Tag: ٹویٹر

  • پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے فواد چوہدری کا سندھ حکومت کو مشورہ

    پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے فواد چوہدری کا سندھ حکومت کو مشورہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کے الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہونے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پر بھی یہ ذمہ داری ہے کہ گرین ٹرانسپورٹ کی طرف پیش قدمی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب حکومت کا الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہونے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس اس ضمن میں حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پر بھی یہ ذمہ داری ہے کہ گرین ٹرانسپورٹ کی طرف پیش قدمی کرے، یہ ہمارے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت ہوگی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی، اسموگ کے سدباب کے لیے وہیکلز سرٹیفکیشن سسٹم فعال کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔

    دوسری جانب عالمی جریدے بلومبرگ نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ کو دنیا کا بدترین نظام قرار دے دیا ہے، بلومبرگ کے مطابق برسوں پرانی بسیں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر رواں دواں رہتی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بھیڑ بکریوں کی طرح لوگ بسوں میں سفر کرتے ہیں، بسوں کی چھت کو بھی مسافروں کے بیٹھنے اور سواری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

  • ’سنہ 2020 ٹرمپ کے لیے بہت برا ثابت ہوا‘

    ’سنہ 2020 ٹرمپ کے لیے بہت برا ثابت ہوا‘

    امریکا میں 3 دن بعد صدارتی انتخابات کا حتمی نتیجہ آنے کے بعد سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پھر سے سوشل میڈیا صارفین کے طنز کی زد میں آگئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بائے بائے ٹرمپ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

    امریکا میں صدارتی انتخاب کے 3 دن بعد حتمی نتائج جاری کردیے گئے، ڈیموکریٹس کے امیدوار جو بائیڈن کو امریکی عوام نے اپنا نیا صدر چن لیا جبکہ نائب صدارتی امیدوار کمالہ ہیرس بھی پہلی خاتون نائب صدر بننے جارہی ہیں۔

    اس دوران دنیا بھر کے لوگ بے یقینی کی کیفیت میں رہے اور سوشل میڈیا پر بھی مختلف ٹرینڈز چلتے رہے، تاہم جو بائیڈن کی فتح کا اعلان ہوتے ہی ٹویٹر پر الوداع ٹرمپ (بائے بائے ٹرمپ) کا ٹرینڈ چلنے لگا۔

    لوگوں نے میمز کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں جو بائیڈن کی فتح سے زیادہ ٹرمپ کی شکست کی خوشی ہے۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ سنہ 2020 صدر ٹرمپ کے لیے کچھ زیادہ ہی برا ثابت ہوا۔ انہیں کوویڈ 19 ہوا، اس کے بعد ان کی ملازمت (صدارت) چلی گئی اور اب انہیں بے دخل بھی ہونا پڑے گا۔

    جو بائیڈن کو ایک معتدل شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی فتح کو دنیا بھر میں خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔ دنیا بھر سے لوگ جو بائیڈن کے امریکا کے نئے صدر چنے جانے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • ن لیگ ملک کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے: شہباز گل

    ن لیگ ملک کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے: شہباز گل

    اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ ایاز صادق نے کل سیاسی مخالفت میں گھٹیا حرکت کی۔ مسلم لیگ ن ملک کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے۔ این آر او نہ ملنے پر مسلم لیگ ن نے اپنی اصلیت دکھا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق نے کل سیاسی مخالفت میں گھٹیا حرکت کی۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ ان کی حرکت سے پورے پاکستان کو پتہ چل جانا چاہیئے کہ مسلم لیگ ن اپنی کرپشن کے ٹکے بچانے کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے۔ غداری اور کیا ہوتی ہے؟

