Tag: ٹک ٹاک اکاؤنٹ

  • پولیس افسران کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پابندی عائد

    پولیس افسران کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پابندی عائد

    پولیس افسران کے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرتے ہوئے یونیفارم میں ویڈیو بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے اپنے تمام افسران کے مشہور سوشل میڈیا ایپ ’’ٹک ٹاک‘‘ پر پابندی لگاتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ آئندہ کوئی اہلکار یونیفارم میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو نہیں بنائے گا۔

    وفاقی پولیس نے سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر دو اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔ ان میں آپریشنز ڈویژن میں تعینات کانسٹیبل آفتاب احمد اور احتشام اسلم شامل ہیں۔

    دونوں پولیس افسران پر ’’بدتمیزی‘‘ اور پالیسی کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور انہیں ریسکیو 15 رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کا ڈی آئی جی اسلام آباد نے بھی سخت نوٹس لے لیا ہے اور معطل افسران کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی بھی ہوگی۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا بالخصوص ٹک ٹاک کی بڑھتی مقبولیت اور تیزی سے وائرل ہونے کے شوق میں پولیس افسران اور اہلکار بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

    اب تک ملک بھر کے مختلف علاقوں سے مرد وخواتین پولیس اہلکاروں کی دوران ڈیوٹی یونیفارم میں ویڈیو بنانے اور اس کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی ویڈیوز منظر عام پر آتی رہی ہیں، جب کہ گاہے بگاہے متعلقہ حکام ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کر رہے ہیں۔

    پنجاب اور سندھ میں پولیس کے سوشل میڈیا ایپ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی کی تنبیہہ کے باوجود اس قسم کی ویڈیوز منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/sindh-police-use-of-tik-tok-during-duties-alarming/

  • ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کرڈالا

    ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کرڈالا

    راولپنڈی : ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کر ڈالا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعہ تھانہ روات کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں گزشتہ روزپیش آیا تاہم ہیڈ کانسٹیبل شہباز انجم کیانی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ابتدائی طور پر اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ لڑکی نے خودکشی کی ہے۔

    مزید پڑھیں : باپ نے بھائی کے ساتھ ملکر بیٹی کو قتل کردیا

    تاہم تفتیش کے دوران، پولیس کو ایسے شواہد ملے جو خودکشی کے بیانیے سے متصادم تھے اور اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ لڑکی کو قتل کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم اخلاق نے بیٹی مہک کو موبائل سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، بیٹی نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کیا تو اخلاق نے طیش میں آکر گولی مار کر قتل کردیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو تاحال فرار ہے۔

  • پی ٹی آئی نے رپورٹنگ کے ذریعے میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروایا، فیاض الحسن چوہان کا الزام

    پی ٹی آئی نے رپورٹنگ کے ذریعے میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروایا، فیاض الحسن چوہان کا الزام

    لاہور: مرکزی ترجمان استحكام پاكستان پارٹی فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے مسلسل رپورٹنگ کے ذریعے میرا ٹک ٹاک  اکاؤنٹ بلاک کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان استحكام پاكستان پارٹی فیاض الحسن چوہان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا۔

    فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے مسلسل رپورٹنگ کے ذریعے میرا اکاؤنٹ بلاک کروایا۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروا کر پی ٹی آئی نے اپنی شکست تسلیم کی ہے، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم اگر میرا مقابلہ نہیں کرسکتی تو ریاست کا کیا مقابلہ کرے گی۔

    مرکزی ترجمان استحكام پاكستان پارٹی نے کہا کہ میرا جُرم “سب سے پہلے پاکستان” کا نعرہ لگا نا ہے، میرا جُرم تحریکِ فساد فی الارض کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کرنا ہے، ابھی تو میں سوشل میڈیا پر بھرپور متحرک نہیں ہوں تو پی ٹی آئی کی ہوا اُکھڑ گئی ہے، پی ٹی آئی میدان میں مقابلہ کرے گیدڑوں کی طرح راہ فرار حاصل نہ کرے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا کی جنگ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور سیاست کے میدان پر جاری رہے گی، بانی چئیرمین پی ٹی آئی کی ملک دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرنے پر میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروایا گیا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم تگڑی رہے پاکستان کے لیے اور تحریکِ فساد فی الارض کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