لاہور (29 اگست 2025) بیرون ملک مقیم پاکستانی کو جھانسہ دے کر 6 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ارسلان کو پلاٹ کی خریداری کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ یورو (6 کروڑ 56 لاکھ 40 ہزار روپے پاکستانی) کا فراڈ کیا۔
رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ٹک ٹاکر خرم گجر نے اوورسیز پاکستانی ارسلان کو دھمکیاں دیں، جس کے بعد رانا ارسلان تھانہ ڈیفنس پہنچ گیا اور اس کی درخواست پر پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خرم گجر نے رانا ارسلان سے کمرشل پلاٹ کی خریداری کی مد میں اتنا بڑا مالی فراڈ کیا۔ اوورسیز پاکستانی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے فروغ کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ٹک ٹاک نشے کی طرح لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں سرایت کرتا جا رہا ہے۔
مختلف تنازعات میں اب تک کئی ٹک ٹاکر قتل ہو چکے ہیں جب کہ مختلف الزامات میں گرفتاریاں بھی ہو چکی ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/karachi-police-arrest-tik-toker-over-durgs-suppy/