Tag: ٹویٹ

  • پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے: فواد چوہدری

    پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن زرداری اور نواز سے باہر نکلے اور اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے۔ کرپشن کیسز سے گھبرائی لیڈر شپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن زرداری اور نواز سے باہر نکلے اور اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز سے گھبرائی لیڈر شپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے، کبھی 18 ویں ترمیم میں تبدیلی اور کبھی صدارتی نظام جیسی غیر سنجیدہ بحث تاکہ کسی طرح توجہ مقدموں سے ہٹ جائے، یہ نہیں ہوگا۔

    اس سے قبل بھی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملک کی بدترین اقتصادی صورت حال کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کو قرار دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پاس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کا کوئی جواز نہیں ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے سے کرپشن کے طریقے سیکھے۔ بدعنوان عناصر سے رقم واپس حاصل کرنے کے لیے پلی بارگین ایک آپشن ہوسکتا ہے۔

  • پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، ماضی میں کرپشن اور غیر شفافیت سے بے تحاشہ دولت کھونی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے بڑے پلاٹ کی نیلامی 11.28 بلین روپے کی ہوئی، اس کی دو اہم وجوہات ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک تو پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا بڑھتا ہوا اعتماد ہے اور دوسرا یہ بتاتا ہے کہ ماضی میں کرپشن اور غیر شفافیت سے کتنی دولت کھونی پڑی۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سیاحت کے فروغ اور ترقی پر اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر اعظم کو سیاحت کے فروغ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرے، سیاحتی زونز کے قیام میں ماحول اور قدرتی حسن کو مد نظر رکھا جائے۔ ویب سائٹ پر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تفصیل دی جائے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

  • ہماری نظروں میں وزیر اعظم نوبل امن انعام حاصل کر چکے ہیں: وسیم اکرم

    ہماری نظروں میں وزیر اعظم نوبل امن انعام حاصل کر چکے ہیں: وسیم اکرم

    کراچی: ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نوبل امن انعام کی ضرورت نہیں، ہماری نظروں میں آپ نوبل امن انعام حاصل کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے لیڈر بننے کے بعد پاکستان درست سمت جا رہا ہے، کئی سالوں بعد قوم اپنے آپ کو مثبت اور محفوظ سمجھ رہی ہے۔

    وسیم اکرم نے وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نوبل امن انعام کی ضرورت نہیں، ہماری نظروں میں عمران خان نوبل امن انعام حاصل کر چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سرحدی دراندازی کرنے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر واپس اس کے وطن بھجوانے کے بعد دنیا بھر میں ان کے اس اقدام کی پذیرائی کی جارہے ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹرینڈ بھی مقبول ہوا جس میں وزیر اعظم کو امن کے نوبل انعام کا صحیح حقدار قرار دیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے وزیر اعظم عمران خان کو امن کا سفیر قرار دے کر انہیں امن کا نوبل انعام دینے کی مہم بھی شروع کی گئی، آن لائن درخواست پر اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔

    وزیر اعظم کو امن کا نوبل انعام دینے کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کروائی گئی تھی، قرارداد میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں دانشمندانہ کردار ادا کیا اور مہارت سے صورتحال کو امن کی جانب موڑا۔

    تاہم آج صبح وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں نوبل پرائز کا حق دار نہیں، حقدار وہ شخص ہوگا جو کشمیریوں کی رائے کے مطابق کشمیر کے مسئلے کا حل اور برصغیر میں انسانی ترقی اور امن کا راستہ نکالے۔

  • وژن ہے کہ شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتیں اور ان کے سامنے سبزہ زار ہو: وزیر اعظم

    وژن ہے کہ شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتیں اور ان کے سامنے سبزہ زار ہو: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میرا وژن ہے کہ شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی اجازت ہو اور بڑی عمارتوں کے سامنے سبزہ زار کے لیے زیادہ جگہ مختص کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مستقبل کے شہروں سے متعلق میرا ایک وژن ہے، میرا وژن ہے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی اجازت ہو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بڑی عمارتوں کے سامنے سبزہ زار کے لیے زیادہ جگہ مختص کی جائے، پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز ہماری زرعی اراضی کھا گئیں۔

