Tag: ٹویٹر

  • پچھلے 35 سال سے 2 خاندان ملک پر حکمرانی کر رہے تھے: حماد اظہر

    پچھلے 35 سال سے 2 خاندان ملک پر حکمرانی کر رہے تھے: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ 2 خاندان پچھلے 35 سال سے زائد ملک پر حکمرانی کر رہے تھے، 2 سال قبل آج کے دن عوام نے ان دونوں کو مسترد کر کے تبدیلی کو ووٹ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2 خاندان پچھلے 35 سال سے زائد ملک پر حکمرانی کر رہے تھے۔

    حماد اظہر نے کہا کہ 35 سال میں دونوں خاندانوں کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں، دونوں خاندانوں نے ذاتی محل، آف شور دولت اور کرپشن اسکینڈل بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 سال پہلے آج کے دن عوام نے ان دونوں کو مسترد کر کے تبدیلی کو ووٹ دیا۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو 2 سال مکمل ہونے پر وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2 سال پہلے عوام نے عمران خان کی 22 سالہ بہتری کی جدوجہد کو نئے مرحلے میں داخل کیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ انشا اللہ نئے پاکستان کا سفر نہ صرف جاری رہے گا بلکہ مزید تیز ہوگا، اسی عزم سے کام کرنا ہے کہ: تیز ہو تیز ہو، جدوجہد تیز ہو۔

  • صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے: شبلی فراز

    صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے: شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ محدود وسائل اور صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے، این سی او سی اور احساس پروگرام وبا کے خلاف کامیابی کے 2 بڑے ذریعے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کرونا وائرس کی وبا سے عزم اور احسن طریقے سے نمٹا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور صحت کے بوسیدہ نظام کے ہوتے ہوئے کرونا وائرس سے نمٹنا قابل تحسین ہے، این سی او سی اور احساس پروگرام وبا کے خلاف کامیابی کے 2 بڑے ذریعے ہیں۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے زندگی اور روزگار میں توازن برقرار رکھنے پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 579 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 496 ہوگئی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 46 افراد کی موت ہوئی جس کے بعد مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 568 ہوگئی۔

    کیسز کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان 213 ممالک میں 12 واں ملک بن چکا ہے، 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 11 سو 92 ہوگئی ہے جبکہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح بھی 24 سے بڑھ کر 25 فیصد ہو گئی ہے۔

  • ترسیلات زر میں بلند ترین اضافہ، پاکستان بدل رہا ہے: شہباز گل

    ترسیلات زر میں بلند ترین اضافہ، پاکستان بدل رہا ہے: شہباز گل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے گزشتہ ایک برس کے دوران انجام دیے جانے والے وفاقی حکومت کے متعدد کارنامے بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بدل رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جون 2020 میں 2.46 بلین ڈالرز کی ترسیلات زر ہوئیں، یہ ترسیلات زر میں ایک ماہ میں اب تک کا بلند ترین اضافہ ہے۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ سرکاری درسگاہوں میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کی تعلیم لازمی قرار دی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام سے 1 کروڑ 26 لاکھ 40 ہزار افراد میں 153 ارب سے زائد تقسیم کیے گئے۔ پاکستان بدل رہا ہے۔

    خیال رہے کہ جون 2020 میں ترسیلات زر میں 50.7 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 2019 سے 2020 ترسیلات زر 23 ارب کی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئی، گزشتہ سال ترسیلات زر 21 ارب 70 کروڑ تھی جس میں 6.4 فیصد اضافہ ہوا۔

  • پانی سے بھرے گلاس پینڈولم کی طرح کیسے گھومے؟

    پانی سے بھرے گلاس پینڈولم کی طرح کیسے گھومے؟

    سوشل میڈیا پر ایک شخص کی پانی سے بھرے 2 گلاسوں کو پینڈولم کی طرح حرکت دینے کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو میں ایک شخص پانی سے بھرے 2 گلاسوں کو پلیٹ پر رکھتا ہے، دونوں پلیٹیں ایک رسی سے منسلک ہیں۔ اس کے بعد وہ اس رسی کو اپنے سر کے گرد گھمانا شروع کردیتا ہے۔

    اس دوران گلاسوں میں سے ایک قطرہ بھی پانی نہیں گرنے پاتا۔

    ٹویٹر پر فزکس اینڈ آسٹرو نامی زون صفحے نے یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ فزکس کا شاندار مظاہرہ ہے۔

    ٹویٹر صارفین نے اس ویڈیو پر بے حد حیرانی اور خوشی کا اظہار کیا۔ ایک شخص نے لکھا کہ یہ غیر معمولی ہے۔

    ایک اور ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ پریکٹس انسان کو کامل بنا دیتی ہے، یہ اس کی بہترین مثال ہے۔

