Tag: ٹویٹر

  • بڑی اصلاحات کر لیں تو سیاسی اختلافات نقصان نہیں پہنچاتے: فواد چوہدری

    بڑی اصلاحات کر لیں تو سیاسی اختلافات نقصان نہیں پہنچاتے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ سے پیدا ہونے والا تعاون کا ماحول بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھا ہے، اگر ہم بڑی اصلاحات کر لیں تو سیاسی اختلافات نقصان نہیں پہنچاتے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ سے تعاون کا جو ماحول پیدا ہوا وہ بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر اتفاق رائے بڑی کامیابی ہے، اب اگلا مرحلہ احتساب کے طریقہ پر اتفاق رائے ہے، اس پر بھی بات چیت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم بڑی اصلاحات کر لیں تو سیاسی اختلافات نقصان نہیں پہنچاتے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ فوج کی مخالفت سے کوئی سیاسی رہنما نہیں بن جاتا، فوج کے بغیر آپ انارکی میں چلے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے درست فیصلہ کیا، اداروں کے درمیان توازن کی ضرورت ہے۔ فوج اور عدلیہ دونوں کو اپنی حدود خود دیکھنی چاہئیں ان دونوں اداروں کا متنازعہ ہونا تباہ کن ہے۔

  • آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کے لیے اقدامات ہوں گے: فردوس عاشق اعوان

    آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کے لیے اقدامات ہوں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں عوام کے لیے مزید اقدامات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے دوسروں پر دشنام طرازی کرتے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ غریبوں کی ہمدردی میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے۔ 4 دن جیل میں نہ رہنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں موجودہ حکومت نے قرضوں کی ادائیگی سمیت معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے بروقت اور جرات مندانہ فیصلے کیے۔ مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قوم کی ہمت اور حوصلے سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو قوم کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے، عوام کو براہ راست ریلیف دینے کے لیے 7 ارب کا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے پیکیج دیا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کے لیے مزید اقدامات ہوں گے۔

  • بھارت نے کشمیریوں کا قتل عام نہ روکا تو ہمارا خاموش بیٹھنا مشکل ہوگا: وزیر اعظم کا واضح پیغام

    بھارت نے کشمیریوں کا قتل عام نہ روکا تو ہمارا خاموش بیٹھنا مشکل ہوگا: وزیر اعظم کا واضح پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام جاری رکھتا ہے تو پاکستان کے لیے خاموش تماشائی بنے رہنا مشکل ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت کے حوالے سے بات کی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ بندی لکیر کے اس پار نہتے شہریوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتے حملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کے لیے بھارت سے اصرار کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ہندوستان کی جانب سے ایک خود ساختہ / جعلی حملے کا سخت اندیشہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ میں ہندوستان کے ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز نہ کرے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اگر ایسا کرتا ہے تو پاکستان کے لیے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلسل 168 روز سے جاری ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور معطل ہے۔

    لاک ڈاؤن کے باعث کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیا خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک اور ادویات سب ختم ہو چکا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند اور مواصلاتی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام اور ڈاکٹرز کو اسپتال جانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، طلبا اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹی میں نہیں پہنچ پا رہے۔

  • ہماری حکومت کو سیاسی مافیا اور قرضوں جیسے مسائل کا سامنا ہے: وزیر اعظم

    ہماری حکومت کو سیاسی مافیا اور قرضوں جیسے مسائل کا سامنا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلامی دنیا کے سب سے تجربہ کار سیاستدان مہاتیر محمد نے بھی انہی مسائل کا سامنا کیا جن کا سامنا آج ہمیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسلامی دنیا کے سب سے تجربہ کار اور کامیاب سیاستدان کا بھی بالکل اسی قسم کے مسائل سے سابقہ رہا جن کا سامنا آج میری حکومت کو ہے۔

    ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے بارے میں ایک مضمون شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا کہ ان کی راہ میں بھی وہی سیاسی مافیا حائل ہوا جس نے اداروں کی تباہی کے ذریعے ملائیشیا کو قرضے کی دلدل میں دھنسایا اور اس کا دیوالیہ نکال دیا۔

    گزشتہ روز نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے، کرپشن مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا اب بھی اس کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔

