Tag: ٹیسٹ کرکٹ

  • مہیند را سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

    مہیند را سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

    میلبورن : بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔مہیندر سنگھ دھونی کی ٹیسٹ کرکٹ کا سورج غروب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز میں شکست پر بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندرا سنگھ دھونی کافی دباؤ میں ہیں،  میلبورن میں پریس کانفرنس کے دوران دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔

    دھونی نے ساٹھ ٹیسٹ میچز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی۔ انہیں بھارتی ٹیم کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دھونی نے دوہزار پانچ میں سری لنکا کے خلاف چنائی میں ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا اور نوے میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔

    دھونی نے طویل دورانیئے کی کرکٹ میں چھ سینچریز اور تینتیس نصف سینچریز کی مدد سے چار ہزار آٹھ سو چہتر رنز اسکور کئے۔دھونی نے تن تنہا ہی بھارتی ٹیم کو کئی کامیابیاں دلائیں۔

    دوہزار آٹھ میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی۔ انہی کی قیادت میں بھارتی ٹیم پہلی مرتبہ ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم بنی۔ صرف اتنا ہی نہیں چالیس سال میں پہلی مرتبہ بھارت نے آسٹریلیا کو دھونی ہی کی قیادت میں کلین سوئپ بھی کیا۔

    دھونی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ وہ تمام تر توجہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں ویرات کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

  • دو ہزارچودہ میں پاکستان ٹیسٹ کرکٹ پرایک نظر

    دو ہزارچودہ میں پاکستان ٹیسٹ کرکٹ پرایک نظر

     کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوہزار چودہ ٹیسٹ کرکٹ میں کیا کھویا کیا پایا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں سال ٹیسٹ سیریز اختتام پذیر ہوگئیں۔ گرین شرٹس کی جیت کا تناسب ففٹی ففٹی رہا۔

    پاکستان نے چار سیریز کھیلیں۔ جس میں مجموعی طور پر دس میچز ہوئے۔ پاکستان نے چار جیتے، چار ہارے اور دو ڈرا رہے۔ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف سیریز ایک ایک سے برابر ہوئی۔

    دورہ سری لنکا میں شاہینوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کو یو اے ای میں تیس سال بعد کلین سوئپ کیا۔ رواں سال کی آخری ٹیسٹ سیریز کیویز کے خلاف برابری پر ختم ہوئی۔

    پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان بارہ سو تیرہ رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ یونس نے چھ سنچریز کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    کپتان مصباح الحق نے چار سینچریز کی مدد سے آٹھ سو بیاسی رنز  بنائے۔ مصباح نے ٹیسٹ کی تیز ترین نصف سنچری اور تیز سنچری کا ریکارڈ برابر کیا۔

    بولنگ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دھوم مچائی. یاسر نے پانچ میچز میں ستائیس بیٹسمینوں کا شکار کیا,ذوالفقار بابر بھی ستائیس وکٹیں حاصل کرکے دوسرے اور جنید خان اٹھارہ وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

  • مصباح الحق نے تیزترین سنچری کا ریکارڈ برابرکردیا

    مصباح الحق نے تیزترین سنچری کا ریکارڈ برابرکردیا

    ابوظہبی: پاکستانی ٹیم کے کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑی مصباح الحق نے چھپن گیندوں پر سو رنز بنا کر ویون رچرڈ کا ریکارڈ برابر کردیا۔

    ابوظہبی  ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کپتان مصباح نے گیارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی، اظہرعلی  بھی بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے دوسری اننگز میں بھی سنچری اسکور کر ڈالی۔

    شاہینوں کی اس بہترین کارکردگی کو اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے کھل کر داد دی، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کپتان مصباح الحق نے دو سو ترانوے رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی ہے اور پاکستان نے آسٹریلیا کو چھ سو تین رنز کا ہدف دیا ہے۔

  • مہیلاجے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا

    مہیلاجے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا

    سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
    جنوبی افریقہ اورپاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جے وردھنے کےکیرئیر کی آخری سیریز ہوگی۔ سابق سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن انہوں نے بہت سوچ سمجھ کر یہ قدم اٹھایا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں ٹیسٹ کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ تاہم وہ ون ڈے کرکٹ جاری رکھیں گے۔ جے وردھنے نے کہا کہ اٹھارہ سال تک سری لنکا کی نمائندگی کرنا ان کے کے لئے اعزاز کی بات ہے۔

    جے وردھنے نے انیس سو ستانوے میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ وہ اب تک ایک سو پینتالیس ٹیسٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے پچاس کی اوسط سے گیارہ ہزار سے زائد رنزبنائے۔ جے وردھنے طویل دورانیئے کی کرکٹ میں تینتیس سینچریاں بھی بناچکے ہیں۔