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں آج کل غداری کے سرٹیفیکیٹ بٹ رہے ہیں، کیا ملکی سلامتی پر پہلے کبھی ایسے حملے ہوئے؟ یہ غداری ہے۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ این آر او نہ ملنے پر جس طرح مسلم لیگ ن نے اپنی اصلیت دکھائی یہ اب سب کے سامنے ہے، سپاہی مقبول نے زبان کٹوا دی لیکن کچھ نہ کہا اور ایک یہ ہیں جن کی زبانیں رکتی نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ اپنے مفاد تک محب وطن ہیں ورنہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، اللہ نے یہ سعادت بھی عمران خان کو دی کہ ان کے اصل چہرے عوام کے سامنے آئے۔

  • 6 ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد اوسطاً 2 فیصد سے کم تھی: اسد عمر

    6 ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد اوسطاً 2 فیصد سے کم تھی: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد اوسطاً 2 فیصد سے کم تھی، کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ 6 ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد اوسطاً 2 فیصد سے کم تھی۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 2 فیصد سے زائد رہی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت دیگر شہروں میں منی اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے، ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔

    خیال رہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 932 ہوچکی ہے جن میں سے 8 ہزار 904 فعال کیسز ہیں۔

    کرونا وائرس سے 6 ہزار 570 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 3 لاکھ 3 ہزار 458 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • ن لیگ کا اقتدار ختم ہوا تو پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کھڑا تھا: علی زیدی

    ن لیگ کا اقتدار ختم ہوا تو پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کھڑا تھا: علی زیدی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ نواز شریف بطور وزیر اعلیٰ رخصت ہوئے تو پنجاب کا دیوالیہ نکل چکا تھا، سنہ 2018 میں بھی مسلم لیگ ن کا اقتدار ختم ہوا تو پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کھڑا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزارت عظمیٰ کے لیے نواز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ سرمائے کی بارش کی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ ارکان صوبائی اسمبلی میں پیسہ بانٹنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ نواز شریف رخصت ہوئے تو پنجاب کا دیوالیہ نکل چکا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے ملتی جلتی واردات سنہ 2018 میں بھی دہرائی، مسلم لیگ ن کا اقتدار ختم ہوا تو پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کھڑا تھا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی میں پنجاب بینک سے اتفاق گروپ کو غیر معمولی قرضے دلائے گئے، پھر اسی بینک سے سیاسی حواریوں کو بھی خوب نوازا گیا۔

    علی زیدی نے مزید کہا کہ چوری کے مال پر بیٹھ کر پارسائی کا بگل بجانا نری منافقت ہے۔ قوم نے منافقوں، بد دیانتوں اور خائنوں سے پیچھا چھڑانے کا عزم کر رکھا ہے، عمران خان جیسا صادق و امین قائد منصب قیادت پر بیٹھا ہے اور تنہا کرپٹ ٹولے سے برسر پیکار ہے۔

  • فواد چوہدری نے ڈائیلسز اور ایکسرے مشین پاکستان میں بننے کی خوشخبری سنادی

    فواد چوہدری نے ڈائیلسز اور ایکسرے مشین پاکستان میں بننے کی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل زون میں 200 ایکڑ پر طبی آلات بنانے کا زون قائم کردیا گیا جہاں سرنج، سوئیاں، ڈائیلسز مشین، اسٹنٹس، ایکسرے مشین اور کینولا بنائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل زون میں 200 ایکڑ پر طبی آلات بنانے کا زون قائم کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ طبی آلات کی 1.4 ارب ڈالر کی درآمدات بہت کم ہوجائیں گی۔ ہم پاکستان میں سرنج، سوئیاں، ڈائیلسز مشین، اسٹنٹس، ایکسرے مشین اور کینولا پاکستان میں بنیں گے۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ طبی آلات بنانے کا اگلا زون سیالکوٹ ہوگا۔

    گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹرز پاکستان میں بننے شروع ہو گئے ہیں، آج پاکستان ہر ماہ 11 سو وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان نے ماسک، سینی ٹائزر اور حفاظتی کٹس بنائیں، بہت جلد لیتھیم آئن بیٹریز بھی بنانا شروع کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد میں میڈیکل انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سیالکوٹ میں سمبڑیال کے مقام پر تکنیکی سینٹر بھی بنایا جا رہا ہے۔

