Tag: ٹول ٹیکس

  • لیاری ایکسپریس وے کے مسافروں کے لیے بری خبر، ٹول ٹیکس میں بڑا اضافہ

    لیاری ایکسپریس وے کے مسافروں کے لیے بری خبر، ٹول ٹیکس میں بڑا اضافہ

    کراچی: لیاری ایکسپریس وے کے ایک سائیڈ کا ٹول ٹیکس 60 روپے کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کے ٹول ٹیکس میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، پہلے 30 سے بڑھا کر 40 روپے کیا گیا تھا، پھر 40 سے بڑھا کر 50 روپے کیا گیا تھا، اور گزشتہ ہفتے ایک سائیڈ کا ٹول ٹیکس 60 روپے کر دیا گیا ہے۔

    لیاری ایکسپریس وے پر آنے جانے کے لیے اب 120 روپے ادا کرنے ہوں گے، سندھ کے شہروں میں نیشنل ہائی وے اور دیگر ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

    وین، مزدا کو 100 روپے ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جب کہ نیشنل ہائی وے کے ٹول ٹیکس پر ٹرکوں کو 500 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

    سندھ پولیس کے دستے میں 2 جدید ترین آرمرڈ پولیس موبائلز کا اضافہ

    ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ملیر ایکسپریس وے کی پیش رفت سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے کا 9 کلومیٹر کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جسے 11 یا 12 جنوری کو عوام کے لیے کھولے جانے کا امکان ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ملیر ایکسپریس وے پر آٹومیٹک ٹول لگانے کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹول پر 18 بوتھ بنائے گئے ہیں، ملیر ایکسپریس وے پر کار کے لیے 100 روپے ٹول ٹیکس ہوگا، جب کہ بس کے لیے 200 روپے ٹول ٹیکس ہوگا۔

    ملیر ایکسپریس وے 5 پولیس تھانوں کی حدود میں آئے گا، اور 7 تا 8 پولیس موبائل پیٹرولنگ کرتی رہیں گی، ایک ایمبولینس، فائر بریگیڈ بھی ہنگامی حالت کے لیے موجود ہوں گے۔

  • موٹروے اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ

    موٹروے اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز، ایم ون، ایم فور اور ایم فائیو پر ٹول ٹیکس میں 30 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم ون موٹروے، ایم تھری، ایم فور اور ایم فائیو پر کار کے ٹول ٹیکس میں اضافے کا اطلاق ہوگیا ہے اس کے علاوہ لیاری ایکسپروے پر بھی ٹول ٹیکس میں 10 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔

    لیاری ایکسپریس پر کار اور چھوٹی گاڑیوں کا ٹول ٹیکس 40 سے بڑھا کر 50 روپے کر دیا گیا، ویگن کا ٹول ٹیکس 70 سے بڑھا کر 90 روپے کردیا گیا جبکہ بسوں کا ٹول ٹیکس 130 سے بڑھا کر 170 روپے کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد سے پشاور جانے والی ایم ون موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 460 روپے ادا کرنا ہوگا جبکہ اس سے قبل یہ 350 روپے تھا، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے والی ایم فور پر کار کے لیے ٹول ٹیکس بڑھا کر 850 روپے کر دیا گیا ہے، اسے قبل یہ 650 روپے تھا۔

     ملتان سے سکھر جانے والی ایم فائیو پر کار کا ٹول ٹیکس 900 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 50 روپے کر دیا گیاہے۔

