Tag: ٹویٹ

  • افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوشحال ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوشحال ہوں۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر برسلز پہنچے ہیں جہاں وہ نیٹو کے جنرل سیکریٹری اسٹولٹن برگ اور یورپی یونین کی عہدیدار فیڈ ریکا موگرینی سے ملاقاتیں کریں گے۔

    برسلز روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط ہوں گے، یہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک پلان پر جو معاہدہ طے پایا ہے اس پر 25 جون کو اعلیٰ عہدے دار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ دستخط کروں گا، اس معاہدے سے یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہوگا۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا، افغانستان کے معاملات میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد کی، نیٹو کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی معاملات میں تعلق برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

  • نوابشاہ کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے: بلاول بھٹو

    نوابشاہ کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوابشاہ کے عوام کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے، تاریخ میں پہلی بار 4 گرفتار ارکان کو قومی اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال تک تعاون اور بغیر سزا آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا، اقدام بجٹ کو رگ کرنے کے لیے تھا۔

     

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایوان میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ کیا گیا، جرم ثابت ہونے تک بے قصور ہونا حق ہے مراعت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوابشاہ کے عوام کو بجٹ کے عمل میں نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے، تاریخ میں پہلی بار 4 گرفتار ارکان کو قومی اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے اعلان کیا تھا کہ بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لیے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی۔ حکومت دھاندلی سے بجٹ منظور کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آصف زرداری سمیت دیگر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جا رہے، پروڈکشن آرڈر کے لیے لکھے گئے دوسرے خط میں حکومتی اتحادیوں کے بھی دستخط ہیں۔

  • عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے: فردوس عاشق اعوان

    عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے۔ملک و قوم پر مسلط دو خاندانوں کے استحصالی راج پر کاری ضرب لگا کر حقیقی عوامی تبدیلی لانا ان کا عظیم کارنامہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کا درد اور احساس وزیر اعظم کی تقریر کا بنیادی جزو تھا، عوامی وزیر اعظم نے قوم سے دل کی بات کر کے ان کے دل جیت لیے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خطاب قوم کی آواز ہے، ملک و قوم پر مسلط دو خاندانوں کے استحصالی راج پر کاری ضرب لگا کر حقیقی عوامی تبدیلی لانا ان کا عظیم کارنامہ ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت نے نہایت متوازن بجٹ پیش کیا جو معیشت کے استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ ٹیکس وصولی کی مجوزہ پالیسی مؤثر ہوگی۔ صحت و تعلیم میں بہتری کا منصوبہ لائق تحسین ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور وزرا کی تنخواہوں میں کمی تاریخی فیصلے ہیں۔

    اس سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بجٹ میں غریب عوام کو ترجیح دی ہے۔ بجٹ میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کا معاشی استحکام اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افواج پاکستان نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں مانگا، وہ پیسہ بلوچستان اور قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے بجٹ میں مختص کیا جائے گا۔

  • لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں: فردوس عاشق اعوان

    لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کا تیل نکالنے والی کرپشن الیون کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر اپنے گناہ بخشوانا چاہتے ہیں، لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن کے صحت افزا مقام سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت اب تک عوام کو پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دینے اور ان کی زائد قیمتوں کے بوجھ کے اثرات سے بچانے کے لیے 60 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دے چکی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قومی خزانہ بے رحمی سے لوٹنے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ لاکرز، لانچیں، گھر، پاپڑ، ریڑھی اور فالودے والوں کے اکاؤنٹس نہ بھرے جاتے تو آج ملکی معیشت مستحکم ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا تیل نکالنے والی کرپشن الیون کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر اپنے گناہ بخشوانا چاہتے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن کے صحت افزا مقام سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں۔ انہوں نے مال کمایا، قوم اور معیشت نے ان سے صرف نقصان اٹھایا۔

    اس سے قبل ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کا ناشائستہ لب و لہجہ ان کی بڑھتی ہوئی فرسٹریشن کا اظہار ہے، وہ خوفزدہ ہیں کہ عمران خان کی کامیابی سے ملک منافع بخش ہوگا۔

  • فواد چوہدری نے انجینیئرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو خوشخبری سنادی

