اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے خواتین کیخلاف نازیبا زبان کے استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین کے لئے رانا ثناءاللہ اور عابد شیرعلی کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ اور اس کے گروہ کے افراد شریف خاندان کی ذہنیت کا عکاس ہے۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ، عابد شیرعلی نے خواتین کیلئے گندی زبان استعمال کی، ان لوگوں نے گزشتہ30سال میں ہمیشہ خواتین کی بے عزتی کی۔
رانا ثناء اللہ اور اس قبیل کے دوسرے کردار شریفوں کی ذہنیت اور انکی نظر میں خواتین کے مقام و حرمت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ذرا سا کریدنے پر ہی انکے گھناؤنے چہرے واضح ہوجاتے ہیں۔ https://t.co/WUmJR3VKXi
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 30, 2018
خواتین کاعدم احترام ہمارے مذہب اور ثقافت کےخلاف ہے، عمران خان نے جلسے میں بڑی تعدادمیں شرکت پرپی ٹی آئی کی خواتین کاشکریہ بھی ادا کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتاہوں، چھوٹی سی کمیونٹی کے تحفظ میں ناکامی قوم کیلئے باعث شرم ہے۔
بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر لاہور کے جلسے میں تاریخی شرکت کرنے پر میں اپنی ماؤں، بہنوں کا شکرگزار ہوں۔ https://t.co/4iCI17vKwq
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 30, 2018
واضح رہے کہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے مینار پاکستان میں تحریک انصاف کے میگا پاور شو پر رد عمل دیتے ہوئے اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: کپتان کے جلسے پر رانا ثناءاللہ کا تضحیک آمیز رویہ، پی ٹی آئی اور پی پی کا رد عمل
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین گھریلو نہیں تھیں، ناچ گانا بتارہا تھا کہ وہ کہاں سے آئی ہیں، رانا ثناءاللہ کے اس بیان ہر پیپلزپارٹی رہنما شیری رحمان اور شہلا رضا نے بھی شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