  • موٹر ویز پر گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

    موٹر ویز پر گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

    لاہور : سڑک پر سفر کرنا پھر مہنگا کر دیا گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے متعدد قومی شاہراہوں اور موٹر ویز کے لیے ٹول ٹیکس کی شرح میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    نئی قیمتیں یکم جولائی 2024 سے لاگو ہوں گی اور ان کا اطلاق مختلف روٹس پر ہوگا جن میں ایم1 اسلام آباد پشاور، ایم3 لاہور عبدالحکیم، ایم 4 پنڈی بھٹیاں فیصل آباد، ملتان، موٹروے ایم5 ملتان سکھر، ایم14 ڈی آئی خان، حویلیاں، مانسہرہ ایکسپریس وےاور ای 35 حسین آباد، حسن ابدال شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز پر کار کا ٹول ٹیکس 30سے بڑھا کر 40روپے کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ویگن کا ٹول ٹیکس50سے70، بس کا100سے130روپے جبکہ ایم ون پشاور اسلام آباد موٹر وے پر کارکا ٹول ٹیکس240سے350روپے کردیا گیا۔

    ایم ون پشاور اسلام آباد موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس790سے1000روپے مقرر اور ایم تھری لاہور عبدالحکیم موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس390سے بڑھا کر 500روپے کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایم تھری لاہور عبدالحکیم موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس1200سے بڑھا کر1600روپے مقرر جبکہ ایم 4پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، ملتان موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس510سے بڑھا کر 650روپے کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایم 4پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، ملتان موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس 1560 سے بڑھا کر 2ہزار روپے اور ایم14ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس440سے بڑھا کر550روپے مقرر کیا گیا ہے۔

    ایم14ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس 1440 سے بڑھا کر 1900روپے مقرر کیا گیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ٹیکسز میں اضافہ ہر 3سال کے بعد کیا جاتا ہے، ان ٹیکسز کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

    لاہور: نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے موٹر وے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے، لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والی گاڑیوں کو 1100 روپے ٹول ٹیکس دینا ہوگا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر گاڑی سے فی کلو میٹر 3 روپے 7 پیسے وصول کرے گی، موٹر وے پر سفر کرنے والی مسافر وین سے 2 ہزار 590 روپے وصول کیے جائیں گے، مسافر بسوں کو 10 روپے 29 پیسے فی کلو میٹر کے حساب سے 3 ہزار 690 روپے دینا ہوں گے۔

    سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہو گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر ٹرک سے 17 روپے 22 پیسے فی کلو میٹر وصول کرے گی۔

  • سعودی عرب میں ٹول ٹیکس کب سے؟

    سعودی عرب میں ٹول ٹیکس کب سے؟

    ریاض: سعودی عرب میں روڈ جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایک سال کے اندر مملکت میں ٹول ٹیکس کے فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ٹول ٹیکس لگنے والا ہے، ٹول ٹیکس ایسی شاہراہوں پر لگایا جائے گا جہاں متبادل روڈ ہوں گے، متبادل سڑکوں کو استعمال کرنے والوں سے ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

    ٹول ٹیکس پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے نافذ کیا جائے گا، ٹول ٹیکس والے روڈز تیار کرنے، ان کی اصلاح و مرمت اور ٹیکس کی وصولی کا کام پرائیویٹ سیکٹر سے لیا جائے گا۔

    العربیہ چینل کے مطابق روڈ اتھارٹی سعودی روڈز کے نیٹ ورک کو جدید تر بنانے والی اسکیمیں تیار کر رہی ہے، اور سڑکوں کا معیار بہتر بنانے، سلامتی کے اعلیٰ ترین انتظامات کرنے اور تکنیکی اعتبار سے روڈ اسٹینڈرڈ بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

    روڈ اتھارٹی کوشش کر رہی ہے کہ سعودی عرب روڈ اسٹینڈرڈ گراف میں پوری دنیا میں چھٹا نمبر حاصل کرے۔

    رپورٹ کے مطابق بڑے شہروں، کمشنریوں اور تحصیلوں کو جوڑنے والی شاہراہوں کا دائرہ وسیع کرنے، مملکت کے مختلف علاقوں کے درمیان افراد اور سامان کی منتقلی کا عمل آسان اور محفوظ بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

