Tag: ٹویٹر

  • علی ظفر کی تجاویز ایلون مسک کے دل کو بھا گئیں

    علی ظفر کی تجاویز ایلون مسک کے دل کو بھا گئیں

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں جو ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کو بے حد پسند آئیں۔

    ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک اور پاکستانی گلوکار علی ظفر کے درمیان ٹویٹر پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی، دراصل ایلون مسک نے ٹویٹر کو بہتر بنانے کے لیے مشورے مانگے جس پر علی ظفر سمیت دنیا بھر کے صارفین نے مختلف مشورے دیے۔

    علی ظفر نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق کاروں کو لائیکس اور فالوورز کی جنگ سے نکل کر زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ انہیں اپنی الگ آن لائن ڈیجیٹل دنیا قائم کرنے کی آزادی دی جائے، جہاں وہ جو مرضی تخلیق کریں، مختلف چیزوں کو سیکھیں اور نت نئی تخلیق کریں، اپنے ہم خیال لوگوں سے مل کر سیکھیں اور اس سے کمائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹویٹر کے الگورتھمز کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ مختلف ممالک کے ہم خیال لوگ ایک جگہ جمع ہوسکیں اور ایک دوسرے سے اپنا مواد شیئر کرسکیں اور اسی مناسبت سے سرمایہ کار ان پر سرمایہ کاری کرسکیں۔

    جیسے کہ امریکا میں بیٹھا ہوا شخص صرف امریکا سے ٹویٹ کیا جانے والا مواد ہی نہ دیکھے، بلکہ جاپان میں تخلیق کیا جانے والا مواد بھی اس تک پہنچے۔

    ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک علی ظفر کے خیالات اور تجاویز سے متاثر اور متفق دکھائی دیے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ الگورتھمز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جاپان میں نصف سے زائد نوجوان صارفین کے پاس حیرت انگیز اور منفرد مواد ہے لیکن وہ جاپان سے باہر کبھی نہیں دیکھا گیا۔

  • ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    واشنگٹن: ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے بھی مکمل طور پر مالک بن گئے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پہلا کام یہ کیا کہ ٹویٹر کے بھارتی نژاد سی ای او پراگ اگروال کو نکال باہر کیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے مالک بننے کے فوری بعد ٹویٹر کے سی ای او پراگ اگروال اور سی ایف او نیڈ سیگل کو کمپنی سے برطرف کر دیا گیا ہے، یہی نہیں بلکہ انہیں کمپنی کے صدر دفتر (ہیڈ کوارٹر) سے بھی باہر نکال دیا گیا ہے۔

    ایلون مسک نے رواں سال 13 اپریل کو ٹویٹر کی خریداری کا اعلان کیا تھا، انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 54.2 ڈالر فی شیئر کے حساب سے 44 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی تھی لیکن پھر اسپیم اور جعلی اکاؤنٹس کی وجہ سے انہوں نے اس معاہدے کو مؤخر کر دیا۔

    بعد ازاں 8 جولائی کو مسک نے معاہدہ توڑنے کا فیصلہ کیا، اس کے خلاف ٹویٹر نے عدالت سے رجوع کیا تھا لیکن پھر اکتوبر کے اوائل میں مسک نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ معاہدہ مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اس دوران ڈیلاویئر کی عدالت نے 28 اکتوبر تک ڈیل مکمل کرنے کا حکم دیا، ایلون مسک نے ایک روز قبل یعنی 27 اکتوبر کو ٹویٹر کے دفتر پہنچ کر سب کو حیران کر دیا تھا۔

    مسک نے ٹویٹر کے سی ای او پراگ اگروال، چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) نیڈ سیگل اور قانونی امور کی پالیسی کے سربراہ وجے گاڈے کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔

    مسک نے ان پر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں اور ٹویٹر کے سرمایہ کاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کے حوالہ سے گمراہ کر رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق جب ایلون مسک کا ٹویٹر کے ساتھ سودا مکمل ہوا تو اگروال اور سیگل دفتر میں موجود تھے، اس کے بعد انہیں دفتر سے باہر نکال دیا گیا تاہم اس حوالے سے ٹویٹر، ایلون مسک یا کسی عہدیدار کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی ٹویٹر میں آمد کے ساتھ ہی کمپنی کے ملازمین کی نوکریاں ختم ہو سکتی ہیں، واشنگٹن پوسٹ نے انٹرویوز اور دستاویزات کے حوالے سے بتایا تھا کہ ٹویٹر خریدنے کے بعد مسک کمپنی کے 75 فیصد ملازمین کو برطرف کر سکتے ہیں۔

  • پاکستان کو قابل اعتماد عالمی پارٹنر کے طور پر پیش کیا: وزیر اعظم

    پاکستان کو قابل اعتماد عالمی پارٹنر کے طور پر پیش کیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں پاکستان کو قابل اعتماد پارٹنر کے طور پر پیش کیا جو کاروبار کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ گہری وابستگی خارجہ پالیسی کی تعمیر نو کا محور رہی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں پاکستان کو قابل اعتماد پارٹنر کے طور پر پیش کیا جو کاروبار کے لیے تیار ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اور سیکا اجلاس نے توجہ توانائی اور تجارت پر واپس لانے میں مدد کی۔

  • ٹویٹر کے ڈائریکٹ میسج میں تبدیلی

    ٹویٹر کے ڈائریکٹ میسج میں تبدیلی

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے ڈائریکٹ میسج کے انٹرفیس میں تبدیلی کی ہے جو صارفین کی جانب سے پسند کی جارہی ہے۔

    ٹویٹر نے اینڈرائیڈ ڈیوائس پر ڈائریکٹ میسج (ڈی ایم) فیچر کے لیے ایک نیا انٹر فیس شروع کیا ہے جو آئی او ایس سے زیادہ مؤثر ہے۔

    ڈی ایم کے نئے تجربے کو حاصل کرنے کے لیے اینڈرائیڈ ٹویٹر صارف اپنے ایپ کو اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔

    ٹویٹر کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ ڈیوائس پر ڈی ایم کے استعمال کے طریقے میں اصلاح کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔

    ٹویٹر نے حال ہی میں ڈی ایم میں تبدیلی کی ہے، جس میں چیٹ کے ساتھ ساتھ ایک سے زیادہ لوگوں کو ٹویٹ کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔

    ٹویٹر نے فروری میں اس نئے فیچر کی آزمائش کی تھی، ٹویٹر کے مطابق آزمائش کے دوران کسی کے ڈی ایم کی موجودہ سیٹنگ میں تبدیلی نہیں ہوئی۔

  • ننھی بچی کے شتر مرغ کو گلے لگانے پر سوشل میڈیا صارفین ناراض

    ننھی بچی کے شتر مرغ کو گلے لگانے پر سوشل میڈیا صارفین ناراض

    امریکا میں ایک 3 سالہ بچی کی شتر مرغ کو گلے لگانے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے والدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

    یہ ویڈیو امریکی ریاست ٹینیسی کے سفاری پارک کی ہے جہاں 3 سالہ بچی اپنے والدین کے ساتھ مختلف جانوروں کو دیکھنے آئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کا شیشہ کھلا ہوا ہے اور بچی کے ہاتھ میں ایک بڑے سے ڈبے میں کھانے کی چیزیں ہیں۔

    گاڑی کے کھلے شیشے سے ایک شتر مرغ سر ڈال کر کھانے کی چیزیں کھا رہا ہے۔

    اس دوران بچی شتر مرغ کو پکڑنے کی کوشش کرتی ہے اور پھر زبردستی پکڑ کر گلے سے لگا لیتی ہے، شتر مرغ خود کو چھڑانے کی کوشش کرتا ہے اور تھوڑی دیر بعد اپنی گردن چھڑا کر گاڑی سے سر باہر نکال لیتا ہے۔

