آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے 7 ویں آسٹریلوی باؤلر بن گئے۔
مچل اسٹارک نے یہ سنگ میل جنوبی افریقا کے خلاف 74ویں میچ میں اپنے نام کیا، وہ 107 ون ڈے میچوں میں 211 وکٹیں بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹارک سے پہلے آسٹریلیا کے 6 کھلاڑیوں 300 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔ آنجہانی لیگ اسپنر شین وارن نے آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کیں، انہوں نے 145 میچوں میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بالر گلین میگرا نے 124 میچوں میں 563 وکٹیں اپنے نام کیں، اسپنر نیتھن لیون 113 میچوں میں 454 جب کہ ماضی کے مقبول فاسٹ بالر ڈینس لِلی 70 میچوں میں355 آوٹ کر چکے ہیں۔
کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا ہے، اس راز کا تعلق سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق میاں داد اسٹوریز میں سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے مشہور واقعے ‘تیرا روم نمبر کیا ہے؟’ سے متعلق وضاحت کی ہے۔
میاں داد نے بتایا کہ سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی میرے اچھے دوست تھے، ہم فیملی فرینڈ رہے، ہم نے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، انھوں نے ناٹنگھم سے نہایت شائستگی سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، ہمارا ملنا جلنا بہت تھا، اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دلیپ دوشی سے میچ کے دوران کیوں بار بار پوچھتے تھے کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟
میاں داد نے کہا کہ جب بنگلور میں میچ ہو رہا تھا تو ایک تو وہ سنیل گواسکر کی ہدایت پر لیگ سائیڈ پر گیند کرے جا رہے تھے، اور میں پیڈ مارے جا رہا تھا، وکٹ بہت ٹرننگ تھی، اس وقت میں نے سنیل گواسکر سے کہا کہ دنیا میں میں نے دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، ایک تو کتا ٹانگ پکڑتا ہے اور ایک دلیپ نے میری ٹانگ پکڑی ہوئی ہے، جس پر وہ بہت ہنسے تھے۔
میاں داد نے کہا کہ میں دلیپ دوشی سے پوچھا کرتا تھا کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟ دلیپ اور سنیل اس پر پوچھنے لگے کہ یہ روم نمبر کیوں پوچھ رہے ہیں بار بار۔ جب دلیپ نے روم نمبر بتایا تو میں نے کہا دو چار فیلڈر وہاں بھی کھڑے کر لیں، میں اب وہاں ماروں گا گیند۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان اس طرح کے مذاق چلتے رہتے تھے، انھیں غلط نہیں لینا چاہیے، کیوں کہ پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی ایک وقت میں اتنے قریب آ گئے تھے کہ فیملی جیسے تعلقات بن گئے تھے، بھارت سے میچ دیکھنے آنے والے کہتے تھے کہ ہم اس طرح کی مہمان نوازی نہیں کر سکتے جس طرح پاکستان میں ہمارا خیال رکھا گیا۔ لاہور میں میچ کے دوران لوگوں نے مہمانوں کو اپنے گھروں میں ٹھہرایا تھا کیوں کہ ہوٹل سارے بک تھے، وہ وقت واپس آنا چاہیے۔ بھارتی ٹی وی پر میرا پروگرام چلتا تھا ‘میاں داد آپ کے گھر میں’ کے نام سے۔ میں نے انڈیا میں لوگوں کو بیٹ سائن کر کے دیے، لوگ ہمیں چائے پلاتے تھے، بڑی تعداد میں لوگ ملنے آ جاتے تھے۔ ہم نے بہت اچھا وقت گزارا۔
خیال رہے کہ راجکوٹ گجرات میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے بھارت کی طرف سے صرف 33 ٹیسٹ میچ کھیل کر 114 وکٹیں حاصل کی تھیں، سلو لفٹ آرم لیگ اسپنر دوشی ابھی اور کھیل سکتے تھے مگر اس وقت کے کپتان سنیل گواسکر کے ساتھ ان کے اختلافات جو دورہ پاکستان کے دوران شدت اختیار کر گئے تھے، کی وجہ سے انھیں وقت سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنا پڑی۔
پچھلے سال وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکا کا دورہ کیا تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر دونوں شخصیات کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔
عملی سیاست کا آغاز کرنے اور پاکستان میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے سے پہلے دنیا عمران خان کو کرکٹر کی حیثیت سے جانتی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرکٹ کے شائق اور کسی کھلاڑی کے مداح ہوں یا نہ ہوں، مگر یہ ضرور جانتے ہیں کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان سابق کرکٹر ہیں اور انہی کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ کا فاتح بنا تھا۔
امریکی صدر کو یہ بھی معلوم ہو گا کہ جس ملک کے وزیرِ اعظم سے ان کی ملاقات ہو رہی ہے، اس کی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان بلا (کرکٹ بیٹ) ہے۔
وائٹ ہاؤس میں تحائف کا تبادلہ ہوا تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عمران خان کو ایک کرکٹ بیٹ دیا گیا۔