    مزید پڑھیں: شہری زراعت ۔ مستقبل کی اہم ضرورت

    انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں فوڈ سیکیورٹی سے متعلق ہمیں اس کے نتائج کا سامنا ہوگا، عمارات کی تعمیر کے لیے عالمی معیار کے سیفٹی اسٹینڈرز کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسی حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہ دی جائے۔

    پنجاب کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں رقبے کے زیادہ استعمال کو روکنے کے لیے بھی نئی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق زمین پر پھیلاؤ کی بجائے بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، فیصلے کا مقصد رقبے کا کم استعمال عمل میں لانا ہے۔

  • حکومت کی معاشی پالیسی اور وژن کہاں ہے، مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

    حکومت کی معاشی پالیسی اور وژن کہاں ہے، مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

    لاہور : سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آل پارٹی کانفرنس بلالیں، معاشی بحران کے خاتمے کےلیے مسلم لیگ نواز حکومت کی مدد کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم خان کے ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کچھ اپنی حکومت کے عوام پر مظالم پر بھی ٹویٹ کریں۔

    ملکی کا قرضہ 26 ارب جبکہ غیر ملکی قرضہ 100 ارب تک پہنچ گیا ہے، معاشی پالیسی اور معاشی وژن کدھر ہے، صورتحال ٹویٹ کرکے ٹھیک نہیں ہوگی۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی معاملات ہوں تو تکبر اور ذاتی انا کو پس پشت ڈال دینا چاہیے، معاشی بحران ختم کرنے کےلیے مسلم لیگ نواز حکومت کی مدد کرے گی۔

    ترجمان مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ صورتحال پر قابو پانا اس حکومت کے بس کی بات نہیں، اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل کو بلالیں آپ کی مدد کریں گے۔

    سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ناتجربہ کاری سے عوام مشکلات اور مایوسی کا شکار ہیں، پارلیمان کا اجلاس بلالیں شہباز شریف سے نہ ڈریں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان میں برف باری اللہ کا انعام ہے: وزیرِ اعظم عمران خان

    خیال رہے کہ گزستہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان میں برف باری اور بارشیں اللہ کی رحمت بن کر برسی ہیں۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث پانی کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا، انھوں نے لکھا ’ان بارشوں سے زیرِ زمین پانی کی سطح ہی بلند نہیں ہو گی بلکہ برف پگھل کر دریاؤں کا حصہ بھی بنے گی۔‘

  • چینی سفیر کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    چینی سفیر کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    اسلام آباد: چینی سفیر ہاؤ جنگ کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت، باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر ہاؤ جنگ دفتر خارجہ پہنچے جہاں ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت، باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی عوام کے دلوں میں جڑ پکڑ چکی ہے۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کا کامیاب دورہ کیا، دونوں ممالک کی قیادت کے مابین اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

    انہوں نے کہا کہ چینی ہم منصب سے بیجنگ اور کابل میں ملاقاتیں سود مند رہیں، ملاقاتوں میں دو طرفہ باہمی تعاون اور پاک چین دوستی مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کی مضبوط حمایت و امداد پر چین کا شکر گزار ہے، سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

  • خادم اعلیٰ نے آج بہادری سے زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا: جہانگیر ترین کا طنزیہ ردِ عمل

    خادم اعلیٰ نے آج بہادری سے زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا: جہانگیر ترین کا طنزیہ ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما جہانگیر ترین نے ٹویٹ کرتے ہوئے طنز کیا ہے کہ شہباز شریف نے آج بہادری سے آصف زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپوزیشن رہنماؤں کی خصوصی ملاقات پر طنزیہ ٹویٹ کیا۔

    [bs-quote quote=”عمران خان کے الفاظ سچ ہوئے، دونوں کرپشن بچانے کے لیے ساتھ ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”جہانگیر ترین”][/bs-quote]

    جہانگیر ترین نے اردو میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’آج خادم اعلیٰ نے جس بہادری اور جانفشانی سے آصف زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا ہے اس پر دونوں پارٹیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔‘

    پی ٹی آئی رہنما نے لکھا کہ عمران خان کے الفاظ سچ ثابت ہوئے، انھوں نے لکھا ’عمران خان کے الفاظ ایک بار پھر سچ ہوئے کہ یہ دونوں پارٹیاں کرپشن بچانے کے لیے ہمیشہ ساتھ ہیں۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  ’جو کرنا ہے جلدی کیجیے‘ اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں سعد رفیق کا کسی سے فون پر رابطہ

    خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی اجلاس کے بعد سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ان کی آمد کے موقع پر شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔

    اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • وزیر اطلاعات کا نئے افغان وزیر داخلہ کو سخت پیغام

    وزیر اطلاعات کا نئے افغان وزیر داخلہ کو سخت پیغام

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے افغان وزیر داخلہ فیصلہ کرلیں پاکستان کو پارٹنر کے طور پر چاہتے ہیں یا اپنی حکومت کی ناکامیوں کے لیے قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نئے افغان وزیر داخلہ کو حقائق سمجھنے کی ضرورت ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ فیصلہ کرلیں پاکستان کو آپ پارٹنر کے طور پر چاہتے ہیں یا اپنی حکومت کی ناکامیوں کے لیے قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آسیبی خیالات چھوڑ کر حقائق تسلیم کریں۔

    خیال رہے گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی نے امر اللہ صالح کو افغانستان کا وزیر داخلہ اور اسد اللہ خالد کو وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں نئے وزرا پاکستان کے سخت مخالف ہیں۔ دونوں افغانستان کی انٹیلی جنس سربراہ رہ چکے ہیں اور پاکستان پر الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

    تجزیہ نگاروں کے مطابق دونوں وزرا کی تعیناتی کے بعد طالبان کے ساتھ مذاکرات میں امریکا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • پروفیسر کی ہتھکڑی لگی لاش پر وزیر اطلاعات کی مذمت

    پروفیسر کی ہتھکڑی لگی لاش پر وزیر اطلاعات کی مذمت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر کی ہتھکڑی لگی لاش پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقتور اور امیر کے لیے وزرا کالونی میں بنگلے کو جیل قرار دیا جائے گا، البتہ غریب کی لاش کو ہتھکڑی لگے ہاتھوں کے ساتھ نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ طاقتور اور امیر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں، جمہوریت کے مفاد میں وزرا کالونی میں بنگلے کو جیل قرار دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آپ بنگلے کے سامنے گرین بیلٹ کو سیکیورٹی کے نام پر بنگلے میں شامل کرنے کی سہولت سے بھی استفادہ کر سکیں گے اور حکومت کا آڈٹ بھی کریں گے۔ ہاں اگر آپ غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو مقید رکھنے کے لیے ہتھکڑی لگے ہی لاش کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا تا کہ لوگ عبرت پکڑیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر جاوید اقبال جیل میں انتقال کر گئے تھے اور ان کے زنجیر بکف جسد خاکی کی تصویر منظر عام پر آئی تھی۔

    جاوید اقبال نیب کی حراست میں تھے جہاں اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں سروسز اسپتال لے جایا گیا تھا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد وہ اسپتال سے جیل پہنچے جہاں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے۔

    پروفیسر جاوید سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھے۔

    بعد ازاں میڈیا پر چلنے والی خبروں پر قومی احتساب بیورو نے اپنے ردعمل میں اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ مرحوم جاوید اقبال کا انتقال نیب کی حراست میں ہوا۔

  • ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں: وزیر اعظم

    ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے لیے پر عزم ہے۔ ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج شہدا، سوگواران اور متاثرین کو یاد کر رہے ہیں۔ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے لیے پر عزم ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خاتمے کا عہد کرتے ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 16 دسمبر ہمیں ایک سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے انسانیت اور مذہب کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھا اور بچوں کو نشانہ بنایا، قوم کی حمایت سے افواج پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سر انجام دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، آج کے دن شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قیمت ادا کی اس کا تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔ بچوں کی شہادت کے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو کرب و غم میں مبتلا کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں بچھڑنے والوں کی یاد ہمیشہ ساتھ رہے گی، شہدا کے غمزدہ والدین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ بحیثیت قوم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