Tag: ٹوکیو

  • چاند اور مریخ پر ساتھ جائیں گے: ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم کی پریس کانفرنس

    چاند اور مریخ پر ساتھ جائیں گے: ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم کی پریس کانفرنس

    ٹوکیو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جاپان کےساتھ خلا میں مشترکہ پروجیکٹ کریں گے، امریکا اور جاپان چاند اور مریخ پر ساتھ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں امریکی صدر ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبی نے پریس کانفرنس کی، امریکی صدر نے کہا کہ جاپان اور امریکا کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انھیں لگتا ہے ایران بھی امریکا سے ڈیل کرنا چاہتا ہے، میں نے اقتدار سنبھالا تو ایران خطے میں دہشت گردی کر رہا تھا، ایران اب سنگین معاشی مشکلات کی وجہ سے پیچھے ہٹ گیا ہے، اس کے پاس جوہری ہتھیار نہیں چاہتے، ایرانی اچھے لوگ ہیں، ہم ایران میں حکومت تبدیل نہیں کرنا چاہتے، اوباما انتظامیہ کا ایران سے معاہدہ تباہ کن تھا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ چین سے فی الحال نہیں لیکن مستقبل میں تجارتی ڈیل ہو سکتی ہے، ہم اس ڈیل کے منتظر ہیں، چین سے ٹیرف کی وجہ سے بزنس دوسرے ملکوں میں جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران امریکا تنازعہ، جاپان کا مشرق وسطی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن کوششوں کا عزم

    انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا نے کسی میزائل اور جوہری ہتھیار کا تجربہ نہیں کیا، شمالی کوریا سے بھی ڈیل چاہتے ہیں لیکن ہمیں جلدی نہیں۔

    دریں اثنا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ باہمی مذاکرات کے فروغ پر بات ہوئی ہے، جاپان، امریکا دنیا کی پہلی اور دوسری معاشی طاقتیں ہیں، شمالی کوریا سے متعلق صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر جاپان کو اعتماد ہے۔

    جاپانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے امریکی صدر سے غیر جوہری ہونے پر اتفاق کیا ہے، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام جاپان اور دنیا کے لیے اہم ہے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، ایران امریکا تنازعے کو مسلح کشیدگی میں تبدیل ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

  • امریکی صدر چار روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے

    امریکی صدر چار روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے

    ٹوکیو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چار روزہ دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے.

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر اس وقت ٹوکیو میں موجود ہیں، ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی ان کے ساتھ ہیں.

    امریکی صدر ٹوکیو کے ہانیڈا ہوائی اڈے پہنچے، تو جاپانی وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا.

    ڈونلڈ ٹرمپ اپنے چار روزہ دورے کے دوران اہم معاہدہ کریں‌ گے، تجزیہ کار امریکا اور جاپان کے مابین معاہدوں کی بھی امیدیں ظاہر کر رہے ہیں.

    کل صدر ٹرمپ وزیر اعظم شینزو آبے سے ملاقات کریں گے، اس دوران امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    پیر کے روز ٹرمپ جاپان کے نئے شہنشاہ ناروہیتو سے ملاقات کریں گے، یہ نئے جاپانی شہنشاہ کی کسی سربراہ مملکت سے اولین ملاقات ہوگی.

    وزیر اعظم شینزو آبے اور ٹرمپ کے مابین شمالی کوریا کے علاوہ ایران سے متعلق بھی گفتگو متوقع ہے.

    مزید پڑھیں: ٹرمپ تاریخ جانتے ہیں اور نہ ہی ایرانیوں کو پہچانتے ہیں، محمد جواد ظریف

    خیال رہے کہ جاپانی وزیر اعظم کا ایران کا اہم دورہ جون کے وسط میں‌ متوقع ہے، البتہ اس ضمن میں‌ اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے.

    یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس دورہ کا انحصار ٹرمپ اور شینزو آبے کی ملاقات پر ہے.