    فواد چوہدری نے انجینیئرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو خوشخبری سنادی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملازمت پیشہ پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستانی انجینیئرز اور تکنیکی ورکرز کو نوکریاں دینے کی پابند ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں جو پاکستان میں کاروبار کرنا چاہتی ہیں ان کو پاکستانی انجینیئرز اور تکنیکی ورکرز کو نوکریاں دینا ہوں گی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اگر مخصوص مہارت پاکستان میں دستیاب نہیں اور باہر سے لوگ لانا ضروری ہیں تو انجینیئرنگ کونسل سے عارضی رجسٹریشن لینی ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ پابندی پاکستان کی جاب مارکیٹ کا مفاد ہے۔

    اس سے قبل فواد چوہدری سے جاپان کے سفیر نے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    فواد چوہدری نے جاپانی سفیر کو ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ جاپان کے سفیر نے فواد چوہدری کے وژن کی تعریف کی۔

    انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

  • آرچی کے خلاف نسل پرستانہ ٹویٹ ریڈیو میزبان کو مہنگا پڑگیا

    آرچی کے خلاف نسل پرستانہ ٹویٹ ریڈیو میزبان کو مہنگا پڑگیا

    لندن : پرنس ہیری اور میگھن مرکل کے نومولود بچے کی نسل پرستانہ بنیاد پر توہین کرنے والے نجی چینل کے ملازم کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے نواب شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کے  نومولود بچے کے خلاف نسلی بنیادوں پر ٹویٹ برطانوی نشریاتی ادارے کے ملازم کو مہنگا پڑگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے ریڈیو بی بی سی 5 کے براڈکاسٹر ڈینی بیکر نامی ملازم نے نسل پرستانہ بنیادوں پر توہین آمیز ٹویٹ کیا تھا، ڈینی نے ٹویٹ میں ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ایک چیمپنزی کپڑوں میں ملبوس تھا اور ساتھ لکھا تھا ’شاہی بچّہ اسپتال سے گھر جارہا ہے‘۔

    ڈینی بیکر نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں ٹویٹر صارفین کو آگاہ کیا کہ انہیں توہین آمیز ٹویٹ کرنے کے جرم میں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔

    نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ آر جے کا ٹویٹ فیصلے کی سنگین غلطی تھا‘ اور یہ پوسٹ ہماری اقدار کے منافی تھی‘۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینل انتظامیہ نے کہا کہ ’مذکورہ پیش کار ایک ذہین اور قابل شخص تھا‘۔

    خیال رہے کہ آرچی شاہی خاندان کا پہلا بچّہ ہے جس کے والدین علیحدہ علیحدہ نسل سے تعلق رکھتے ہیں یعنی والدہ امریکی اور والد برطانوی ہیں، میگھن مرکل کو اسی وجہ سے نسل پرستانہ رویوں کا سامنا کرنا پڑا کیوں ان کے والد سفید فام امریکی اور والدہ سیاہ فام افریقی نژاد امریکی ہیں۔

  • شادی کی عمر 18 سال رکھنے والے انڈونیشیا اور ترکی کیا مسلمان نہیں؟ بلاول بھٹو

    شادی کی عمر 18 سال رکھنے والے انڈونیشیا اور ترکی کیا مسلمان نہیں؟ بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ میں قانون نے بالغ شخص کو 10 سال کی لڑکی سے شادی سے روک دیا۔ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکی میں بھی شادی کی عمر 18 سال ہے۔ کیا یہ مسلمان ممالک نہیں؟

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکی میں شادی کی عمر 18 سال ہے۔ کیا یہ مسلمان ممالک نہیں؟

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں جہاں شادی کی عمر کی کم سے کم حد 18 سال ہے، ہم نے دیکھا کہ کس طرح سندھ میں قانون نے بالغ شخص کو 10 سال کی لڑکی سے شادی سے روک دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر 20 منٹ میں کم عمری میں حاملہ ہونے والی ایک لڑکی موت کا شکار ہوجاتی ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی میں کم عمری کی شادی کا ترمیمی بل پیش کیا گیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کے وفاقی وزرا بل کی حمایت اور مخالفت میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے تھے۔

    وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان اور وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بل کی مخالفت کی جب کہ شیریں مزاری نے حمایت کی۔

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے حمایت اور مخالفت کا ملا جلا رجحان دیکھ کر بل پر ووٹنگ کروا دی جس پر بل کے حق میں 72 اور مخالفت میں 50 ارکان نے ووٹ دیے۔

    وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرد واحد کو اسلام کے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، اس سلسلے میں قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ سپریم ہے، وہ فیصلہ کر سکتی ہے۔ شادی کے لیے 18 سال کی عمر کا تعین ترکی اور بنگلہ دیش میں بھی ہے، ایسا ہی فتویٰ جامع الازہر نے بھی دیا، کیا وہ خلاف اسلام تھا؟

