Tag: ٹوکیو اولمپکس

  • ٹوکیو اولمپکس: کینیائی خواتین کا دوڑ میں کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس: کینیائی خواتین کا دوڑ میں کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس: خواتین میراتھن میں کینیائی رنرز نے سونے اور چاندی دونوں میڈلز اپنے نام کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں کینیائی خواتین رنرز نے کارنامہ انجام دے دیا ہے، میراتھن میں دو تمغوں پر قبضہ جما لیا۔

    خواتین میراتھن میں کینیائی ایتھلیٹ پیریز جیپچیرچیر نے میراتھن میں اپنے سیزن کے بہترین وقت کو 2 گھنٹے 27 منٹ 20 سیکنڈ کے ساتھ سونے کا تمغا اپنے نام کیا۔

    پیریز کی ہم وطن اور عالمی ریکارڈ یافتہ بریگیڈ کوسگی نے 2 گھنٹے 27 منٹ اور 36 سیکنڈ کے ساتھ چاندی کا تمغا جیتا، لیکن وہ اپنے عالمی ریکارڈ سے بہت دور رہ گئیں۔

    کانسی کا میڈل امریکی ایتھلیٹ نے حاصل کیا، لمبی دوری کی رنر مولی سیڈل نے پہلی مرتبہ مراتھن میں حصہ لیا، مولی سیڈل اپنے سیزن کو بہترین وقت دینے میں بھی کامیاب رہیں، اور 2 گھنٹے 27 منٹ 46 سیکنڈ میں میراتھن مکمل کر کے برونز میڈل اپنے نام کیا۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں میڈل تو نہ جیت سکے مگر انھوں نے اپنی شان دار کارکردگی کے ذریعے فائنل تک رسائی حاصل کر کے قوم کے دل ضرور جیت لیے ہیں۔

    پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر، دل جیت لیے

    جیولین تھرو کا گولڈ میڈیل بھارت کے نیرج چوپڑا نے 87.58 میٹر کی تھرو کر کےجیتا، جمہوریہ چیک کے جیکب 86.67 میٹر کی تھرو کر کے سلور میڈل لے اڑے، جب کہ جمہوریہ چیک ہی کے ویزلے 85.44 میٹر کی تھرو کر کے برونز میڈل کے حق دار ٹھہرے۔

  • ٹوکیو اولمپکس: بیلاروس کی ایتھلیٹ کو زبردستی وطن واپس بھیج دیا گیا

    ٹوکیو اولمپکس: بیلاروس کی ایتھلیٹ کو زبردستی وطن واپس بھیج دیا گیا

    ٹوکیو: جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے دوران بیلا روس کی ایتھلیٹ کو واپس وطن جانے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے ان کے کوچز کے خلاف کارروائی کردی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بیلاروس کی 24 سالہ اسپرنٹر کرسٹینا سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں، کرسٹینا کو ان کے کوچز نے ٹوکیو سے واپس ملک جانے پر مجبور کیا تھا، کرسٹینا نے ملک جانے کے بجائے پولینڈ کا ویزہ حاصل کیا۔

    بیلا روسی حکام کا کہنا ہے کہ کرسٹینا ذہنی طور پر بہتر محسوس نہیں کررہی تھیں اس لیے انہیں واپس بھیجا گیا، تاہم کرسٹینا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوچز کی غفلت کے بارے میں سوشل میڈیا پر لکھا تھا اس لیے انہیں واپس بھیجا گیا۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں حصہ لینے والی ایک ایتھلیٹ کو زبردستی ٹوکیو چھوڑنے پر مجبور کرنے والے بیلاروس کے 2 کوچز کی ایکریڈیشن ختم کردی گئی ہے۔

    انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں کوچز آرتھر شمک اور یوری میسوک نے اولمپک ولیج چھوڑ دیا ہے۔

  • ٹوکیو اولمپکس، بیلجیئم کا بڑا کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس، بیلجیئم کا بڑا کارنامہ

    ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں ورلڈ چیمپئن بیلجیئم نے مینز ہاکی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم نے مینز ہاکی کا ایونٹ ایک سخت مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا ہے، بیلجیئم نے آسٹریلیا کو شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دی۔

    مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تھا، مقابلے کا فیصلہ شوٹ آؤٹ میں ہوا، ہاکی میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ورلڈ چیمپئن بیلجیئم کے گولڈ میڈلز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

    بیلجیئم کے میڈلز کی مجموعی تعداد 4 ہے، جن میں سے ایک سلور میڈل اور ایک کانسی کا میڈل شامل ہے، بیلجیئم کا پہلا گولڈ میڈل خواتین کے آرٹسٹک جمناسٹکس ایونٹ میں تھا۔


    کانسی کے تمغے کے لیے جرمنی اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں بھارت نے جرمنی کی ٹیم کو 5-4 سے ہرا دیا۔

    سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جرمنی کو تین ایک سے ہرایا تھا، جب کہ بیلجیئم نے بھارت کو پانچ دو سے ہرایا تھا۔

  • ٹوکیو اولمپکس: جاپان کی میڈل جیتنے والی کم عمر ایتھلیٹ

    ٹوکیو اولمپکس: جاپان کی میڈل جیتنے والی کم عمر ایتھلیٹ

    ٹوکیو: جاپان کی ہیراکی ٹوکیو اولمپکس میں میڈل جیتنے والی کم عمر ایتھلیٹ بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے ویمن پارک اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے میں جاپان کی 12 سالہ کوکونا ہیراکی میڈل حاصل کرنے والی سب سے کم عمر ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔

    کوکونا ہیراکی نے اپنے ایونٹ میں چاندی کا تمغا جیتا، جب کہ ویمن پارک اسکیٹ بورڈنگ میں میزبان جاپان نے سونے اور چاندی کے تمغے حاصل کیے ہیں، طلائی تمغا 19 سالہ ساکورا یوسوزومی نے جیتا۔

    کوکونا ہیراکی، ساکورا یوسوزومی، اور اسکائی براؤن

    واضح رہے کہ کوکونا ہیراکی اولمپکس کی تاریخ میں میڈل حاصل کرنے والی دوسری کم عمر ترین ایتھلیٹ بن گئی ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز 12 سال اور 233 دنوں کی عمر میں فرانسیسی ایتھلیٹ نوئل وینڈرناٹ نے 1936 میں کشتی رانی کے مقابلے میں حاصل کیا تھا۔

    اسکیٹ بورڈنگ مقابلے میں برطانوی اسکیٹ بورڈر نے بھی ریکارڈ قائم کر لیا ہے، اسکائی براؤن نے 13 سال کی عمر میں کانسی کا تمغا حاصل کیا اور یوں برطانیہ کی اولمپک کی تاریخ میں میڈل جیتنے والی سب سے کم عمر ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔
    تینوں کم عمر اسکیٹ بورڈر ایتھلیٹس نے پوڈیم پر آ کر شائقین اولمپکس سے داد وصول کی۔

  • ٹوکیو اولمپکس 2020: جب دو دوستوں نے سونے کا تمغہ شیئر کرلیا

    ٹوکیو اولمپکس 2020: جب دو دوستوں نے سونے کا تمغہ شیئر کرلیا

    ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جہاں نئے نئے ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے وہیں ایک جذباتی واقعے نے سب کی آنکھیں نم کردیں۔

    قطر اور اٹلی کے کھلاڑیوں کو ٹوکیو اولمپکس کے ہائی جمپ مقابلوں میں مشترکہ فاتح قرار دیا گیا ہے، مقابلہ برابر ہو جانے کے بعد دونوں نے اضافی جمپ آف کے بجائے تمغہ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا اور انتظامیہ نے دونوں ہی کو سونے کا تمغہ دے دیا۔