    ویڈیو میں ماں کے ہنسنے کی آواز بھی ہے جو بچی کی اس حرکت پر ہنس رہی ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا صارفین کو یہ ویڈیو پسند نہیں آئی، ٹویٹر صارفین نے والدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ ہنسنے کی بات نہیں بلکہ خطرناک بات ہے کہ ایک جانور سے اتنا قریبی رابطہ قائم کیا جائے۔

    ایک صارف نے کہا کہ شتر مرغ کو زبردستی گلے لگانے سے کوئی حادثہ بھی ہوسکتا تھا، وہ خود کو چھڑانے کے لیے زور لگاتا جس سے بچی زخمی بھی ہوسکتی تھی۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ شتر مرغ بہت جارح مزاج ہوتے ہیں، شکر ہے اس نے بچی کی آنکھ نہیں پھوڑی۔ ایک اور صارف نے کہا کہ شکر ہے شتر مرغ کی گردن نہیں ٹوٹی۔

    بعض صارفین نے والدین کو غیر ذمہ دار بھی قرار دیا اور کہا کہ اگلی بار جب وہ بچی کو جانور دکھانے کے لیے لائیں تو ان کا خیال رکھنا بھی سکھائیں۔

  • بھارتی فلمساز کا راجر فیڈرر کو الوداع، لیکن تصویر کسی اور کی لگا دی

    بھارتی فلمساز کا راجر فیڈرر کو الوداع، لیکن تصویر کسی اور کی لگا دی

    معروف بھارتی فلم ساز ہنسل مہتا کا حال ہی میں کیا گیا ٹویٹ ان پر مذاق اور تنقید کا باعث بن گیا، بھارتی صارفین نے ان کے ٹویٹ پر میمز بنانے شروع کردیے۔

    ٹینس کی دنیا کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر نے دو روز قبل اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو دنیا بھر کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    معروف بھارتی فلم ساز ہنسل مہتا نے بھی 20 گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈرر کے لیے ٹویٹ کیا اور کہا، ہم تمہاری کمی محسوس کریں گے چیمپیئن۔

    ساتھ ہی انہوں نے راجر فیڈرر کے ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا۔

    البتہ انہوں نے تصویر راجر فیڈرر کی جگہ سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی پوسٹ کی جو خود بھی اداکار ہیں۔

    ان کی ٹویٹ کے ساتھ لوگوں نے اس پر تنقید اور مذاق شروع کردیا، بعض صارفین نے کچھ میمز بھی پوسٹ کیں جن میں ارباز خان کو راجر فیڈرر کا ہم شکل قرار دیا گیا ہے۔

    بعض صارفین کا کہنا ہے کہ فلم ساز نے یہ تصویر جان بوجھ کر پوسٹ کی ہے۔

    خیال رہے کہ 41 سالہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے اپنی صحت کے پیش نظر ٹینس کو خیرباد کہہ دیا، 24 سالہ کیریئر میں انہوں نے 15 سو میچز کھیلے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ گھٹنے کے تیسرے آپریشن کے بعد اپنی فل فارم میں واپس لوٹنا چاہتے تھے لیکن یہ مشکل لگ رہا ہے چنانچہ وہ ریٹائر ہورہے ہیں۔

  • ٹویٹ کے لیے بھی پرائیوسی سیٹنگ، نئے فیچرز کی آزمائش

    ٹویٹ کے لیے بھی پرائیوسی سیٹنگ، نئے فیچرز کی آزمائش

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے صارفین کو مختلف نئے فیچرز فراہم کرنے کے لیے ان کی آزمائش شروع کردی، یہ فیچرز پاکستانی صارفین کو بھی دستیاب ہوں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ٹویٹر کی جانب سے اسٹیٹس کو اپڈیٹ کرنے سمیت صارفین کے ٹویٹس کو محدود افراد تک رسائی دینے کے فیچرز کی آزمائش شروع کردی گئی۔

    ٹویٹر کی جانب سے ٹویٹر سرکل کے نام سے ٹویٹ کو پرائیوٹ یا محدود رکھنے کے فیچر کی آزمائش مئی میں شروع کی گئی تھی اور اب اس تک پاکستانی صارفین کو بھی رسائی دے دی گئی۔

