Tag: ٹویٹر

  • وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سونے کے حرف سے لکھا جانا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افغان امن معاہدہ وزیر اعظم عمران خان کے مؤقف کی توثیق ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا مذاکرات امن کا واحد راستہ ہیں، افغان شہری جنگ سے متاثر ہوئے ہیں، اب وہ استحکام چاہتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن خطے میں استحکام کا باعث بنے گا، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سونے کے حرف سے لکھا جانا چاہیئے۔

    گزشتہ روز افغان امن معاہدے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ امریکا طالبان تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، افغانستان میں طویل جنگ کے بعد معاہدہ امن و استحکام کا آغاز ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کسی بھی پیچیدہ مسئلے کا آخری حل مذاکرات ہیں، ہمیشہ کہا امن کا راستہ مذاکرات میں پنہاں ہے، دعائیں افغان عوام کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں سے خونریزی کا شکار ہیں۔

  • کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف آرا کا اظہار جاری ہے، ایک مداح نے علی ظفر کے دوبارہ گانا گانے کو بے عزتی قرار دیا تو عاصم اظہر نے اسے کرارا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر مداحوں کی خواہش پر پاکستان سپر لیگ 5 کا نیا گانا تیار کرنے جارہے ہیں اور خود علی ظفر اور مداح اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایسے ہی ایک ٹویٹ میں ایک مداح نے عاصم اظہر سے، جنہوں نے پی ایس ایل کا موجودہ گانا گایا ہے، سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ کیونکہ پی ایس ایل کا ترانہ جیسا بھی ہے تیار ہوچکا ہے اور اب علی ظفر اپنا نیا گانا بنانے جارہے ہیں۔

    مداح کے اس سوال پر عاصم اظہر نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، علی ظفر میرے سینیئر ہیں اور میں ان کے کام کی وجہ سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں بہت خوشی سے ہر اس چیز کی حمایت کروں گا جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگی۔

    عاصم نے مزید کہا کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ عاصم کے اس جواب پر علی ظفر نے بھی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ یہ سارا قصہ اس وقت شروع ہوا جب وسیم بادامی نے اپنے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں علی ظفر سے پوچھا کہ عوام ان کا بنایا گانا سننا چاہتی ہے تو کیا وہ لوگوں کی خواہش پر نیا گانا تیار کریں گے؟

    علی ظفر نے کہا کہ لیگ کا آفیشل گانا تیار ہوچکا ہے جس پر وسیم بادامی نے کہا کہ وہ ایسے ہی سوشل میڈیا پر چلانے کے لیے نیا گانا بنالیں، جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں۔

    علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ گانے کی تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • احساس پروگرام وزیر اعظم کی محروم طبقات سے محبت کا اظہار ہے: فردوس عاشق اعوان

    احساس پروگرام وزیر اعظم کی محروم طبقات سے محبت کا اظہار ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عوامی ’احساس‘ کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ احساس پروگرام اب لیہ میں شروع کیا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احساس آمدن پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد ہوگی، ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں احساس ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس صحت مند اور روشن معاشرے کا بنیادی عنصر ہوتا ہے۔ یہ پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ غریبوں کے روزگار کے لیے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب عملی قدم ہے، 15 بلین روپے بجٹ کے اس پروگرام سے 1.45 ملین افراد مستفید ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 23 اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں اس پروگرام کا آغاز، گراس روٹ سطح پر عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور خوشحالی منتقل کرنے کے عمران خان کے وژن کا آئینہ دار ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے تحت زرعی آلات، مویشی چنگچی رکشہ باڈی اور چھوٹے کاروبار کرنے کے آلات شامل ہیں۔

  • وفاقی کابینہ میں  قیمتوں میں کمی کی خاطر اقدامات کا اعلان  کیا جائیگا

    وفاقی کابینہ میں قیمتوں میں کمی کی خاطر اقدامات کا اعلان کیا جائیگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کہ منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس دوران تمام متعلقہ حکومتی ادارے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب کی جامع تحقیقات کا آغاز کر چکے ہیں۔

    وزیر اعظم نے قوم کو مزید خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ قوم اطمینان رکھے ذمہ داروں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا تھا اور ملک بھر میں آٹا نایاب ہوگیا تھا۔ بعد ازاں چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

  • ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی: فردوس عاشق اعوان

    ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، اعتماد اور محبت دونوں کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوالالمپور کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد اور وزیر اعظم عمران خان مل کر دونوں ممالک میں دوستی، اعتماد، محبت، تعاون اور اشتراک عمل کا نیا باب لکھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دوستی، اعتماد اور محبت پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے اعظم امت مسلمہ اور اسلام کے ترجمان بن کر دنیا میں ابھرے ہیں، امت سمیت پاکستان اور ملائیشیا کے عوام کے لیے یہ دو طرفہ اشتراک عمل خوشخبری کے مترادف ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

    اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

  • مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہے: فردوس عاشق اعوان

    مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا میں قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی گزشتہ سال یوم پاکستان پر آمد اور پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا، منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مابین فروغ پاتے دو طرفہ مظبوط تعلقات کا آئینہ دار ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید تقویت ملے گی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں قائدین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنا وژن دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ملائیشیا کی قیادت کو آگاہ کریں گے اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا کا مظلوم کشمیریوں کے منصفانہ حق استصواب رائے کے لیے آواز بلند کرنا لائق تحسین ہے۔ وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے ایک انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر ملائیشیا روانہ ہوگئے ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم کی مہاتیر محمد سے بالمشافہ ملاقات ہوگی اور دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    دونوں وزرائے اعظم وفد کی سطح پر بھی ملاقات کریں گے، اس دوران دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے جبکہ عمران خان مسئلہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔

  • آئینی جمہوری حقوق کی فراہمی یقینی بنا کر قبائلی عوام کو با اختیار بنائیں گے: فردوس عاشق اعوان

    آئینی جمہوری حقوق کی فراہمی یقینی بنا کر قبائلی عوام کو با اختیار بنائیں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی ہماری ترجیح ہے، آئینی جمہوری حقوق کی فراہمی یقینی بنا کر محب وطن قبائلی عوام کو با اختیار بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قبائلی عوام کی خوشحالی کے لیے پرعزم اور سرگرم عمل ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی خصوصاً نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ محب وطن قبائلی عوام کو ان کی قربانیوں، صبر اور استقامت کا پھل ہر صورت ملے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آئینی جمہوری حقوق کی فراہمی یقینی بنا کر انہیں با اختیار بنائیں گے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قیام امن کے دشمن اور شرپسند عناصر منہ کی کھائیں گے۔ پاکستان کے آئین کو رد کرنے والوں کے لیے پاکستان کے عوام کے دلوں میں کوئی جگہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دوسروں کے ہاتھ کا کھلونا بننے والے شر پسندوں کو قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی سے نہیں کھیلنے دیں گے۔

  • نئے پاکستان کی بنیاد احساس پر قائم ہے: فردوس عاشق اعوان

    نئے پاکستان کی بنیاد احساس پر قائم ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا احساس کفالت کارڈ کا اجرا کرنا ریاست کے ماں ہونے کی سوچ کے تحت ایک اور قدم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ احساس کا جذبہ انسانی رشتوں کو مضبوط بناتا ہے، نئے پاکستان کی بنیاد اسی احساس پر قائم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا احساس کفالت کارڈ کا اجرا کرنا ریاست کے ماں ہونے کی سوچ کے تحت ایک اور قدم ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احساس کفالت پروگرام فلاحی ریاست کی جانب پیشرفت ہے جس کے تحت تقریباً 70 لاکھ غریب خواتین کو 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام وزیر اعظم عمران خان کے وژن ’ایک خاتون ایک بینک اکاؤنٹ‘ کا عکاس ہے اور یہ خواتین کی معاشی خود مختاری کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادار افراد کی مالی امداد اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔

    بے نظیر کارڈ ختم کر کے مستحقین کو احساس کفالت کارڈ پر وظیفہ ملے گا، کارڈ سے نواز شریف اور بے نظیر کی تصاویر ختم کر کے صرف قائد اعظم کی تصویر لگے گی۔

    حکومت ہر ماہ 70 لاکھ خواتین کو ماہانہ 2 ہزار روپے دے گی جبکہ بی آئی ایس پی کے 40 لاکھ بینی فشریز بھی کفالت پروگرام میں شامل ہیں۔

