Tag: ٹویٹ

  • عمران خان کی حکومت ہوتی تو ٹیکس ملا کر بھی پیٹرول 180 روپے ہوتا: مزمل اسلم

    عمران خان کی حکومت ہوتی تو ٹیکس ملا کر بھی پیٹرول 180 روپے ہوتا: مزمل اسلم

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی اور 30 روپے ٹیکس بھی شامل کر لیتے تو پیٹرول 180 روپے ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ابھی خبر آئی ہے کہ ڈالر تاریخ کی نچلی سطح 240 روپے عبور کر گیا ہے۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ جب سے حکومت آئی ہے روپیہ اپنی قدر 60 روپے کھو چکا ہے، دوسری طرف پیٹرول 1.45 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سب برائی کی جڑ روپے کی قیمت ہے، اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی اور 30 روپے ٹیکس بھی شامل کر لیتے تو پیٹرول 180 روپے ہوتا۔

    ایک اور ٹویٹ میں مزمل اسلم نے کہا کہ 175 موجودہ ارکان اسمبلی جو حکومت کے شراکت دار ہیں، کیا کسی ایک کا بھی موجودہ مہنگائی دیکھ کر ضمیر نہیں جاگ رہا؟

    انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا آپ عوام کے نمائندے نہیں کیونکہ آپ خاموش تماشائی بن کر بیٹھے ہیں۔

  • بھارتی فلمساز کا راجر فیڈرر کو الوداع، لیکن تصویر کسی اور کی لگا دی

    بھارتی فلمساز کا راجر فیڈرر کو الوداع، لیکن تصویر کسی اور کی لگا دی

    معروف بھارتی فلم ساز ہنسل مہتا کا حال ہی میں کیا گیا ٹویٹ ان پر مذاق اور تنقید کا باعث بن گیا، بھارتی صارفین نے ان کے ٹویٹ پر میمز بنانے شروع کردیے۔

    ٹینس کی دنیا کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر نے دو روز قبل اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو دنیا بھر کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    معروف بھارتی فلم ساز ہنسل مہتا نے بھی 20 گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈرر کے لیے ٹویٹ کیا اور کہا، ہم تمہاری کمی محسوس کریں گے چیمپیئن۔

    ساتھ ہی انہوں نے راجر فیڈرر کے ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا۔

    البتہ انہوں نے تصویر راجر فیڈرر کی جگہ سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی پوسٹ کی جو خود بھی اداکار ہیں۔

    ان کی ٹویٹ کے ساتھ لوگوں نے اس پر تنقید اور مذاق شروع کردیا، بعض صارفین نے کچھ میمز بھی پوسٹ کیں جن میں ارباز خان کو راجر فیڈرر کا ہم شکل قرار دیا گیا ہے۔

    بعض صارفین کا کہنا ہے کہ فلم ساز نے یہ تصویر جان بوجھ کر پوسٹ کی ہے۔

    خیال رہے کہ 41 سالہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے اپنی صحت کے پیش نظر ٹینس کو خیرباد کہہ دیا، 24 سالہ کیریئر میں انہوں نے 15 سو میچز کھیلے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ گھٹنے کے تیسرے آپریشن کے بعد اپنی فل فارم میں واپس لوٹنا چاہتے تھے لیکن یہ مشکل لگ رہا ہے چنانچہ وہ ریٹائر ہورہے ہیں۔

  • لوگوں میں پیٹرول خریدنے اور بجلی کا بل دینے کی سکت نہیں: شیخ رشید

    لوگوں میں پیٹرول خریدنے اور بجلی کا بل دینے کی سکت نہیں: شیخ رشید

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کے ساتھ 608 ارب وصولی کا مزید معاہدہ کیا ہے، لوگوں میں پیٹرول خریدنے اور بجلی کا بل دینے کی سکت نہیں، آپ مزید اضافہ کرنے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کے ساتھ 608 ارب وصولی کا مزید معاہدہ کیا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا اب غریب کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، 6 مہینوں میں حکومت کا الٹرا ساؤنڈ ہوگیا ہے، سندھ میں سیلاب نے لوگوں کی آنکھیں کھول دی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پی ڈی ایم کی ساکھ راکھ بنا دی، لوگوں میں پیٹرول لینے اور بجلی کا بل دینے کی سکت نہیں، آپ مزید اضافہ کرنے جارہے ہیں۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب اترے گا تو عمران خان اسلام آباد کی کال دے گا۔

  • سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی، سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی خرم آغا، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجرجنرل کمال اظفر اور ان کی ٹیمز لائقِ تحسین ہیں کہ قلیل مدت میں تمام بڑی شاہراہیں بشمول قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر بھی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، سیکریٹری پاور ڈویژن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

  • ریکارڈ توڑ مہنگائی: ’آگے بہت تشویشناک صورتحال ہے‘

    ریکارڈ توڑ مہنگائی: ’آگے بہت تشویشناک صورتحال ہے‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے آگے بہت تشویشناک صورتحال ہے، مہنگائی کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے آگے بہت تشویشناک صورتحال ہے، ملک میں مہنگائی کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔

    اگست 2022 میں مہنگائی 27.3 فیصد پر آگئی ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملک کا بہت زیادہ افراط زر ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اگست کے دوران مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچی جبکہ جولائی 2022 کے دوران مہنگائی کی شرح 24.9 فیصد کی سطح پر تھی۔

  • ارمینہ خان کو انفلوئنسرز کی کون سی بات پسند نہیں آئی؟

    ارمینہ خان کو انفلوئنسرز کی کون سی بات پسند نہیں آئی؟

    ملک بھر میں تباہ کن سیلاب کے بعد ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

    ان ہی میں اداکار اور انفلوئنسرز بھی شامل ہیں جو یا تو خود امداد اکٹھی کر رہے ہیں یا اپنے فالوورز کو امداد جمع کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، تاہم کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں اس تمام صورتحال سے کوئی فرق نہیں پڑا اور وہ معمول کے مطابق اپنی انٹرٹینمنٹ سے متعلق تصاویر و ویڈیوز پوسٹ کر رہے ہیں۔

    ایسے ہی افراد پر اداکارہ ارمینہ رانا خان نے افسوس کا اظہار کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ جو پاکستانی اداکار اور انفلوئنسر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد پوسٹ کر رہے ہیں، انہیں اپنی اخلاقی اقدار پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ قومی ایمرجنسی کے اس موقع پر اپنے ہم وطنوں کا کچھ تو خیال کریں۔

    اس ٹویٹ سے ارمینہ نے بھی اتفاق کیا۔

    ارمینا نے ایک اور ٹویٹ میں تصویر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ خیموں کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے ان کی قیمت 15 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے، ارمینہ نے اس پر کیپشن لکھا، ظالمو!

    ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ خود کچھ کرنا نہیں، جو کر رہے ہیں ان پر تنقید کرنی ہے اور عجیب عجیب سوالات کرنے ہیں، اگر اتنی ہی فکر ہے تو خود زحمت کریں اور سیلاب زدگان کی مدد کریں۔

  • 2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    نئی دہلی: معروف بھارتی فلمی ناقد اور بالی وڈ اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو، سنہ 2020 میں کی گئی ٹویٹس پر ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کمال راشد کو آنجہانی اداکار رشی کپور اور مرحوم عرفان خان سے متعلق 2020 میں کی گئی متنازعہ ٹویٹس کی وجہ سے ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    کے آر کے کو 30 اگست یعنی آج ہی ممبئی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    کے آر کے، کے خلاف سیاسی جماعت شیو سینا کے رکن راہول کنال نے ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد اب پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ اداکار نے مرحوم اداکاروں کے خلاف ٹویٹس کیں اور نامناسب الفاظ استعمال کیے۔

    واضح رہے کہ کمال راشد فلمی ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں جو آئے دن بالی ووڈ کی معروف شخصیات پر الزام تراشی اور تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

  • وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چینی صدر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کی اپنی شدت اور پھیلاؤ کے لحاظ سے کوئی اور مثال نہیں، چین مشکل ترین وقت میں ہمارے ساتھ رہا، ہم اس کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

