Tag: ٹویٹر

  • نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

    نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ اپنے متنازعہ ٹویٹس اور بیانات کی وجہ سے اکثر کسی نہ کسی مشکل میں رہتی ہیں اور اب بھارتی ڈیزائنرز نے بھی ان کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے 2 روز قبل گینگ ریپ اور نسل کشی سے متعلق متنازعہ ٹویٹس کے باعث بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔

    کنگنا رناوٹ کے متنازعہ ٹویٹس کے بعد ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی اور اب بھارتی ڈیزائنرز نے بھی اداکارہ کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    ڈیزائنر رم زم دادو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم کبھی بھی درست کام کرنے میں تاخیر نہیں کرتے، ہم اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کنگنا رناوٹ سے اشتراک کی تمام پوسٹس ہٹارہے ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ کوئی کام نہ کرنے کا عزم کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ڈیزائنر نے کہا کہ اس عالمی وبا کے دوران پہلے ہی بہت زیادہ تباہی پھیلی ہوئی ہے، ایسے حالات میں ہم سب کو سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے ہیں معروف شخصیات سمیت کسی کا بھی تشدد کو بڑھاوا دینا درست ہے، تشدد کسی بھی شکل میں ہو اس کی مذمت کرنی چاہیئے۔

    دوسری جانب دہلی کے ڈیزائنر آنند بھوشن نے بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کنگنا رناوٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ دیگر ڈیزائنرز کو بھی ان کے ساتھ کام کرنے سے پہلے 2 مرتبہ سوچنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اور میرا برانڈ کسی بھی قسم کی نفرت آمیز گفتگو کی حمایت نہیں کرتے، میں ایسے نکتہ نظر سے وابستہ رہنے کی خواہش نہیں رکھتا اور اس کی مذمت کرتا ہوں۔

    بعد ازاں بالی وڈ اداکارہ کی بہن اور مینیجر رنگولی نے ڈیزائنر آنند بھوش کے تبصرے پر سخت ردعمل دیا اور انڈسٹری میں ان کی پوزیشن پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے لکھا کہ کوئی آپ کو نہیں جانتا لہٰذا خود مشہور ہونے کی کوشش نہ کریں۔

  • خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک خرگوش کی تالاب میں انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، خرگوش کے تیرنے کا انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نہایت محفوظ ہوئے۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کی افسر سوزانتا نندا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک خرگوش تالاب میں تیرتا ہوا نظر آرہا ہے۔

    خرگوش تیرتا ہوا تالاب کے کنارے تک پنچا اور پھر جنگل میں گم ہوگیا۔

    سوزانتا نے لکھا کہ اس کے پانی میں تیرنے کا انداز بھی ایسا ہے جیسے بھاگنے کا، یعنی اچک اچک کر۔

    خرگوش کی اس دلچسپ ویڈیو پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

  • وہ خاص ٹویٹ جو 45 کروڑ روپے میں نیلام ہوا

    وہ خاص ٹویٹ جو 45 کروڑ روپے میں نیلام ہوا

    سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ ٹویٹر کے بانی جیک ڈورسی نے اپنی پہلی ٹویٹ 45 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ٹویٹر کے بانی جیک ڈورسی کی پہلی ٹویٹ تقریباً 3 کروڑ امریکی ڈالر اور پاکستانی 45 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت کردی گئی۔

    جیک ڈورسی کی اب سے 15 برس سے قبل کی گئی پہلی ٹویٹ کو ایک ملائیشین نژاد ایرانی کاروباری شخص نے پاکستانی 45 کروڑ روپے کی زائد رقم کے عوض خرید لیا۔

    جیک ڈورسی کی جانب سے 22 مارچ 2006 کو کی جانے والی پہلی ٹویٹ کو 2 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد رقم میں نیلام کردیا گیا۔

    ٹویٹر کے بانی کی پہلی ٹوئٹ کو آن لائن فروخت کیا گیا اور ٹویٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم بٹ کوائن کی طرز کی کرپٹو کرنسی میں وصول کی گئی۔

    جیک ڈورسی نے اپنی پہلی ٹویٹ میں صرف یہ بتایا تھا کہ میں نے اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ بنالیا۔

