Tag: ٹک ٹاک ویڈیو

  • اسٹریٹ سوئپر ایک ٹک ٹاک ویڈیو سے سپرماڈل بن گئی

    اسٹریٹ سوئپر ایک ٹک ٹاک ویڈیو سے سپرماڈل بن گئی

    قسمت پلٹتے اور کامیابی ملتے کبھی کبھی بالکل دیر نہیں لگتی، بنکاک کی اسٹریٹ سوئپر کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا جسے ٹک ٹاک ویڈیو نے سپرماڈل بنادیا۔

    راتوں رات نوپاجت مین سمبوونسیٹ نامی خاتون شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی، سوئپر کی زندگی بدلنے کی کہانی گزشتہ ماہ شروع ہوئی جب بنکاک کی سڑکوں پر گھومنے والے ایک روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوو نے 28 سالہ نوپاجت مین کی خوبصورتی کو دیکھ کر اس کی تصویر لی۔

    مزے کی بات یہ ہے کہ نوپاجت مین دو بچوں کی تنہا ماں بھی ہے، جو گزشتہ ماہ تک اسٹریٹ سوئپر کا کام کررہی تھی لیکن روسی فوٹوفرافر کی بدولت نئی دینا میں قدم رکھ چکی ہے۔

    موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو کو ریزچیکوونے اپنے ٹک ٹاک پر پوسٹ کردی، جہاں یہ ویڈیودیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، صارفین نوجوان اسٹریٹ سوئپر کی خوبصورتی دیکھ کرحیران رہ گئے اور اس کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش کا اظہارکیا۔

    پھر کیا تھا میڈیا اداروں اور ماڈلنگ ایجنسیز نے نوپاجت مین سے رابطہ کرنا شروع کر دیا، تھائی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف انٹرویوز کے دوران سوئپر نے بتایا کہ وہ تقریباً ایک سال سے اسٹریٹ سوئپر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

    مشہور تھائی میک اپ آرٹسٹ چٹچائی پیانفاپیچارٹ نے ویڈیو وائرل ہونے اور شہرت حاصل کرنے کے بعد نوپاجت مین کو ایک مفت میک اوور سیشن میں مدعو کیا، جہاں انہوں نے اس معمولی اسٹریٹ سوئپر کو تھائی فلم “آرٹ آف دی ڈیول 2 (لانگ کھونگ)” کے کردار پینور کا حقیقی روپ دے دیا۔

    یہ تصاویر ایک بار پھر وائرل ہوگئیں اور 28 سالہ خاتون تھائی لینڈ میں زیربحث موضوع بن گئیں، ان تصاویر کی بدولت وہ کئی بڑے برانڈ کے لیے بطور ماڈلنگ کام کرچکی ہیں، اب وہ اپنی ساری توجہ اپنے نئے کیریئر پر مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا

    خطرناک ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا اچانک گولی چلنے سے نوجوان سگے بھائی کے ہاتھوں ہی ہلاک ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے علاقے قاسم پورہ میں پیش آیا، جہاں خطرناک ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے جنون میں ایک نوجوان اپنی جان گنوا بیٹھا۔

    رپورٹ کے مطابق غالب مارکیٹ قاسم پورہ کے رہائشی دو بھائی عبدالرحمان اور عبدالمنان پستول کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی جو سیدھی عبدالرحمان کو سینہ چیر گئی۔

    شدید زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ویڈیو بنانے کے دوران پستول سے گولی چلنے کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

    واضح رہے کہ نوجوانوں میں خطرناک سیلفی اور ویڈیوز بنانے کا جنون اب تک کئی افراد کی جان لے چکا ہے۔

    گزشتہ سال کوہاٹ میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے دو کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس واقعے میں گولی لگنے سے ایک بھائی کی ہلاکت ہوئی تو مارے خوف کے دوسرے بھائی نے خود کو گولی مار کر ختم کر لیا تھا۔

  • سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا جنون  طالب علم کی جان لے گیا

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا جنون طالب علم کی جان لے گیا

    جیکب آباد : سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا جنون طالب علم کی جان لے گیا، طالب علم ویڈیو بنا رہا تھا کہ گولی چل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے جنون نے طالب علم کی جان لے لی۔

    پولیس نے بتایا کہ طالب علم قادر ملغانی پستول سے سے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ گولی چل گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ تھانہ تاجوڈیروکی حدودگاؤں چاکرملغانی میں پیش آیا، گولی لگنے سے زخمی طالب علم کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑگیا۔

    یاد رہے چند ماہ قبل نوجوان سوشل میڈیا ویڈیو بناتے ہوئے پانی میں ڈوب کرجاں بحق ہوگیا تھام گارڈن ٹاؤن کا رہائشی احمد 12ویں کلاس کا طالب علم تھا۔

    خیال رہے کہ ملک میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان لڑکوں کی اموات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں بھی متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں

  • کراچی : دوران ڈیوٹی ویڈیو بنانا  لیڈی کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا

    کراچی : دوران ڈیوٹی ویڈیو بنانا لیڈی کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا

    کراچی : دوران ڈیوٹی وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر ایک لیڈی کانسٹیبل کو سروس سے معطل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا لیڈی کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا۔

    کانسٹیبل ماریہ گل کی دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

    ماریہ، ایک خاتون کانسٹیبل، کراچی کے گزری تھانے میں تعینات ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے کانسٹیبل کی رپورٹ طلب کرلی۔

    سید اسد رضا نے کہا کہ پولیس ایک پیشہ ور ادارہ ہے اور اہلکاروں کو اس طرح کے ‘غیر ذمہ دارانہ’ رویے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    جون کے شروع میں اس وقت کے اے آئی جی کراچی نے لیڈیز پولیس کانسٹیبل سمیت پولیس اہلکاروں میں ٹک ٹاک بنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کا نوٹس لیا تھا۔

    کراچی پولیس کے سابق سربراہ نے کہا تھا کہ وردی سرکاری ڈیوٹی کے لیے دی گئی ذاتی تشہیر کے لیے نہیں، ڈیوٹی اوقات کے دوران ٹک ٹاک کو یونیفارم میں بنانا نامناسب ہے۔

  • گلوکاری کے شوقین نوجوانوں کیلئے بڑی خبر

    گلوکاری کے شوقین نوجوانوں کیلئے بڑی خبر

    ٹک ٹاک نے ایک نیا فیچر متعارف کروانے کی تیاری کرلی، جس کے بعد صارفین کو اپنی آواز میں سونگز ویڈیوز بنانے کی سہولت میسر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مختصر دورانیے کی ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک میں ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے بیشتر افراد خود گانے تیار کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

    جی ہاں! غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین اپنی ٹک ٹاک پوسٹس کے لیے خود گانے تیار کرسکیں گے۔

    TikTok

    اے آئی سانگ نامی اس فیچر میں صارف کو تحریری ہدایات دینا ہوں گی۔ لارج لینگویج ماڈل بلوم کے ذریعے صارفین کسی پوسٹ کو تیار کرتے ہوئے گانے کے بول یا شاعری تحریری شکل میں لکھ دیں گے۔

    اس کے بعد ٹک ٹاک کی جانب سے اے آئی سانگ کو پوسٹ میں ساؤنڈز ایڈ کرنے کا مشورہ دیا جائے گا۔ ٹک ٹاک کی جانب سے اس نئے فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی گئی ہے۔

    کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بنیادی طور پر یہ اے آئی سانگ جنریٹر نہیں اور ممکنہ طور پر اس نام کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

    Songs

    ترجمان کے مطابق اس فیچر کی ابھی آزمائش کی جا رہی ہے اور اس سہولت کے ذریعے کیٹلاگ میں موجود کسی بھی میوزک کو استعمال کرکے گانا تیار کرنا ممکن ہوگا۔

