Tag: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ، ماریہ قتل کیس کا فیصلہ آ گیا، عدالت نے قاتل بھائی اور باپ کو سزا سنا دی

    ٹوبہ ٹیک سنگھ، ماریہ قتل کیس کا فیصلہ آ گیا، عدالت نے قاتل بھائی اور باپ کو سزا سنا دی

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: ایڈیشنل سیشن جج نے ماریہ قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے مقتولہ کے والد عبدالستار اور بھائی محمد فیصل کو سزائے موت کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گزشتہ برس رونما ہونے والے ایک بھیانک جرم کے خلاف انصاف کا فیصلہ آ گیا، ایڈیشنل سیشن جج نے ماریہ کے قتل کے جرم میں اس کے والد اور بھائی پر جرم ثابت ہونے پر انھیں سزائے موت دے دی ہے۔

    عدالت نے اس کیس میں قتل کی ویڈیو بنانے والے بھائی محمد شہباز کو بری کر دیا، مقتولہ کی بھابھی سمیرا بھی عدالت سے بری ہو گئی، جب کہ قاتلوں پر عدالت نے فی کس 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔

    ٹوبہ ٹیک سنگھ ماریہ قتل کیس

    یاد رہے کہ ماریہ کو 30 مارچ 2024 کو غیرت کے نام پر اس کے باپ اور بھائی نے نہایت بے دردی سے قتل کیا تھا، اور دوسرے بھائی نے قتل کی اس بھیانک واردات کی ویڈیو بنا لی تھی، جو بعد ازاں پورے ملک میں وائرل ہو گئی تھی۔

    اس واقعے میں سگے بھائی محمد فیصل نے گھر والوں کے سامنے اپنی 22 سالہ بہن ماریہ کو باندھ کر اور منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا، قتل کے وقت کمرے میں باپ اور بھابھی سمیت دیگر افراد موجود تھے، لیکن کسی نے سفاک قاتل کو نہ روکا۔ قاتل فیصل نے 3 منٹ تک ماریہ کا منہ تکیے سے دبائے رکھا اور مرنے کی تصدیق کرنے کے بعد رُکا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 17 اور 18 مارچ کی درمیانی رات ماریہ کو قتل کر کے خاموشی سے تدفین کر دی گئی تھی۔

    مقتولہ کے بھائی شہباز اور بھابھی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں انکشاف کیا تھا کہ ماریہ نے انھیں اپنے ساتھ زیادتی کا بتایا تھا۔ بھائی شہباز کا کہنا تھا کہ افطاری کے بعد جب بہن نے مجھ سے شکایت کی تو میں نے اپنے والد اور بھائی سے بات کی، لیکن جب میں باہر آیا تو والد اور بھائی نے میرے آنکھوں کے سامنے بہن کو قتل کر دیا۔ واضح رہے کہ قاتل جوڑی نے بعد ازاں شہباز پر الزام ڈالنے کی بھی کوشش کی تھی۔

  • پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال ، پنجاب کے مزید 3 شہروں میں دفعہ 144 نافذ

    پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال ، پنجاب کے مزید 3 شہروں میں دفعہ 144 نافذ

    لاہور : پنجاب کے مزید 3 شہروں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کے تحت ہر قسم کے جلسے جلوس اور ریلیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے  بہاولپور ، فیصل آباد اور میانوالی کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دفعہ 144 نافذ کردی، محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    دفعہ 144 کا نفاذ 2سے 3اکتوبر تک ہوگا ، تینوں شہروں میں ہر قسم کے جلسے جلوس اور ریلیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

    پی ٹی آئی نے 2 اکتوبر کو میانوالی ،فیصل آباد،بہاولپورمیں احتجاج کی کال دے رکھی ہے ، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اوراملاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔

    اس سے قبل حکومت پنجاب نے میانوالی میں 7 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی تھی، پابندی کا اطلاق منگل یکم اکتوبرسے7اکتوبرتک ہو گا۔

    ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ، میانوالی میں رینجرز کی2کمپنیاں یکم سے3 اکتوبر تک تعینات ہوں گی۔

    امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اوراملاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی، پابندی کا اطلاق میانوالی میں دہشت گردی کےخطرات کے پیش نظر کیا گیا۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کردی۔

  • سیمنٹ سے لدا ٹرک مہندی کی تقریب میں جا گھسا،  4 خواتین جاں بحق، 8 افراد شدید زخمی

