Tag: ٹیسٹ

  • ملک بھر میں کتنی لیبارٹریز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کر رہی ہیں؟

    ملک بھر میں کتنی لیبارٹریز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کر رہی ہیں؟

    اسلام آباد: ملک بھر میں 99 لیبارٹریز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کر رہی ہیں، لیبارٹریز کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں ہے جہاں 20 سرکاری اور 12 نجی لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کی تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، ملک بھر میں 99 لیبارٹریز کرونا وائرس کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 51 سرکاری، 45 نجی اور حکومتی تعاون کے ساتھ 3 لیبارٹریز کام کر رہی ہیں، سب سے زیادہ 34 لیبارٹریز پنجاب میں کام کر رہی ہیں، پنجاب میں 20 سرکاری، 12 نجی لیبارٹریز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کر رہی ہیں۔پنجاب میں حکومتی تعاون کے ساتھ 2 نجی لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق دوسرے نمبر پر سندھ میں 25 لیبارٹریز کرونا وائرس کے ٹیسٹ کر رہی ہیں، سندھ میں 9 سرکاری، 15 نجی اور 1 لیبارٹری کو حکومتی تعاون حاصل ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 لیبارٹریز کرونا وائرس ٹیسٹ کر رہی ہیں، جن میں سے 2 سرکاری اور 14 نجی لیبارٹریز کرونا وائرس ٹیسٹ کر رہی ہیں۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں 9 سرکاری اور 14 نجی لیبارٹریز کرونا وائرس ٹیسٹ کر رہی ہیں، بلوچستان میں 5 اور گلگت بلتستان میں 3 لیبارٹریز کرونا وائس کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں 3 سرکاری لیبارٹریز کرونا وائرس کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔

  • 20 منٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص کرنے والا ٹیسٹ

    20 منٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص کرنے والا ٹیسٹ

    میلبرن: آسٹریلوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ خون کے نمونوں سے صرف 20 منٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

    میلبرن کی موناش یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک بلڈ ٹیسٹ تیار کیا ہے اور انہیں توقع ہے کہ اس دریافت سے عالمی سطح پر کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد مل سکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ خون کے نمونوں میں سے 20 مائیکرو لیٹرز پلازما سے کووڈ 19 کے کیسز کی تشخیص کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

    اس تحقیق میں ماہرین نے ایسا سادہ خون کا ٹیسٹ تیار کیا جو خون میں کرونا وائرس کی بیماری کے ردعمل میں بننے والی اینٹی باڈیز کی موجودگی کی شناخت کرسکتا ہے۔

    محققین کے مطابق کرونا وائرس کے نتیجے میں جسم میں خون کے سرخ خلیات کا ایک اجتماع بن جاتا ہے جو خالی آنکھ سے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ ممکنہ طور پر کلینیکل ٹرائلز میں ویکسی نیشن کے عمل سے گزرنے والے افراد میں اینٹی باڈیز کی سطح کو جانچنے کے لیے بھی استعمال ہوسکے گا۔

    ماہرین کے مطابق اس ٹیسٹ کی بدولت ایک سادہ لیبارٹری سیٹ اپ کے ذریعے صرف ایک گھنٹے میں 200 خون کے نمونوں کا ٹیسٹ کیا جاسکے گا، جبکہ جدید ترین آلات سے لیس اسپتالوں میں ہر گھنٹے 700 سے زائد خون کے نمونوں کی تشخیص ہوسکے گی۔

  • کراچی کے ایک اور اسپتال میں کرونا وائرس ٹیسٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی کے ایک اور اسپتال میں کرونا وائرس ٹیسٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عباسی شہید اسپتال میں بھی کرونا وائرس ٹیسٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مفت کرونا ٹیسٹ سروس سے ضلع وسطی کی عوام کو سہولت حاصل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں بھی کرونا وائرس ٹیسٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، میئر وسیم اختر آج عباسی شہید اسپتال میں کرونا فری ٹیسٹ سروس کا افتتاح کریں گے۔

    فری کرونا ٹیسٹ سروس سے ضلع وسطی کی عوام کو سہولت حاصل ہوگی۔

    اس سے قبل کراچی میں آغا خان اسپتال اور انڈس اسپتال سمیت متعدد اسپتالوں میں کرونا وائرس ٹیسٹنگ کی جارہی تھی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے 148 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 4 ہزار 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 92 ہزار ہوچکی ہے۔ اب تک 81 ہزار 207 افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ میں جعلسازی کرنے والے گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ میں جعلسازی کرنے والے گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں 2 یمنی شہریوں کو اپنے کرونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کو جعلسازی کے ذریعے منفی کروانے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نجران ریجن میں پولیس نے کرونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ میں جعل سازی کروانے والے 2 یمنی باشندوں اور جعل سازی کے مرتکب سعودی شہری کو گرفتار کرلیا۔