    جیک ڈورسی کی اس ٹویٹ کو ڈیڑھ لاکھ قریب بار ری ٹویٹ کیا گیا ہے جبکہ حال ہی میں کئی افراد نے ان کی مذکورہ ٹویٹ پر کمنٹس کر کے انہیں اس کی خریداری کے لیے رقم کی پیشکش بھی کی تھی۔

    جیک ڈورسی کی ٹویٹ کو فروخت کرنے سے حاصل ہونے والی رقم براعظم افریقہ سمیت دیگر خطوں کے غریب ممالک کے افراد میں فلاحی کاموں میں خرچ کی جائے گی۔

  • اماں آپ کا شکریہ: صدارتی اعزاز پانے کے بعد علی ظفر کا ٹویٹ

    اماں آپ کا شکریہ: صدارتی اعزاز پانے کے بعد علی ظفر کا ٹویٹ

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی پانے کے بعد اپنی والدہ کے بے حد مشکور ہوئے اور ٹویٹر پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر کو گزشتہ روز صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی نوازا گیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں علی ظفر نے اس موقع کی تصاویر پوسٹ کیں۔

    علی ظفر نے لکھا کہ جب آپ کے پیارے آپ کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہیں تو اس سے زیادہ قیمتی شے اور کوئی نہیں۔

    انہوں نے خاص طور پر اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہیں جب میری والدہ تقریری مقابلوں کے لیے گھنٹوں مجھے تیاری کرواتی تھیں تاکہ میں لوگوں کے درمیان بولنے کا اعتماد حاصل کر سکوں۔

    گلوکار نے اپنی والدہ کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

    علی ظفر نے گزشتہ روز کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جس میں وہ صدارتی تمغہ حاصل کر رہے ہیں، جبکہ اپنے والدین اور اہلیہ کے ساتھ بھی تصاویر شیئر کیں۔

    ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے اس اعزاز کے لیے مداحوں کی دعاؤں، سپورٹ اور نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک، اس کے لوگوں اور فن و ثقافت کی ترویج کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

  • اوباما اور بل گیٹس کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی گئی

    اوباما اور بل گیٹس کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی گئی

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر بارک اوباما، بل گیٹس اور ایلن مسک سمیت متعدد معروف افراد کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی، ملزم نے ایک فراڈ کے لیے ان شخصیات کے اکاؤنٹس ہیک کیے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک امریکی نوجوان نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک بڑے بٹ کوائن فراڈ کے لیے کئی مشہور شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کیے۔

    گراہم آئیوان کلارک 17 سال کے تھے جب انہوں نے اس فراڈ کی منصوبہ بندی کی جس میں کئی معروف شخصیات بشمول کم کاردیشن ویسٹ، کین ویسٹ، ایلن مسک، بل گیٹس اور بارک اوباما کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہائی جیک کیے گئے۔

    فلوریڈا کی عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم اب اقبال جرم کے معاہدے کے تحت 3 سال جیل میں گزارے گا۔

    ملزم اپنی 3 سالہ سزا کے 229 دن پہلے ہی جیل میں گزار چکا ہے، وہ اب 18 سال کا ہوچکا ہے مگر اسے کمسن مجرم کے طور پر سزا دی گئی ہے۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اجازت اور نگرانی کے بغیر کلارک کمپیوٹرز استعمال نہیں کر سکیں گے۔

  • ٹویٹر پر نئے فیچرز کی آزمائش

    ٹویٹر پر نئے فیچرز کی آزمائش

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جو جلد ہی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے چند نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جس سے تصاویر کو دیکھنے کا طریقہ بہتر ہوجائے گا۔

    ٹویٹر سپورٹ کی جانب سے مختلف ٹویٹس میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے بڑی تصاویر اور 4 کے اپ لوڈ کو آئندہ چند ہفتوں میں ٹیسٹ کیا جائے گا۔ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ میں ایک ٹیسٹ میں جب صارفین ایک تصویر ٹویٹ کرے گا تو کمپوزر میں نظر آئے گا کہ ٹائم لائن میں وہ فوٹو کیسے نظر آئے گی۔

    یعنی اب پوری تصویر ٹویٹ میں نظر آئے گی اور کلک کر کے اسے اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    فی الحال یہ فیچرز آزمائشی مراحل سے گزر رہے ہیں اور کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے، یہ کہنا مشکل ہے۔