    قطر کے معتز عیسیٰ برشم اور اٹلی کے گیانمارکو تامبیری نے مقابلے کے دوران 2.37 میٹرز کی جمپس لگائیں لیکن 2.39 میٹرز کے اولمپک ریکارڈ کو تین، تین مرتبہ کوشش کرنے کے باوجود نہ توڑ پائے۔

    اتنی بار ناکامی کے بعد قطری کھلاڑی نے منتظمین سے پوچھا کہ کیا دونوں کو گول میڈل مل سکتا ہے؟ آفیشل نے اثبات میں جواب دیا، جس کے بعد دونوں نے شاندار جشن منایا۔

    معتز عیسیٰ نے کہا کہ تامبیری میرے بہترین دوستوں میں سے ایک ہیں، میدان ہی میں نہیں بلکہ اس سے باہر بھی۔ یہ ایک خواب کی تعبیر ہے، ایک حقیقی اسپورٹس مین اسپرٹ اور ہم اس پیغام کو پھیلانے کے لیے ہی یہاں آئے ہیں۔

    یہ اولمپکس میں معتز کا تیسرا تمغہ ہے۔ اس سے پہلے وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں کانسی اور 2016 کے ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں یعنی یہ ان کا بھی پہلا سونے کا تمغہ ہے جبکہ تامبیری کا تو پہلا تمغہ ہے جو انہیں سونے کی صورت میں ملا ہے۔

    دونوں ہی کھلاڑی اولمپکس سے قبل انجری کا شکار تھے اور یہی ان کے درمیان دوستی کی ایک اور وجہ بھی تھی۔ سونے کا تمغہ ملنے پر دونوں کھلاری جذباتی ہوگئے اور معتز اپنے آنسو نہ روک پائے۔

  • ٹوکیو اولمپکس: بیلجیم کے ہاتھوں بھارت کو عبرت ناک شکست

    ٹوکیو اولمپکس: بیلجیم کے ہاتھوں بھارت کو عبرت ناک شکست

    ٹوکیو: اولمپکس میں بھارت کو ہاکی ایونٹ میں بیلجیم کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں بیلجیم نے بھارت کو ہاکی ایونٹ میں شکست سے دوچار کر دیا، اولمپکس میں جاری کھیلوں کے مقابلوں میں بھارت کو ہرانے کے بعد بیلجیم ہاکی ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

    بیلجیم نے سیمی فائنل میں بھارت کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی، ہاکی کا دوسرا سیمی فائنل جرمنی اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس کے خواتین ہاکی ایونٹ میں انڈیا کی ٹیم نے پہلی بار سیمی فائنل جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی تھی۔

    اولمپکس میں نجمہ پروین کی شکست، ایتھلیٹکس فیڈریشن کا خط سامنے آگیا

    بھارت ٹوکیو اولمپکس کے دوران اب تک کوئی گولڈ میڈل حاصل نہیں کر سکا ہے، مجموعی طور دو میڈل حاصل کیے ہیں بھارت نے، جن میں سے ایک سلور میڈل ہے اور دوسرا کانسی کا تمغا ہے۔

  • ٹوکیو اولمپکس: بیلاروس کی خوف زدہ ایتھلیٹ کا ملک واپس جانے سے انکار

    ٹوکیو اولمپکس: بیلاروس کی خوف زدہ ایتھلیٹ کا ملک واپس جانے سے انکار

    ٹوکیو: بیلاروس کی ایتھلیٹ کرسٹینا سیمنوسکایا نے جاپان سے واپس اپنے ملک جانے سے انکار کر دیا ہے، انھوں نے پولینڈ کے سفارت خانے میں پناہ حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والی بیلاروس کی ایتھلیٹ کرسٹینا سیمنوسکایا نے جاپان سے زبردستی واپس اپنے ملک جانے سے انکار کر دیا، کرسٹینا کا کہنا تھا کہ انھیں بیلاروس جانے سے ڈر لگ رہا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ریس میں حصہ لینے والی ایتھلیٹ کرسٹینا نے سوشل میڈیا پر اپنے کوچز پر تنقید کی تھی، جس پر بیلاروس کی حکومت نے ان کو واپس بلا لیا تھا، تاہم انھوں نے واپس جانے سے انکار کر دیا ہے اور خود کو ایئرپورٹ پر جاپانی پولیس کے حوالے کر دیا۔

    سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کرسٹینا سیمنوسکایا نے ملک واپسی کے حکم سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں واپس بیلاروس جانے سے ڈر لگ رہا ہے۔

    بیلاروس کی 24 سالہ ایتھلیٹ کا کہنا ہے کہ انھوں نے خواتین کی 200 میٹر ریس میں شرکت کرنا تھی لیکن کچھ کھلاڑیوں کی نااہلی کے بعد کوچز نے انھیں مختصر نوٹس کے ذریعے 400 میٹر ریس میں شرکت کرنے کا حکم دیا۔

    آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ کوچز کے اس فیصلے کے خلاف انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد بیلاروسی حکام جاپان میں ان کے کمرے میں آئے اور اپنا سامان باندھنے کا حکم دیا۔

    انھوں نے کہا کہ انھیں ٹیم اور ریس سے اس لیے نکال دیا گیا ہے کہ انھوں اپنے انسٹاگرام پر کوچز کی غفلت کے بارے میں بات کی تھی۔ ایتھلیٹ کے مطابق انھیں زبردستی ٹوکیو کے ہنیڈا ایئرپورٹ پر لے جایا گیا لیکن ٹرمینل پر انھوں نے پولیس سے مدد مانگی تاکہ انھیں زبردستی فلائٹ میں سوار نہ کیا جا سکے۔

    کرسٹینا سیمنوسکایا اب پولینڈ کے سفارت خانے جا چکی ہیں جہاں وہ پناہ حاصل کریں گی۔

  • اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بچنے والے ہزاروں کھانوں کے ساتھ کیا کیا گیا؟ انتظامیہ نے معافی مانگ لی

    اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بچنے والے ہزاروں کھانوں کے ساتھ کیا کیا گیا؟ انتظامیہ نے معافی مانگ لی

    ٹوکیو: جمعے کے روز شروع ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے لیے تیار کیے گئے ہزاروں کھانے بچ گئے تھے، جنھیں چھوا تک نہیں گیا تھا، ہزاروں کھانے ضائع ہونے پر اولمپکس انتظامیہ نے معافی مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی 23 جولائی کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں عملے کے لیے تیار کیے گئے کھانوں میں سے تقریباً 4 ہزار افراد کے کھانے بچ گئے تھے۔

    بدھ کو انتظامیہ نے اسٹاف کے لیے بہت زیادہ تعداد میں کھانا آرڈر کرنے اور ان کے ضائع ہونے پر معافی مانگی، دراصل کئی ٹرکوں پر مشتمل کھانے کے باکس واپس لے جانے کی ویڈیوز وائرل ہو گئی تھیں۔

    ٹوکیو اولمپک و پیراولمپک کھیلوں کی منتظم کمیٹی نے بدھ کے روز میڈیا کو بتایا کہ تقریب کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں 10 ہزار افراد کے لیے تیارہ کردہ کھانوں میں سے تقریباً 40 فی صد کو ہاتھ تک نہیں لگایا گیا تھا۔

    کمیٹی کے مطابق کھیلوں کے دیگر مقامات پر بھی ایسی ہی صورت حال تھی اور گزشتہ ہفتے تک آرڈر دیے گئے تمام کھانوں میں سے تقریباً 20 سے 30 فی صد کھانے استعمال نہیں ہوئے۔

