Tag: ٹک ٹاک

  • عمران عباس کو غصہ کیوں آیا؟

    عمران عباس کو غصہ کیوں آیا؟

    پاکستانی ٹی وی کے معروف اداکار عمران عباس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر برہم ہوگئے اور مداح کو نہایت سختی سے جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر معروف اداکار عمران عباس نے گزشتہ روز سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا، سیشن کے دوران عمران عباس کے مداحوں نے ان سے مختلف سوالات کیے جن کے اداکار نے جواب دیے۔

    ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں؟ اور اس کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

    اس سوال پر عمران عباس برہم ہوگئے اور ہاتھ جوڑے والا ایموجی استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ میں ٹک ٹاک استعمال نہیں کرتا اور مجھ سے اس ایپ کے بارے میں میری رائے نہ پوچھیں۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل جب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی لگائی گئی تھی تو عمران عباس بھی ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے ٹک ٹاک پر پابندی کو خوش آئند قرار دیا تھا۔

  • ٹک ٹاک کی نئی پالیسیز سامنے آگئیں

    ٹک ٹاک کی نئی پالیسیز سامنے آگئیں

    سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹک ٹاک نے اپنے قوانین میں اضافہ کردیا تاکہ گمراہ کن، تشدد پر مبنی یا دھمکی آمیز ویڈیوز کی روک تھام کی جاسکے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو شیئرنگ سوشل نیٹ ورکنگ سروس ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے اپنے اصول و ضوابط کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔

    رواں سال مارچ میں ٹک ٹاک نے بتایا تھا کہ اس نے خود مختار ماہرین کی مدد لی ہے جو مواد کی پالیسیوں کے لیے کام کرنے والی کونٹینٹ ایڈوائزری کونسل کو مدد فراہم کریں گے۔

    کمپنی کی جانب سے رواں سال جنوری میں ہی پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا تھا تاکہ گمراہ کن ویڈیوز کی روک تھام کے ساتھ کم عمر صارفین کے رویوں کو بہتر بنایا جاسکے، اب کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کا بنیادی مقصد موجودہ پالیسیوں کو مضبوط بنانا ہے۔

    مثال کے طور پر نئی گائیڈ لائنز میں بدزبانی اور ہراساں کرنے سے روکنے کے لیے زیادہ تفصیلی قوانین کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے قوانین کی وضاحت واضح الفاظ میں کی گئی ہے کہ کس قسم کے مواد کو دھمکی آمیز یا تشدد پر اکسانے والا قرار دیا جائے گا۔

    ٹک ٹاک نے ایسے نئے قوانین کا بھی اضافہ کیا ہے جس کا مقصد صارفین کو جان لیوا مقابلوں، گیمز یا دیگر سرگرمیوں پر مبنی مواد سے روکنا ہے تاکہ نوجوانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

    ویسے تو سابقہ قوانین میں بھی اس طرح کے مواد کی روک تھام کا ذکر ہے مگر نئی گائیڈ لائنز سے کمپنی کے لیے اصولوں کا نفاذ آسان ہوسکے گا، اسی طرح صارفین کے لیے بھی جاننا آسان ہوگا جو اکثر شکایت کرتے ہیں کہ ایپ کی جانب سے ان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

    نئے قوانین کے ساتھ ٹک ٹاک کی جانب سے چند نئے فیچرز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، ایک فیچر نئی وارننگ اسکرین کا ہے جو صارفین کے سامنے کسی متنازع ویڈیو کو اوپن کرنے سے قبل سامنے آئے گی۔

  • ایئر پورٹ پر سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے والے خبردار

    ایئر پورٹ پر سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے والے خبردار

    کراچی: ایئرپورٹ سیکورٹی فورس اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے ایس ایف نے اسلام آباد ایئر پورٹ منیجر کو 19 نومبر کو ایک خط لکھا تھا جس میں ایئرپورٹ پر تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے معاملے کی نشان دہی کی گئی تھی۔

    اے ایس ایف نے کہا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر سوشل میڈیا کے لیے تصاویر اور ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں جو ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔

    اے ایس ایف کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر مختلف ادارے اور ایئر لائنز کے اہل کار دوران ڈیوٹی تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں، جنھیں پھر فیس بک، وٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔

