Tag: ٹیسٹ

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کے خودکار ٹیسٹ سسٹم سے 1 لاکھ سے زائد افراد مستفید

    سعودی عرب: کرونا وائرس کے خودکار ٹیسٹ سسٹم سے 1 لاکھ سے زائد افراد مستفید

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے خود کار ٹیسٹ سسٹم کے ذریعے 1 لاکھ 76 ہزار افراد نے اپنا ٹیسٹ کیا جن میں سے 20 میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ خود کار کرونا ٹیسٹ سسٹم (مووید ایپلی کیشن) سے 1 لاکھ 76 ہزار غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔

    ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان نے بتایا کہ ان میں سے 1 لاکھ 70 ہزار کا نتیجہ تسلی بخش رہا، 20 افراد متاثر پائے گئے۔ ان کے مطابق جو افراد ابتدائی مرحلے میں تھے فوری طور پر ان کا علاج کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ صحیح وقت پر وائرس سے متاثر ہونے کا پتہ لگنے کی وجہ سے علاج آسانی سے کرلیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ 27 سو افراد ایسے تھے جو درمیانے درجے سے زیادہ وائرس کے خطرات کا شکار ہوچکے تھے، ان سے رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ ان کا فائنل ٹیسٹ کر کے انہیں مطلوبہ صحت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

    ان کے مطابق کرونا کے خود کار ٹیسٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے 3 ہزار افراد ایسے ہیں جو وائرس کے حوالے سے متوسط درجے کے خطرے میں مبتلا ہیں، ترجمان کے مطابق اس کا امکان ہے کہ ان کے یہاں پائی جانے والی علامتیں کرونا کی ہی ہوں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کے 92 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 سو 4 ہوگئی ہے۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں سے 10 بیرون ملک سے آئے تھے جبکہ 82 مریض لوکل کیریئر کے ذریعے اس مرض میں مبتلا ہوئے۔

  • رشتہ دار کے ساتھ قہوہ پینا کرونا کا سبب بن گیا، شہری پریشان

    رشتہ دار کے ساتھ قہوہ پینا کرونا کا سبب بن گیا، شہری پریشان

    ریاض : سعودی شہری کو بیرون ملک سے آئے رشتہ دار کے ہمراہ قہوہ نوش کرنا اس وقت مہنگا پڑا جب سعودی شہری کا کرونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سائنس دان، ڈاکٹرز اور کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی حکومتیں اپنے شہریوں کو آگاہ کرچکی کہ کرونا وائرس کی وبا انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے لہذا اپنے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔

    سعودی حکومت نے بھی اپنے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایات کررکھی ہیں لیکن مذکورہ شہری حکومتی ہدایات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ترکی سے آئے ہوئے عزیز کے ساتھ ملاقات کرکے چلے گئے اور اسی کے ساتھ قہوہ بھی پیا۔

    عبداللہ القرنی نامی شہری نے رشتہ داروں نے بتایا کہ القرنی چند گھنٹے رشتے دار کے ساتھ گزارنے کے بعد جب گھر لوٹے تو چار دن بعد انہیں تیز بخار ہوگیا اور گلے میں بھی درد ہونے لگا۔

    طبعیت کی خرابی پر شہری نے ڈاکٹرز ستے رجوع کیا تو ڈاکٹرز نے القرنی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا کیونکہ ان میں ہلاکت خیز وبا کی علامات پائی گئی تھی۔

    القرنی کی ٹیسٹ رپورٹ آئی تو معلوم ہوا کہ وہ بھی کرونا وائرس کی عالمی وبا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    سعودی شہری کے رشتہ داروں نے بتایا کہ اس سے قبل انہیں کسی قسم کی کوئی بیماری کا تکلیف نہیں تھی اور نہ وہ بیرون ملک کسی سفر پر گئے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور شہریوں و غیر ملکیوں کو کرفیوں کی خلاف کرنے پر جرمانے اور سزا سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 776 مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ ہلاکت خیز وبا میں مبتلا ایک شخص ہلاک بھی ہوچکا ہے۔

  • کرونا وائرس کی مریضہ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی ہلاک

