Tag: ٹڈی دل

  • اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    کراچی: اندرون سندھ کے علاقوں تھر، سانگھڑ اور دادو کے بعد ٹڈی دل نے کراچی پر بھی حملہ کر دیا، ملیر، بہادر آباد، گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں پر ٹڈی دل کی یلغار سے شہری پریشان ہو گئے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں ٹڈی دل نے میچ بھی رکوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے نوٹس پر اسپرے نہ ہوا تو ٹڈی دل کراچی بھی پہنچ گیا، کراچی میں ملیر، گڈاپ، بن قاسم، کورنگی، گلشن اقبال، حسن اسکوائر، بہادرآباد سمیت مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے یلغار کر دیا ہے جس کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

    ٹڈی دل کے جھنڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سندھ اور ناردن ٹیموں کا میچ بھی رکوا دیا، کھلاڑی ٹڈی دل کے حملے سے بچنے کے لیے دبک کر زمین پر بیٹھ گئے۔

    ٹڈی دل کی آمد پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت کے ذیلی ادارے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے رپورٹ جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق نومبر ٹڈی دل کی افزائش کا مہینہ ہے، ٹڈل دل سندھ کے صحرائی علاقوں سے بلوچستان کی جانب رواں دواں ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر زراعت نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو اسپرے کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    ادھر وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کراچی کے بعد بلوچستان چلا گیا ہے، ملیر میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا، شہری پریشان نہ ہوں ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس کے خاتمے کے لیے نوابشاہ اور بدین میں اسپرے کرا رہے ہیں۔

  • کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ، سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا

    کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ، سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا

    کراچی : سندھ حکومت نے شہر قائد کے علاقوں ملیرمیمن گوٹھ ،کورنگی بلال کالونی، غازی گوٹھ اور جعفرطیار میں ٹڈی دل کے فصلوں پر حملے کا نوٹس لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے ٹڈی دل کی آمد پر رپورٹ طلب کر تے ہوئے ڈی جی زراعت، ڈی سی ملیر اور محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو فوری طور فصلوں پر اسپرے کروانے کا حکم دے دیا۔

    اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹڈی دل کے حملے سے کہیں بھی فصل کو نقصان نہیں پہنچا، ٹڈی دل کراچی کے بارانی علاقوں سے گزررہی ہےاور کچھ دنوں میں سندھ سے واپس بلوچستان میں داخل ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارہ پلانٹ پروٹیکشن سندھ میں پہلے سے ہی اقدامات اٹھاتا تو ٹڈی دل کراچی تک نہ پہنچتی۔

    وزیر زراعت نے ٹڈی دل کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر متعلقہ اداروں کے افسران کو فوری اقدام اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

  • سندھ حکومت کی طرف سے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے فنڈ جاری

    سندھ حکومت کی طرف سے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے فنڈ جاری

    کراچی: حکومتِ سندھ نے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے 31 کروڑ 90 لاکھ جاری کر دیے، ٹڈی دل سے بچاؤ کے لیے کمیٹیاں بھی بنا لی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فنڈ جاری کر دیا گیا ہے، کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کمیٹیاں روز کے بنیاد پر سندھ حکومت کو رپورٹ دے رہی ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے جاری فنڈ کے ذریعے اسپرے، گاڑیاں اور دیگر سامان خریدا جائے گا۔

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینٹ پیٹرکس کیتھڈرل کی اندرونی آرایش کے لیے 250 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔

    انھوں نے یہ منظوری ہفتے کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سینٹ پیٹرکس کیتھولک کے فادر ریکٹر فادر ماریو روڈریگس کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران دی۔

    چرچ کی آرایش کے لیے اعلان شدہ فنڈ چرچ کے اندر گلاس، سٹون اور لکڑی کے کام کی بحالی کے لیے استعمال ہوگا، سندھ کا یہ قدیم چرچ 1845 میں تعمیر ہوا تھا۔

    چرچ کے اندر ایک وقت میں 1500 افراد عبادت کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چرچ کی بیرونی سجاوٹ خاص نہیں تاہم چرچ میں پتھر اور شیشے کا کام انتہائی نفیس ہے اور اہمیت کا حامل اور قدیم فن سازی کا شاہ کار نمونہ ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ چرچ کی بحالی کے لیے تین سالوں میں 25 کروڑ روپے فراہم کرے گی، تمام دستاویزی کام کے مکمل ہوتے ہی بحالی کا کام شروع ہو جانے پر جلد ہی 50 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔

  • سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے اسمبلی میں تقریر میں ٹڈی دل کے حملے کی بات کی، اختر مینگل نے بھی بجٹ تقریر میں ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بات کی۔

    بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے بھی سندھ اور بلوچستان میں ٹڈی دل حملے کی تباہی کا ذکر کیا لیکن وفاقی حکومت سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی، وفاق کا انسداد ٹڈی دل کا ڈویژن کہیں سو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ ملک میں کاٹن کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کرتا ہے، ٹڈی دل سے کاٹن کی ان فصلوں کو نقصان کا خطرہ لاحق ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ تیس سال بعد پاکستان میں کپاس کی فصل پر ٹڈی دل نے بڑا حملہ کیا ہے، ٹڈی دل نے سندھ میں کپاس کی پیداوار والے بیش تر علاقوں میں فصل پر حملہ کر کے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹڈی دل کا یہ حملہ پنجاب کے کاٹن بیلٹ تک پہنچنے کے امکانات ہیں، لیکن حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ ہونے سے کپاس کے کاشت کاروں میں زبردست اضطراب پایا جا رہا ہے۔