    ٹویٹر سرکل کے تحت صارفین اپنی ٹویٹ کو پبلک یعنی عام کرنے کے بجائے محدود افراد کے لیے شیئر کرسکیں گے۔

    اس فیچر کے صارفین متعدد افراد کی فہرست بھی بنا سکیں گے، جس کے بعد ان کی ٹویٹ صرف لسٹ میں ایڈ کیے گئے افراد کو دکھائی دے گی، ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ صارفین ٹویٹر سرکل کے تحت کتنی لسٹس بنا سکیں گے۔

    اس کے علاوہ ٹویٹر پر فیس بک کے ملتے جلتے فیچر جیسی آزمائش بھی شروع کردی گئی ہے اور مذکورہ آزمائشی فیچر تک امریکا اور یورپ کے محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔

    مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کوئی بھی ٹویٹ کرنے سے قبل اپنی فیلنگ کو بھی مینشن کرسکیں گے یعنی جس طرح فیس بک پر اسٹیٹس اپڈیٹ کرتے وقت فیلنگ ایڈ کرنے کے آپشن ہوتے ہیں، اسی طرح کے آپشن اب ٹویٹر صارفین بھی استعمال کرسکیں گے۔

    مذکورہ فیچر کے تحت صارفین سیاحت، تھکاوٹ، تلاش، انجوائے، پیارا موسم، پڑھائی، مدد کی ضرورت اور تجاویز سمیت دیگر طرح کے فیلنگ آپشن اپڈیٹ کرکے ٹویٹ کرنے کے قابل ہوں گے۔

    اسی طرح کا فیچر فیس بک پر کئی سال سے دستیاب ہے، جہاں صارفین کوئی بھی اسٹیٹس اپڈیٹ کرتے وقت چاہیں تو فیلنگ کا استعمال کریں اور چاہیں تو اس کے بغیر ہی اسٹیٹس اپڈیٹ کریں۔

    علاوہ ازیں ٹویٹر پر ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جا رہی ہے، جس کے تحت صارفین کے پروفائل کے نیچے ان کی ٹویٹس کی مختصر سمری پیش کی جا رہی ہے کہ وہ ماہانہ کتنی ٹوئٹس کرتے ہیں اور اب تک انہوں نے کتنی ٹویٹ کی ہیں۔

  • بھارتی مظالم کشمیریوں کی مزاحمت اور پختہ عزم کو ماند نہ کر سکے: وزیر اعظم

    بھارتی مظالم کشمیریوں کی مزاحمت اور پختہ عزم کو ماند نہ کر سکے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی مظالم کشمیریوں کی مزاحمت، قربانی اور عزم کی پختگی کو ماند نہ کر سکے، ہم کشمیریوں کے اس عظیم جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔

    وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کے پاکستان سے الحاق کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے تک جدوجہد جاری رکھنے کے عہد کی تجدید ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی مظالم اس مزاحمت، قربانی اور عزم کی پختگی کو ماند نہ کر سکے، ہم کشمیریوں کے اس عظیم جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

  • پرسکون نیند کے لیے ایلون مسک کا مشورہ کتنا کارآمد ہے؟

    پرسکون نیند کے لیے ایلون مسک کا مشورہ کتنا کارآمد ہے؟

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے بہترین نیند کے لیے ایک کارآمد مشورہ دیا جس پر سوشل میڈیا پر حسب معمول مزاحیہ اور طنزیہ تبصروں کا طوفان آگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سوشل میڈیا صارفین کو بہترین نیند کے لیے ایک آزمودہ مشورہ دیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایلون مسک نے پرسکون اور بہترین نیند کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نیند بہتر بنانے کے لیے اپنے بیڈ کے سر والے حصے کو 3 یا 5 سینٹی میٹر اونچا کریں اور سونے سے 3 گھنٹے قبل کچھ نہ کھائیں۔

    اس ٹویٹ کے جواب میں مسٹر بِیسٹ نامی ایک یوٹیوبر نے ایلون مسک سے پوچھا کہ کیا کوئی مجھے بتانا چاہے گا کہ یہ دو چیزیں مجھے کیسے مدد دیں گی؟

