Tag: ٹیلی فون

  • سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، سری لنکن صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرم سنگھ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    سری لنکا کے صدر نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے آزمائش کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی پر سری لنکن صدر سے اظہار تشکر کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈی نیشن سینٹر کے مطابق 14 جون سے اب تک سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی کل تعداد 12 سو 90 ہوچکی ہے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں، مختلف حادثات میں 12 ہزار 588 افراد زخمی ہوئے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کو ازبکستان کے صدر کا ٹیلی فون

    وزیر اعظم عمران خان کو ازبکستان کے صدر کا ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو ازبکستان کے صدر شوکت مرزی کا ٹیلی فون موصول ہوا، ازبک صدر نے وزیر اعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ازبکستان کے صدر شوکت مرزی کا ٹیلی فون موصول ہوا، دونوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے مختلف شعبوں میں مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔

    ازبک صدر نے وزیر اعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت کو بھی قبول کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ازبک صدر کے دورے سے اقتصادی و تجارتی تعلقات اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

  • ٹیلی فون کے موجد گراہم بیل نے آج کے دن ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں موند لی تھیں

    ٹیلی فون کے موجد گراہم بیل نے آج کے دن ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں موند لی تھیں

    1922ء میں آج ہی کے دن الیگزینڈر گراہم بیل نے دنیا ہمیشہ کے لیے چھوڑ دی تھی۔ ان کی ایک ایجاد کی بدولت انسان فاصلے سے براہِ راست آواز کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کے قابل ہوا تھا۔ ان کی اس ایجاد کو ہم ٹیلی فون کہتے ہیں۔

    اسکاٹ لینڈ ان کا وطن تھا جو بعد میں امریکا منتقل ہوگئے، وہ ایک انجینئر اور اختراع ساز تھے جنھوں نے 2 جون 1875ء کو ٹیلی فون ایجاد کیا جو دنیا بھر میں انسانوں کے درمیان رابطے اور بات چیت کا وسیلہ بنا۔ آج ہم وائر لیس ٹیکنالوجی اور اسمارٹ فونز کے دور میں زندہ ہیں، لیکن 1885ء میں جب گراہم بیل نے ٹیلی فون کمپنی کی بنیاد رکھی تو مواصلات کی دنیا میں انقلاب برپا ہوگیا۔

    الیگزینڈر گراہم بیل نے اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں 3 مارچ 1847ء کو ایک پروفیسر اور ماہرِ لسانیات کے گھر میں آنکھ کھولی۔ ان کی والدہ قوّتِ سماعت سے محروم تھیں۔ کہتے ہیں گراہم بیل کو ان کی والدہ کی اسی محرومی نے سائنس اور نشریاتی رابطوں کے تجربات پر آمادہ کیا تھا۔ گراہم بیل شاعری، آرٹ اور موسیقی کا شوق رکھتے تھے اور پیانو بھی بجانا جانتے تھے۔

    انھوں نے 14 برس کی عمر میں گندم صاف کرنے والی ایک مشین بنائی تھی جو ان کی پہلی ایجاد تھی۔ تعلیم کا سلسلہ ایڈن برگ کے رائل ہائی اسکول اور ایڈن برگ یونیورسٹی اور یونیورسٹی کالج آف لندن سے مکمل کیا۔

    گراہم بیل 23 برس کی عمر میں تپِ دق کے عارضے میں مبتلا ہوئے تو والدین انھیں کینیڈا کے ایک صحت افزا مقام پر لے گئے جہاں بیل ایسے ٹیلی گراف کے تصور کو عملی شکل دینے کے لیے کام کرتے رہے، جو ایک ساتھ کئی پیغامات وصول کر سکے۔ اس ضمن میں مزید کام اور عملی تجربات نے انھیں کام یابی دی اور انھوں نے فلاڈیلفیا میں ٹیلی فون کی نمائش اور اس کے کام کا عملی مظاہرہ کیا۔

    الیگزینڈر گراہم بیل کو حکومت کی جانب سے انعام و میڈلز کے علاوہ کئی کالجوں اور یونیورسٹیوں نے اعزازی ڈگریاں دیں۔

    75 برس کی عمر میں ذیابیطس کے مرض سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور طبّی مسائل نے انھیں علیل کردیا تھا اور اسی باعث ان کا انتقال ہوگیا۔

  • مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور حکومتی سرپرستی میں پیپلز پارٹی کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں، سیاسی بدمعاشیہ قائد حزب اختلاف پر تشدد کے بدترین حربے آزما رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر مخالف اور تنقیدی آوازیں دبانا ان بدمعاشوں کا وتیرہ ہے، صحافی عزیز میمن جیسے کئی ان کی غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، حلیم عادل شیخ نے خونخوار چہروں سے نقاب کھینچ کر اصلیت دکھائی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عذیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ میں واضح ہے کہ یہ کیسے پولیس کو استعمال کرتے ہیں، اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے یہ ہر اٹھنے والی آواز دبانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافی عزیز میمن نے ان کے کرتوتوں سے پردہ اٹھایا تو مار دیا گیا، کل سکھر میں پولیس کو میڈیا نمائندے کے خلاف استعمال کر کے تشدد کروایا گیا، یہ سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کو ضمنی انتخابات کے روز پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔

    ان کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں کے درمیان کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفت و شنید ہوئی۔

    اس موقع پر بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی انسداد پولیو مہم میں کوششیں قابل تعریف ہیں، پاک فوج نے ہر جگہ انسداد پولیو مہم کی رسائی یقینی بنائی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم قومی کاز ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قومی کوشش کا حصہ ہیں۔ کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیمز، صحت عامہ اور سیکیورٹی اداروں کے سر ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں انسداد پولیو مہم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر بھی بات ہوئی، بل گیٹس نے کرونا وائرس پر قابو پانے کی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کو بھی سراہا۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کم وسائل کے باوجود کامیابی سے کرونا وائرس پر قابو پایا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی قومی حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہوئی، این سی او سی کے ذریعے قومی حکمت عملی کا اطلاق یقینی بنایا گیا۔

    بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ گیٹس فاونڈیشن عالمی وباؤں کے خلاف تعاون جاری رکھے گی جبکہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان سے بھی تعاون جاری رہے گا۔

  • صدرمملکت اور آرمی چیف کا اسپیکر قومی اسمبلی کو فون، خیریت دریافت

    صدرمملکت اور آرمی چیف کا اسپیکر قومی اسمبلی کو فون، خیریت دریافت

    راولپنڈی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجود نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ٹیلی فون کیا اور خیریت دریافت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر مملکت نے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے جلد صحتیاب ہو کر قومی امور کی انجام دہی شروع کریں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں، مکمل صحتیابی کے لیے پر امید ہوں، حکومتی گائیڈ لائنز اور ڈاکٹرز کی احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہا ہوں۔ دریں اثنا صدر مملکت نے اسد قیصر کے بچوں کی خیریت کے بارے میں بھی پوچھا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کی صحت سے متعلق ترجمان کی اہم وضاحت

    بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کو ٹیلیفون کیا۔ آرمی چیف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر سے خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    چند روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا، اُن کے صاحبزادے اور صاحبزادی کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے۔

    اسد قیصر نے بتایا تھا کہ ٹیسٹ رپورٹ موصول ہونے کے بعد میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ انہوں نے پوری قوم سے درخواست کی کہ وہ دعاؤں میں یاد رکھیں اور بہت احتیاط کریں۔

  • ترک وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو ٹیلی فون

    ترک وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو ٹیلی فون

    انقرہ: ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران کے حالیہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں پر حملے اور خطے میں کشیدگی کے پیش نظر ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بیان دیا کہ حملے میں 80 ہلاکتیں ہوئیں، حملے سے متعلق اعداد و شمار فوجی حکام بتائیں گے۔

    حملے کے فوری بعد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں مناسب اقدام اٹھایا ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کا دفاع کریں گے۔

  • پاکستانی عوام شاندار استقبال کرنے کے منتظر ہیں: وزیر اعظم کا اردوان کو ٹیلی فون

    پاکستانی عوام شاندار استقبال کرنے کے منتظر ہیں: وزیر اعظم کا اردوان کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام آپ کے دورے اور شاندار استقبال کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر کو پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر ترکی کے تحفظات کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، پاکستان نے 30 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی۔ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ترک کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام آپ کے دورے اور شاندار استقبال کے منتظر ہیں۔

    ترک صدر 23 اکتوبر کو پاکستان کے دورے پر بھی پہنچ رہے ہیں۔ ترک صدر کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہوگا، اس دوران وہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق رجب طیب اردوان اسٹریٹیجک مذاکرات میں شرکت کریں گے، پاک ترک اسٹریٹیجک مذاکرات 23 اور 24 اکتوبر کو ہوں گے۔ 23 اکتوبر کو مذاکرات میں وزرائے خارجہ بھی نمائندگی کریں گے۔