  • ایم 8 منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا: چیئرمین سی پیک اتھارٹی

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ ہوشاب سے آواران تک شاہراہ کے منصوبے پر 26 ارب لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایم 8 منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا۔

    عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے 146 کلو میٹر شاہراہ کی تعمیر کی منظوری لی گئی، ہوشاب سے آواران تک شاہراہ کے منصوبے پر 26 ارب لاگت آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی لائے گا، علاقے کے لوگوں کو روزگار اور ترقی مل سکے گی۔

    اس سے قبل عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ سی پیک منصوبے کو سست روی کا شکار کرنے کا تاثر غلط ہے، سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایم ایل ون 7.2 ارب ڈالر منصوبہ، زرعی اور اقتصادی زونز سامنے ہیں۔ توانائی شعبے میں 3.5 ارب ڈالر کے 2 ہائیڈل پاور پراجیکٹس شامل ہیں، سی پیک کے منصوبوں پر رفتار میں تیزی نظر آرہی ہے۔

  • احساس ایمرجنسی پروگرام: سوموار سے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی

    احساس ایمرجنسی پروگرام: سوموار سے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ سوموار سے احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم احساس ایمرجنسی پروگرام جاری ہے، پیر سے بینکوں کے ذریعے ادائیگیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ جن کی بائیو میٹرک تصدیق کے مسائل تھے اب انہیں ادائیگیاں شروع ہوں گی، جنہیں اب تک صرف اہلیت کا میسج آیا تھا انہیں بھی حتمی میسج بھیج دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے تناظر میں سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، ہجوم نہ ہو اس لیے پیغامات مرحلہ وار بھیجے جا رہے ہیں۔

    ثانیہ نشتر کا مزید کہنا تھا کہ وہ افراد جن کے اہل خانہ وفات پا چکے ہیں اور ان کے نام اہلیت کے پیغامات موصول ہوئے تھے، ایسے افراد اور خاندانوں کو ادائیگیوں میں آسانی کے لیے اگلے ہفتے کے آغاز میں طریقہ کار وضع کر دیا جائے گا۔

  • ٹویٹر ملازمین اب ہمیشہ گھروں سے کام کریں گے

    ٹویٹر ملازمین اب ہمیشہ گھروں سے کام کریں گے

    کیلی فورنیا: سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر نے اپنے ملازمین کو خوشخبری سنائی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو دفتر آنے کے بجائے ہمیشہ گھر سے کام کرسکتے ہیں، ٹویٹر کی اس پالیسی کو کاروباری دنیا کی ترجیحات طے کرنے میں اہم سمجھا جارہا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کا کہنا ہے کہ ان کے ملازمین اگر چاہیں تو کرونا وائرس ختم ہونے کے بعد بھی ہمیشہ کے لیے گھروں سے کام کر سکتے ہیں۔

    ٹویٹر ترجمان کے مطابق دفاتر کو کھولنا ہمارا فیصلہ ہوگا تاہم ملازمین دفتر آئیں گے یا نہیں، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پچھلے کچھ ماہ میں یہ ثابت ہوگیا کہ ملازمین باآسانی گھروں سے کام کرسکتے ہیں تو اگر اب ہمارے ملازمین سمجھتے ہیں کہ وہ اسی طرح زیادہ آرام دہ ہو کر کام کرسکتے ہیں تو ہم ان کی خواہش کو ممکن بنائیں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ملازمین دفتر آنا چاہیں گے تو ہم دفاتر کو ان کے لیے محفوظ اور مزید آرام دہ بنائیں گے۔

    ادھر امریکی میڈیا کے مطابق چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی کی جانب سے ملازمین کو کی گئی ایک ای میل میں کہا گیا ہے کہ رواں برس ستمبر سے پہلے دفاتر کھولنا ناممکن نظر آتا ہے، جبکہ اس دوران ہونے والے تمام ایونٹس بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

    ای میل کے مطابق کمپنی سال 2021 کے لیے اپنا شیڈول بعد میں حالات کو دیکھتے ہوئے تیار کرے گی۔

    ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کے ختم ہوجانے کے بعد بھی زندگی پہلے کی طرح معمول پر نہیں آسکے گی چنانچہ ٹویٹر کی یہ پالیسی بقیہ کاروباری دنیا کے ٹرینڈز اور ترجیحات طے کرنے میں اہم ثابت ہوگی۔