  • افغان صدر کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے: فردوس عاشق اعوان

    افغان صدر کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے افغان صدر اشرف غنی کو بین الاقوامی تعلقات کے اصول پیش نظر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا داعی ہے، ہم افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خود مختار ریاست ہے، آئین پاکستان سے منحرف عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی اور ملک کا دوسرے ملک میں قانون کی بالا دستی کے خلاف بات کرنا سفارتی تقاضوں کے منافی ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے اپنے لہو سے سے امن کے دیے روشن کیے ہیں۔ کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شرپسندوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز منظور پشتین کو ملک میں انتشار پھیلانے اور تخریب کاری کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت پیش کیا گیا تھا جس پر افغان صدر نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    بعد ازاں دفتر خارجہ کی جانب سے افغان صدر کے ٹویٹ پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے کہا گیا کہ افغان صدر کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت ہے، ایسے بیان دونوں ملکوں میں دوستانہ تعلقات کے فروغ میں معاون نہیں ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان افغانستان سے عدم مداخلت کے اصولوں پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے اور پاکستان افغانستان سے قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم رکھنے کا خواہشمند ہے۔

  • میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

    میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

    پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے اختتام نے پورے پاکستان کو رلا دیا، لوگ دانش کی موت پر نہایت غمگین ہوگئے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو، جو پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا تاریخ ساز ڈرامہ ثابت ہوا، گزشتہ رات اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈرامے کا اختتام مرکزی کردار دانش (ہمایوں سعید) کی موت پر ہوا جس نے تمام مداحوں کو سوگوار کردیا۔

    ڈرامہ شائقین کی ہمدردیاں پہلے دن سے دانش کے ساتھ تھیں جس کی بیوی مہوش (عائزہ خان) دولت کے لیے اسے چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور وہ بے وفائی کے کرب اور دکھ سے گزرتا رہتا ہے۔

    ڈرامے میں دانش کے بیٹے رومی کی ٹیچر ہانیہ (حرا مانی) کی آمد سے نیا موڑ آیا اور امید کی جانے لگی کہ دانش اب ہانیہ سے شادی کرلے گا، تاہم ڈرامے کا اختتام نہایت غیر متوقع ہوا اور دانش مہوش سے ایک جذباتی اور دردناک مکالمے کے بعد بالآخر جان سے گزر گیا۔

    ڈرامہ شروع ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور اگلے ایک گھنٹے کے اندر تمام سوشل میڈیا سائٹس سے تمام موضوعات غائب ہوگئے اور صرف ڈرامے سے متعلق ٹرینڈز چھائے رہے۔

    دانش کی موت پر ڈرامہ شائقین نے مختلف انداز میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے دانش اور مہوش کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفا کرنے والے مر کر بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، اور بے وفائی کرنے والے زندہ رہ کر بھی روزانہ مرتے ہیں۔

    ایک صارف نے مشہور شعر میں تبدیلی کرتے ہوئے لکھا کہ بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی، اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ یہ محبت، نفرت، معافی اور شرمندگی کی کہانی تھی۔ دانش مر گیا لیکن جاتے ہوئے وہ مہوش کو احساس جرم میں مبتلا کرگیا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ رومی سے خوابوں میں ملنے کا وعدہ کرنے والا منظر رلا گیا۔

    ایک صارف نے کہا کہ دانش کے کردار کی محبت، وفاداری، اور اس کا دھیما پن سب نہایت شاندار تھا۔ ایسے مرد صرف ڈراموں میں ہی ہوتے ہیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ دانش اپنی آخری سانسیں لے رہا تھا اور پورا پاکستان رو رہا تھا۔

    ڈرامے کے بارے میں مصنف خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھا ہے، ڈرامے کا ٹائٹل سانگ اور آخری قسط لکھتے ہوئے وہ زار و قطار رو رہے تھے۔

    ڈائریکٹر ندیم بیگ کی ہدایت کاری اور ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی کی شاندار اداکاری نے اس ڈرامے کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہ پاکستانی تاریخ کا پہلا ڈرامہ ہے جس کی آخری قسط سنیما گھروں میں دکھائی گئی اور اسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا جم غفیر سنیما گھروں کو پہنچا۔