    اسلام آباد ایئر پورٹ منیجر عدنان خان نے بتایا کہ اے ایس ایف کی نشان دہی پر سول ایوی ایشن نے بھی معاملے کا نوٹس لے لیا ہے، اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر ویڈیو بنانے والے اداروں کے انچارج اور نجی ایئر لائنز کے اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ایئر پورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر سختی سے ضابطے پر عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ایئر پورٹ پر ایک نجی کمپنی کی خاتون ملازم نے ٹک ٹاک بنائی تھی، جس پر ایئر پورٹ انتظامیہ نے نوٹس لے لیا تھا اور خاتون ملازمہ کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔

  • امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ، عملدر آمد مؤخر

    امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ، عملدر آمد مؤخر

    واشنگٹن: امریکی حکام نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مؤخر کر دیا، امریکی عدالت نے ایپ پر پابندی کے فیصلے کو مؤخر کرنے کا حکم دیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی حکومت نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مؤخر کر دیا ہے، امریکی حکام کے مطابق وہ ایک امریکی عدالت کی جانب سے ٹک ٹاک کے حق میں دیے گئے فیصلے کی پاسداری کریں گے۔

    اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کے حکام مقبول ایپ پر پابندی لگانے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں، ان کا الزام ہے کہ ٹک ٹاک کا اپنی ملکیتی چینی کمپنی بائیٹ ڈانس کے ذریعے چینی حکام سے تعلق ہے اور اس طرح ٹک ٹاک صارفین کا ڈیٹا چین حاصل کر سکتا ہے۔

    ٹک ٹاک کے امریکا میں 10 کروڑ سے زائد صارفین ہیں، ایپ کو فیڈرل کامرس ڈیپارٹمنٹ کے اس اعلان سے مہلت ملی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی جج کے حکم کے بعد ایپ پر پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مؤخر کیا جا رہا ہے۔

    امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ عدالتی فیصلے کی پاسداری کر رہا ہے اور پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مزید عدالتی حکم تک نہیں گا، مذکورہ عدالتی فیصلے کے خلاف امریکی حکومت نے اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کو پابندی سے بچنے کے لیے امریکی ملکیتی کمپنی بننا ہوگا جس کے شیئرز امریکی سرمایہ کاروں کے پاس ہو۔

    دوسری جانب ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اس مسئلے کے حل کی امید ہے جس میں امریکا کے سیکیورٹی خدشات کو دور کیا جا سکے، اگرچہ ہم ان خدشات سے اتفاق نہیں رکھتے۔

    بائیٹ ڈانس اور ٹک ٹاک نے آئی ٹی فرم اوریکل اور ریٹیلر چین وال مارٹ کے ساتھ مل کر ایک نئی کمپنی قائم کرنے کی تجویز بھی دی ہے جس میں اوریکل ٹیکنالوجی پارٹنر اور وال مارٹ بزنس پارٹنر ہوں گے، تاہم اس ڈیل پر ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

  • ٹک ٹاک ایپ سے متعلق پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ

    ٹک ٹاک ایپ سے متعلق پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ٹک ٹاک ایپ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی اے نے ٹک ٹاک ایپ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کے خلاف بہت ساری شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر ٹک ٹاک بلاک کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کے خلاف غیر اخلاقی مواد کے حوالے سے شکایات تھیں۔

    ٹک ٹاک کا شوق ایک اور نوجوان کی جان لےگیا

    واضح رہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے شوقین افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنی ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتے ہیں، اس دوران ہزاروں نوجوان خطرناک انداز میں ویڈیو بنا کر ایپ پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جس کے باعث گزشتہ ایک سال کے دوران درجنوں نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    رواں ماہ 3 تاریخ کو  کراچی میں لیاری ایکسپریس وے پر چار دوست ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے تھے جن میں 13 سال کا سلمان جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق چاروں بچے پیدل ایکسپریس وے پر ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ پیچھے سے ہائی روف گاڑی نے بچوں کو ٹکر مار دی۔

  • ایان علی کا اپنے مداحوں کے لیے تحفہ

    ایان علی کا اپنے مداحوں کے لیے تحفہ

    لاہور: پاکستانی ماڈل و گلوکارہ ایان علی نے بھی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک جوائن کرلی، انہوں نے اپنی پہلی ٹک ٹاک ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایان علی نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو پوسٹ کی جو ان کی پہلی ٹک ٹاک ہے۔

    یہ ویڈیو ان کی تصاویر پر مبنی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے یہ بھی کہا کہ وہ ان کے حالیہ البم کے گانوں پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنائیں اور ان کے ساتھ شیئر کریں۔