  • دنیا کا سب سے چھوٹی جسامت والا نومولود بچہ کامیاب علاج کے بعد گھر منتقل

    دنیا کا سب سے چھوٹی جسامت والا نومولود بچہ کامیاب علاج کے بعد گھر منتقل

    ٹوکیو: جاپان میں دنیا کے سب سے چھوٹی جسامت اور وزن والے ایک اور نومولود کی پیدائش ہوئی جسے تقریباً 7 ماہ کے کامیاب علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بچہ اکتوبر کے مہینے میں پیدا ہوا تھا جسے ڈاکٹروں نے دنیا کا سب سے چھوٹی جسامت والا بچہ قرار دیا تھا، ری وسو کی سیکیہ نامی اس بچے کو ان کی والدہ توشیکو نے اپنی طبیعت خراب ہونے پر ایمرجنسی میں قبل از وقت جنم دیا جس کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی۔

    ڈاکٹروں کے مطابق نومولود بچے کا وزن محض 258 گرام تھا جس کا وزن اب تک دنیا میں پیدا ہونے والے سب سے کم وزن اور جسامت کے بچے سے بھی کم تھا، اس سے قبل دنیا میں سب سے کم وزن رکھنے والا بچہ بھی جاپان میں ہی پیدا ہوا تھا جس کا وزن 268 گرام ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    یکم اکتوبر 2018 کو پیدا ہونے والے بچے کا قد 22 سینٹی میٹر تھا، جنہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

    قبل از پیدا ہونے والے اس نومولود کو ٹیوب کی مدد سے غذا دی جاتی رہی جبکہ اس کے لیے کبھی کبھی روئی کے ٹکڑوں کا بھی استعمال کیا گیا، ہسپتال میں علاج کے دوران بچے کا وزن تقریباً 13 گنا بڑھا جو اب 3 کلو گرام سے بھی زیادہ ہوچکا ہے۔

    بچے کی والدہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میرا بچہ پیدا ہوا تو ہ بہت چھوٹا تھا اور ایسا لگ رہا کہ وہ چھونے سے زخمی ہوجائے گا۔

    نومولود کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم بہت پریشان ہوگئے تھے، اب بچہ دودھ پیتا ہے، نہا سکتا ہے، اسے بڑھتا ہوا دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں جرمنی میں کم جسامت والی بچی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا وزن 252 گرام تھا۔

  • جاپان کے ریسٹورنٹ میں دھماکا، 41 افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

    جاپان کے ریسٹورنٹ میں دھماکا، 41 افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

    ٹوکیو: ناردرن کے جاپان ہوٹل میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 41 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ساپورو کے ریسٹورنٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 41 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کی حالت نازک اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کے دو منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی اور جائے وقوعہ کی قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔

    پولیس نے علاقے میں گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا۔

    قربی رہائشی عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد گیس کی بو پھیل گئی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔

  • دنیا کا پہلا ڈیجیٹل آرٹ میوزیم

    دنیا کا پہلا ڈیجیٹل آرٹ میوزیم

    ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں دنیا کے پہلے ڈیجیٹل آرٹ میوزیم کا افتتاح کردیا گیا۔

    10 ہزار اسکوائر فٹ کے رقبے پر مشتمل اس میوزیم میں 45 فن پارے رکھے گئے ہیں جو ڈیجیٹل آرٹ پر مبنی ہیں۔

    ان فن پاروں کو 250 کمپیوٹرز اور 470 پروجیکٹرز کے ذریعے نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

    میوزیم کی سیر کے لیے آنے والے افراد ورچوئل آبشاروں، سمندروں اور کہکہشاؤں کی سیر کرسکتے ہیں۔

    یہ تمام فن پارے انوکھے طریقے سے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ٹوکیو میں قائم کیا جانے والا یہ میوزیم اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا میوزیم ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جاپان میں طوفانی بارشوں نےتباہی مچادی‘ 60 سے زائد افراد ہلاک

    جاپان میں طوفانی بارشوں نےتباہی مچادی‘ 60 سے زائد افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 60 سے زائد افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے مغربی اور وسطی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 60 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    طوفانی بارشوں کے باعث سڑکیں زیرآب آگئیں جبکہ دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حدتک بلند ہوگئی ہے۔

    طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے ملک کے مغربی اور وسطی علاقوں سے لگ بھگ 16 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

    جاپانی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج طلب کرلی ہے، ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مرکزی جزیرے ہونشو کے 3 اضلاع کے رہائشیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ شدید موسمی حالات سے خبردار رہیں۔