  • مریم نواز کو کل ٹول ٹیکس اور جرمانے کا بل بھیجوں گا: مراد سعید

    مریم نواز کو کل ٹول ٹیکس اور جرمانے کا بل بھیجوں گا: مراد سعید

    اسلام آباد: منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرنے کے لیے روانہ ہونے والی مریم نواز کی گاڑی موٹر وے پر ٹول ٹیکس دیے بغیر گزر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گاڑی موٹر وے پر ٹول ٹیکس دیے بغیر گزر گئی، قافلے میں شامل افراد نے موٹر وے ٹول پر ہنگامہ آرائی کی بھی کوشش کی۔

    موٹر وے پولیس نے کہا کہ ہنگامہ آرائی سے بچنے کے لیے قافلے کو بغیر ٹول ادا کیے جانے دیا گیا، ہنگامہ آرائی کی کوشش کرنے والے افراد کی شناخت کاعمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق مریم نواز کی دیکھا دیکھی قافلے میں شامل 80 گاڑیوں نے بھی ٹول ٹیکس نہیں دیا اور بغیر ٹول ٹیکس دیے گزر گئیں۔

    ادھر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کو ٹول ٹیکس جرمانے سمیت ادا کرنا ہوگا۔

    مراد سعید نے کہا کہ مریم نواز کو کل ٹول ٹیکس اور جرمانے کا بل بھیج دوں گا، قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی امیر غریب کے ساتھ فرق نہیں کر سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فوٹیج کی مدد سے ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی شناخت ہو گئی ہے، ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت پر بھی کارروائی ہوگی، ہنگامہ آرائی کرنے والوں نے اشتعال دلانے کی کوشش کی اور دھمکی دی کہ ٹول پلازہ کو گرا دیں گے، انھیں سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ ان کی بادشاہت ختم ہو چکی ہے۔

    مراد سعید نے مزید کہا کہ میں بہ طور ایم این اے بھی ٹیکس دیتا رہا ہوں، لیکن اب پتا چلا یہ تو شروع ہی سے ٹول ٹیکس نہیں دے رہے تھے، مریم نواز خود کو شہزادی سمجھتی ہیں، ان کے کارنامے سب کے سامنے ہیں۔

  • کراچی حیدرآبادموٹروے کی تعمیرمکمل ہوتے ہی ٹول ٹیکس میں اضافہ

    کراچی حیدرآبادموٹروے کی تعمیرمکمل ہوتے ہی ٹول ٹیکس میں اضافہ

    کراچی : حیدرآباد موٹر وے کی تعمیرمکمل ہوتے ہی ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا، کار کا ٹول ٹیکس ایک سو بیس سے بڑھا کر دوسو دس روپے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی حیدرآباد موٹر وے کی تکمیل کے بعد ٹول ٹیکس میں دوگنا اضافہ کردیا گیا، ذرائع نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس میں اضافے کے بعد ویگن 360، کوسٹر 500 اور بس کاٹول ٹیکس 700 روپے کردیا گیا ۔

    ٹرک والوں سے 960 اور ٹریلر سے 1230 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق این ایچ اے سہراب گوٹھ سے نیو ٹول پلازہ تک 16کلومیٹرحصہ دسمبر میں مکمل ہوگیا تاحال کوئی انٹر چینج مکمل نہ ہوسکا۔


    مزید پڑھیں : ٹرانسپوٹرز کراچی موٹروے ٹول ٹیکس کے خلاف ڈٹ گئی


    واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی حیدرآباد موٹر وے کا صرف 75 کلومیٹر کا حصہ تعمیر ہوا تھا اور 61 کلومیٹر موٹر وے کی تعمیر جاری تھی لیکن نامکمل موٹر وے پر گاڑیوں سے بھاری ٹول ٹیکس وصول کیا جارہا تھا۔

    جس کے بعد ملک بھر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر ٹول ٹیکس کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے تھے اور حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا کہ ٹول ٹیکس ختم کیا جائے نہیں تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