  • بھارت: متنازع اینکر ارنب گوسوامی کی گرفتاری کا مطالبہ

    بھارت: متنازع اینکر ارنب گوسوامی کی گرفتاری کا مطالبہ

    نئی دہلی: بھارت میں چیخنے چلانے اور نفرت پھیلانے کے لیے متنازعہ ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی اپنے ہی جال میں پھنس گئے، کانگریس پارٹی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کرنے اور نفرت پھیلانے کے الزام میں انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    ارنب گوسوامی نے ری پبلک ٹی وی پر ایک لائیو شو میں سونیا گاندھی کے لیے غیر مہذب الفاظ استعمال کیا اور کہا کہ وہ پالگھر واقعہ کے بارے میں جان بوجھ کر خاموش ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے قصبے پالگھر میں چند روز قبل مشتعل ہجوم نے 3 افراد کو ہلاک کردیا تھا جس میں سے 2 ہندو سادھو تھے۔

    واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ افراد پر بچوں کو اغوا کرنے اور ان کے گردے نکال کر بیچنے کا الزام تھا۔

    مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیش مکھ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد 101 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس میں سے ایک بھی مسلمان نہیں۔

    تاہم ارنب گوسوامی اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے پر تلے رہے اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی پر الزام لگایا کہ وہ اس واقعے پر جان بوجھ کر خاموش ہیں اور ہندوؤں کے قتل پر اندر ہی اندر خوش ہیں۔

    گوسوامی کے اس الزام پر کانگریس نے ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے، کانگریس کی جانب سے کہا گیا کہ ٹی وی پر جاری اس پروگرام میں سونیا گاندھی کی جائے پیدائش کے حوالے سے بھی غلط تبصرہ کیا گیا۔

    پارٹی کے لیگل سیل کے سربراہ ویویک تنکھا کا کہنا ہے کہ ارنب نے اس ٹی وی پروگرام میں سونیا گاندھی کے لیے جس زبان کا استعمال کیا وہ شرمناک تھی اور اس کے لیے انہیں معاف نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی ملک کی اہم سیاسی رہنما ہیں، وہ 5 بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئی ہیں اور اہم سیاسی جماعت کی صدر ہیں۔ گوسوامی نے ان کے خاتون ہونے کا بھی لحاظ نہیں کیا اور ان کے لیے گھٹیا زبان استعمال کی لہٰذا وہ سزا کے مستحق ہیں۔

    ارنب گوسوامی پر حملہ؟

    بعد ازاں مقامی میڈیا نے خبر نشر کی کہ ارنب گوسوامی پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے، مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ارنب اور ان کی اہلیہ پر 2 افراد نے حملہ کیا جنہیں بعد ازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پولیس کی حراست میں حملہ آوروں نے اعتراف کیا کہ ان کا تعلق کانگریس سے ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا پر لوگ اس بات کا یقین کرنے کو تیار نہیں اور ان کے مطابق یہ ایک طے شدہ ڈرامہ ہے۔

    ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ ارنب کی سفید شرٹ پر ایک جھول نہیں، نہ انہیں کوئی زخم آیا، ان کے بال بھی بنے ہوئے ہیں، یوں لگتا ہے ارنب کو کسی نے چھوا بھی نہیں۔ حملہ آور کس قدر اچھے تھے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ ارنب کو بالی ووڈ کے شہر ممبئی میں رہتے ہوئے کسی اچھے اسکرپٹ رائٹر کو ہی ہائر کرلینا چاہیئے تھا۔

  • مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے: فواد چوہدری

    مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی کی توقع ہے، حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ماہ کمی آئی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی کی توقع ہے، حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2020 کے آخری ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.16 فیصد کمی آئی۔ کم آمدنی والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 1.34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • کرونا وائرس: ٹویٹر نے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی

    کرونا وائرس: ٹویٹر نے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے اپنے ملازمین کو دفاتر نہ آنے اور گھر سے کام کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    ٹویٹر کی ہیومن ریسورس مینیجر جینیفر کرسٹی کا کہنا ہے کہ ٹویٹر کے تمام ملازمین سوموار سے اپنے گھروں سے کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملازمین کی گھر سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم جان لیوا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے امکان کو کم سے کم کردیں۔

    جینیفر کا کہنا ہے کہ جاپان، ہانگ کانگ اور جنوبی کوریا میں واقع ٹویٹر دفاتر کے ملازمین پر گھر سے کام کرنے کی ضروری شرط عائد کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر جاپان پہلے ہی ملک بھر کے تمام اسکول بند کرچکا ہے، جبکہ ہانگ کانگ میں ملازمین ایک مہینے تک گھروں سے کام کرنے بعد سوموار کو دفاتر واپس لوٹے ہیں۔

    اب تک دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 92 ہزار 932 ہوگئی ہے جبکہ 3 ہزار 119 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

    دنیا بھر کے 76 ممالک تک یہ وائرس رسائی حاصل کر چکا ہے اور اس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، شمالی افریقی ملک تیونس میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے جبکہ سعودی عرب نے بھی پہلے کیس کی تصدیق کردی ہے۔