Tag: ٹویٹر

  • عوام کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک قانون کے مطابق رسائی یقینی بنائی جائے، عدالت کا حکم

    عوام کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک قانون کے مطابق رسائی یقینی بنائی جائے، عدالت کا حکم

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ عوام کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک قانون کے مطابق رسائی یقینی بنائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں چیف جسٹس ہائیکورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے انٹرنیٹ سروس کی بندش پر اظہار افسوس کیا۔

    سندھ ہائیکورٹ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ بند کرنے کی ٹھوس وجوہ نہیں بتائی گئیں، تمام متعلقہ ادارے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بحالی کو یقینی بنائیں۔

    عدالت نے حکم دیا کہ عوام کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک قانون کے مطابق رسائی کو یقینی بنایا جائے، اور کہا کہ اگر انٹرنیٹ بندش کی ٹھوس وجوہ نہ بتائی گئیں تو متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی جائے گی، بغیر کسی ٹھوس وجوہ انٹرنیٹ بند نہیں ہونا چاہیے، نہ ہی رفتار کم کی جائے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ اگر یہی صورت حال برقرار رہتی ہے تو آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ وکیل پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ 8 فروری کو الیکشن کے دن وزارت داخلہ اور مختلف اداروں کی رپورٹ پر انٹرنیٹ بند کیا گیا تھا، اضافی جواب جمع کرانے اور متعلقہ حکام سے ہدایات لینے کے لیے مہلت دی جائے۔

    عدالت نے کہا وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے وکیل نے بھی جواب کے لیے مہلت طلب کی ہے، اس لیے کیس کی مزید سماعت اب 5 مارچ کو کی جائے گی۔

  • لال حویلی پر کارروائی کی گئی تو میں کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں: شیخ رشید

    لال حویلی پر کارروائی کی گئی تو میں کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں: شیخ رشید

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے میں اگر لال حویلی پر کارروائی کی گئی تو میں کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں، اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میری 4 مرلے کی لال حویلی پر حکومت چوتھی مرتبہ حملہ کرنے جا رہی ہے، ہائیکورٹ سے بھ 4 مرلے ملکیت کا کیس جیت چکا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں اگر لال حویلی پر کارروائی کی گئی تو میں کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں، اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار اقتصادی معاشی طور پر ہی ناکام نہیں ہوئے بلکہ غریب سے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا، مذاکرات کامیاب ہوں تو بہت اچھی بات ہے لیکن ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کی ضرورت آئین اور قانون ہے اور حکومت اقتدار سے چمٹا رہنا چاہتی ہے۔

  • دنیا بھر کی معروف شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک غائب

    دنیا بھر کی معروف شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک غائب

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹا دیے گئے جس کے بعد متعدد معروف شخصیات اپنے تصدیقی نشان سے محروم ہوگئیں۔

    سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان، معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سمیت کئی شخصیات اور اداروں کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک غائب ہوگیا۔

    ٹویٹر پر بلیو ٹک کے ذریعے صارف کے اکاؤنٹ کی تصدیق کی جاتی تھی کہ یہ اکاؤنٹ جعلی نہیں بلکہ اصلی ہی ہے تاہم اب یہ بلیو ٹک صارفین کے ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے غائب ہونا شروع ہوگیا ہے۔

    پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان جن کے ٹویٹر پر 19 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک غائب ہوگیا۔

    اس کے علاوہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن جن کے ٹویٹر فالوورز کی تعداد 48 ملین سے زیادہ ہے جبکہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جن کے ٹویٹر پر 43 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں وہ بھی ٹویٹر کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے محروم ہوگئے۔

    یہی نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، موجودہ کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک غائب ہوگیا ہے۔

    دراصل ویریفائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کسی جادو کی وجہ سے غائب نہیں ہورہا بلکہ یہ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی ٹویٹر کی سبسکرپشن سروس کے تحت ہٹائے جارہے ہیں۔

    ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹویٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کروانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔

    ایلون مسک نے نومبر 2022 کے شروع میں ٹویٹر بلیو سروس کو متعارف کروایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کروانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔

    بعد ازاں 12 دسمبر 2022 کو اسے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کیا گیا۔

    ٹویٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹویٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے بعد گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے لیگسی بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ٹویٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔

    پاکستان میں ٹویٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان ہے۔

    سبسکرپشن لینے کے بعد ٹویٹر بلیو سروس کے صارفین کو بلیو چیک مارک کے ساتھ ساتھ طویل ویڈیوز، 4000 حروف کے ٹویٹس اور ٹویٹ کو ایڈٹ کرنے سمیت متعدد نئے فیچرز تک رسائی فراہم کی جائے گی۔

