Tag: ٹویٹر

  • ٹویٹر کی خریداری پر ایلون مسک کے خلاف عدالت میں درخواست

    ٹویٹر کی خریداری پر ایلون مسک کے خلاف عدالت میں درخواست

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایلون مسک کو ٹویٹر کا مکمل انتظام و انصرام دینے کے لیے تین سال کی تاخیر کی جائے۔

    ٹیسلا، اسپیس ایکس اور اب ٹویٹرکے مالک ایلون مسک کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحفظات کے بعد امریکی ریاست ڈیلویئرمیں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹیسلا کے بانی کو 2025 تک ٹویٹر کا مکمل کنٹرول نہ دیا جائے۔

    مذکورہ امریکی ریاست کا قانون کسی بھی فرد کوخریدی گئی کمپنی کا فوری انتظام سنبھالنے سے روکتا ہے۔

    ریاست فلوریڈا کے پنشن فنڈ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے فرائض کو درست طریقے سے سر انجام نہیں دیا اور قانونی اخراجات کی تلافی کی۔

    درخواست کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ایلون مسک کو ٹویٹر کا مکمل انتظام و انصرام دینے کے لیے تین سال کی تاخیر کی جائے جب تک دو تہائی شیئرز ان کی ملکیت کے طور پر منظور نہیں ہوجاتے۔

    عدالت میں دائر کی گئی اس درخواست کے بارے میں تاحال ٹویٹر اورایلون مسک کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے دنیا کے اولین مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو 54 ڈالر 20 سینٹ فی شیئرز کے حساب سے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، مجموعی طور یہ رقم 44 ارب ڈالر بنتی ہے جو کہ دنیا کے کئی ممالک کے سالانہ بجٹ سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔

  • ‘امپورٹڈ حکومت نامنظور’ ٹویٹر پر ابتک کا سب سے بڑا ٹرینڈ ، تجزیاتی رپورٹ جاری

    ‘امپورٹڈ حکومت نامنظور’ ٹویٹر پر ابتک کا سب سے بڑا ٹرینڈ ، تجزیاتی رپورٹ جاری

    اسلام آباد : ‘دنیا بھر میں ٹویٹس ٹرینڈز کو مانیٹر کرنیوالے ٹویٹ بائنڈر کا کہنا ہے کہ ‘امپورٹڈ حکومت نامنظور’ ٹویٹرپر ابتک کا سب سے بڑا ٹرینڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ٹویٹس ٹرینڈز کو مانیٹر کرنیوالے ٹویٹ بائنڈر نے تجزیاتی رپورٹ جاری کردی۔

    ٹویٹ بائنڈر نے کہا ہے کہ ایلن مسک نے ٹویٹر خرید لیا ہے اور اچھاوقت ہےتجزیاتی رپورٹ جاری کریں، امپورٹڈ حکومت نامنظور شاید ٹویٹر پر ابتک کا سب سے بڑا ٹرینڈ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور سے بڑا ٹرینڈ پہلے کبھی ہمارے سامنے نہیں آیا۔

    پاکستانیوں نےعمران خان کی حکومت جانے کے بعد ٹویٹر پر ٹرینڈ چلایا جوابتک جاری ہے اور 10کروڑ64لاکھ سے زائدٹویٹ کے ساتھ امپورٹڈحکومت نامنظور اب بھی ٹاپ ٹرینڈ پر ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کی آوازامپورٹڈحکومت نامنظور، ماشااللہ پاکستانی قوم کوخراج تحسین، ٹویٹ بائنڈرکےمطابق یہ آج تک کا دنیامیں سب سے بڑا ٹرینڈہے، سب نےفیصلہ کرلیاکسی صورت انہیں یہ امپورٹڈ حکومت قبول نہیں، پوری قوم کا مطالبہ ،فوری الیکشن۔

    ڈاکٹر شہباز گل نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا دس کروڑ سے زیادہ ٹوئیٹس ورلڈ ریکارڈ۔ شکریہ پاکستانیوں۔

  • ٹویٹر کا حیران کن نیا فیچر

    ٹویٹر کا حیران کن نیا فیچر

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ان مینشن فیچر صارفین کے لیے پیش کرنا شروع کردیا گیا جس سے آپ ٹویٹر ہینڈل نیم کسی گفتگو سے ہٹا سکتے ہیں۔