    سیلاب سے 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

    ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • بجلی کی قیمت ادا کرنا مڈل کلاس کے لیے ناممکن بن چکا ہے: فواد چوہدری

    بجلی کی قیمت ادا کرنا مڈل کلاس کے لیے ناممکن بن چکا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 44 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، بجلی اور تیل کی قیمت ادا کرنا مڈل کلاس کے لیے ناممکن بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہنگائی کی شرح 44 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بجلی اور تیل کی قیمت ادا کرنا مڈل کلاس کے لیے ناممکن بن چکا ہے، ان حالات میں حکومت کو آئی ایم ایف ڈیل پر مکمل آگاہی دینی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں شامل سیاست دانوں کی مالیاتی معاملات میں حیثیت متنازعہ ہے، ان کی باتوں پر آنکھیں بند کر کے اعتبار نہیں کر سکتے۔

  • ٹویٹ کو کس نے دیکھا لیکن لائیک نہیں کیا؟ ٹویٹر کا نیا فیچر

    ٹویٹ کو کس نے دیکھا لیکن لائیک نہیں کیا؟ ٹویٹر کا نیا فیچر

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر نئے فیچرز کی آزمائش کی جارہی ہے جو جلد ہی پیش کردیے جائیں گے، فی الحال 2 نئے فیچرز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ٹویٹر ان دنوں متعدد فیچرز کی آزمائش کو جاری رکھے ہوئے ہے اور اب خبر سامنے آئی کہ ویب سائٹ پر مزید دو نئے فیچرز کی آزمائش بھی شروع کردی گئی۔

    ٹویٹر پر ایک ایسے فیچر کی آزمائش شروع کی جا رہی ہے، جس سے معلوم ہو سکے گا کہ کسی بھی صارف کی ٹویٹ کو کتنے افراد نے پڑھا یا دیکھا؟

    اگرچہ اس وقت ٹویٹ کو لائیک کرنے والے افراد کی تعداد صارف کو نظر آجاتی ہے مگر نئے فیچر کے بعد اسے یہ بھی معلوم ہوجائے گا کہ اس کی ٹویٹ کو کس نے دیکھا یا پڑھا مگر اس نے ٹویٹ کو لائیک نہیں کیا۔

    اس فیچر کے تحت ہر صارف کی ٹویٹ پر آنکھ یا اس سے ملتا جلتا نشان نظر آئے گا، جسے کلک کرنے سے ٹویٹ کو دیکھنے والے افراد کی تعداد معلوم ہوسکے گی۔

    یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر میں آنکھ کے نشان پر کلک کرنے سے ان افراد کے نام بھی سامنے آئیں گے یا نہیں، جنہوں نے ٹویٹ کو دیکھا یا پڑھا ہوگا۔

    علاوہ ازیں ٹویٹر پر ایک اور مزیدار فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی ہے، جس کے تحت صارفین کے پروفائل پر ویریفائیڈ موبائل نمبر کا لیبل نظر آئے گا۔

    یہ فیچر ان افراد کے پروفائل پر بھی کام کرے گا جن کا اکاؤنٹ ویریفائڈ یعنی بلیو ٹک کے ساتھ نہیں ہوگا۔

    اس فیچر کا مقصد صارف کی شناخت کو اصلی بنانے کی جانب ایک قدم کے طور پر لیا جا رہا ہے، یعنی اس سے ٹویٹر ویریفائیڈ موبائل نمبر کے حامل اکاؤنٹس کو بھی تصدیقی اکاؤنٹ میں شمار کرے گا۔

    یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر کے تحت ٹویٹر کس طرح موبائل نمبر کی تصدیق کرے گا، تاہم امکان ہے کہ اس کے تحت ٹویٹر تمام ممالک کی حکومتوں یا فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے اشتراک کرے گا۔

    مذکورہ دونوں فیچرز کے علاوہ بھی ٹویٹر پر اس وقت دیگر چند فیچرز کی آزمائش کی جا رہی ہے، جن تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