    اس سے قبل ایک پوسٹ میں ایان علی نے مداحوں کو اپنے فلاحی ادارے کے بارے میں بھی بتایا تھا۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ ان کا ادارہ بی مائے فرینڈ آرگنائزیشن خواتین اور بچوں کو محفوظ اور بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ ادارے کے تحت انہیں تمام تر بنیادی ضروریات بھی مہیا کی جارہی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    Friends I believe everythin that happens in ur life leads u towards betterment.It is an honor for me to share with u guys somethin that I was doin always but now on a much larger scale … My charitable organisation “Be My Friend Foundation” that I registered in United Kingdom which is goin to help out Children & Women in any form that I can either it’s Education,Medical Help basic necessities like Food,Shelter or Legal Help in my beloved home Pakistan or anywhere in the World.I always thought that how can we make the World a better place with all the negativity that’s around us couldn’t thought of a better idea then this 🙂 I decided that from now on whatever profit I will be recieving annually from the royalties of my Debut Album “Nothing Like Everything” & any other projects that I will do I m goin to donate 50 percent profit to my “Be My Friend Foundation” Social links: Instagram: @bemyfriend.foundation Facebook: https://www.facebook.com/BeMyFriendFoundation Twitter: https://twitter.com/bemyfriendfdn Official Website: http://bemyfriendfoundation.com

    A post shared by Ayyan (@ayyanworld) on

  • انسٹاگرام ٹک ٹاک کو سخت ٹکر دینے کے لیے تیار

    انسٹاگرام ٹک ٹاک کو سخت ٹکر دینے کے لیے تیار

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن انسٹاگرام نے اپنے ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی ریلز میں نئے اضافے کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسٹاگرام ریلیز میں اب صارفین زیادہ طویل ویڈیو بناسکیں گے جبکہ ان کو زیادہ آسانی سے ٹرم یا کاٹ سکیں گے۔کمپنی کے مطابق اس سے نہ ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے میں مدد مل سکے گی بلکہ انسٹاگرام کے وہ صارفین بھی اس کا حصہ بن سکیں گے جو اب تک ریلز میں دلچسپی ظاہر نہیں کریں گے۔

    انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ ان میں سب سے اہم فیچر ویڈیوز کی لمبائی میں اضافہ ہے۔اب ریلیز میں صارفین 15 کی بجائے 30 سیکنڈ کی ویڈیو ریکارڈ کرسکیں گے۔

    دوسری بڑی تبدیلی ٹائمر کے وقت میں اضافہ ہے جو اب 10 سیکنڈ کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ صارفین کسی ویڈیو سے کلپ کو کٹ کرسکتے ہیں جس سے کسی ویڈیو کو بہتر بنانے میں زیادہ مدد مل سکے گی تاہم ریلیز میں ابھی تک کوئی اضافہ نہیں کیا گیا جو اسے ٹک ٹاک سے الگ کرسکے۔

    امریکا میں ٹک ٹاک کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال کے نتیجے میں کمپنی کو توقع ہے کہ چینی ایپ کے صارفین ریلیز کا رخ کرسکتے ہیں۔

    ریلیز کی پراڈکٹ ڈائریکٹر ٹیسا لیونز لیانگ کا کہنا تھا کہ صارفین کی جانب سے ان تبدیلیوں کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اس کو دیکھتے ہوئے ایسا کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ریلیز کو لوگوں کے فیڈ بیک کے مطابق بہتر بناتے رہیں گے اور یہ اپ ڈیٹس ویڈیو کو بنانے اور ایڈٹ کرنا آسان بنائے گا۔

  • ایبٹ آباد: نوجوان کو چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑ گیا

    ایبٹ آباد: نوجوان کو چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑ گیا

    ایبٹ آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں نوجوان کو چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں ٹک ٹاک بنانے کے شوق میں نوجوان عمیر حیات ٹرین کے انجن سے ٹکرا گیا تاہم وہ معجزانہ طور پر بچ گیا

    واقعے کے بعد ریلوے پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے ریلوے ایکٹ کی دفعہ 325PPC کے تحت 122A1 کا مقدمہ درج کر لیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے لانڈھی، بھینس کالونی میں پیرانوگوٹھ کے قریب ریل کی پٹری پر ٹک ٹاک بنانے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے نوجوان ہلاک ہوگیا تھا

