Tag: ٹھوکر نیاز بیگ

  • ٹھوکر نیاز بیگ میں گاڑیوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد، کمانڈوز جیسا لباس پہنے ملزمان گرفتار

    ٹھوکر نیاز بیگ میں گاڑیوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد، کمانڈوز جیسا لباس پہنے ملزمان گرفتار

    لاہور: ٹھوکر نیاز بیگ میں 2 گاڑیوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، جس پر 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈولفن پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ میں سیاہ شیشے والی گاڑیوں سے دوران چیکنگ بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے پندرہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

    اسلحے میں 5 جدید آٹومیٹک رائفلیں، 8 پستول شامل تھے، ترجمان ڈولفن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے حساس اداروں کے کمانڈوز جیسا لباس پہن رکھا تھا، ملزمان نے ناکہ اہلکاروں کے ساتھ سخت مزاحمت بھی کی۔

    ترجمان ڈولفن کے مطابق اسلحہ غیر لائسنس یافتہ ہے، ملزمان دستاویزی مواد بھی پیش نہ کر سکے، گرفتار ملزمان کو تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • لاہور موٹر وے کے قریب پولیس چیک پوسٹ کے پاس نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی

    لاہور موٹر وے کے قریب پولیس چیک پوسٹ کے پاس نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی

    لاہور: موٹر وے کے قریب ٹھوکر نیاز بیگ پر پولیس چیک پوسٹ کے پاس ایک نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے کارروائی سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور موٹر وے کے قریب ٹھوکر نیاز بیگ پر نوجوان کو ڈاکوؤں نے گھیر لیا، مسلح ڈاکو نوجوان کو شدید زخمی کر کے قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے، ڈاکوؤں نے نوجوان کے گلے میں پھندا ڈال کر چاقو کے وار کیے۔

    نوجوان علی جاوید جھنگ سے لاہور آ رہا تھا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے پاس گاڑی سے اتر کر دوسری سواری لینے لگا، تاہم اسے ڈاکوؤں نے گھیر لیا، ڈاکوؤں نے اسے زمین پر لٹا کر گلے میں پھندا ڈالا اور چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا۔

    زخمی نوجوان جائے واردات سے تقریباً سو قدم کے فاصلے پر موجود پولیس چیک پوسٹ پہنچا، تاہم پولیس اہل کاروں نے فوری کارروائی کی بجائے نوجوان کو 1000 روپے تھما دیے، زخمی نوجوان دُہائیاں دیتا رہا لیکن پولیس اہل کار فوری کارروائی سے انکاری رہے۔

    زخمی نوجوان کے بھائی عمر جاوید نے بتایا کہ پولیس اہل کاروں نے بھائی سے کہا ابھی 1000 روپے لے کر گھر جاؤ کل ایف آئی درج کرانا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کو پولیس چیک پوسٹ کے قریب چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کیا گیا، لیکن پولیس اہل کار مدد کی بجائے روایتی سستی کا مظاہرہ کرتے رہے۔

    عمر جاوید کے مطابق ڈاکو ان کے بھائی سے موبائل، پیسے اور لیپ ٹاپ لے کر فرار ہوئے۔