    اس سے قبل فروری کے اختتام پر بھی کمپنی نے متعدد نئے فیچرز متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا تھا، کمپنی کی جانب سے بہت جلد متعدد نئے فیچرز بشمول کمیونٹیز، ٹپنگ اور اکاؤنٹ سبسکرپشن فیچر سپر فالوز کے بارے میں بتایا گیا۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکسپلورنگ فیچرز ایسے انفلوائنسرز اور کریٹیئرز کے لیے مددگار ہوگا جو ٹویٹر فالوونگ سے آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں، جس کے لیے ٹپنگ اور سپر فالوز جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

  • سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کردیے: شہباز گل

    سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کردیے: شہباز گل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ تم لوگ سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے اب پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کر بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے عمران خان صاحب نے پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لے کر اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔

    شہباز گل نے کہا کہ پوچھنا یہ تھا کہ مسلم لیگ ن کی ٹکٹیں کدھر ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ تم لوگ سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے اب پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کر بیٹھے، لیکن آگے خان تھا جو مارتا کم اور گھسیٹتا زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ عمران خان کو 178 ووٹ ملے، سنہ 2018 میں وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے انہیں 176 ووٹ ملے تھے۔

    اس اہم موقع پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

  • فواد چوہدری کا حلیم عادل شیخ کی فوری رہائی کا مطالبہ

    فواد چوہدری کا حلیم عادل شیخ کی فوری رہائی کا مطالبہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ سیاسی مقدمات میں گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ کی سیاسی مقدمات میں گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    فواد چوہدری نے حلیم عادل شیخ کی بیٹی کی ویڈیو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا جمہوریت کا بھاشن حلیم عادل کے لیے تیل لینے چلا گیا، سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدموں میں جیل میں ڈال کر اپنے غنڈوں سے تشدد کروانا انتہائی قابل مذمت ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلیم عادل شیخ کو فی الفور رہا کیا جائے۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کو ضمنی انتخابات کے روز پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔

    ان کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے خود کو عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز سے بہتر اسٹنٹ پرفارمر قرار دیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کنگنا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ایک پرانا مضمون شیئر کیا جو ان کی فلم منی کرنیکا کے بارے میں تھا، اس میں انہوں نے لکھا کہ لبرلز بہت پریشان ہیں، کیونکہ مشہور ایکشن فلموں کے ڈائریکٹر نے مجھے ٹام کروز سے بہتر کہا تھا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر انہوں نے 3 دفعہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹرپ کو اپنے آپ سے کمتر قرار دیا تھا۔

    اس حوالے سے بھی ایک ٹویٹ میں کنگنا نے لکھا کہ جو لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے (میرل اسٹریپ کے مقابلے میں) کتنے آسکر ایوارڈ جیتے ہیں، وہ لوگ میرل اسٹریپ سے بھی جا کر پوچھیں کہ انہوں نے کتنے نیشنل یا پدم شری ایوارڈ جیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا ان کا جواب بھی کچھ نہیں ہوگا لیکن اس سے لوگوں کی غلام ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔

    ان کے اس قسم کے ٹویٹس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید و مذاق کا نشانہ بھی بنایا۔

    خیال رہے کہ کنگنا گزشتہ کچھ عرصے سے مستقل متنازعہ بیانات دیتی رہی ہیں جبکہ مودی سرکار کی پالیسیوں کی بھی کھل کر حمایت کرتی دکھائی دی ہیں۔

  • آج 40 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی: فواد چوہدری

    آج 40 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج 40 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، چائنیز ویکسین کے بعد اگلی ویکسین ایسٹرا زینکا ہوگی جو چند ہفتوں میں پاکستان میں میسر ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ملک بھر میں آج سے کووڈ ویکسی نیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج 40 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، آنے والے دنوں میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد لوگ ویکسین لگوا سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چائنیز ویکسین کے بعد اگلی ویکسین ایسٹرا زینکا ہوگی جو چند ہفتوں میں پاکستان میں میسر ہو جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں کرونا وائرس کی پہلی ویکسین لگائی گئی تھی، وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔

    پاکستان میں کرونا کی پہلی ویکسین پمز اسپتال کے ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو لگائی گئی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سب سے زیادہ ضروری ہے، کرونا وائرس سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر عمل لازمی ہے۔