹوئٹرکے اقدام کوسراہتے ہوئے کہا یوٹیوب، واٹس ایپ بھی دنیا کو محفوط بنانے کیلئے اس حکمت عملی پر عمل کریں۔

    یاد رہے 4 نومبر کو تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کردیا گیا،ٹویٹر انتظامیہ نے خادم حسین رضوی کی اشتعال انگیز تقاریر اور بیانات پران کا اکاؤنٹ بلاک کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ٹویٹر نے خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ بلاک کردیا

    خیال رہے خادم رضوی اور ٹی ایل پی نے آسیہ بی بی کی سپریم کورٹ سے بریت کے فیصلے کے خلاف لاہور، کراچی سمیت ملک بھر میں دھرنے دئیے تھے، اور کافی اشتعال انگیز تقاریر بھی کی تھیں۔

    دھرنوں کے دوران خادم رضوی کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی کافی پیغامات جاری کیے گئے، جس پر پاکستانی حکومت نے ٹوئٹر انتظامیہ سے خادم رضوی کا اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔

  • متنازع ٹی 10 لیگ کے خلاف پاکستانیوں نے ٹویٹر محاذ سنبھال لیا

    متنازع ٹی 10 لیگ کے خلاف پاکستانیوں نے ٹویٹر محاذ سنبھال لیا

    میڈیا پر  اٹھنے والے طوفان کے بعد پاکستانیوں نے متنازع ٹی 10 لیگ کے خلاف ٹویٹر  محاذ سنبھال لیا.

    تفصیلات کے مطابق محب وطن پاکستانی تنازعات میں گھری ٹی 10 لیگ کے خلاف میدان میں‌ آگئے. ٹویٹر پر اسے بڑا خطرہ قرار دے دیا.

    بائیکاٹ ٹی10 لیگ، ٹی 10 کرپٹ لیگ، ٹی10 لیگ بھارتی ایجنڈا ہے ، ٹویٹر کے ٹاپ ٹرینڈز بن گئے.

    ایک صارف نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کا مقصد پاکستانی کرکٹ کو نقصان پہنچانا ہے، ٹی 10لیگ کے پیچھےاسپاٹ فکسرز  ہیں.

    ٹویٹر صارفین نے کہا کہ بھارتی شہری شجیع الملک ٹی 10لیگ کافرنٹ مین ہے، کیا اس کے پیچھے "را” ہے، ٹی 10 لیگ کالے دھن کو سفید بنانے کا دھندا ہے.

    ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ خدا کے واسطے پاکستانی کھلاڑیوں کو میڈان انڈیا ٹی 10 لیگ سے بچاؤ، ٹی 10 لیگ پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے ڈینجرزون ہے.

    صارفین کا کہنا تھا کہ ٹی10 لیگ اسپاٹ فکسرز سے بھری ہوئی ہے، یہ بھارتی ایجنڈا ہے، پونزی اسکیم چلانے والا ہیرا گروپ مشتبہ ٹی10لیگ کا مین اسپانسرہے، ٹی 10 لیگ کرپٹ لیگ ہے.

    واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ پر ہونے والے اعتراضات کا تاحال جواب نہیں مل سکا. اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ اور سی ای او سلمان اقبال کے استعفے  کےبعد لیگ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے.

    واضح رہے کہ تنازعات کے باعث لیجنڈ‌ کرکٹ اظہر الدین نے بھی اس لیگ سے دور رہنے کا اعلان کیا ہے.

  • فرسٹ کلاس کرکٹرز کو دی گئی سہولیات انتہائی ناقص ہیں، مصباح الحق کا اظہار برہمی

    فرسٹ کلاس کرکٹرز کو دی گئی سہولیات انتہائی ناقص ہیں، مصباح الحق کا اظہار برہمی

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز بہتر سہولیات کے مستحق ہیں، کھلاڑیوں کو ناقص سہولیات دی جا رہی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک پیغام میں کہی، مصباح الحق نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے ویڈیو میں لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم  دکھایا گیا گیا ہے جس کی حالت انتہائی خستہ ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی اسٹور روم نہیں بلکہ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم ہے۔ صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مصباح الحق نے بتایا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا گراؤنڈ لاہور وائٹس اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹیڈ کے درمیان فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کررہا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچوں میں چھ ٹیسٹ کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

    مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو فراہم کردہ ڈریسنگ روم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈریسنگ روم کے ساتھ واش روم گندے ہیں اور دیواروں سے رنگ بھی جھڑ رہا ہے جب کہ اس کا فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ذرا تصور کریں کہ اس گرمی میں ایک کمرے میں تقریباً 20 لوگ ہوں جہاں صرف ایک ہی پنکھا ہو۔

    مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کی بہتری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مذکورہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور یہی نہیں پچ اور آؤٹ فیلڈ بھی ہماری کرکٹ کے لیے حوصلہ افزا نہیں ہے۔

  • ٹوئٹر کا تمام صارفین کو فوری طور پر اپنے پاس ورڈز تبدیل کرنے کا انتباہ

    ٹوئٹر کا تمام صارفین کو فوری طور پر اپنے پاس ورڈز تبدیل کرنے کا انتباہ

    کیلی فورنیا: مائیکروبلاگنگ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر  نے اپنے تمام صارفین کو فوری طور پر اپنے پاس ورڈز تبدیل کرنے کا انتباہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کے سسٹم میں خرابی کے باعث تمام صارفین کے آئی ڈی اور پاس ورڈز ظاہر ہوگئے، جس کے باعث صارفین کا ڈیٹا بھی خطرے میں پڑ گیا۔

    کمپنی نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ صارفین کو انتباہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا پاس ورڈ تبدیل کرلیں، تاکہ ان کا ڈیٹا محفوظ رہے۔

    ٹوئٹر کے مطابق سسٹم میں خرابی کو دور کرلیا گیا ہے لیکن بذریعہ نوٹیفکیشن اپنے تمام صارفین کو اس معاملے سے آگاہ کیا اور احتیاطاً پاس ورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

    ٹوئٹر کمپنی نے بلاگ پوسٹ میں پاس ورڈ تبدیل کرنے کے ساتھ پاس ورڈ سیکیورٹی کے لیے کچھ ہدایات بھی دیں۔

    پاس ورڈ ایسا رکھیں جسے کسی دوسری ویب سائٹ پر استعمال نہ کیا جاسکے۔

    ٹوئٹر کا پاس ورڈ دیگر ایپس کے پاس ورڈ سے مختلف رکھا جائے۔

    پاس ورڈ میں نمبرز، حروف اور خفیہ کیز کا استعمال ضرور کریں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کے آغازمیں مائیکروبلاگنگ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اعلان کیا تھا کہ اُس نے دہشت گردی کی ترغیب دینے یا اُس کی ترویج کرنے والے دس لاکھ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس بند کردیے ہیں۔

    اسی ماہ ٹوئٹر نے اپنی پرائیویسی سیٹنگز اَپ ڈیٹ کا بھی اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی کا مقصد صارفین کو اس  بات سے آگاہ کرنا  کہ کمپنی ان کا ڈیٹاکیسے استعمال کرتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