  • مریم اور بلاول کا پارٹیوں کی قیادت سنبھالنا کون سا جمہوری عمل ہے؟ فواد چوہدری

    مریم اور بلاول کا پارٹیوں کی قیادت سنبھالنا کون سا جمہوری عمل ہے؟ فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور بلاول کا سیدھا پارٹیوں کی قیادت سنبھالنا کیا جمہوری عمل ہے؟ جب تک سیاستدان جمہوریت نہیں لاتے جمہوریت کیسے آسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں جدید جمہوریت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی جماعتوں کا اپنا غیر جمہوری اسٹرکچر ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ اسٹرکچر میرٹ کی بنیاد پر لیڈر شپ کے بجائے صوابدید پر بنیاد رکھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول کا سیدھا پارٹیوں کی قیادت سنبھالنا کیا جمہوری عمل ہے؟ جب تک سیاستدان جمہوریت نہیں لاتے جمہوریت کیسے آسکتی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب پاکستان میں تھے تو کہہ رہے تھے کہ مجھے باہر جانے دیں، ان سے متعلق میں نے تب ہی کہہ دیا تھا کہ یہ واپس نہیں آئیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ فراڈ ہوا ہے، شریف فیملی نے پہلی مرتبہ فراڈ نہیں کیا یہ ہمیشہ کرتے رہتے ہیں، مسلم لیگ ن اپوزیشن میں بڑا کردارادا نہیں کرسکتی کیونکہ ان میں واضح نہیں کہ قیادت کس کے پاس ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

    وزیر اعظم عمران خان کی جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک جاپان دوستی مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کا نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر یوشی ہیڈے سوغا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں پاک جاپان دوستی مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں، دونوں ممالک میں بڑھتے اشتراک کو مزید تقویت دینے کے لیے کام کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے نے گزشتہ مہینے اپنی خرابی صحت کی بنا پر اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد جاپان کی پارلیمنٹ نے یوشی ہیڈے سوغا کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا۔

    نئے وزیر اعظم، شنزو ایبے کے 8 سالہ دور میں ان کے دست راست تھے۔

    وہ اب سبکدوش وزیر اعظم شنزو ایبے کی جگہ حکمراں جماعت لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی کی قیادت بھی کریں گے۔

  • انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ معاشی اور تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں: شبلی فراز

    انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ معاشی اور تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں: شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کا نتیجہ ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی اور تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ بچوں کے حصول علم کا منقطع ہوجانے والا سلسلہ آج پھر سے بحال ہو رہا ہے۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کا نتیجہ ہے، انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی اور تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور انتظامیہ اسکولز میں احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لیں گی۔

  • اگست 2020 میں ترسیلات زر میں اضافہ، وزیر اعظم کا اظہار تشکر

    اگست 2020 میں ترسیلات زر میں اضافہ، وزیر اعظم کا اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگست 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ہزار 95 ملین ڈالر بھجوائے جو گزشتہ مالی سال کی نسبت کہیں زیادہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگست 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ہزار 95 ملین ڈالر بھجوائے جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 24.4 زیادہ ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جولائی 2020 میں یہ ترسیلات 2 ہزار 768 ملین کی ریکارڈ سطح تک پہنچیں۔

    انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران یہ ترسیلات گزشتہ برس کے اسی دورانیے کی نسبت 31 فیصد زیادہ رہیں۔

    یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں ملکی تاریخ کی بلند ترین ترسیلات زر 2 ارب 76 کروڑ ڈالر موصول ہوئیں، یہ جون 2020 کی نسبت 12.2 فیصد جبکہ جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جولائی 2020 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں ساڑھے 36 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ کسی ایک مہینے میں پاکستان میں آنے والی ترسیلات زر کی بلند ترین سطح ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020 میں سعودی عرب سے 82 کروڑ ڈالر، عرب امارات سے 53.82 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 39 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 25 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