اس بلّے پر سابق امریکی صدر آئزن ہاور کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ آئزن ہاور وہ واحد امریکی صدر ہیں جنھوں نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ میچ دیکھا تھا۔
امریکی صدر نے 1959 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری ٹیسٹ میچ بھی دیکھا۔
لاہور: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں اے آئی جی آپریشنز نے فول پروف سیکورٹی کے لیے مزید فورس مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق اے آئی جی آپریشنز نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کانسٹیبلری فاروق آباد اور ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس سے مزید سیکورٹی مانگ لی ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ سیکورٹی کے لیے پی سی فاروق آباد سے 100 ریزرو فراہم کی جائے۔
مراسلے کے مطابق ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول سے 60 اسپیشل، 60 ٹرینڈ سنائپرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ تمام فورس 6 فروری کو پولیس لائنز راولپنڈی میں رپورٹ کرے گی، افسران اور اہل کاروں کی رہایش اور دیگرانتظامات سی پی او راولپنڈی کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پہلے ٹیسٹ کے لیے دونوں بورڈز کی جانب سے ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں فہیم اشرف اور بلال آصف کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ 7 سے 11 فروری تک شائقین پنڈی اسٹیڈیم سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی ایکسپریس سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی۔
شائقین کرکٹ سینٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
کراچی: شہر قائد کی پولیس نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ میچ ہوگا، کراچی پولیس نے میچ کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا، 3647 اہل کار اور افسران اس دوران سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 12 گھڑ سوار، 66 خواتین اہل کار بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی، 175 پولیس موبائل، 41 موٹر سائیکلیں گشت پر مامور ہوں گی، 34 ایس ایس پیز، ایس پیز اور 69 ڈی ایس پیز بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
خیال رہے کہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، پاکستان اور سری لنکا ٹیموں کے درمیان ایکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا جا سکتا ہے، سری لنکن ٹیم پاکستان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے پر عزم ہے جب کہ پاکستانی ٹیم جیت کے لیے جی جان کی بازی لگائے گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج 10 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔
راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا، 3 دن میں ایک اننگز بھی مکمل نہ ہو سکی، جس کے باعث میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔
پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔
خیال رہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کی آمد سے پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ہے، تاہم پہلا ٹیسٹ میچ ہی بارش اور خراب موسم کے سبب شدید متاثر ہو چکا ہے، آج سری لنکا کو 282 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرنی تھی تاہم بارش کی وجہ سے کھیل شروع نہ کیا جا سکا۔
پہلے دن سری لنکن ٹیم نے اننگز اوپن کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔ مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نسیم شاہ نے دو وکٹیں لیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز خراب موسم کے باعث صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ بارش کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن میں شاہین آفریدی نے نیروشن ڈک ویلا کو 33 رنز پر پویلین روانہ کیا۔ میچ جلد ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنالیے تھے، ڈی سلوا 72 اور پریرا 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