    یہ تجرباتی فیچر فی الحال ویب ورژن تک محدود ہوگا۔

    اس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو مینشن کی گئی ٹوئٹ کے آپشنز میں لیو دا کنورزیشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    ایسا کرنے سے اس چیٹ کے نوٹیفکیشنز کی روک تھام بھی ہوگی جس کا حصہ آپ بننے کے خواہشمند نہیں ہوتے۔ ٹویٹر کے مطابق یہ فیچر 8 اپریل سے کچھ افراد کو دستیاب ہے۔

    ابھی یہ واضح نہیں کہ ٹویٹر کی جانب سے یہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کروایا جائے گا یا موبائل ایپس میں دستیاب ہوگا یا نہیں۔

    اس فیچر میں مینشن ٹیکسٹ تو باقی رہتا ہے مگر صارف کو کوئی الرٹ نہیں ملتا۔

    کمپنی کی جانب سے سروس کو بہتر بنانے کے لیے متعدد فیچرز پر کام کیا جارہا ہے جس میں ایک ہراساں ہونے سے بچانے میں مددگار سیفٹی موڈ بھی ہے۔

    یہ فیچر خود کار طور پر کچھ صارفین کو بلاک کر سکتا ہے جو اس کے خیال میں دیگر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    مگر ان مینشن فیچر بھی کافی کارآمد ہے کیونکہ اکثر افراد کو ان کے دوست اور دیگر افراد کسی بھی چیٹ میں مینشن کردیتے ہیں حالانکہ وہ اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

  • روس نے ٹویٹر، میٹا اور گوگل پر جرمانے عائد کردیے

    روس نے ٹویٹر، میٹا اور گوگل پر جرمانے عائد کردیے

    ماسکو: روس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر، میٹا اور گوگل پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ ان کمپنیوں کی جانب سے کی جانے وال خلاف ورزیاں ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کے بعد امریکی سوشل میڈیا جائنٹ فیس بک اور ٹویٹر نے روس میں اپنی ایپ تک رسائی کو محدود کردیا ہے۔

    تاہم روسی قوانین کی خلاف ورزی اور مقامی دفاتر کھولنے میں ناکامی پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل، ٹویٹر اور میٹا (فیس بک) کو جرمانے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی منظوری سے ہونے والی اس قانون سازی میں روزانہ 5 لاکھ سے زائد استعمال کنندگان کو جولائی 2021 تک روسی حدود میں دفاتر کھولنے کے احکامات دیے گئے تھے اور ایسا نہ کرنے والی کمپنیوں پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    جبکہ ان کمپنیوں کو روسی محکمہ مواصلات میں رجسٹریشن کروانے کے احکامات بھی دیے گئے تھے۔

    گزشتہ سال نومبر میں ریاستی مواصلاتی قانون ساز روسکوم ایڈزورنے ان 13 کمپنیوں کی فہرست جاری کی تھی، جنہیں اس قانون کے تحت روسی سرزمین پر اپنے دفاتر قائم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    جبکہ گزشتہ ماہ کے آخر تک اس قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والی کمپنیوں پر پاندیاں اور جرمانے عائد کرنے کے شروع کر دیے گئے تھے۔

    تاہم 28 فروری کی حتمی تاریخ تک صرف چند ایک کمپنیوں نے اس پر عمل درآمد کیا، جبکہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد بھی مغربی کاروباری اداروں پر روس سے تجارتی تعلقات ختم کرنے کے دباؤ میں اضافہ ہوا۔

    وزارت مواصلات کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کے مطابق ایپل اور اسپاٹی فائی نے روس یوکرین جنگ سے قبل ہی اپنے دفاتر کھول دیے تھے جب کہ میسیجنگ ایپ وائبر نے اس ضمن میں درکار تمام مراحل طے کرلیے ہیں۔

    ویب سائٹ کے مطابق جن کمپنیوں نے ابھی تک روس میں اپنے دفاتر قائم نہیں کیے ہیں اس میں گوگل، میٹا، ٹویٹر، ٹک ٹاک، زوم اور ویڈیو شیئرنگ ایپ لائیکی شامل ہیں۔

  • اب آپ اپنی پسندیدہ فلم کو آسکر ایوارڈ دلوانے کے لیے ووٹ کرسکتے ہیں

    اب آپ اپنی پسندیدہ فلم کو آسکر ایوارڈ دلوانے کے لیے ووٹ کرسکتے ہیں

    لاس اینجلس: 94 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 27 مارچ کو منعقد ہونے جارہی ہے، اس سے ایوارڈ انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔

    94 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے ٹویٹر کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور ایک نئی کیٹیگری فین فیورٹ کا اضافہ کیا ہے۔

    اس کیٹیگری میں لوگ سال کی مقبول ترین فلم کو ووٹ دے کر ایوارڈ دلا سکیں گے۔

    یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب مختلف بلاک بسٹر فلمیں جیسے اسپائیڈر مین نو وے ہوم اور نو ٹائم ٹو ڈائی کو ایوارڈز کی اہم کیٹیگریز بشمول بہترین فلم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

    اس سے یہ خدشہ پیدا ہوا تھا کہ فلموں کو پسند کرنے والے بیشتر افراد 27 مارچ کو شیڈول تقریب کو دیکھنے سے گریز کریں گے۔

    مگر اب ان کے پاس موقع ہے کہ وہ 2021 میں ریلیز ہونے والی کسی بھی فلم کو ٹویٹر پر آسکرز فین فیورٹ ہیش ٹیگ کے ساتھ یا اکیڈمی کی ویب سائٹ پر ووٹ ڈال کر ایوارڈ دلوا سکتے ہیں۔

    حالیہ برسوں میں آسکر کی ٹی وی ریٹنگز میں ڈرامائی کمی آئی ہے اور گزشتہ سال کی تقریب کو محض ایک کروڑ سے زیادہ ناظرین نے دیکھا جو 2020 کے مقابلے میں 56 فیصد کم تعداد تھی۔

    سنہ 2018 میں بھی آسکر ایوارڈز کی انتظامیہ نے پاپولر فلم کی کیٹیگری کی تجویز پیش کی تھی مگر ناقدین کی جانب سے تنقید پر اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، اب اس نئی فین فیورٹ ایوارڈ کو بھی رسمی آسکر کیٹیگری نہیں بنایا گیا۔

    ٹویٹر کے مطابق یہ شراکت داری فلمی ناظرین کو اپنی پسندیدہ فلم سے محبت کا اظہار کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    لوگ 3 مارچ تک روزانہ 20 بار ووٹ ڈال سکتے ہیں اور ان میں سے 3 افراد کو متنخب کرکے اگلے سال آسکر ایوارڈ میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

    اسی طرح ایک اور پول میں ووٹرز سے فلم کے پسندیدہ لمحات منتخب کرنے کا بھی کہا جائے گا، ان میں سے 5 مقبول ترین انتخابات کو آسکر تقریب کے دوران دکھایا جائے گا۔

  • ’کرونا وڑا‘ کی ترکیب نے لوگوں کو پریشان کردیا

    ’کرونا وڑا‘ کی ترکیب نے لوگوں کو پریشان کردیا

    گزشتہ 2 سال سے دنیا کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم یہ مشکل وقت کچھ لوگوں کے لیے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی بنا ہے۔

    ایسی ہی ایک بھارتی خاتون نے اپنی تخلیقی صلاحیت کا اظہار کرتے ہوئے کرونا وڑے بنا لیے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون چاول کے آٹے میں مختلف مصالحہ جات ملا کر وڑے تیار کر رہی ہیں۔

    آخری مرحلے میں وہ ایک حیران کن طریقہ اپناتے ہوئے تیار شدہ وڑوں کو بھیگے ہوئے چاولوں میں بھگوتی ہیں اور انہیں بھاپ سے پکاتی ہیں، پکنے کے بعد بالکل کرونا وائرس کی شکل جیسے وڑے سامنے آتے ہیں۔

    ٹویٹر پر ان خاتون کی تخلیقی صلاحیت پر انہیں بے حد داد دی گئی، لوگوں نے ان کرونا وڑوں کو لذیذ قرار دیتے ہوئے انہیں کھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    ایک شخص نے لکھا کہ جب زندگی آپ کو کرونا دے تو اس کے کرونا وڑے بنالیں۔

    اس سے قبل بھی کرونا وائرس کی نسبت سے کئی کھانے تیار کیے جاچکے ہیں، مغربی بنگال میں ایک حلوائی نے وائرس کی ہمشکل مٹھائی تیار کی تھی جبکہ ویت نام میں ایک ریستوران نے بھی کرونا برگر فروخت کرنا شروع کردیا تھا۔

  • جان ابراہام کی ہارٹ اٹیک کی تعریف سے ڈاکٹروں کو ہارٹ اٹیک آگیا

    جان ابراہام کی ہارٹ اٹیک کی تعریف سے ڈاکٹروں کو ہارٹ اٹیک آگیا

    معروف بالی ووڈ اداکار جان ابراہام کی جانب سے کی گئی ہارٹ اٹیک کی تعریف نے طبی ماہرین کو سر کھجانے پر مجبور کردیا۔