    ترک صدر مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، اقوام دنیا میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی پاکستان نے ترکی اور ملائیشیا کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ انگریزی چینل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی

    وزیر اعظم عمران خان کا افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اوران کی خیریت دریافت کی، وزیر اعطم کا کہنا تھا دہشت گردی کا واقعہ افغانستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں دہشت گردی کے واقعے میں30 افراد کی ہلاکت پر وزیراعظم عمران خان نے افغان صدراشرف غنی کو ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

    وزیراعظم نے گزشتہ روز افغانستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں بےگناہ شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور افغان صدر کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    عمران خان نے مزید کہا خطے کے امن کیلئے افغانستان کی حمایت جاری رہے گی۔ عمران خان نے کہا کہ دہشت گرد دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہیں بہتر روابط سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: صدر اشرف غنی کی ریلی سمیت افغانستان میں دو دھماکے، 30 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں مختلف مقامات پر ہونے والے دو دھماکوں میں30 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ پہلا دھماکہ افغانستان کے وسطی صوبے پروان میں صدر اشرف غنی کی ریلی کے قریب ہوا۔

    دھماکے کے وقت صدر اشرف غنی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جو اس ہولناک دھماکے میں محفوظ رہے، دھماکہ ریلی کی طرف جانے والے راستے میں ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک ہوا جب ایک موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    پروان کے اسپتال ڈائریکٹر کے مطابق حملے میں 24 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی ہے۔

    کچھ ہی دیر بعد دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک ایک اور دھماکہ ہوا افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

  • قطرمیں ترک فوجی اڈے کا دورہ کرنے والی خاتون صحافی کا اردوآن کو ٹیلی فون

    قطرمیں ترک فوجی اڈے کا دورہ کرنے والی خاتون صحافی کا اردوآن کو ٹیلی فون

    دوحہ/انقرہ : ترکی کی خاتون صحافی ھند فرات کا کہنا ہے کہ نئے فوجی اڈے کے قیام سے قطر میں ترک فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں ترکی کے نئے فوجی اڈے کا انکشاف کرنے والے ترک خاتون صحافی ھند فرات اس وقت ترکی میڈیا کی توجہ کا خاص مرکز ہیں۔ ھند فرات نے اپنے ایک حالیہ مضمون میں دورہ قطر اور دوحا میں ترکی کے بڑے اور نئے فوجی اڈے کے دورے کا احوال بیان کیا،اس نے قطر میں موجود ترک فوجی افسران کے ساتھ لی گئی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔

    ھند فرات کو وسط جولائی 2016ء کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی تھی جب اس نے صدر رجب طیب ایردوآن کو ٹیلیفون کرکے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا، اس رات ترک فوج کے ایک گروپ نے بغاوت کرکے حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی تھی جب کہ ایردوآن کا ساتھ دینے والوں میں ھند فرات بھی شامل تھی۔

    ھند فرات کا کہنا ہے کہ نئے فوجی اڈے کے قیام سے قطر میں ترک فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

    اخباری رپورٹ کے مطابق جلد ہی ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور امیر قطر اس کا افتتاح کریں گے،ترک خاتون صحافی ھند فرات نے اخبار میں شائع اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ ترکی قطر میں اپنے سیاسی، سیکیورٹی اور عسکری ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

    ترک صحافی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں اس نے دوحہ کا دورہ کیا تھا جہاں اس کی ترک حکام سے طارق بن زیاد چھاؤنی میں ترکی کی مسلح افواج کے سربراہ اور برّی فوج کے چیف کرنل مصطفیٰ ایدن سے بھی ملاقات ہوئی۔

    ھند فرات کا کہنا ہے کہ ترک فوج دوحا میں قطر۔ ترکی مشترکہ فورسز کے نام سے ایک فوجی مشن شروع کررہا ہے، عنقریب قطر میں ترک فوجیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

    اس کا کہنا ہے کہ جلد ہی آپ ایک ایسے مقام پر ہمارے فوجیوں کے اڈے کے بارے میں سنیں گے جہاں کا درجہ حرارت 47 درجے سینٹی گریڈ ہے۔ ترکی اور قطر کے دو طرفہ عسکری تعلقات کی بنیاد کا مقصد خطے میں امن وامان کا قیام ہے۔

    واضح رہے کہ قطر میں طارق بن زیادہ فوجی چھاؤنی 2015ءکو قائم کی گئی تھی، دسمبر 2017ء سے قطر۔ ترکی مشترکہ فوجی کمان کی اصطلاح استعمال کی جاتی رہی ہے۔