    سیمنٹ سے لدا ٹرک مہندی کی تقریب میں جا گھسا، 4 خواتین جاں بحق، 8 افراد شدید زخمی

    ٹوبہ ٹیک سنگ : گوجرہ میں سیمنٹ سے لدا ٹرک مہندی کی تقریب میں جا گھسا، حادثے میں 4 خواتین جاں بحق اور 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گوجرہ جھنگ روڈ پر مہندی کی تقریب میں شریک افراد پر سیمنٹ سے بھرا ٹرک چڑھ گیا، حادثے میں چار خواتین جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خواتین میں یاسمین، عاصمہ، نمرہ اور نشا شامل ہیں ، حادثے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو ٹی ایچ کیو اسپتال گوجرہ اور تین کو الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا، جہاں تین کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    بدقسمت خواتین سڑک کنارے مہندی کی تقریب میں شرکت کیلئے کھڑی تھیں، حادثے کی اطلاع پر خوشیوں بھرے گھر میں ماتم بچھ گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے، مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ڈرائیور کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ:  بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این اے رپورٹ میں اہم انکشاف

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این اے رپورٹ میں اہم انکشاف

    ٹوبہ ٹیک سنگھ : بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این اے رپورٹ میں اہم انکشاف سامنے آگیا، مقتولہ کےدونوں بھائی ایک دوسرے پربہن سے زیادتی کا الزام لگاتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ماریہ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی، بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ڈی این اے رپورٹ آگئی۔

    ماریہ قتل کیس میں ڈی این اے رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 22 سالہ ماریہ جسے اس کے بھائی نے قتل کیا تھا، اس کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی۔

    ڈی پی او عبادت نثار نے بتایا کہ مقتولہ کے دونوں بھائی ایک دوسرے پر بہن سے زیادتی کا الزام لگاتے رہے لیکن ڈی این اے رپورٹ میں مقتولہ ماریہ سے جنسی زیادتی ثابت نہیں ہوئی۔

    عبادت نثار کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم فیصل،باپ اوردوسرے بھائی کےسیمپل لیے گئےتھے ، مرکزی ملزم اور باپ کو مقتولہ کےکردار پر شک تھا۔

    فرانزک رپورٹ کے مطابق ویڈیو اصل ہے ، پولیس نے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے ہیں۔

    22 سالہ ماریہ کے قتل کا واقعہ ، کب کیا ہوا؟

    17 مارچ 2024 کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ ماریہ کو اس کے بھائیوں نے اپنے باپ کے ساتھ مل کر قتل کردیا ، واقعے کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھائی اپنی بہن کو بے دردی سے گلا کر قتل کررہا ہے اور دوسرا بھائی یہ سارا منظر اپنے موبائل میں محفوظ کررہا ہے جبکہ باپ چار پائی پر بیٹھ کر یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہے، موقع پر خواتین بھی موجود ہیں ، جو ایک طرف کھڑی یہ سارا منظر دیکھ رہی ہے۔

    24 مارچ کو ماریہ کے لرزہ خیز قتل کا معاملہ پولیس کے سامنے آیا ، جس کے بعد مقدمہ درج ہوا اور پھر دونوں مرکزی ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مقتولہ ماریہ کی ویڈیو بنانے والے بھائی شہباز اور بھابی سمیرا کو عدالت نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق عدالتی حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی کے بعد اس کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس کی رپورٹ آنا باقی ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ مرکزی ملزم فیصل نے دوران تفتیش دلخراش انکشافات کرتے ہوئے اعتراف کیا قتل سے پہلے مقتولہ بہن کو کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    جس کے بعد جب ماریہ نے اس حوالے سے شکایت کی تو انھوں نے ماریہ کو گلا دبا کر قتل کردیا۔

  • اسکول وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم،  4 بچے جاں بحق ، درجن سے زائد زخمی

    اسکول وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم، 4 بچے جاں بحق ، درجن سے زائد زخمی

    پیر محل: اسکول وین کی ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم کے نتیجے میں 4بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ درجن سے زائد بچے زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل میں شورکوٹ روڈ پر موٹر وے پل کے قریب اسکول وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ درجن سے زائد بچے زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو 1122 نے زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ اسکول وین مختلف دیہات سے بچوں کو لے کر پیرمحل کی طرف آ رہی تھی کہ موٹر وے پل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکرا گئی۔

    اسکول وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی، جس سے 3بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا، جہاں تشویشناک حالت کے باعث 4بچوں کو ڈی ایچ کیو ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ جہاں ایک اور بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    اطلاع ملتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی جبکہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    باقی زخمی بچوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے تاہم جاں بحق ہونیوالوں میں 4سالہ معیز 4سالہ احمد اور 14سالہ بچی حسنہ شامل ہیں۔

