Tag: ٹڈی

  • سعودی عرب میں ٹڈیوں کی فروخت میں اضافہ، قیمت بھی بڑھ گئی

    سعودی عرب میں ٹڈیوں کی فروخت میں اضافہ، قیمت بھی بڑھ گئی

    ریاض: سعودی عرب میں ٹڈیوں کی فروخت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، اس کے زیادہ تر خریدار بزرگ افراد ہیں۔

    العربیہ کے مطابق سعودی عرب کی القصیم گورنری کے علاقے البریدہ میں ایک ٹڈی فروش نے بتایا کہ ٹڈی دل کی قیمت 150 سے 450 ریال کے درمیان پہنچ گئی ہے۔

    گورنر کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی نقل و حرکت کے حوالے سے ٹڈی دل کے زیادہ تر صارفین بوڑھے ہیں۔

    ٹڈیاں بہت سے لوگ شوق سے کھاتے ہیں کیونکہ یہ میگنیشیئم، فاسفورس اور دیگر عناصر جیسے غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں اور انسان کو دائمی بیماریوں سے بچاتی ہیں۔

  • ٹڈی دل سے سندھ کے 22 اضلاع متاثر ہو چکے ہیں: وزیر زراعت

    ٹڈی دل سے سندھ کے 22 اضلاع متاثر ہو چکے ہیں: وزیر زراعت

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ چند ہفتے میں ٹڈی دل سے سندھ کے 22 اضلاع متاثر ہو چکے ہیں، آنے والے وقتوں میں سب سے زیادہ خطرہ سندھ کو ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے میں ٹڈی دل مہم اسپرے کے اعداد و شمار جاری کر دیے، صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ وفاق کا سندھ میں ٹڈی دل سے متاثرہ اضلاع کم دکھانا تشویشناک ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ چند ہفتے میں سندھ کے 22 اضلاع متاثر ہو چکے ہیں، آنے والے وقتوں میں سب سے زیادہ خطرہ سندھ کو ہے۔ وفاق خط کا جواب نہیں دے رہا۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ فصلوں میں اسپرے مہم جاری اور فوج کا تعاون حاصل ہے، 13 اضلاع میں 22 سو 33 ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا، وفاقی ٹیموں نے 840 ہیکٹرز پر اسپرے کیا۔ شکار پور، کشمور، نواب شاہ، جامشورو، قمبر، گھوٹکی، سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں اسپرے کیا گیا ہے۔

    اسماعیل راہو نے بتایا کہ سندھ میں اب تک 31 ہزار 699 ہیکٹرز پر ٹڈی دل کا خاتمہ اور 4 لاکھ 21 ہزار 861 ہیکٹرز پر مزید سروے کیا گیا، اب تک 68 لاکھ 45 ہزار 161 ہیکٹرز کا سروے مکمل ہوچکا ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 دن میں 3 ہزار 73 ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا، بارشیں شروع ہو چکی ہیں ابھی تک وفاق نے فضائی اسپرے شروع نہیں کیا، وفاق کو فیلڈ ٹیموں کے اضافے اور طیاروں کی دستیابی کی کئی بار درخواست کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قومی مسئلے پر وفاق کی عدم توجہی اور لاپرواہی افسوسناک ہے۔

  • اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    کراچی: اندرون سندھ کے علاقوں تھر، سانگھڑ اور دادو کے بعد ٹڈی دل نے کراچی پر بھی حملہ کر دیا، ملیر، بہادر آباد، گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں پر ٹڈی دل کی یلغار سے شہری پریشان ہو گئے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں ٹڈی دل نے میچ بھی رکوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے نوٹس پر اسپرے نہ ہوا تو ٹڈی دل کراچی بھی پہنچ گیا، کراچی میں ملیر، گڈاپ، بن قاسم، کورنگی، گلشن اقبال، حسن اسکوائر، بہادرآباد سمیت مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے یلغار کر دیا ہے جس کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

    ٹڈی دل کے جھنڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سندھ اور ناردن ٹیموں کا میچ بھی رکوا دیا، کھلاڑی ٹڈی دل کے حملے سے بچنے کے لیے دبک کر زمین پر بیٹھ گئے۔

    ٹڈی دل کی آمد پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت کے ذیلی ادارے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے رپورٹ جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق نومبر ٹڈی دل کی افزائش کا مہینہ ہے، ٹڈل دل سندھ کے صحرائی علاقوں سے بلوچستان کی جانب رواں دواں ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر زراعت نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو اسپرے کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    ادھر وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کراچی کے بعد بلوچستان چلا گیا ہے، ملیر میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا، شہری پریشان نہ ہوں ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس کے خاتمے کے لیے نوابشاہ اور بدین میں اسپرے کرا رہے ہیں۔

  • سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے اسمبلی میں تقریر میں ٹڈی دل کے حملے کی بات کی، اختر مینگل نے بھی بجٹ تقریر میں ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بات کی۔

    بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے بھی سندھ اور بلوچستان میں ٹڈی دل حملے کی تباہی کا ذکر کیا لیکن وفاقی حکومت سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی، وفاق کا انسداد ٹڈی دل کا ڈویژن کہیں سو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ ملک میں کاٹن کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کرتا ہے، ٹڈی دل سے کاٹن کی ان فصلوں کو نقصان کا خطرہ لاحق ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ تیس سال بعد پاکستان میں کپاس کی فصل پر ٹڈی دل نے بڑا حملہ کیا ہے، ٹڈی دل نے سندھ میں کپاس کی پیداوار والے بیش تر علاقوں میں فصل پر حملہ کر کے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹڈی دل کا یہ حملہ پنجاب کے کاٹن بیلٹ تک پہنچنے کے امکانات ہیں، لیکن حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ ہونے سے کپاس کے کاشت کاروں میں زبردست اضطراب پایا جا رہا ہے۔