    یہ فیچر ابھی محدود صارفین کو دستیاب ہے تو اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیے جانے والے گانوں کے معیار کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔

    اے آئی کی مدد سے گانوں کو تیار کرنے کا رجحان نیا نہیں بلکہ گزشتہ مہینوں میں ایسے کئی گانے وائرل ہو چکے ہیں، ٹک ٹاک پہلا پلیٹ فارم نہیں جو اس طرح کے اے آئی فیچرز صارفین کے لیے متعارف کرا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل یوٹیوب کی جانب سے بھی اے آئی کی مدد سے گانے تیار کرنے کے فیچرز کی آزمائش شروع کی گئی تھی۔

     

  • راہ چلتی عورت اچانک جم گئی! پراسرار ویڈیو دیکھ کر لوگ حیران

    راہ چلتی عورت اچانک جم گئی! پراسرار ویڈیو دیکھ کر لوگ حیران

    سوشل میڈیا پر پراسرار قسم کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک عورت چلتے چلتے اچانک جم جاتی ہے، پھر تھوڑی دیر بعد دوبارہ سے چلنا شروع کردیتی ہے۔

    ٹک ٹاک کے پلیٹ فارم سے ایک عجیب و غریب ویڈیو نے لوگوں کی توجہ اس وقت اپنی جانب کھینچ لی جب اس میں چلتی ہوئی ایک نامعلوم عورت اچانک سے ساکت ہوجاتی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نامعلوم عورت جس نے کالی شرٹ اور سفید پینٹ زیب تن کی ہوئی ہے، چلتے ہوئے اس کے ہاتھ اچانک ہوا میں ساکت ہوجاتے ہیں جب کہ اس کی ٹانگ بھی ہوام میں معلق ہوجاتی ہے۔

    کچھ سیکنڈز بعد وہ خاتون پھر سے چلنا شروع کردیتی ہیں کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، ٹک ٹاک صارفین اس ویڈیو پر طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں کہ یہ نظر کا دھوکا ہے یا واقعی ایسا ہوا ہے.

    https://www.tiktok.com/@unknown1575489/video/7254590299903642907

    سائنسی نظریات کے مطابق، نظر کا وہم اکثر ’’ہمارے دماغوں کو بیوقوف بناتا ہے‘‘ ، اس کی مثال یوں ہے کہ ’’بائیک اسپوکس ریڈیل پیٹرن کو دو ایک جیسی، سیدھی افقی لکیروں کے پیچھے لگانے سے وہ لکیریں آپ کو بگڑی ہوئی نظر آئیں گی، لیکن وہ اصل میں سیدھی ہوتی ہیں،‘‘ یہ چیزیں دراصل وقتی طور پر محض دماغ کو دھوکا دیتی ہیں۔

  • مارگلہ ہلز پر آگ کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    مارگلہ ہلز پر آگ کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: مارگلہ ہلز پر آگ کے قریب ویڈیو بنانے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جس میں کہا کہ خاتون جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مارگلہ ہلز پر آگ کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    مقدمہ تھانہ کوہسار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ڈولی نامی ٹک ٹاکر کی ویڈیو گردش کررہی ہیں، خاتون جنگل میں آگ لگاکرویڈیو شوٹ کروارہی تھی۔

    مقدمے میں کہا گیا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا علاقہ ہے، کچھ دنوں سے آگ کے متعدد واقعات ہوئے۔

    اس سے قبل مارگلہ ہلز میں آگ لگا کر خاتون کی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر ٹک ٹاکر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی تھی۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سی ڈی اے کی جانب سے درخواست دی گئی،جس میں کہا کہ ٹک ٹاکر ڈولی کی جنگل میں آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ مارگلہ ہلز میں آگ لگنےکےمتعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں، لینڈ اسکیپ ایکٹ ،انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کیا جائے۔

    ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ درختوں اورپودوں میں پرندےاورجانوررہتےہیں، کچھ دن پہلے جنگل میں آگ لگی، جنگل میں کوئل کاگھونسلہ بھی تھا،ریسکیو رضاکار نے گھونسلے کو وہاں سے اٹھایا۔

    عرفان نیازی نے کہا تھا کہ ٹک ٹاکراپنی ویڈیوکیلئےبالکل خیال نہیں کرتے، قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے اور سزائیں بھی ہیں۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا

    نواب شاہ : ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ایک نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا، 28سالہ شہزادبھٹی کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک کے شوق نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، صوبہ سندھ کے شہرنواب شاہ میں مین ریلوے لائن کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیوبناتے ہوئے ایک شخص ٹرین کی زد میں آگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ وی آئی پی کالونی کےقریب پیش آیا ، 28سالہ شہزادبھٹی کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال بھی کئی ایسے واقعات سامنے آئے تھے ، لاہور کے علاقے شاہدرہ کا رہائشی نوجوان آصف ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

    راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں ٹک ٹاک ویڈیو سے مشہور ہونے کے چکر میں نوجوان ٹرین سے ٹکرا کر جان سے گیا۔

    خیال رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا شوق  سیکیورٹی گارڈ کی جان لے لیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا شوق سیکیورٹی گارڈ کی جان لے لیا

    لاہور: ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے اچانک گولی چلنے سے سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا ، ہلاک سیکیورٹی گارڈ اپنے ساتھی کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنارہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیو کا جنون ایک اور جان لے گیا، پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے علاقے سندر میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے اچانک گولی چلنے سے سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ہلاک سیکیورٹی گارڈاپنےساتھی کےساتھ ٹک ٹاک ویڈیوبنارہاتھا، اسامہ نامی گارڈ نے پسٹل حسین کی گردن کے قریب رکھا تھا کہ ویڈیو بناتے ہوئے گولی چل جانے سے سیکیورٹی گارڈ حسین ہلاک ہوا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اسامہ نامی سیکیورٹی گارڈ کواسلحےسمیت حراست میں لے لیا گیا ہے، ہلاک سیکیورٹی گارڈاوراسکازیرحراست ساتھی ایک ہی جگہ ملازمت کرتے تھے۔

    یاد رہے گذشتہ سال راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں ٹک ٹاک ویڈیو سے مشہور ہونے کے چکر میں نوجوان ٹرین سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا تھا۔

    خیال رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع میں فائرنگ اور تشدد سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ٹک ٹاک بنانے کی شکایت پر ہونے والی فائرنگ اور تشدد سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملک پور کا رہائشی زین اپنے دوست سلیمان کے ساتھ ٹک ٹاک بناتا تھا، جس پر سلیمان کی والدہ فوزیہ شکایت لے کر زین کے گھر گئیں اور الزام لگایا کہ زین میرے بیٹے کو خراب کر رہا ہے۔

    زین کی والدہ نے بیٹے کی شکایت کرنے والی خاتون سے جھگڑا شروع کر دیا اور اس کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔

    پولیس کے مطابق تشدد کے بعد جب سلیمان کی والدہ فوزیہ اپنے گھر پہنچیں تو مزید خواتین نے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا، خرم اور نعمان نامی افراد کی فائرنگ سے کم سن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلیمان کے گھر پر حملہ زین، اس کی والدہ، خرم، نعمان، لطیف اور 5 خواتین نے کیا تھا، جب کہ خرم اور نعمان کی فائرنگ سے سونیا، شہناز، 10 سالہ طیبہ، اور غلام شبیر زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق واقعے پر تھانہ منصور آباد پولیس نے 3 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

    مدعی رفیق نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے مقدمہ درج ہونے کے بعد ان کے گھر پر دوبارہ فائرنگ کی ہے، ملزمان مسلح ہو کر علاقے میں دندناتے پھر رہے ہیں، اور ان کی جان کو خطرہ ہے۔