    نجران ریجن کے پولیس ترجمان میجر عبد اللہ العشوی نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریجن میں 2 یمنی جن کا کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو تھا انہوں نے رشوت دے کر اپنا ٹیسٹ نیگیٹو کروا لیا ہے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک سعودی شہری کے ساتھ مل کر نیگیٹو کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ تیار کروائی تھی جس کے عوض انہوں نے رشوت بھی دی۔

    پولیس نے تحقیقات کی روشنی میں جعلی رپورٹ بنانے میں معاونت کرنے سعودی شہری کو بھی حراست میں لے لیا گیا اور اس سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں یمنی شہریوں اور جعلی رپورٹ بنانے میں ملوث سعودی کے خلاف جعل سازی کا کیس دائر کر دیا گیا ہے، ملزمان کو پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا جہاں سے ان کے خلاف مقدمہ دائر کر کے چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • قرنطینہ میں رہنے کے بعد شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا

    قرنطینہ میں رہنے کے بعد شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا

    اسلام آباد: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا دوسرا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا، شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی اور سابق وزیر شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا، ذرائع وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی بدستور قرنطینہ میں رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں شہریار آفریدی کا دوسرا ٹیسٹ کیا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر شہریار آفریدی قرنطینہ سے باہر نکل سکیں گے۔

    خیال رہے کہ شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، ان کی اہلیہ اور ان کے گھر کے 2 ملازمین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    دوسری جانب وفاقی و صوبائی وزار میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، اب تک متعدد وزرا اور صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کووڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں۔

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مجموعی طور پر پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئی ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہوچکی ہے۔

    اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 172 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے بجائے صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن مسافروں میں علامات نہ ہوں ان کو گھر جانے دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختوخواہ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹے میں 30 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 ہزار 197 ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 934، پنجاب میں 20 ہزار 656، خیبر پختونخواہ میں 8 ہزار 80، بلوچستان میں 3 ہزار 468، اسلام آباد میں 17 سو 28، گلگت بلتستان میں 630 اور آزاد کشمیر میں 211 ہے۔

    آپریشن سینٹر کے مطابق 18 ہزار 314 مریض کرونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک 4 لاکھ 90 ہزار 908 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: افریقہ میں تیار کردہ دوا آخر کار جرمنی کی لیبارٹری پہنچ گئی

    کرونا وائرس: افریقہ میں تیار کردہ دوا آخر کار جرمنی کی لیبارٹری پہنچ گئی

    مشرقی افریقی ملک مڈغاسکر میں تیار کردہ جڑی بوٹیوں کے مشروب، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ کرونا وائرس کا مؤثر ترین علاج ہے، کا جرمنی میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

    افریقی رہنماؤں اور خصوصاً مڈغاسکر کے صدر ایندرے رجولین کے بار بار زور دینے پر بالآخر اس افریقی مشروب کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے جسے کوویڈ اورگینک کا نام دیا گیا ہے۔

    جرمنی کے میکس پلینک انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین سمیت ڈنمارک اور امریکی محققین نے اس مشروب کے اہم جزو ارٹیمیسیا پودے کا ٹیسٹ شروع کردیا ہے۔ اس پودے کو ایک طویل عرصے سے ملیریا کے علاج میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

    تحقیق کے ابتدائی مرحلے میں صرف اس پودے کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے جس میں ماہرین اس پودے کے افعال اور کرونا وائرس سے اس کے تعلق کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    مڈغاسکر نے ابھی اس دوا کے فارمولے کو ظاہر نہیں کیا ہے اور اس حوالے سے صدر رجولین کا کہنا ہے کہ وہ مشروب بنانے کے حقوق محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اس پودے پر کی جانے والی تحقیق کے نتائج مئی کے آخر تک سامنے آجائیں گے، تاہم اگر اس کی افادیت ثابت ہوجاتی ہے تو اس سے بنے مشروب کے کلینکل ٹیسٹ کیے جائیں گے جس میں مزید وقت لگے گا۔

    مڈغاسکر میں تیار کردہ یہ مشروب کوویڈ اورگینک افریقہ میں بے حد مقبولیت پارہا ہے، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس مشروب کے استعمال سے کرونا وائرس کے مریض تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔

    مڈغاسکر کے صدر کا کہنا ہے کہ اس مشروب کی ایک ہی خوراک سے 24 گھنٹوں کے اندر کرونا وائرس کے مریض کی حالت میں بہتری آتی ہے، جبکہ اگلے 7 سے 10 دن میں مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوجاتا ہے۔

    دیگر افریقی ممالک نے بھی بڑی مقدار میں اس مشروب کو مڈغاسکر سے منگوایا ہے۔

  • کرونا وائرس: بلوچستان میں ایک روز میں سب سے زیادہ ٹیسٹ

    کرونا وائرس: بلوچستان میں ایک روز میں سب سے زیادہ ٹیسٹ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے ایک روز میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جن کی تعداد 863 ہے، مزید 174 افراد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 14 سو 95 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے میں کرونا وائرس کے حوالے سے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز 863 ٹیسٹ کیے گئے، صوبے میں ایک ہی دن میں یہ ٹیسٹس کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 863 ٹیسٹ میں سے 174 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 14 سو 95 ہوچکی ہے، اب تک کرونا وائرس کے 11 ہزار 496 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے مزید متعدد مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 206 ہوگئی ہے، صوبے میں کرونا وائرس سے اب تک 21 افراد کی موت ہوچکی ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 550 ہوچکی ہے جبکہ مہلک سے 526 اموات ہوچکی ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 1 ہزار 49 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک 6 ہزار 217 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان اپنا کرونا ٹیسٹ کرائیں گے

    وزیراعظم عمران خان اپنا کرونا ٹیسٹ کرائیں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنا کرونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

    ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بطور ذمہ دار شہری وزیراعظم عمران خان نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور جلد ان کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں کرونا ریلیف فنڈ کے لیے چیک پیش کیا تھا۔

    سندھ حکومت نے فیصل ایدھی کی فیملی کا کرونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کو ہدایت جاری کی۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی سے پہلے ان کے بیٹے کا بھی کروناٹیسٹ پازیٹو آیا تھا، جس کے بعد فیصل ایدھی کو کچھ دن گھر میں رہنےکی ہدایت کی گئی تھی، فیصل ایدھی 4 دن سےاسلام آباد میں تھے شک ہے وائرس وہیں سےمنتقل ہوا۔

  • رواں ہفتے پنجاب میں روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ ہوسکیں گے: یاسمین راشد

    رواں ہفتے پنجاب میں روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ ہوسکیں گے: یاسمین راشد

    لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رواں ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی استعداد بڑھ جائے گی، صوبے میں 10 نئے فیلڈ اسپتال قائم کیے جا چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ 3 دن پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے تحفظات رکھے تھے، میں نے شاہ محمود قریشی کو تسلی دی تھی کہ خود جا کر اسپتال میں دیکھوں گی۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ طیب اردوان اسپتال کو ملتان اور ڈی جی خان کے لیے مخصوص کر رکھا تھا، نشتر اسپتال ملتان میں تمام سہولتیں موجود ہیں، طیب اردوان اسپتال میں 35 وینٹی لیٹرز ان کے اپنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نشتر اسپتال میں تقریباً 34 عملے کے افراد کرونا سے متاثر ہیں، متاثرین میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کا عملہ شامل ہے، نرسز اور پیرا میڈکس کی ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار ہے، حفاظتی سامان سب سے زیادہ طیب اردوان اسپتال کو دیا گیا تھا۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مریض زیادہ ہونے کی وجہ سے نشتر اسپتال میں آئسولیشن بنایا گیا، ملتان سے کوئی وینٹی لیٹر کہیں نہیں بھیجا گیا ہے۔ کچھ شہریوں میں مقامی سطح پر وائرس پھیلا۔ نشتر اسپتال میں لیول تھری کی لیب فعال ہے۔ نشتر اسپتال کے ڈاکٹرز کو این 95 ماسک فراہم کردیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نشتر اسپتال کے لیب نے 3 ہزار 608 ٹیسٹ کیے، پنجاب میں کرونا وائرس کے 19 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، اس وقت تقریباً 7 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ جنوبی پنجاب میں 183 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں رواں ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی استعداد بڑھ جائے گی۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، صوبے میں 10 نئے فیلڈ اسپتال قائم کیے جا چکے ہیں، خطے میں پاکستان سب سے زیادہ کرونا ٹیسٹ کر رہا ہے۔ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیسٹنگ صلاحیت ہم سے کم ہے۔