  • ٹویٹر کا سی ای او اب کون؟ ایلون مسک کا انکشاف

    ٹویٹر کا سی ای او اب کون؟ ایلون مسک کا انکشاف

    ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں یہ دل چسپ انکشاف کیا ہے کہ ٹوئٹر کا سی ای او اب ان کا پالتو کتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر کے باس ایلون مسک نے بی بی سی کو ایک طویل انٹرویو دیا ہے، یہ انٹرویو ٹویٹر ہیڈکوارٹر میں کیا گیا، جس میں انھوں نے ٹویٹر بیچنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔

    مسک نے انٹرویو کے دوران یہ کہتے ہوئے مذاق کیا کہ ’’وہ اب ٹویٹر کے سی ای او نہیں رہے، ان کی جگہ ان کے پالتو کتے شیبا اِنو نے لے لی ہے، جس کا نام فلوکی ہے۔‘‘

    ایلن مسک نے کہا کہ اگر انھیں مناسب شخص مل گیا تو وہ کمپنی کو فروخت کر دیں گے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ نئے سی ای او کے لیے ان کے ذہن میں کسی کا نام نہیں ہے۔

    ان سے جب سوال کیا گیا کہ ٹوئٹر میں ان کا وقت کیسا گزر رہا ہے، تو انھوں نے جواب دیا ’’یہ بالکل مزے کا نہیں ہے، بلکہ بعض اوقات تکلیف دہ ہو جاتا ہے۔‘‘ مسک نے اس کام کو ایک رولرکوسٹر سے تشبیہہ دی۔

    ایلون مسک نے دفتر میں سونے کا بھی انکشاف کیا، اور کہا کہ کام کے بوجھ کی وجہ سے وہ کبھی کبھی دفتر میں سو جاتے ہیں، انھوں نے کہا ’’لائبریری میں ایک جگہ پر ایک صوفہ جس پر کوئی نہیں جاتا، میں وہاں سوتا ہوں۔‘‘

  • سی ایس ایس کے امتحان میں انوکھا سوال سوشل میڈیا پر وائرل

    سی ایس ایس کے امتحان میں انوکھا سوال سوشل میڈیا پر وائرل

    امتحانی پرچوں میں بعض اوقات خاصے مختلف سوالات آجاتے ہیں جس سے امتحان دینے والے پریشان ہوجاتے ہیں، تاہم بعض اوقات کچھ سوال حیرانی اور مذاق کا باعث بھی بن جاتے ہیں۔

    حال ہی میں ہونے والا پاکستانی سول سروس (سی ایس ایس) کا ایک امتحانی پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

    امتحانی پرچے میں امیدواروں کو مضمون لکھنے کے لیے دیے گئے آپشنز میں شامل ایک آپشن ’بوائز ول بی بوائز‘ تھا جس کی انفرادیت نے کچھ افراد کو حیران کیا تو کئی یہ کہنے پر مجبور دکھائی دیے کہ یہ سوال کس مقصد کے تحت امتحان میں شامل کیا گیا۔

    یہ گفتگو اتنی بڑھی کہ یہ جملہ ٹویٹر ٹرینڈ بن گیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ تجزیاتی اور ناقدانہ تحریری صلاحیتوں کو پہچاننے کا کیا طریقہ ہے۔

    ایک صارف نے میم شیئر کی کہ وہ لڑکا جس نے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے برسوں ضائع کیے ہوں اس کا برا حال ہوگا۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ان مینٹورز کا شکریہ جنہوں نے سی ایس ایس امیدواروں کو گمراہ کیا، کسی بھی گیس پیپر سے کوئی ایک مضمون بھی نہیں ہے۔

    پاکستان میں سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) امتحان کو بیورو کریسی کا داخلی دروازہ کہا جاتا ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس امتحان کے ذریعے وہ اعلی ٰسرکاری ملازمتوں سے مستفید ہو سکیں۔

  • گریٹا تھنبرگ کے ساتھ ٹویٹر پر لفظی جنگ، ریپ کیس میں مطلوب باکسر کی لوکیشن منظر عام پر آگئی

    معروف کلائمٹ ایکٹوسٹ گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان نازیبا جملوں کے تبادلے کے بعد پولیس نے اینڈریو کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا، اینڈریو انسانی اسمگلنگ کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور ٹویٹر پر ان کی سرگرمی نے پولیس کو ان کی لوکیشن کی تصدیق کردی۔

    دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابق باکسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان تلخ اور نازیبا جملوں کا تبادلہ ہوا جس نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

    اینڈریو نے ایک ٹویٹ میں گریٹا کو مخاطب کیا اور فخریہ لکھا کہ میرے پاس 33 کاریں ہیں جس میں ایک بگاٹی اور 2 فراری شامل ہیں، اپنا ای میل ایڈریس روانہ کریں تاکہ میں اپنی گاڑیوں کی فہرست اور ان سے ہونے والے بھاری کاربن اخراج کی تفصیل آپ کو بھیج سکوں۔