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے میں مصروف کاشف نامی نوجوان کو ٹرین نے کئی بار ہارن دیا لیکن نوجوان آواز نہ سن سکا اور ٹرین کی زد میں آگیا۔

  • ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی ویڈیو بنانے والی خاتون کے لیے بری خبر

    ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی ویڈیو بنانے والی خاتون کے لیے بری خبر

    لیاقت پور: ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی ویڈیو بنانے والی خاتون نے شاید سوچا نہیں تھا کہ جو ویڈیو وہ بنانے جا رہی ہے، وہ ان کے لیے کیسی مصیبتیں کھڑی کر سکتی ہے۔

    خاتون کے خلاف لاہور سائبر کرایم سیل میں ایک وکیل نے درخواست دے دی ہے، درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خاتون کو شوہر کی موت کی جھوٹی ویڈیو بنانے پر سزا دی جائے۔

    لاہور سائبر کرائم سیل میں اندراج مقدمہ کی درخواست ایڈووکیٹ شہباز احمد نے دی ہے، جس میں خاتون اور شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر کے سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے شہر لیاقت پور میں خاتون نے اپنے ٹک ٹاک فالوورز بڑھانے کے لیے اپنے شوہر کے انتقال کی جھوٹی خبر پر مبنی ویڈیو اپ لوڈ کر دی تھی، جس پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد گھر کے باہر جمع ہوئی تو حقیقت سامنے آ گئی۔

    خاتون نے ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی خبر دے دی

    خاتون نے ویڈیو میں رونے کی اداکاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عادل نہیں رہے، ان کا کار ایکسیڈنٹ ہوا اب وہ اس دنیا میں نہیں رہے۔‘

    سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون کہتی نظر آتی ہے ’عادل نہیں رہے، عدنان کی کال آئی تھی، اس نے بتایا عادل کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے وہ نہیں رہے، میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟‘

    ٹک ٹاک اسٹار عادل راجپوت کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی اور عادل راجپوت کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا، جہاں سوشل میڈیا صارفین نے ان کی موت کی افواہ پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

  • امریکا: ٹک ٹاک اور دیگر ایپس بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن

    امریکا: ٹک ٹاک اور دیگر ایپس بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک اور دیگر چینی ایپ بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن ہے، لوگ کہتے ہیں چین اور روس انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، اوباما نے انتخابات کی شفافیت کے لیے کچھ نہیں کیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق میڈیا کانفرنس سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں امریکیوں کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے حق میں نہیں ہوں، پوسٹل سروس کو ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے لیے پیسے نہیں دیے جا سکتے، پوسٹل سروس کو ساڑھے 3 ارب ڈالرز صرف ووٹنگ کے لیے چاہیے، شمالی کوریا، روس، چین اور دیگر ممالک ڈاک کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کرا سکتے ہیں۔

    امریکی صدر نے اپنے صدارتی حریف جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا سویا ہوا بائیڈن لوگوں کو تہہ خانوں میں بند کرنا چاہتا ہے، ڈیموکریٹس اور میرا منشور بہت مختلف ہے، جوبائیڈن میڈیا سے کبھی سوالات نہیں لیتے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹ سرحدیں کھلی رکھنا چاہتے ہیں، جس کی سرحدیں کھلی ہوں وہ ملک نہیں ہوتا، 290 میل دیوار مکمل ہو چکی ہے، جوبائیڈن جرائم پیشہ افراد کو امریکا آنے دینا چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا میں اسکولوں کو بند رکھنے کے حق میں نہیں، لوگوں کو ماسک پہننے کا کہنا حب الوطنی ہے، امریکیوں سے درخواست کروں گا کہ ماسک ضرور پہنیں، لوگوں کو سماجی فاصلوں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا تمام ریاستوں کی اپنی حکمت عملی ہے، ہم سائنسی ریسرچ پر مبنی حکمت عملی بنا رہے ہیں، آئندہ سال شاید ہم پچھلے سال سے بھی زیادہ مضبوط ہوں، امریکا میں اموات میں بڑی تعداد میں کمی آ رہی ہے، ڈیموکریٹ جوبائیڈن ہر معاملے پر سیاست کر رہا ہے، وائرس کو عقل مندی سے شکست دیں گے، تہہ خانوں میں بند ہو کر نہیں، کرونا کی 3 ویکسین حتمی مراحل میں ہیں۔