تیسرے روز کا کھیل بھی خراب آؤٹ فیلڈ کی نذر ہوا، دوسرے سیشن میں امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ روک دیا اور پھر کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ تیسرے دن صرف 5.2 اوورز کا کھل ہی ممکن ہو سکا، جس کے اختتام پر سری لنکا کے رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 تھے، دھنن جیا ڈی سلوا 87 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سر لنکن ٹیم کے ساتھ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی باعث مسرت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے دورہ پاکستان پر آئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آفیشلز نے ملاقات کی جس میں پاک سری لنکن کرکٹ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نےسری لنکن ٹیم کوپاکستان آمد پرخوش آمدید کہا اور سری لنکن ٹیم کے ساتھ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کادوبارہ آغازباعث مسرت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے جس میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
یہ پاکستانی سرزمین پر 10 سال بعد ہونے والا ٹیسٹ میچ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس موقع پر کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس تیار کی ہیں جو پاکستانی کرکٹرز اور سری لنکن کھلاڑیوں کو پیش کی گئیں۔
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ وہ ایک ٹیسٹ میچ تھا جو 29 جنوری 1955 میں لاہور میں کھیلا گیا۔
پاکستان کی جانب سے مقصود احمد عرف میری میکس بھارتی کھلاڑی کی گیند کا سامنا کرنے کو تیار تھے۔ ان کا انفرادی اسکور 99 رنز تھا اور وہ بڑی کام یابی کے قریب تھے کہ گپتے کی گیند پر ایک کھلاڑی نے اسٹمپڈ کر دیا۔ یوں سنچری مکمل نہ ہوسکی۔
وہ 99 رنز پر آئوٹ ہونے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے۔ یوں تو تمام پاکستانی اس پر رنجیدہ اور دکھی تھے، مگر نواب شاہ کا ایک شہری جو ریڈیو پر کمنٹری سن رہا تھا، مقصود احمد کے میدان سے باہر ہوجانے کی تاب نہ لاسکا اور حرکتِ قلب بند ہونے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
ادھر مقصود احمد اس کے بعد کبھی سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ ان کا شمار دنیا کے ان 9 کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن کا ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 99 رنز ہے۔ یہی مقصود احمد بعد میں پاکستان کی قومی سلیکشن ٹیم کا سربراہ بنے اور انھوں نے عمران خان کو ٹیم کی قیادت سونپی جو بعد میں کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح بنے۔ مقصود احمد میری میکس کے نام سے قومی اخبارات و جرائد میں کرکٹ پر مضامین بھی لکھتے رہے۔
ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں رنز کا سیلاب پاکستانی بولرز کو بہا لے گیا، آسٹریلیا نے پہلی اننگز 589 رنز پر ڈکلیئر کر دی، وارنر نے اپنے کیریئر کی پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ٹرپل سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست 335 بنائے۔ وارنر ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔
آسٹریلوی بلے باز لبوشین نے بھی مسلسل دوسری سنچری بنائی، اور اس دوران پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی لگائی، قومی بولرز آسٹریلیا میں وکٹ لینا ہی بھول گئے، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔
قومی بولرز نے رنز دینے میں سنچریاں بنائیں، یاسر نے 197، عباس نے 100، موسیٰ نے 118 رنز دیے، شاہین آفریدی کے علاوہ کوئی بھی بولر وکٹ نہ لے سکا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز پانچ سو نواسی رنز تین وکٹ پر ڈکلیئر کر دی۔
دوسری طرف پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز ہی نقصان سے کر دیا ہے، پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گر گئی، امام الحق 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ہیں۔
لاہور: ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو ٹیسٹ میچوں کے لیے مجوزہ شیڈول بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے دسمبر میں شیڈول آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں سری لنکن بورڈ کو مجوزہ پروگرام بھجوادیا ہے۔
پی سی بی نے سری لنکن بورڈ کو 9 اور 10 دسمبر کی تاریخ دی ہے جب کہ کراچی اور راولپنڈی کے وینیو بتائے ہیں۔ مجوزہ شیڈول کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکن بورڈ میچ کی تاریخ اور مقام کو فائنل کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکن بورڈ کو میچز کے لیے سیکورٹی پلان اور تمام ترانتظامات کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ مجوزہ پروگرام سے اتفاق کے بعد تمام معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پی سی بی کو یقین ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکن بورڈ اپنی ٹیسٹ ٹیم بھی پاکستان بھیجنے پر رضامند ہوجائے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان ہوں گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، حکام کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے بعد بنگلا دیش بھی پاکستان کا دورے کرے۔