    جس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا کہ یہ اس لیے اچھا ہے کہ آپ رات کو ہلکی تیزابیت محسوس کر رہے ہوتے ہیں، جو نیند کے معیار پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2021 کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک رات کو 6 گھنٹے کی پرسکون نیند لیتے ہیں، ایلون مسک کے مطابق انہوں نے کم سونے کی کوشش کی تھی لیکن اس وجہ سے ان کی کام کرنے کی صلاحیت پر اثر پڑتا ہے۔

    ایلون مسک کے اس ٹویٹ کے بعد ٹویٹر پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ بہتر نیند کے لیے ضروری ہے کہ آپ ارب پتی ہوں، تاکہ آپ کو اپنے بِل ادا کرنے کے لیے محنت نہ کرنی پڑے۔

    کرپٹو ڈاٹ کام نامی ایک ہینڈل نے کہا کہ اس کے علاوہ سونے سے پہلے اپنے کرپٹو کے پورٹ فولیو کو بھی نہ چیک کریں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ بہتر نیند کے لیے ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں نہ خریدیں اور پھر معاہدہ ختم کر دیں۔

  • ٹویٹر پر لاکھوں ڈالر جرمانہ عائد

    ٹویٹر پر لاکھوں ڈالر جرمانہ عائد

    امریکی محکمہ انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 150 ملین ڈالر جرمانہ عائد کردیا، ٹویٹر کو صارفین کا ڈیٹا اشتہاری کمپنیوں کے ہاتھ فروخت کرنے پر مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی سب سے بڑی ڈیل بھی کچھ عرصے بعد تعطل کا شکار ہوگئی، اور اب امریکی محکمہ انصاف کے حالیہ فیصلے نے ٹویٹر کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

    امریکی محکمہ انصاف نے فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی جانب سے دائر دراخواست کی بنیاد پر استعمال کنندگان کا نجی ڈیٹا فروخت کرنے کے الزمات پرسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر 150 ملین ڈالرکا جرمانہ لگا دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا میں صارفین کی پرائیوسی اور حقوق کے لیے کام کرنے والے وفاقی ادارے فیڈرل ٹریڈ کمیشن اور محکمہ انصاف نے ٹویٹر کو قانون سازوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کا مورد الزام ٹھہرایا ہے۔

    عدالتی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے استعمال کنندگان کا نجی ڈیٹا (فون نمبرز اور ای میل ایڈریسز) مشتہرین کو فراہم نہیں کرے گا۔

    تاہم، وفاقی تفتیش کاروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹویٹرنے ان قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایڈورٹائزرکو صارفین کا نجی ڈیٹا فروخت کیا۔

    عدالتی فیصلے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ٹویٹر نے دانستہ طور پر صارفین کو اپنی پرائیوسی اور سیکیورٹی پریکٹس کے حوالے سے اندھیرے میں رکھتے ہوئے ایف ٹی سی 2011 کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی کی۔

    ٹویٹر کا زیادہ تر ریونیو اشتہارات کی مد میں آتا ہے جس کے لیے ایڈورٹائزرز کو 280 کریکٹرز کے پیغامات یا ٹویٹ پر پروموشن کرنے کی اجازت فراہم کی جاتی ہے۔

    فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی جانب سے محکمہ انصاف میں ٹویٹر کے خلاف دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر نے 2013 میں اپنے صارفین سے اکاؤنٹ سیکیورٹی کے نام پر فون نمبر اور ای میل ایڈریسز مانگنا شروع کردیے تھے۔

    تاہم، ٹویٹر کی جانب سے اس ڈیٹا کو سیکیورٹی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے صارفین کو اشتہارات کے لیے ہدف بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

    ایف ٹی سی کی چیئر پرسن لینا خان کے مطابق ٹویٹر کی اس حرکت سے 140 ملین سے زائد صارفین متاثر ہوئے اور اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی آمدن میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