    کرونا وائرس کی مریضہ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی ہلاک

    امریکی شہر نیو اورلینز کی رہائشی 39 سالہ خاتون نے کرونا وائرس کے شبے میں اپنا ٹیسٹ کروایا لیکن ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی وہ ہلاک ہوگئیں۔

    نتاشا اوٹ نامی یہ خاتون ایک مقامی اسپتال میں کام کرتی تھیں، 10 مارچ کو انہیں وائرس کی پہلی علامت ظاہر ہوئی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو اس سے آگاہ کیا تاہم انہیں کہا گیا کہ ان کی علامات بے حد معمولی ہیں۔

    اس کے بعد اگلے ہفتے سوموار تک انہیں نزلہ اور بخار بھی شروع ہوگیا جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔

    جمعرات کے روز انہیں پھیپھڑوں میں معمولی سی چبھن کا احساس ہوا لیکن انہوں نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ تاہم اگلے روز ان کے پارٹنر نے کچن میں انہیں مردہ حالت میں پایا۔

    پارٹنر کے مطابق ایک روز قبل وہ معمول کے مطابق ان کے ساتھ واک کرنے کے لیے نکلی تھیں۔ نتاشا کے ٹیسٹ کا زرلٹ آنے تک اسپتال ان کی موت کو کرونا وائرس کا نتیجہ قرار دینے میں تذبذب کا شکار ہے۔

    نتاشا کی موت کے بعد ان کے پارٹنر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ جیسے ماہرین کہتے ہیں کہ یہ وائرس جان لیوا نہیں ہے، تو ایسا ہرگز نہیں۔

    انہوں نے شہر نیو اورلینز میں ناقص طبی سہولیات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست لوزیانا میں اب تک 600 سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 16 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، اس کے باوجود اسپتال اس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں۔

    ریاست لوزیانا میں فی الحال مقامی انتظامیہ نے صرف بیرون ملک سے سفر کر کے آنے والے ان افراد کا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جو سانس کی تکلیف یا بخار کے شکار ہیں تاہم انہوں نے ڈاکٹرز کو بھی صوابدیدی اختیار دے دیا ہے کہ وہ اس کے علاوہ بھی کسی کا ٹیسٹ ضروری سمجھیں تو کرسکتے ہیں۔

    نیو اورلینز میں 2 ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ سائٹس بھی کھولی جارہی ہیں تاہم یہ صرف واضح علامات رکھنے والوں کا ٹیسٹ کریں گی، اسی نوعیت کی تیسری سائٹ بھی کھولی جارہی ہے جو ہر مشتبہ شخص کا ٹیسٹ کرے گی۔

  • مہلک وائرس کا خطرہ، اب گھروں میں کروناوائرس ٹیسٹ ہوں گے

    مہلک وائرس کا خطرہ، اب گھروں میں کروناوائرس ٹیسٹ ہوں گے

    لندن: برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس(این ایچ ایس) نے کروناوائرس کے ٹیسٹ گھروں میں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لیے گھروں میں کرونا وائرس ٹیسٹ ہوں گے، ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف لندن میں مہیا کی جائے گی۔

    چین سے پھیلنے والے کروناوائرس نے اب برطانیہ میں بھی سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ حالیہ دنوں میں برطانوی لیبر پارٹی کے 2 ممبران پارلیمنٹ کے کروناوائرس ٹیسٹ مکمل کے گئے ہیں تاہم اب تک رپورٹ سامنے نہیں آئی، مذکورہ اراکین کو رپورٹ کا انتظار ہے۔

    مہلک وائرس کے خطرے کے پیش نظر دونوں ممبران پارلیمنٹ کو علیحدہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    برطانیہ کے رکن اسمبلی نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کا رزلٹ مثبت آیا۔

  • بنگلادیش کا پاکستان کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ

    بنگلادیش کا پاکستان کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ

    ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ پاکستان سپر لیگ کے بعد اپریل میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

    ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی جس پر پی سی بی کو بنگلادیش کے ردعمل کا انتظار تھا۔

    اس حوالے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے خدشات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ سے بات چیت کی تو وہ پنک بال سے کھیلنے کے لیے رضامند نہیں ہوئے کیونکہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم کی تیاری نہیں ہے۔

    چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے نکتہ نظر اور خیالات کو سمجھتے ہوئے یہ فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

    واضح رہے کہ بنگلادیش نے اب تک صرف ایک ہی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا ہے جس میں اسے بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • "بابر اعظم ہمیشہ بابر اعظم ہی ہوتا ہے”

    "بابر اعظم ہمیشہ بابر اعظم ہی ہوتا ہے”

    راولپنڈی: قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ، ون ڈے ہو یا ٹی 20 بابر اعظم ہمیشہ بابر اعظم ہی ہوتا ہے۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز سنچری بنانے والے شان مسعود نے کپتان بابر اعظم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم بہت اچھا کھلاڑی ہے اسے اپنی گیم پرکافی کمانڈ ہے، کوئی بھی فارمیٹ ہو بابراعظم ہمیشہ بابراعظم ہی ہوتا ہے۔

    کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اسکور سے اچھی پوزیشن پر ڈال پائےہیں، جتنےمواقع کھلاڑی کو ملیں گے وہ اسی قدر پرفارم کر سکے گا، غلطیاں جب آپ کرتے ہیں تو آپ کو سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے

    اوپنر کا کہنا تھا کہ پنڈی کراؤڈ کی جتنی تعریف کریں اتنا کم ہے، ٹیسٹ کرکٹ کو ہمیں ہمیشہ عزت دینی چاہیے، ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی ٹیم بڑی چھوٹی ٹیم نہیں ہوتی۔

    پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے، بابراعظم 143 اور اسدشفیق 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

    پاکستان نے پہلی اننگز میں بنگلادیش پر 109رنز کی برتری حاصل کرلی، بنگلادیش کی ٹیم پہلے دن 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، بنگلا دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہی پاک ٹیم کے اوپنر عابد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، عابد علی بھارتی کرکٹر محمد اظہر الدین کی مسلسل تیسرے ٹیسٹ میں سنچری کا ریکارڈ برابر نہ کر سکے۔

  • سیریز برابر کرنے کا مشن، قومی ٹیم جمعے کو میدان میں اترے گی

    سیریز برابر کرنے کا مشن، قومی ٹیم جمعے کو میدان میں اترے گی

    ایڈلیڈ: قومی ٹیسٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز برابر کرنے کے لیے 29 نومبر سے میدان میں اترے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ ایڈلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم پچھلے میچ میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہے، ٹیم ڈے نائٹ ٹیسٹ کی تیاری کا آغاز کل سے کرے گی۔

    مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    جبکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: کپتان

    اگلا میچ ایڈلیڈ میں پنک بال سے ہوگا، پاکستان کو حکمت عملی بدلنی ہوگی ورنہ میچ کے ساتھ سیریز بھی ہاتھ سے جائے گی، ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

  • پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑگیا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹاپ آرڈر بلےباز دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوگئے، آسٹریلیا نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، پاکستانی بلے بازوں کی وکٹیں ریت کی دیوار ثابت ہوئیں۔

    آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 5رنز سے ہرا دیا، آسٹریلیا نے ایک اننگز میں580رنز بنائے، پاکستان 2 اننگز میں نہ بنا سکا، پہلی اننگز میں پاکستانی کھلاڑی 240 جبکہ دوسری اننگز میں 335رنز پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 104 اور محمد رضوان 95رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے 4 اور مچل اسٹارک نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، آسٹریلیا کے 340 رنز کے جواب میں دوسری اننگز میں پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، شان مسعود 42 اور افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس سے قبل کپتان اظہرعلی 5، حارث سہیل 8 اور اسد شفیق کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے تھے۔

    بابراعظم نے شاندار اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری جڑی لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کا برسبین میں جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا، دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے تھے۔

    برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو شروع سے ہی سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلوی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں 580 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، میزبان بلے باز پاکستانی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے، وارنر اور لبوشین نے سنچریاں اسکور کیں، جب کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا سکی تھی۔