    ایم ایس نے بتایا کہ اسکول وین حادثے میں 14افرادکو ٹی ایچ کیو لایا گیا، زخمیوں اورلاشوں کی ابتدائی رپورٹ اعلیٰ افسران کوبھجوادی گئی، رپورٹ کےمطابق 7زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ 3 شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹوبہ ٹیک سنگھ ریفر کیا گیا، اور ایک زخمی کو ٹی ایچ کیو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

    طالب علم کا کہنا تھا کہ حادثے کی شکار اسکول وین میں 18 بچے سوار تھے۔

  • خاندان اجڑ گیا، زہریلی چائے پینے سے بچوں کی ماں بھی دم توڑ گئی

    خاندان اجڑ گیا، زہریلی چائے پینے سے بچوں کی ماں بھی دم توڑ گئی

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: معمولی گھریلو جھگڑے سے پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ایک پورا خاندان اجڑ گیا ہے، زہریلی چائے پینے سے بچوں کے بعد ان کی ماں بھی دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے صدر میں زہر ملی چائے پینے سے 3 بچیاں اور ایک بچہ گزشتہ روز اور ایک بچی آج صبح انتقال کر گئی تھی، آج ان کی متاثرہ ماں نادیہ بھی الائیڈ اسپتال میں دم توڑ گئی ہے، جس کے بعد زہریلی چائے پینے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی۔

    پولیس کے مطابق خاتون کا بیٹی کی شادی کے معاملے پر شوہر سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا، اسپتال میں موت اور زندگی کی جنگ لڑنے والی بچوں کی ماں نے شوہر پر زہر دینے کا الزام عائد کیا تھا۔

    گوجرہ میں 6 سالہ علی حسن، 7 سالہ اقرا، 18 سالہ مدیحہ، 22 سالہ ثانیہ اور ایک اور بچی کی نماز جنازہ آج ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    گزشتہ روز زہریلی چائے پینے سے اموات کا مقدمہ بچوں کے ماموں کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، پولیس نے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے، تاہم ملزم نے بیوی بچوں کو زہریلی چائے پلانے کے الزام سے انکار کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز چائے پینے سے خاتون اور پانچ بچوں کی حالت غیر ہو گئی تھی، جنھیں اسپتال لے جانے پر پتا چلا تھا کہ تمام افراد کو زہر دیا گیا ہے۔

  • ماریہ قتل کیس :بیٹا اور باپ قتل میں برابر کے ذمہ دار قرار

    ماریہ قتل کیس :بیٹا اور باپ قتل میں برابر کے ذمہ دار قرار

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: پولیس نے ماریہ قتل کیس میں بیٹے اور باپ کو قتل میں برابر کا ذمہ دار ٹھہرادیا اور کہا ڈی این اے ٹیسٹ کی فرانزک رپورٹ آنے پر مکمل چالان مرتب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نے ماریہ قتل کیس کے مرکزی ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈپر جیل منتقل کردیا۔

    ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس نے تفتیش میں بیٹے اور باپ دونوں کو قتل میں برابر کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا ڈی این اے ٹیسٹ کی فرانزک رپورٹ آنے پر مکمل چالان مرتب کریں گے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مقتولہ کا دوسرا بھائی اور بھابھی بھی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

    دوسری جانب ملزم کے اعترافی بیان ریکارڈ کرنے پر صحافی اورکیمرہ مین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، صحافی راناخالدمحمود اور کیمرہ مین علی احمد کرد پر مقدمہ درج کیا گیا۔

    ملزم کا بیان ریکارڈ کرانے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، ڈی پی اوعبادت نثار کا کہنا ہے کہ ملزم کا بغیر اجازت انٹرویوریکارڈ کیاگیا، زیر حراست ملزم کابیان ریکارڈکرنےپردفعہ 155کےتحت مقدمہ درج کیاگیا۔

    صحافی نےپولیس وین میں مرکزی ملزم فیصل اورعبد الستارکابیان ریکارڈ کیا تھا۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو جھگڑے نے خاندان اجاڑ دیا

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو جھگڑے نے خاندان اجاڑ دیا

    ٹوبہ ٹیک سنگھ : گھریلو جھگڑے نے خاندان اجاڑدیا، زہریلی چائے سے متاثرہ پانچوں بچے جاں بحق ہوگئے، بیوی نے الزام عائد کیا کہ شوہرنے مبینہ طور پرچائے میں زہرملادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی چائے سے متاثرہ ایک اوربچی چل بسی، جس کے بعد جاں بحق بچوں کی تعداد پانچ ہوگئی جبکہ بچوں کی ماں نادیہ الائیڈاسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ زہریلی چائےپینےسےاموات کامقدمہ ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں کہا کہ خاتون کا بیٹی کی شادی کے معاملے پر شوہر سے جھگڑا ہوا تھا۔