    قومی اسمبلی کی جانب سے ترمیمی بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھیج دیا گیا تھا۔

  • جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے: وزیر اعظم

    جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سورۃ البقرہ کی آیت ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سورۃ البقرہ کی آیت ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کے لیے قرآن مجید کا حکم واضح ہے۔

    وزیر اعظم کی ٹویٹ کردہ مذکورہ آیت میں کہا گیا، ’اور سچ کو جھوٹ سے نہ ملاؤ، اس سچ کو نہ چھپاؤ جس کا تمہیں علم ہو: سورة البقرہ آیت 42‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ سنہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، کیا وجہ ہے برصغیر کے دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے۔ چین کی ترقی مثال ہے، وہاں کی قیادت الیکشن کا نہیں سوچتی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مثال دیکھ لیں، لاہور میں اوسط فی کس 70 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی لاہور کا رخ کرلیا۔ اس وجہ سے لاہور کی آبادی بڑھی اور پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے۔

  • سپر اسٹار علی ظفر نے انسان کے سب سے بڑے دشمن کا نام بتا دیا

    سپر اسٹار علی ظفر نے انسان کے سب سے بڑے دشمن کا نام بتا دیا

    لاہور: سپر اسٹار علی ظفر نے قلم دوات سے دوستی کر لی،  انسان کے سب سے بڑے دشمن کا نام بتا دیا.

    تفصیلات کے مطابق فلم اسٹار اور معروف سنگر علی ظفر نے ٹویٹ کیا ہے، جس میں انھوں نے اردو میں‌ لکھی چند سطریں شیئر کیں.

    دل چسپ امر یہ ہے کہ یہ سطریں رائج طریقہ کار کے بجائے قدیم انداز میں، قلم اور دوات کی مدد سے ایک خاص طرح  کے کاغذ پر لکھی گئی ہیں، جو کلاسیکی شعرا کی بیاض سے مماثل ہے.

    اپنی تحریر میں سپر اسٹار نے لکھا کہ انسان کی سب سے بڑی دشمن اس کی میں، یعنی انا ہوتی ہے. انھوں نے مزید لکھا کہ سچ کی سب سے بڑا ساتھی، اس کی خاموش صدا ہوتی ہے، جو بنا کہے سب کہہ جاتی ہے.

    مزید پڑھیں: میشاء شفیع عدالتی کارروائی میں مزید تاخیر کرنا چاہتی ہیں، گلوکارعلی ظفر

    اس ٹویٹ کو دیکھ کر یوں‌ لگتا ہے کہ علی ظفر کا رجحان شاعری کی جانب بڑھ رہا ہے، متوقع ہے کہ جلد وہ اس ضمن میں مزید ٹویٹ کریں گے.

    خیال رہے کہ دیگر اسٹارز کی طرح علی ظفر  بھی ٹویٹر پر خاصے متحرک ہیں. وہ ماضی میں‌ بھی اپنی چند تحریریں شیئر کر چکے ہیں. ماضی میں انھوں‌ نے موصول ہونے والی کتب سے متعلق بھی ٹویٹ کیے.

  • پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے: محبوبہ مفتی

    پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے: محبوبہ مفتی

    سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔ سمجھ نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کرتے ہوئے پستی میں کیوں جا گرتے ہیں۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کے نیوکلیئر بم دیوالی کے لیے نہیں ہیں تو پاکستان نے بھی اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔

    محبوبہ مفتی نے یہ ٹویٹ مودی کی اس تقریر کے جواب میں کیا جو مودی نے بھارتی ریاست راجستھان میں ایک جلسے میں کی، مودی نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیاروں سے خوفزدہ نہیں، بھارت کے نیوکلیئر ہتھیار دیوالی کے لیے نہیں ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں محبوبہ نے مزید کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کیوں تھڑے کی سطح پر لے آتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک انٹرویو میں محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ مودی کو الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست نظر آرہی ہے۔ مودی پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بالا کوٹ جیسا ایک اور حملہ کرنا چاہتا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے کا مقصد مودی کا ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنا ہے۔ مودی اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے حربے استعمال کر رہے ہیں، وہ لوک سبھا میں اکثریت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں نریندر مودی کے حلقے سمیت 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تیسرے مرحلے میں 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے اور بھارتی ریاست کیرالہ میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ جاری ہے۔

    11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارتی انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہیں جو 6 ہفتوں تک جاری رہنے کے بعد 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی۔