  • نوازشریف کو آج پی کے ایل آئی منتقل کیا جائے گا

    نوازشریف کو آج پی کے ایل آئی منتقل کیا جائے گا

    لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر نوازشریف کو آج پی کے ایل آئی منتقل کیا جائے گا، نواز شریف کے جگر اور گردوں کے ٹیسٹ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر نوازشریف آج صبح پی کے ایل آئی منتقل کیا جائے گا، پی کے ایل آئی میں نوازشریف کا پی ای ٹی اسکین ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف کے جگر اور گردوں کے ٹیسٹ ہوں گے، کینسر سمیت پورے جسم کے ٹیسٹ کیے جائیں گے، پلیٹ لیٹس پیک لگانے کے باوجود خون میں سفید خلیے بڑھ نہیں رہے، گروتھ نہ ہونے سے لگائے گئے سیلزمقررہ وقت کے بعد ختم ہو جاتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو نیب عدالت میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے، پیشی کے موقع پرکوئی کٹ لگا تو صورت حال سنگین ہوجائے گی۔

    ذرائع مسلم لیگ ن کے مطابق رپورٹس کے بعد نوازشریف کو بیرون ملک منتقل کرنے پرغور ہوگا۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت نے نوازشریف کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی پیشکش کے ساتھ علاج کی تمام ترسہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    نواشریف کے پلیٹ لیٹس میں‌ کمی

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے جسم کے کسی بھی حصے سے خون بہنا بڑے خطرے کی علامت ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مسوڑوں سے خون آنے کے بعد پلیٹ لیٹس سیلزمعمول سے کم ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 29 یزار سے کم ہو کر 7 ہزار پر آگئی تھی جس پر سابق وزیراعظم کو دوبارہ پلیٹ لیٹس یونٹ لگایا گیا جبکہ میڈیکل بورڈ کی معاونت کے لیے ایک ڈاکٹر اسلام آباد اور ایک کراچی سے بلایا گیا ہے۔

  • شارجہ: صارفین کی سہولت کیلئے آن لائن ڈرائیونگ ٹیسٹ سروس متعارف

    شارجہ: صارفین کی سہولت کیلئے آن لائن ڈرائیونگ ٹیسٹ سروس متعارف

    شارجہ : یو اے ای کے ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ نے شہریوں کی سہولت کےلیے آن لائن ڈرائیونگ اسکول متعارف کرا دیا, جس کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ سمیت دیگر امور بھی انجام دئیے جاسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکمران اپنے شہریوں اور دیگر بیرون ممالک سے آنے والے افراد کی سہولت اور آسانی کے مختلف اقسام کی ٹیکنالوجی متعارف کرواتی رہتی ہے حالیہ دنوں اماراتی ریاست شارجہ کی انتظامیہ نے آن لائن ڈرائیونگ اسکول متعارف کرایا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آن لائن اسکول کا اقدام شارجہ پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اٹھایا گیا ہے۔

    مذکورہ سروس کے تحت صارفین الیکڑانک رجسٹریشن کروا سکیں گے اورڈرائیونگ لائسنس سے متعلق جو چاہیں وہ آن لائن معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا مقصد صارفین کو مطمئن کرنے میں شارجہ پولیس کی معاونت کرنا ہے۔

    لائسنس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل حُمید سعید الجلاف کا کہنا تھا کہ مذکورہ الیکٹرانک سروس کے ذریعے ہمارے شہری عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیز ہوتی رفتار کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں گے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ الیکڑانک سروس طالب علموں کو آن لائن کلاسوں میں اپنی حاضری کی تصدیق کے ساتھ شریک ہونے میں مدد فراہم کرے گی اور مذکورہ سروس کے تحت طالب علموں کو ٹریفک کلچر اور معلومات مزید بہتر اور اچھے انداز میں سمجھائی جاسکیں گی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طالب علم آن لائن اپنے فیس ادا کرسکتے ہیں، اسٹوڈنٹس اپنی رجسٹریشن، کورس ڈیٹا اور عملی تربیت سے متعلق معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی امتحانی تاریخ، اپنے استاد اور تربیت کا وقت و جگہ بھی تبدیل کرواسکتے ہیں۔