    بچوں کی ماں نے شوہر پر زہر دینے کا الزام عائد کیا ، جس پر پولیس نے والد کو گرفتار کرلیا ہے تاہم شوہر نے بیوی بچوں کو زہریلی چائے پلانے کے الزام سے انکار کردیا۔

    مزید پڑھیں : ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے مرنے والے بچوں کے والد کا اہم بیان سامنے آگیا

    دوسری جانب گوجرہ میں زہریلی چائے پینےسےجاں بحق چار بچوں کی نمازجنازہ اداکردی گئی ہے، ثانیہ، اقرا،مدیحہ اورعلی حسن کی نمازجنازہ اداکی گئی ہے، نمازجنازہ میں اہل علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

    گذشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ کےعلاقے صدر میں چائے پینے سے خاتون اور پانچ بچوں کی حالت غیر ہوگئی تھی، اسپتال لے جانے پر پتا چلا تھا کہ تمام افرادکوزہر دیاگیا ہے۔

    دوران علاج 6 سالہ علی،7سالہ اقرا،  22سالہ ثانیہ اور 18سالہ مدیحہ اسپتال میں دم توڑگئے، پولیس کا کہنا ہے تمام پہلوؤں سے تفتیش کررہےہیں۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے مرنے والے بچوں کے والد کا اہم بیان سامنے آگیا

    ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے مرنے والے بچوں کے والد کا اہم بیان سامنے آگیا

    ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے مرنے والے بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ کام پرتھاتوخبرملی بیوی اور بچوں نے زہرکھالیا، بیوی اوربچوں نے پتہ نہیں کیا بنا کرکھایا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ صدر کی حدود میں ایک ہے گھر کے چھ افراد کو زہر دے دیا گیا، زہریلی چائے پینے سے چار بہن جاں بحق ہوگئے جبکہ ماں اورایک بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔

    جاں بحق افرادمیں چھ سالہ علی، سات سالہ اقرا،بائیس سالہ ثانیہ ،اٹھارہ سالہ مدیحہ شامل ہے۔۔۔

    گھریلوتنازع پر زہریلی چائے پینے کے واقعے پر بچوں کے والد نے بیان میں کہا کہ کام پر تھا تو خبر ملی بیوی اور بچوں نے زہر کھالیا ، بیوی اوربچوں نے پتہ نہیں کیا بنا کرکھایا، مجھے اس بارے میں کچھ معلوم نہیں۔

    والد اصغر کا کہنا تھا کہ بیوی،بچوں نےباہرسےکچھ نہیں کھایا، بیوی کے ساتھ بیٹی کےرشتے کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا۔

    دوسری جانب والدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیٹی نے چائے بنائی ،اس نے بھی پی، چائے پینے کےبعدحالت خراب ہوئی، چائے میں کوئی چیز ملی ہوئی تھی۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے 4 بہن بھائی جاں بحق، خاتون کا شوہر پر چائے میں زہر ملانے کا الزام

    ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے 4 بہن بھائی جاں بحق، خاتون کا شوہر پر چائے میں زہر ملانے کا الزام

    ٹوبہ ٹیک سنگھ : زہریلی چائے پینے سے4 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ والدہ کی کی حالت تشویشناک ہیں، خاتون نے شوہر پر چائے میں زہر ملانے کا الزام عائد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں زہریلی چائے پینے سے والدہ اور5بچوں کی طبیعت خراب ہوگئی۔

    ریسکیو حکام نے بتایا والدہ اور بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں ڈی ایچ کیواسپتال میں 4 بچے دم توڑ گئے جبکہ ماں اور ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں 6 سالہ علی،7سالہ اقرا،22سالہ ثانیہ اور 18سالہ مدیحہ شامل ہیں ، میاں بیوی کےدرمیان گزشتہ روزجھگڑا ہوتا تھا۔

    خاتون نے شوہر پر چائے میں زہر ملانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا چائے میں زہرشوہر نےملایاہے، شوہربچوں کےرشتوں پر جھگڑاکرتا تھا اور مالی حالات بھی برےہیں۔

    اےایس پی محمد فہیم نے کہا کہ تھانہ صدر کی حدود میں فیملی میں 6افراد کو زہر دیا گیا ہے، تفتیش کررہےہیں،جلد حقائق سامنے آجائیں گے، زیرعلاج مریضوں کی علاج کی بہترین سہولتوں کیلئے ڈاکٹر کوشش کر رہے ہیں۔