    جاپانی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے نے شدید بارشوں والے علاقوں کے مزید 31 لاکھ افراد کو سیلاب کے خطرے کے پیش نظراپنا گھربار چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جاپان کی ٹرین میں مسافروں کو ’ٹھونسنے‘ کا عجیب منظر

    جاپان کی ٹرین میں مسافروں کو ’ٹھونسنے‘ کا عجیب منظر

    آپ نے پاکستان میں پر ہجوم بسیں اور ٹرینیں تو ضرور دیکھی ہوں گی جس میں لوگ چھت پر بیٹھے ہوتے ہیں اور دروازوں سے لٹکے ہوتے ہیں۔

    یقیناً یہ منظر کسی حد تک مضحکہ خیز ہونے کے ساتھ ساتھ فکر انگیز بھی ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ کس طرح پاکستانی عوام اکیسویں صدی میں بھی جدید سفری سہولیات سے محروم ہے۔

    لیکن مندرجہ ذیل ویڈیو دیکھ کر آپ کا غم یقیناً کم ہو جائے گا جس میں ایک ٹرین میں ٹھنسے مسافروں کو دبا کر ٹرین کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔

    جاپان کے ایک فوٹوگرافر کی جانب سے پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں ٹوکیو کے ایک سب وے کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ جس وقت یہ ویڈیو ریکارڈ کی گئی وہ نہایت ہی مصروف وقت تھا اور عوام کی بڑی تعداد کام پر جانے کے لیے محو سفر تھی۔

    ویڈیو میں ایک زیر زمین ٹرین کا منظر دکھایا گیا ہے جو مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہے۔ جب ٹرین کے چلنے کا وقت قریب آیا تو ٹرین کے دروازے بند کرنے کے لیے اسٹیشن سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آئے اور انہوں نے مسافروں کو اندر دبانا شروع کردیا تاکہ کسی صورت ٹرین کا دورازہ بند کیا جاسکے۔

    خاصی دیر تک جدوجہد کے بعد بالآخر یہ اہلکار اپنی کوشش میں کامیاب ہوئے جس کے بعد ٹرین کے تمام دروزے بند ہوئے اور ٹرین چل پڑی۔ اس دوران دھکم پیل کا شکار بننے والے مسافر یوں پتھرائے ہوئے کھڑے رہے جیسے یہ ان کے لیے معمول کا عمل ہے۔

    تو پھر کیا کہتے ہیں؟ کیا آپ اب بھی اپنی پبلک ٹرانسپورٹ کو برا بھلا کہیں گے؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جاپان میں فلیٹ سے9 افراد کی لاشیں اوراعضاء برآمد

    جاپان میں فلیٹ سے9 افراد کی لاشیں اوراعضاء برآمد

    ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرکے فلیٹ سے 9 افراد کی لاشیں اوراعضاء برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی پولیس نے 23 سالہ گمشدہ لڑکی کی تلاش کے سلسلے میں ٹوکیو میں فلیٹ پر چھاپا مارا جہاں سے 9 افراد کی لاشیں اور اعضاء ملے جن میں سے 8 خواتین اور ایک مرد کی لاش ہے۔

    پولیس نے فلیٹ سے 27 سالہ شخص کو گرفتار کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے 9 افراد کا قتل کرکے ان کی لاشوں کو چھپا دیا۔

    خیال رہے کہ پولیس کو اس واقعے کا پتہ اس وقت چلا جب وہ 23 سالہ خاتون کی تلاش کررہے تھے جو 21 اکتوبر سے لاپتہ تھیں۔

    پولیس حکام کو تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ جب سے لاپتہ خاتون نے انٹرنیٹ پراپنی خودکشی کے ارادے کے بارے میں لکھا تھا تب سے ملزم ان کے ساتھ رابطے میں تھا۔

    واضح رہے کہ ملزم کے ایک پڑوسی نے بتایا کہ رواں سال اگست میں جب سے 27 سالہ شخص فلیٹ میں آئے تھے تو انہیں عجیب سی بو آنے لگے تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جاپان میں قبل ازوقت انتخابات کےلیے پولنگ جاری

    جاپان میں قبل ازوقت انتخابات کےلیے پولنگ جاری

    ٹوکیو: جاپان میں شمالی کوریا کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر قبل ازوقت انتخابات کے لیے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میں قبل ازوقت انتخابات کے لیے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ مقامی وقت کے مطابق پولنگ کا آج صبح سات بجے سے رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔

    جاپان میں قبل ازوقت انتخابات کا فیصلہ وزیراعظم شنزو آبے نے ملک کے سیکورٹی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیا تھا۔

    شنزوآبے کو امید ہے کہ ان کی جماعت انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرکے آئینی اصلاحات کرنے میں کامیاب ہوجائے گی جس کے بعد وہ جاپان کی دفاعی فورسزکو تبدیل کرکے قومی فوج بنائیں گے، ایسا دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو شنزوآبے نے انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جاپان کو درپیش قومی بحران کے باعث انہیں نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم شنزو آبے نے 28 ستمبر کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے بعد ارکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سخت مقابلہ ہوگا لیکن ہم جاپان کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جاپان کے ریستوران الوؤں کی قتل گاہیں

    جاپان کے ریستوران الوؤں کی قتل گاہیں

    مختلف ممالک میں ریستورانوں میں مختلف جانور اور پرندے رکھے جاتے ہیں۔ یہ جانور دراصل سیاحوں کو ان ریستورانوں کی طرف متوجہ کرنے کے لیے رکھے جاتے ہیں۔ یہاں پر ان جانوروں کا بے حد خیال بھی رکھا جاتا ہے اور یہاں آنے والے گاہک ان جانوروں کو دیکھ بھال اور نگہداشت کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

    روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کا کیٹ ری پبلک کیفے، اور ہانگ کانگ کا خرگوش کیفے ایسی ہی ایک مثال ہے۔

    جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی قدیم جاپانی عقیدے کے تحت گھروں اور ریستورانوں میں الو کو رکھا جاتا ہے۔ جاپان میں الو خوش قسمتی اور مختلف آفتوں سے بچاؤ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

    owl-5

    ٹوکیو کے مختلف ریستورانوں میں الوؤں کو رکھنے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔

    نرم پروں والا یہ جانور ریستوران میں چہل قدمی کے دوران وہاں موجود افراد کو خوشگوار تفریح فراہم کرتا ہے اور لوگ اسے دیکھ کر بے حد خوش ہوتے ہیں۔

    لیکن اس قدیم ثقافتی رواج کی وجہ سے الو شدید خطرات کا شکار ہو گئے ہیں۔ جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اس رجحان کے خلاف اب آواز اٹھا رہی ہیں۔

    owl-2

    ماہرین حیاتیات کے مطابق دن بھر ریستوران میں لوگوں کی بھیڑ بھاڑ اس پرندے کی قدرتی نیند کی عادات کو تبدیل کر رہی ہے جس سے ان کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ ان معصوم پرندوں پر ایک قسم کا تشدد ہے۔

    تحفظ حیاتیات پر کام کرنے والے ایک کارکن کا کہنا ہے، ’کسی جانور کو جسمانی نقصان پہنچانا یا اسے تکلیف دینا ہی تشدد نہیں کہلاتا۔ کسی جانور کو نہایت چھوٹی سی جگہ پر رکھ دینا، اس کی نمائش کرنا اور اس کی قدرتی عادات میں خلل ڈالنا بھی ایک قسم کا تشدد ہے‘۔

    owl-3

    جاپان میں اس سے قبل بھی کئی ریستورانوں میں بکریوں، بلیوں، عقاب اور خار پشت کو رکھا گیا تھا۔ ان جانوروں کی صحت کو بھی شدید خطرات لاحق ہوگئے تاہم الو پر اس کے مزید منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق رات میں جاگنے اور اسی حساب سے حسیں ہونے کے باعث انہیں پرشور اور پرہجوم جگہوں سے مطابقت کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔

    تحفظ حیاتیات کے ایک کارکن کے مطابق ان کے علم میں آیا ہے کہ ایک اول (الو)  کیفے میں ایک سال کے دوران 7 الو ہلاک ہوگئے۔

    owl-4

    دوسری جانب ان ریستورانوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ وہ ان الوؤں کو رکھنے سے قبل اپنے عملے کی تربیت کرتے ہیں کہ ان الوؤں کی کیسے نگہداشت کی جائے۔

    اس کے ساتھ ساتھ وہ ریستوران میں آنے والے گاہکوں کو بھی ہدایت کرتے ہیں کہ ان معصوم پرندوں کے ساتھ کیسا رویہ رکھا جانا چاہیئے۔