    ٹوکیو اولمپکس: مزید ایتھلیٹس کرونا وائرس کا شکار

    کمیٹی نے بتایا کہ کھانے بچ جانے کی کئی وجوہ تھیں، جن میں عملے کی تعداد کا زیادہ تخمینہ لگایا جانا اور عملے کو بہت زیادہ مصروفیت کے باعث کھانے کا وقت نہ ملنا جیسی وجوہ شامل تھیں۔

    کمیٹی کے مطابق بچ جانے والے کھانے کو ری سائیکل کر کے فیڈ یا بائیو گیس کے خام مال وغیرہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا، دراصل کمیٹی نے پائیداری کے ہدف پر مبنی عملی منصوبہ بندی کی تھی، جس میں کھانوں کا ضیاع کم کرنا بھی شامل تھا۔

  • ٹوکیو اولمپکس: مزید ایتھلیٹس کرونا وائرس کا شکار

    ٹوکیو اولمپکس: مزید ایتھلیٹس کرونا وائرس کا شکار

    ٹوکیو: اولمپکس سے وابستہ ایتھلیٹس اور دیگر کارکنان میں کرونا وائرس کی تصدیق سے متعلق خبریں بدستور آ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز گیمز سے متعلقہ 24 افراد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جن میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے تین ایتھلیٹس بھی شامل ہیں۔

    اولمپکس انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد میں حکام اور ٹھیکے پر آنے والے 15 کارکن بھی شامل ہیں۔

    کمیٹی بیان کے مطابق کرونا مثبت کھلاڑیوں کو ایتھلیٹس ولیج میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جب کہ دیگر افراد کو مختلف مقامات پر قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    ٹوکیو اولمپکس: جوڈو میں بھی پاکستانی ایتھلیٹ ناکام

    حکام کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کے بعد سے کرونا متاثرین سامنے آ رہے ہیں، تاہم اولمپکس سے متعلق کرونا متاثرہ افراد میں جمعرات کی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے، جب کہ اولمپکس گیمز سے متعلقہ وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 193 ہو گئی ہے۔

    آج جن ایتھلیٹس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں امریکا سے تعلق رکھنے والے پول والٹ کے ڈبل ورلڈ چیمپئن سام کینڈریکس اور ان کا حریف ارجینٹینا کا کھلاڑی شیارا ویگلیو بھی شامل ہیں۔

  • کیا رواں برس اولمپک گیمز منعقد ہوں گے؟

    کیا رواں برس اولمپک گیمز منعقد ہوں گے؟

    ٹوکیو: سال 2020 میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخ طے کرلی گئی، اولمپک گیمز اب جولائی 2021 میں ہوں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے سربراہ تھامس بیخ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس رواں سال موسم گرما میں منعقد ہوں گے، اور اس حوالے سے کوئی پلان بی نہیں ہے۔

    آئی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم ان کھیلوں کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

    دوسری جانب جاپان میں اولمپکس کے انعقاد کے حوالے سے عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔ ایک حالیہ پول کے مطابق 80 فیصد سے زائد افراد کا کہنا ہے کہ گیمز کو منسوخ یا دوبارہ سے ملتوی کر دینا چاہیئے۔

    ٹوکیو اولمپکس کے سی ای او توشیرو موتو کا کہنا ہے کہ منتظمین اس موسم گرما میں کھیلوں کا انعقاد کروانے کے لیے پرعزم دکھائی دیے اور ایونٹ کی منسوخی پر بات نہیں کی گئی۔

    تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ اسٹینڈ تماشائیوں سے بھرے ہوں گے یا تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔

    رواں موسم بہار میں اس حوالے سے فیصلہ ہوگا کہ آیا غیر ملکی شائقین ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے کے اہل ہوں گے، اور کتنے تماشائیوں کو ان کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس مارچ 2020 میں ہونے والے تھے جسے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث مؤخر کر کے اگست میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم اس وقت بھی ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوسکا۔

    اب ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخ 23 جولائی تا 8 اگست 2021 رکھی گئی ہے۔