    جان ابراہام دیگر اداکاروں کے ساتھ کپل شرما کے پروگرام میں اپنی فلم کی پروموشن کے لیے آئے۔

    ایک موقع پر فٹنس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہارٹ اٹیک کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ خون میں بلبلے بننے کی وجہ سے دل تک خون کی رسائی رک جاتی ہے جس کی وجہ ہارٹ اٹیک ہوتا ہے۔

    گو کہ جان ذہنی دباؤ اور جسمانی فٹنس کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے تاہم ان کی اس احمقانہ وضاحت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کام کی بات پر سے ہٹ گئی اور جان کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

    ٹویٹر صارفین نے جان کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے شعبے پر ہی زیادہ توجہ دیں تو بہتر ہوگا۔

  • فواد خان کا ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ

    فواد خان کا ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ

    کراچی: معروف پاکستانی اداکار فواد خان نے ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ کر کے مداحوں کو حیران کردیا، فواد خان ٹویٹر پر زیادہ فعال دکھائی نہیں دیتے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار فواد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈیڑھ سال بعد ٹویٹ کر کے مداحوں کو حیران کردیا۔

    فواد خان نے اپنا آخری ٹویٹ گزشتہ برس 22 فروری کو کیا تھا جس میں انہوں نے فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ سے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

    اس سے پہلے والا ٹویٹ انہوں نے 21 دسمبر 2018 کو کیا تھا۔

    فواد خان کی ٹویٹر پر واپسی نے ان کے مداحوں کو حیران اور خوش کردیا، ایک صارف نے کمنٹ میں لکھا کہ آپ ٹھیک ہیں؟ سردی تو نہیں لگ رہی۔

    ایک اور صارف نے لکھا، جانے کتنے دنوں کے بعد گلی میں چاند نکلا۔

    ایک صارف نے حیران ہو کر کمنٹ میں پوچھا کہ کیا کسی نے یہ اکاؤنٹ ہیک کرلیا ہے۔

    فواد خان کی ٹویٹر ٹائم لائن دیکھی جائے تو وہ ٹویٹر پر زیادہ فعال نظر نہیں آتے، ستمبر 2016 کے بعد سے انہوں نے گنے چنے ہی ٹویٹ کیے جن کے درمیان ڈیڑھ سے 2 سال کا وقفہ ہے۔

  • تیز ترین 50 کا ریکارڈ: یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا

    تیز ترین 50 کا ریکارڈ: یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا

    گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں شعیب ملک نے پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 18 گیندوں پر تیز رفتار ترین ففٹی اسکور کی جس کے بعد پاکستانی ان کے دیوانے ہوگئے۔

    سوشل میڈیا پر ہر طرف شعیب ملک کی واہ واہ ہورہی ہے۔

    سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا، شعیب ملک 40 سال کی عمر میں بھی جوان ہیں۔

    پاکستان کے ایک اور سابق فاسٹ بولر عمر گل نے لکھا کہ شعیب ملک کا سیمی فائنل سے قبل فارم میں آنا خوش آئند ہے۔ اولڈ از آلویز گولڈ۔

    انڈین کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ دیکھا، ہر خاندان کو بڑے بھائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    کامیڈین شفاعت علی نے لکھا، عمر صرف ایک نمبر ہے، کلاس دائمی ہے۔

    دیگر صارفین نے بھی شعیب ملک کی ففٹی پر مسرت بھرے مزاحیہ تبصرے کیے۔

  • شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

    شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

    معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ گو کہ بڑے کنچے کھیلنے سے منع کرتے ہیں لیکن بزرگ ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہزاد رائے نے ایک بچے کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بچے کو کنچے کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہزاد رائے نے لکھا کہ جب میں چھوٹا تھا تو میں نے ہمیشہ اپنے بڑوں سے یہی سنا کہ گندے بچے کنچے کھیلتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حقیقت میں، یہ کھیل ہاتھوں سے آنکھوں کو ہم آہنگ کرنے میں مدد کرتا ہے اور چھوٹے بچوں میں مہارت پیدا کرتا ہے۔

    شہزاد رائے کا مزید کہنا تھا کہ بزرگ ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے لہٰذا احترام کے ساتھ سوالات پوچھیں اور بات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