  • مودی کی بربریت کو بے نقاب کرنے والی مسلمان خاتون صحافی جرات کی عظیم مثال ہے: معاون خصوصی

    مودی کی بربریت کو بے نقاب کرنے والی مسلمان خاتون صحافی جرات کی عظیم مثال ہے: معاون خصوصی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھارت سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب سے متعلق ایک ویڈیو ٹویٹ کی۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا کہ بہادر لوگوں کا ظلمت اور جبر کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور اسے للکارنا تاریخ کا ہمیشہ سے روشن اور یادگار باب رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب نے جس دلیری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیے، وہ لائق تحسین ہے۔ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جیل میں تبدیل ہونے والی مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن اور ذرائع ابلاغ کی پابندی ہے۔ ایسے میں ایک صحافی کا فرض نبھانا پروفیشنل ازم اور جرات کی عظیم مثال ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رعنا ایوب نے مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھا ہے کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا، سرینگر میں پھیلے خوف کےسناٹے اور سنسان سڑکوں کی حقیقت پوری دنیا پر منکشف کردی۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ نیویارکر جریدے میں شائع ہونے والا مضمون رعنا کی صلاحیتوں کا شاندار اعتراف ہے۔

  • ٹویٹر پر مریم نواز کی خاموشی ثابت کرتی ہے یہ بزدل لوگ ہیں، فیصل واوڈا

    ٹویٹر پر مریم نواز کی خاموشی ثابت کرتی ہے یہ بزدل لوگ ہیں، فیصل واوڈا

    کراچی: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ٹویٹر پر مریم نواز کی خاموشی ثابت کرتی ہے یہ بزدل لوگ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنے پیغام میں کہا کہ کئی ہفتوں پہلے ہی ن لیگ کے رہنماؤں کی اصلیت بتا دی تھی۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ نام نہاد جمہوری لوگ اپنی چوری بچانے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، شاید وہ بھول گئے یہ 2013 ہے نہ اس دور کے لوگ موجود ہیں، اس وقت وزیراعظم عمران خان ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹویٹر پر مریم نواز کی خاموشی ثابت کرتی ہے یہ بزدل لوگ ہیں، حکومت ان لوگوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دے گی، ان سے باتیں ہی کروا لو کہ ووٹ کو عزت دو۔

    مریم نواز کو کسی صورت بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دیں گے، فیصل واوڈا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو کسی صورت ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ امیر قیدی انگور کھارہا ہے اورغریب جیل میں ہے، عمران خان بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ اب ایسی سہولت نہیں دیں گے، عدالت نام نکالنے کا فیصلہ دیتی ہے تو اس کو چیلنج کریں گے۔

  • تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں: فردوس عاشق اعوان

    تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قومی ترقی کا عمل ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ہر محاذ پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر حکومتی اقدامات کے اثرات مختلف کامیابیوں کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قومی ترقی کا عمل انہیں اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نقطہ نظر کے اختلاف پر اپوزیشن میں خوش ہونے والوں کی امیدوں پر ایک بار پھر اوس پڑنے والی ہے، ان کی حسرتیں ایک حسرت بن کر رہ جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایران اور سعودی عرب کے دورے نہایت مثبت اثرات کے حامل ہیں۔ پاکستان نے خاموش تماشائی بننے کے بجائے امت مسلمہ اور امن کے مفاد میں تعمیری کردار ادا کیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے اقدام پر وزیر خارجہ کے رابطوں اور دوروں کو مسلم ممالک اور دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، یہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی علامت ہے۔

  • عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی: فردوس عاشق اعوان

    عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کو مخاطب کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعید غنی صاحب آپ کی لاعلمی پر افسوس ہے، قوم کا مال لوٹنے اور جھوٹے اعداد و شمار پر معیشت چلانے والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی ششماہی میں حاصل کردہ ٹیکس 2085 ارب ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4 فیصد زیادہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ درآمدات کی تعداد 21 فیصد کم ہوئی جبکہ داخلی ٹیکسوں یعنی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2 فیصد، 34 فیصد اور 25.6 فیصد اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے ٹیکس آسان ایپ متعارف کروایا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل پر لوگوں کے سفر، زمین کے لین دین، ود ہولڈنگ اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلات میسر ہیں۔ اس سال 105 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے، پچھلے سال 36 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے تھے۔