    ٹویٹ دیکھ کر گریٹا سیخ پا ہوگئیں اور انہوں نے اینڈریو کو نازیبا جواب دے ڈالا۔

    خیال رہے کہ گریٹا ماحولیاتی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن سیکٹر کو اس کا بڑا ذمہ دار قرار دیتی ہیں۔

    سنہ 2019 میں گریٹا کلائمٹ چینج کی کانفرنس کے لیے طیارے سے جانے کے بجائے 14 روز کا بحری سفر کر کے اسپین پہنچی تھیں جس نے دنیا بھر کی توجہ ان کی طرف مبذول کی تھی۔

    اب اینڈریو کے ٹویٹ پر انہوں نے غصے میں جواب دیا تو ٹویٹر صارفین نے ان کے جواب کو بے حد سراہا اور اسے بالکل درست قرار دیا۔

    جواب میں اینڈریو نے ایک ویڈیو پوسٹ کر ڈالی جس میں انہوں نے گریٹا کو عالمی طاقتوں کا ہرکارہ قرار دیا۔

    اس ساری بحث کے دوران رومانیہ پولیس کو اینڈریو کی لوکیشن کی تصدیق ہوگئی جو انسانی اسمگلنگ کے کیس میں پہلے ہی اینڈریو پر گھات لگائے بیٹھی تھی۔

    رومانیہ کے شہر پیپرا میں واقع اینڈریو کے گھر پر رومانیہ پولیس نے چھاپہ مارا اور اور انہیں اور ان کے بھائی دونوں کو حراست میں لے لیا۔

    چھاپے کی کارروائی بخارسٹ کے ڈائریکٹوریٹ فار انویسٹی گیٹنگ آرگنائزڈ کرائم اینڈ ٹیررازم کے محکمے نے کی جو 2 سال سے انسانی اسمگلنگ کے کیس کی تحقیقات کر رہا تھا۔

    سنہ 2021 میں سامنے آنے والے اس کیس میں ایک مجرمانہ رنگ کا انکشاف ہوا تھا جو لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر رومانیہ پہنچا رہا تھا اور ان کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

    اس کیس میں اینڈریو ٹیٹ بھی مشتبہ تھے اور ان پر ایک نوعمر لڑکی کی انسانی اسمگلنگ، جنسی زیادتی اور اغوا کا الزام تھا۔

    29 دسمبر کی شب ہونے والی اس چھاپہ مار کارروائی میں اینڈریو کے علاوہ 4 مزید افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اینڈریو کی گرفتاری میں ان کی ٹویٹر پر ہونے والی بحث نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے ذریعے ظاہر ہونے والی لوکیشن سے پولیس کو یقین ہوا کہ دونوں بھائی ملک میں موجود ہیں، مذکورہ ویڈیو میں میز پر ایک پیزا باکس بھی دکھائی دے رہا ہے جو مقامی پیزا شاپ سے آرڈر کیا گیا۔

    اینڈریو کو اسی سال اپریل میں بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بارے میں اینڈریو نے وضاحت دی تھی کہ ایک غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس نے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا۔

    اینڈریو کے مطابق پولیس نے گھر کی تلاشی لی اور وہاں کسی مغوی کو نہ پا کر واپس لوٹ گئے، البتہ کاغذی کارروائی کے لیے مجھے پولیس اسٹیشن جانا پڑا تھا، وہاں سے صرف 45 منٹ بعد ہی میری واپسی ہوگئی تھی۔

  • خون آشام ویمپائر نہیں ہوں: شہزاد رائے کا جوان کہنے والوں کو جواب

    خون آشام ویمپائر نہیں ہوں: شہزاد رائے کا جوان کہنے والوں کو جواب

    معروف گلوکار شہزاد رائے نے اپنی عمر پر حیرت کا اظہار کرنے والے مداحوں کو دلچسپ جواب دے دیا۔

    شہزاد رائے کے مداح اکثر اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کے چہرے پر بڑھتی عمر کے کوئی اثرات نظر نہیں آرہے بلکہ اکثر یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ جوان ہوتے جارہے ہیں۔

    اب حال ہی میں انہوں نے ٹویٹر پر اپنی پرفائل پکچر تبدیل کی جس کے بعد ایک بار پھر اسی نوعیت کے تبصروں کا طوفان آگیا۔

    ایک مداح نے ان کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں اس دوران گنجا اور بوڑھا ہوچکا ہوں اور میری پیٹھ میں بھی درد رہنے لگا ہے، لیکن آپ ویسے کے ویسے ہی ہیں، یہ کیا جادو ہے۔

