Tag: ٹیسٹ میچ

  • پاک سری لنکا ٹیسٹ، کراچی پولیس نے سیکورٹی پلان تیار کر لیا

    پاک سری لنکا ٹیسٹ، کراچی پولیس نے سیکورٹی پلان تیار کر لیا

    کراچی: شہر قائد کی پولیس نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ میچ ہوگا، کراچی پولیس نے میچ کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا، 3647 اہل کار اور افسران اس دوران سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 12 گھڑ سوار، 66 خواتین اہل کار بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی، 175 پولیس موبائل، 41 موٹر سائیکلیں گشت پر مامور ہوں گی، 34 ایس ایس پیز، ایس پیز اور 69 ڈی ایس پیز بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، پاکستان سری لنکا ٹیسٹ میچ، متبادل روٹس کا اعلان

    خیال رہے کہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، پاکستان اور سری لنکا ٹیموں کے درمیان ایکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا۔

    پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا جا سکتا ہے، سری لنکن ٹیم پاکستان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے پر عزم ہے جب کہ پاکستانی ٹیم جیت کے لیے جی جان کی بازی لگائے گی۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج 10 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔

  • بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    لاہور: کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آئندہ سال دورہ پاکستان کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے عالمی دروازے آہستہ آہستہ پاکستان کے لیے کھلنے لگے ہیں، سری لنکن ٹیم کے دورے کے بعد اب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں، پاکستان نے دنیا کے سامنے پرامن ملک ہونے کا ثبوت دے دیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 کھیلنے 2020 میں پاکستان آئے گی، ہم چاہتے ہیں آسٹریلیا 3 ٹیسٹ میچ کھیلے، نیوساؤتھ ویلز سے اسکالرشپ پروگرام پر بات ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں خواتین سمیت کھلاڑی بھی وہاں تربیت حاصل کریں۔

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ 11 سال بعد بگٹی اسٹیڈیم میں ہوئے، ہمارے ٹیم نے لائیو میچوں کو یقینی بنایا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کے اخراجات برداشت کرے گا۔

    دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مارچ کے تیسرے ہفتے میں دورہ بھارت کے بعد 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز کی دعوت دی تھی، آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

    علاوہ ازیں ایم سی سی کرکٹ ٹیم(میریلیبون کرکٹ کلب) فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کریں گے جبکہ اجمل شہزاد ہیڈ کوچ اور لاوینڈر ٹیم منیجر ہوں گے، ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی، ٹیم پاکستان بھجوانے کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

    ایم سی سی کرکٹ ٹیم  46 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی ہے، ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مؤقف پیش کیا تھا، امید ہے اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی دورے کا بھرپور لطف اٹھائے گا۔

    جبکہ صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوشی ہے، پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مداح مسرور ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد عالمی کرکٹ بحال ہوچکی ہے، سری لنکن ٹیم اس وقت دورہ پاکستان پر ہے، جبکہ کل دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

  • کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی: شہرقائد میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ رنگ جمائے گا، کل شاہین سری لنکن ٹیم پر جھپٹیں گے، میچ جمعرات کی صبح 10 بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلیں۔

    ون ڈے اور ٹی 20 کے پعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بھی لوٹ آئی ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دہائی بعد ٹیسٹ کرکٹ کی دھوم مچےگی، فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور تیاریاں کیں۔

    بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی سیریز جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں، 2009 میں آخری بار اسی گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم نے ہی کھیلا تھا اب 2019 میں ٹوٹا ہوا سلسلہ سری لنکا ہی جوڑے گا، پنڈی ٹیسٹ سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں، اب کراچی میں کرکٹ کے دیوانوں کو مقابلے کا بےصبری سے انتظار ہے۔

    دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے، وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے، کھلاڑیوں نے فتح اپنے نام کرنے کے لیے جم کر پریکٹس کی ہے۔

    خیال رہے کہ فاسٹ بولر عثمان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا ہے۔

  • پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

    سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    یہ پاکستانی سرزمین پر 10 سال بعد ہونے والا ٹیسٹ میچ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس موقع پر کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس تیار کی ہیں جو پاکستانی کرکٹرز سری لنکن کھلاڑیوں کو پیش کریں گے۔

    شائقین کرکٹ چیکنگ کے بعد شٹل سروس سے اسٹیڈیم پہنچے۔

    محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی میں 11 دسمبر کو موسم ابر آلود رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، 12 دسمبر کو وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اور 14 دسمبر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں۔ ٹیم میں بابر اعظم، شان مسعود، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور محمد عباس شامل ہیں۔ عثمان خان شنواری اور عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن کپتان کرونارتنے کا کہنا تھا کہ پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔ ٹیم اچھی بنی ہوئی ہے جبھی نتائج آرہے ہیں۔

    پاکستانی کپتان اظہر علی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کوشش کریں گے اچھا کھیلیں اور اچھا آغاز کریں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز لبوشین اور ڈیوڈ وارنر کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ پر 302 رنز بنالیے، کھیل کا پہلا روز آسٹریلیا کے نام رہا، پاکستانی بولرز صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اوپنر ڈیوڈ وارنر 166 اور لبوشین 126 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی۔

    پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد آسٹریلوی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، میچ کا دوسرا سیشن بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔

    دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہیں، جبکہ بادلوں نے بھی میچ کو گھیر رکھا ہے، پاکستان کی جانب سے جوائے برن کی وکٹ شاہین آفریدی نے لی، آسٹریلوی اوپنر جوائے برن 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق، محمدعباس اور محمدموسیٰ ٹیم میں شامل ہوگئے۔ حارث سہیل، عمران خان سینئر اور نسیم شاہ کو ٹیم سے آؤٹ کردیا گیا۔

    ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھتے ہوئے ہم پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ میچز میں تیسرے اور چوتھے دن اچھا کھیلا، کوشش کریں گے آج بھی اچھا کھیلیں۔

    مصباح کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد کیا قومی ٹیم آج پہلی کامیابی حاصل کرپائے گی یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوا ہے، جبکہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم سیریز ہارنے کی صورت میں پی سی بی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔

  • دوسرا ٹیسٹ: پاکستان اور آسٹریلیا کل سے مدمقابل ہوں گے

    دوسرا ٹیسٹ: پاکستان اور آسٹریلیا کل سے مدمقابل ہوں گے

    ایڈلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، دونوں ٹیمیں کل سے میدان میں اتریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر (کل) سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

    دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم دو روز قبل برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی، برسبین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، حارث سہیل کی جگہ امام الحق اور عمران خان سینیئر کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایڈلیڈ کے میدان میں پاکستان کبھی ٹیسٹ نہیں جیتا۔

    آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوا ہے، جبکہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم سیریز ہارنے کی صورت میں پی سی بی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔

    اگلا میچ ایڈلیڈ میں پنک بال سے ہوگا، پاکستان کو حکمت عملی بدلنی ہوگی ورنہ میچ کے ساتھ سیریز بھی ہاتھ سے جائے گی، ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

  • پہلا ٹیسٹ: دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 312رنز بنالیے

    پہلا ٹیسٹ: دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 312رنز بنالیے

    برسبین: پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے باز پاکستان پر حاوی رہے، اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا،دوسرے روز کے اختتام پر کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے قومی ٹیم بے بس دکھائی دی، اوپنر ڈیوڈ وارنر نے موقع ملنے پر سنچری جڑ دی، نسیم شاہ نے وارنر کو آؤٹ کیا لیکن نوبال نے وارنر کو بچایا۔

    آسٹریلیا نے دوسرے دن چائے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 195رنز بنائے، ڈیوڈوارنر 101 اور جو برنز 92 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، بعد ازاں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف پہلی وکٹ222رنز پر گرگئی، جوبرنز 97رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر 151 اور مارنس لبوشین 55رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔  خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا ہے، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی تھی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں صرف 240 رنز پر ہی بنا سکی تھی۔

    پہلے روز اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو 240 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز امپائر کے غلط فیصلے کا نشانہ بنے تھے، محمد رضوان 37 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے جب امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور نسیم عباس قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ 16سال کے نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

  • پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    نیپئر: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21نومبر سے 25نومبر تک مونٹ مونگنوئی میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک چار روزہ ٹور میچ کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک مونٹ مونگنوئی کھیلا جائے گا۔

    جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

    دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لیے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے جس کے مطابق ٹیسٹ سریز19مارچ سے شروع ہوگی، انگلش ٹیم آئندہ سال مارچ میں سری لنکا کا دورہ کرے گی جہاں وہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 مارچ تک گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 مارچ تک آر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلش ٹیم دو ٹور میچز بھی کھیلے گی۔

    خیال رہے کہ 10 نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ٹائی ہوگیا تھا، جس کے بعد سپر اوور میں انگلش ٹیم نے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی تین دو سے اپنے نام کرلی۔

  • تیسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف کلین سوئپ

    تیسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف کلین سوئپ

    جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے فتح حاصل کر کے سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن سیریز میں بری طرح ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

    پوری سیریز میں پاکستانی بیٹسمینوں نے بدترین کارکردگی دکھائی، اظہر علی نے 3 میچوں میں صرف 59 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد نے 3 میچز میں 112 رنز جبکہ امام الحق نے سیریز میں 149 رنز بنائے۔

    میچ کے تیسرے روز (گزشتہ روز) قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 228 رنز درکار تھے تاہم بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا رہی تھی۔

    دوسری اننگز میں اوپنرز نے 67 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تھا۔ امام الحق 35 اور شان مسعود 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

    قبل ازیں جوہانسبرگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے وکٹ کیپر کوئن ٹن ڈی کاک کی شاندار سنچری کی بدولت 303 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    کوئن ٹن ڈی کاک نے 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، انہیں شاداب خان نے حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ فلینڈر 17 اور ربادا 21 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

    پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد عامر نے 2، عباس اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پہلی اننگز

    پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، کپتان سرفراز احمد نے 50 جبکہ بابر اعظم 49 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 262 رنزبنائے تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

    یاد رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقہ کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل تھی جسے آج جنوبی افریقہ نے کلین سوئپ میں بدل لیا۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا

    ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا

    ابوظہبی: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا، ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹاکرے میں پاکستان نے مخالف ٹیم پر غلبہ پا لیا.

    تیسرے دن پاکستانی بلے باز چھائے رہے. پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 538 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا.

    بابر اعظم نے 99 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد نے ایک بار پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور 81 رنز اسکور کیے.

    فخر زمان 66، اظہر علی 64 اور  اسد شفیق نے 44 رنز  اسکور کیے۔ انگلش بالر نیتھن لائن نے 4 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا.

    پاکستان نے دوسری اننگز 400 رنز 9 وکٹوں پر ڈیکلیئر کر کے آسٹریلیا کو 538 رنز کا ٹارگیٹ دے دیا.

    دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنائے تھے. یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز  اسکور کیے تھے، جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بنا سکی۔


    آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان


    یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تھا.

    پاکستان اپنی شان دار پرفارمینس کے طفیل جیت کے قریب پہنچ گیا تھا، مگر سنیچری اسکور کرنے والے انگلش بلے باز عثمان خواجہ رکاوٹ بن گئے اور میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا.