Tag: ٹویٹر

  • مشرف کو سزائے موت: بلاول نے اپنی والدہ کی قتل سے قبل آخری لمحے کی تصویر کیوں پوسٹ کی؟

    مشرف کو سزائے موت: بلاول نے اپنی والدہ کی قتل سے قبل آخری لمحے کی تصویر کیوں پوسٹ کی؟

    اسلام آباد: سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی قتل سے چند لمحے قبل ان کے آخری جلسے کی تصویر پوسٹ کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر ٹویٹ کیا، ’جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو‘۔

    بلاول نے اپنے ٹویٹ میں اپنی والدہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی پوسٹ کی، جو سنہ 2007 میں ان کے قتل سے چند لمحے قبل ان کے آخری جلسے کی ہے۔

    اس جلسے کے بعد بے نظیر بھٹو کے قافلے پر خودکش دھماکہ ہوا تھا جبکہ بے نظیر بھٹو کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، اس وقت اقتدار پر براجمان سابق صدر پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ آج خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔

    سابق صدر پرویز مشرف اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور شدید علیل ہیں۔ وہ اپنے کیس کی پیروی کے لیے ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

  • مودی کی انتہا پسندانہ سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    مودی کی انتہا پسندانہ سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی انتہا پسندی کی آگ نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایسی سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امتیازی اور متعصبانہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا پر بہیمانہ اور وحشیانہ تشدد انسانیت کی تذلیل اور بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ طلبا پر تشدد نے مودی کے بھارت کو تقسیم کرنے کے حوالے سے عالمی جریدوں کی پیش گوئی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔

  • وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کا غماز ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بحرین کے قومی دن کے موقع پر گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت اور اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کا اعزاز دنیا اور خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار اور تشخص کا آئینہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بحرین کے ساتھ مشترکہ ثقافت، مذہب اور باہمی اعتماد پر رشتے قائم ہیں۔ دونوں ممالک، اپنے ملک کےعوام کے باہمی مفاد میں وسیع البنیاد اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بحرین کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اضافے کا باعث بنے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان خطے میں رنجشیں اور غربت کے خاتمے کا مشن لیے مسلسل عرب ریاستوں کے اہم دورے کر رہے ہیں، سعودی عرب سے واپسی کے بعد آج بحرین کا دورہ کریں گے۔

    وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کریں گے اور امیر بحرین حماد بن الخلیفہ سے ان کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔ امیر بحرین کے ساتھ ملاقات میں خطے کی صورت حال پر بات کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

  • آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ ہمارا عزم ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے سانحے نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جو بھلایا نہیں جائے گا، اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ آنسو اور دعائیں رہ گئی ہیں، اس عزم کے ساتھ کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    خیال رہے کہ آج سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی ہے۔ 5 برس قبل بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کردی اور 132 ننھے طلبہ اور 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کردیا۔

    اس سانحے پر قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا کے لواحقین آج بھی غم سے نڈھال ہیں، مگر حوصلے جوان ہیں۔ سانحے کی پورے ملک میں پانچویں برسی منائی جا رہی ہے، شہدا کی یاد میں جگہ جگہ فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کراچی اور لاہور میں شمعیں روشن کی گئیں۔

  • عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، عوام کی اصل دلچسپی اس میں ہے کہ ان دونوں سے لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت سے ملکی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرح آصف زرداری کیس میں فیصلہ اپلائی ہوا۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے پیسہ کیسے لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، دونوں کا پاکستان کے سیاسی مستقبل میں کردار ختم ہوچکا ہے۔ عوام کی اصل دلچسپی یہ ہے کہ ان سے ریکوری کی کیا صورت بنے گی۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عوام کی دلچسپی اس میں ہے کہ لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

    عدالت نے طبی بنیادوں پر ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 1، 1 کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

  • متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے: فردوس عاشق اعوان

    متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے: فردوس عاشق اعوان

    ‏اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے۔ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازعہ قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جس دن پوری دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی تھی تو دوسری طرف بھارت متنازعہ شہریت بل سے انسانی حقوق کے قوانین کی سر عام دھجیاں اڑا رہا تھا۔

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ یہ اقدام فاشسٹ مودی کی اقلیتوں کے حقوق پر کاری ضرب اور مسلم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے بھارت کو انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کا عمل گاندھی کے نظریے کو دفن اور قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متنازعہ شہریت بل نام نہاد جمہوریت اور بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے۔ یہ قانون سازی نہیں بلکہ انتہا پسند ہندو توا سوچ پورے خطے پر مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش اور ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

    معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازعہ قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازعہ بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا۔

    اس قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی، بل کے حق میں 293 ووٹ آئے جبکہ 82 اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔

    ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔

  • ٹویٹر نے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل کر دیے، پی ٹی اے نے نوٹس لے لیا

    ٹویٹر نے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل کر دیے، پی ٹی اے نے نوٹس لے لیا

    کراچی: ٹویٹر انتظامیہ نے بغیر کسی وجہ کے پاکستانی صارفین کے متعدد اکاؤنٹس معطل کر دیے ہیں، جس پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ نے بغیر وجہ پاکستانی صارفین کے متعدد اکاؤنٹس معطل کر دیے، معلوم ہوا ہے کہ ٹویٹر نے 396 پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کیے ہیں۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی شکایات پر ٹویٹر انتظامیہ کو 396 معطل اکاؤنٹس کی اطلاع دی گئی ہے، جس پر ٹویٹر نے صرف 66 اکاؤنٹس بحال کیے، جب کہ 330 تاحال معطل ہیں۔

    پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ٹویٹر انتظامیہ کے اس اقدام کو آزادیٔ اظہار کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا، اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ٹویٹر انتظامیہ کا اقدام اصولوں کے خلاف ہے، پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ معطل اکاؤنٹس سے ویب سائٹ پر رپورٹ کریں، پی ٹی اے اس مسئلے کو ٹویٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کے حق میں آواز، ٹوئٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    یاد رہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں ٹویٹر انتظامیہ نے مودی کی آلہ کار بنتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کو نوٹس ارسال کر دیا تھا۔ اے آر وائی نیو ز ٹوئٹر اکاؤنٹ کو کشمیریوں کے لیے 15 اگست کے ٹویٹ پر نوٹس بھیجا گیا تھا۔

    اس سے قبل مسئلہ کشمیر اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ٹویٹرانتظامیہ نے صدر پاکستان عارف علوی کو بھی نوٹس بھیج دیا تھا، جس پر شیریں مزاری نے کہا تھا کہ ٹویٹر بدمعاش مودی کا ترجمان بننے کے چکر میں حدیں عبور کر گیا۔

    خیال رہے کہ ٹویٹر انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے والے 178 پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے جب کہ اے آر وائی نیوز کے سینئیر اینکر ارشد شریف کو بھی ٹوئٹس ڈیلیٹ کرنے کا نوٹس بھیج دیا گیا تھا۔

  • ’دانش کی 80 لاکھ کی سرمایہ کاری نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان پر پہنچا دیا‘

    ’دانش کی 80 لاکھ کی سرمایہ کاری نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان پر پہنچا دیا‘

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید کی اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری اور حقیقت میں اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے ہونے والی تیزی کے بعد سوشل میڈیا پر میمز بنانے کا سلسلہ چل نکلا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اپنی مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ گزشتہ قسط میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید کو اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    اتفاقاً اسی ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں بے تحاشہ تیزی دیکھی گئی جس کے بعد سوشل میڈیا پر دانش کی سرمایہ کاری کے حوالے سے طنز و مزاح کا طوفان امڈ آیا۔

    ڈرامے کی گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ دانش کی سابقہ بیوی مہوش (عائزہ خان) اسے چھوڑ کر کروڑ پتی کاروباری شخص شہوار (عدنان صدیقی) کے پاس جا چکی ہے اور ابتدائی غم و صدمے کے بعد دانش اب زندگی کی طرف واپس لوٹ رہا ہے۔

    دانش پر بھی اب شہوار کی طرح دولت مند بننے کا بھوت سوار ہے جس کے لیے وہ سرکاری نوکری چھوڑ کر اور اپنا گھر بیچ کر کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ تاہم ایک ہوٹل میں اتفاقاً شہوار کی کمپنی کے ملازمین کی گفتگو سننے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیتا ہے۔

    وہ اپنے گھر کی فروخت سے حاصل ہونے والی 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے شہوار کی کمپنی کے تمام شیئرز خرید لیتا ہے جس کے دام ویسے ہی گر رہے ہوتے ہیں۔

    دانش کا دوست اسے اتنی بڑی سرمایہ کاری کرنے سے منع کرتا ہے تاہم دانش کا ارادہ اٹل ہے۔ دانش کی سرمایہ کاری کے چند گھنٹوں بعد ہی شہوار کمپنی کے شیئرز کے دام میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔

    حقیقت میں اتفاقاً اگلے ہی روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔

    اس کے بعد ٹویٹر پر میمز بنانے کا سلسلہ چل نکلا اور لوگوں نے ڈرامے میں دانش کی سرمایہ کاری کو اسٹاک مارکیٹ کی تیزی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ دانش کی ہی بدولت اسٹاک مارکیٹ آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ ہر ہفتے کی رات 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔ ڈرامے کے کرداروں اور ڈائیلاگز کو ناظرین کی بے تحاشہ پسندیدگی موصول ہورہی ہے۔

  • ٹویٹر کو غلطی کا احساس ہوگیا، فیصلہ واپس

    ٹویٹر کو غلطی کا احساس ہوگیا، فیصلہ واپس

    نیویارک: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے غیر فعال اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چار روز قبل ٹویٹر انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ جو اکاؤنٹس گزشتہ 6 ماہ سے فعال نہیں انہیں بند کردیا جائے گا، انتظامیہ نے مؤقف ظاہر کیا تھا کہ یہ اقدام جعلی اکاؤنٹس کی روک تھام کے لیے کیا گیا۔

    ٹویٹر صارفین نے کمپنی کے فیصلے پر شدید تنقید کی جس کے بعد انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پڑ گئے اور اب اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے فیصلے کو فی الحال روک دیا گیا۔

    ٹویٹر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین کی شکایات اور تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر فعال اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

    قبل ازیں ٹویٹر انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ 11 دسمبر کے بعد تمام غیر فعال یا جعلی اکاؤنٹس بند کردیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: ٹویٹر نے صارفین کو 11 دسمبر تک کی مہلت دے دی

    ٹویٹر ترجمان کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارم کو بامقصد بنانے کے لیے ایسے اکاؤنٹس کی صفائی کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ مستند اور قابل اعتبار معلومات کا تبادلہ ہوسکے اور صارفین کا اعتماد بحال ہو۔

    مگر اب کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ اب اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے کیونکہ کمپنی نے اعلان کرتے ہوئے ایسے صارفین کو فراموش کرگئی تھی جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

    انتظامیہ نے ایک ٹوئٹ میں وضاحت کی کہ ‘ہم نے صارفین سے سنا کہ اس اقدام سے وہ اکاﺅنٹس متاثر ہوں گے جو دنیا سے چلے جانے والے افراد کے ہیں، ہم نے اس بارے میں سوچا ہی نہیں تھا، ہم غیرفعال اکاﺅنٹس کو اس وقت تک ڈیلیٹ نہیں کریں گے جب تک انتقال کرنے جانے والے افراد کے اکاﺅنٹس کو یادگاری بنانے کا ذریعہ تلاش نہ کرلیں’۔

  • ٹویٹر نے صارفین کو 11 دسمبر تک کی مہلت دے دی

    ٹویٹر نے صارفین کو 11 دسمبر تک کی مہلت دے دی

    نیویارک: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے 6 ماہ سے غیر فعال اور جعلی اکاؤنٹس کو بند کرنے کا اعلان کردیا اور صارفین کو آئندہ ماہ 11 دسمبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے 6 ماہ سے غیر فعال اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ٹویٹر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے مین کہا گیا ہے کہ جو اکاؤنٹس گزشتہ 6 ماہ سے زیر استعمال نہیں انہیں گیارہ دسمبر کے بعد بند کردیا جائے گا۔

    انتظامیہ کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ وہ اکاؤنٹس جنہیں چھ مہینوں کے دوران ایک بار بھی لاگ ان نہیں کیا گیا یا جن اکاؤنٹس کے مالکان انتقال کرچکے انہیں پہلے مرحلے میں بند کیا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق صارفین کی پرائیوسی کے پیش نظر کمپنی نے یہ فیصلہ کیا تاکہ استعمال کنندگان کا اعترماد مزید بڑھایا جائے اور پلیٹ فارم کی اہمت کو اجاگر کیا جائے۔

    ٹویٹر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ کے بعد جو آئی ڈیز گزشتہ 6 ماہ سے زیر استعمال نہیں انہیں ڈورمنٹ (غیرضروری) اکاؤنٹس کی فہرست میں شامل کرلیا گیا اور 11 دسمبر کی رات 12 بجے سے انہیں بلاک کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

    انتظامیہ نے اعلان کیا کہ سب سے پہلے امریکا سے تعلق رکھنے والے غیر متحرک اکاؤنٹس بند کیے جائیں گے اور نشاندہی کے علاوہ غیرضروری اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کو ایک سال کی مہلت دی جائے گی اور پھر جعلی اکاؤنٹس کو بند کردیا جائے گا۔