  • جہاز سے کراچی کی تصویر کھینچنے پر رضا ہارون نے اسد عمر کی کھنچائی کیوں کی؟

    جہاز سے کراچی کی تصویر کھینچنے پر رضا ہارون نے اسد عمر کی کھنچائی کیوں کی؟

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی ہوائی جہاز سے کھینچی گئی تصویر پر ان کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو کب تک اوپر سے یا اسلام آباد سے بیٹھ کر دیکھیں گے؟

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی ہوائی جہاز سے کھینچی گئی تصویر پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ رات کو جہاز سے کراچی کی تصویر کھینچی، اسی لیے کراچی کو روشنیوں کا شہر کہتے ہیں۔

    رضا ہارون نے ٹویٹر پر انہیں جواب دیا کہ کراچی کو کب تک اوپر سے یا اسلام آباد سے بیٹھ کر دیکھیں گے؟

    اپنے ٹویٹ میں رضا ہارون نے لکھا کہ نیچے اتریں اور اس بدحال شہر کو ترقیاتی اسکیموں و وفاقی بجٹ میں جائز حق دیں یعنی 10 فیصد لازمی ہر سال، اور ہنگامی بنیادوں پر کم از کم وہ 162 ارب روپے جو وزیر اعظم کا اعلان ہے۔

    جواب میں اسد عمر نے انہیں کہا کہ رضا بھائی زمین پر ہی کر رہے ہیں، آپ بھی آجائیں مل کر کام کرتے ہیں۔ شہر کی ترقی میں سیاست آڑے نہیں آنے دیں گے۔

    اسد عمر نے کہا کہ یکم جنوری کو کراچی کے وفاقی منصوبوں کا جائزہ لیا تھا جو وزیر اعظم کے 162 ارب پیکج کا حصہ ہیں اور رفتار تیز کرنے کے فیصلے کیے تھے۔ کل ان فیصلوں کی فالو اپ میٹنگ ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، حکومت کے مطابق کراچی نے 89 فیصد ٹیکس دیا ہے، تمام ناانصافیوں کے باوجود کراچی 65 فیصد ریونیو دے رہا ہے۔ کراچی 89 فیصد ٹیکس دے رہا ہے تو پورا پاکستان کیا کر رہا ہے؟

  • خلائی مشنز کے لیے سخت فریم ورک کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    خلائی مشنز کے لیے سخت فریم ورک کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خلا سے ہر انسان کا تعلق ہے، خلائی مشنز کے لیے سخت عالمی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خلا سے ہر انسان کا تعلق ہے، یہ اتنا ہی اہم ہے جتنا ماحول کا تحفظ کرنا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ خلائی مشنز کے لیے سخت عالمی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے بھارت کے ناکام خلائی مشن کو خلائی ماحول کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن ماحول کے لیے خطرناک ہیں، بھارت خلا میں ملبہ پھیلانے کے باعث خلائی آلودگی کا بڑا سبب بنتا جا رہا ہے۔

    وزیر سائنس نے ناسا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن پورے ایکو سسٹم کے لیے خطرناک ہیں، ناسا سمیت دیگر عالمی تنظیموں کو بھارتی اقدام کا سخت نوٹس لینا چاہیئے۔

    فواد چوہدری نے وزارت سائنس کا منصب سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ سنہ 2020 میں پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا اور یہ اقدام پاکستان کے اسپیس پروگرام کے لیے تاریخ ساز ہوگا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان خلائی ٹیکنالوجی منتقلی کا معاہدہ ہوا تھا جس سے پاکستانی خلا نورد کے خلا میں جانے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ پاکستانی اور چینی خلانوردوں کو مشترکہ طور پر خلائی مشن پر بھیجا جائے گا اور چین پاکستان کو خلائی تحقیق میں مدد و تعاون فراہم کرے گا۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پہلے پاکستانی خلا باز کے لیے انتخاب اگلے سال (سنہ 2020 میں) ہوگا، پہلے مرحلے میں 50 خلا نورد شارٹ لسٹ کریں گے اور 50 میں سے 25 حتمی مرحلے میں جائیں گے۔