    اس پر شہزاد رائے نے جواب دیا کہ میں 44 سال کا ہوں، اکثر لوگ 44 سال کی عمر میں بھی جوان دکھائی دیتے ہیں، میں کوئی خون آشام (ویمپائر) نہیں ہوں۔

    گلوکار نے لکھا کہ بوڑھا ہونا قدرتی ہے، لیکن بڑا ہونا آپ کا اپنا انتخاب ہے۔

    ان کے اس ٹویٹ پر دیگر مداحوں نے مزید دلچسپ جوابات دیے۔

    خیال رہے کہ ماضی کے معروف گلوکار شہزاد رائے آج کل فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

  • بلیو ٹک کے لیے 8 ڈالر کی اسکیم فی الحال مؤخر کردی گئی

    بلیو ٹک کے لیے 8 ڈالر کی اسکیم فی الحال مؤخر کردی گئی

    واشنگٹن: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے 8 ڈالر میں بلیو ٹک والا تصدیق شدہ اکاؤنٹ فراہم کرنے کی اسکیم ملتوی کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹویٹ کیا ہے کہ جب تک وہ ٹویٹر پر جعلی اکاؤنٹس کے مسئلے کا حل تلاش نہیں کر لیتے، بلیو ٹک کے لیے پیڈ سکیم دوبارہ شروع نہیں کی جائے گی۔

    ٹویٹر نے فی الحال 8 ڈالر میں بلیو ٹکس دینے کی اسکیم پر پابندی لگا دی ہے، کمپنی کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹویٹ کیا ہے کہ جب تک وہ ٹویٹر پر جعلی اکاؤنٹس کے مسئلے کا حل تلاش نہیں کر لیتے، بلیو ٹک کے لیے پیڈ اسکیم دوبارہ شروع نہیں کی جائے گی۔

    ایلون مسک نے ٹویٹ کیا کہ جعل سازی (ڈپلیکیی) کو روکنے کے لیے بلیو ٹک کی تصدیق کے عمل کے دوبارہ آغاز کو فی الحال روک دیا گیا ہے، توقع ہے کہ اداروں کے لیے لوگوں کے مقابلے میں مختلف رنگ (بلیو ٹکس) استعمال کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں ٹویٹر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو بحال کردیا تھا جس پر تنقید کی جارہی تھی۔

    ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کرنے سے پہلے ایک سروے کیا گیا تھا، اس پول میں 15 ملین سے زیادہ لوگوں نے ووٹ دیا جن میں سے 51.8 فیصد لوگوں نے ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو بحال کرنے کی حمایت کی۔

    48.2 فیصد لوگوں نے اکاؤنٹ دوبارہ شروع نہ کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا، اکثریت کی رائے کے بعد ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا تھا۔

  • سعودی ولی عہد کے جوتے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے

    سعودی ولی عہد کے جوتے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے

    ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ایک ملاقات میں پہنے ہوئے جوتے ٹویٹر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے، لوگوں نے ان کے اسٹائل اور پسند کو خوب سراہا۔

    اردو نیوز کے مطابق رواں ہفتے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پہنے جانے والے گہرے بھورے آکسفورڈ کے جوتوں نے ٹویٹر پر فیشن کے دلدادہ افراد کو مبہوت کر دیا۔

    یہ جوتے جنہیں ہالام کہا جاتا ہے، جوتے بنانے والے برطانوی برانڈ کروکٹ اینڈ جونز کے تیار کردہ ہیں اور ان کی قیمت 560 ڈالر ہے۔

    ایک ٹویٹر صارف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر کے نیچے کمنٹ کیا، ہمیشہ کی طرح شاندار، جبکہ ایک اور صارف نے جوتوں کی قیمت پوچھ لی۔

    بعض صارفین کو یہ جوتے اتنے پسند آئے کہ وہ اس کے سستے متبادل تلاش کرتے رہے۔

    سعودی ولی عہد کے مداحوں کو امید ہے کہ جوتوں کا یہ ماڈل کچھ ہی دنوں میں فروخت ہو جائے گا۔

    ایک مداح نے ٹویٹ کی کہ صرف دو دنوں تک انتظار کریں، یہ (جوتے) دکانوں اور آن لائن پر دستیاب ہی نہیں ہوں گے۔

    بعض افراد کو امید ہے کہ ولی عہد کے یہ جوتے پہننے کے بعد برطانوی برانڈ اب ان کی قیمت بڑھا دے گا۔

    صرف ان کے جوتے ہی نہیں بلکہ کوٹ پر بھی مداحوں کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آئے، ایک صارف نے ٹویٹ کیا، کل ریاض میں ہر کوئی یہ کوٹ پہنے گا۔

    سعودی ولی عہد کا اسٹائل اس سے قبل بھی موضوع بحث بنتا رہا ہے اور لوگ اسے پسند کرتے رہے ہیں۔