Tag: ٹیلی فون

  • ہیلری کلنٹن کی یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی رہائی پر ٹیلی فون کرکے مبارکباد

    ہیلری کلنٹن کی یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی رہائی پر ٹیلی فون کرکے مبارکباد

    واشنگٹن: امریکہ کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے یوسف رضا گیلانی کو ٹیلی فون کر کے ان کے صاحبزادے کی بازیابی پر مبارکباد دی، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق امریک کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو ٹیلی فون کر کے ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مبارکباد دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خارجہ پاکستان سے اچھے تعلقات رہے ہیں، وہ صدارتی انتخاب جیت گئیں تو یوسف رضا گیلانی کی فیملی کو وائٹ ہاؤس مدعو کریں گی۔

    ہیلری کلنٹن نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، جنہیں عالمی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ علی حیدر کے اغواء پر گیلانی فیملی نے تین سال بڑے صبر اور تحمل سے گزارے ہیں۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی مبار کباد دی، مبارکباد کیلئے ٹیلی فون کرنے پر یوسف رضا گیلانی نے بھی ہیلری کلنٹن کا شکریہ ادا کیا۔

  • امریکی صدر براک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون

    امریکی صدر براک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: امریکی صدر براک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے سانحہ لاہور پر تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار پیش رفت کا مظاہرہ کیا ہے۔

    صدر اوباما نے گفتگو کرتے ہوئے امریکی عوام کی طرف سے بھی سانحہ لاہور پر اظہار تعزیت کیا اور درخواست کی کہ متاثرہ خاندانوں تک ان کے جذبات پہنچائے جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نواز شریف کی قیادت میں پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرے گا، امریکا اس سلسلے میں نواز شریف کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    امریکی عوام دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

    اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان دیکھا دشمن معصوم لوگوں کو مار رہا ہے۔ دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے، اس لئے وہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ان کا اور پاکستانی قوم کا عزم روز بروز مزید پختہ ہورہا ہے، پاکستانی قوم دشمن اور انتہاء پسندانہ سوچ کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرے گی۔ امریکی صدر نے کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کا شدت سے منتظر ہوں جو جلد ہی ہوگی۔

  • پرویزمشرف کا چوہدری شجاعت کوٹیلیفون، دبئی آنے کی دعوت

    پرویزمشرف کا چوہدری شجاعت کوٹیلیفون، دبئی آنے کی دعوت

    دبئی: سابق صدر پرویز مشرف نے چودھری شجاعت حسین کو ٹیلی فون کر کے دبئی میں ملاقات کی دعوت دیدی۔

    علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے والے سابق صدر پرویز مشرف نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

    چودھری شجاعت سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی ڈیل کے تحت بیرون ملک نہیں آئے، پاکستان ان کا جنون ہے، وہ وطن سے دور نہیں رہ سکتے، ڈاکٹرز نے جیسے ہی اجازت دی وہ فوری وطن واپس آ جائیں گے۔

    سابق صدر نے چودھری شجاعت حسین کو دبئی میں ملاقات کی دعوت بھی دی ہے۔

  • کراچی آپریشن کومزید موثر بنایا جائے گا،چوہدری نثارکا ڈی جی رینجرزکو فون

    کراچی آپریشن کومزید موثر بنایا جائے گا،چوہدری نثارکا ڈی جی رینجرزکو فون

    اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو مزید موثر بنایا جائے گا ،یہ بات ۔انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    تفصییلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈی جی رینجرزسندھ کو ٹیلی فون کیا ہے۔ جس میں انہوں نے کراچی آپریشن کو مزید موثر بنانے پر مشاورت کی۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ آئندہ دنوں میں آپریشن مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کو پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے اور آپریشن کے راستے کی ہر روکاوٹ کو دور کریں گے۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پولیس اور رینجرز کی کاکردگی پر اطمینان کا اظہاربھی کیا۔

  • الطاف حسین اورآصف زرداری کا تمام اختلافات ختم کرنے پر اتفاق

    الطاف حسین اورآصف زرداری کا تمام اختلافات ختم کرنے پر اتفاق

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اتفاق کیا ہے کہ ملک کو اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پرطویل با ت چیت ہوئی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو اس وقت اتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی .

    خصوصاً صوبہ سندھ کی شہری اور دیہی آبادی کو تمام اختلافات کو ختم کرکے اخوت ومحبت کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کل شام تمام سیاسی رہنماؤں کو دعوت افظار پر مدعو کیا ہے۔ سیاست میں انکساری و مفاہمت کا استعارہ سمجھے جا نے والے آصف علی زرداری جن سے وزیر اعظم  نواز شریف گذشتہ روز ملا قات ملتو ی کر چکے ہیں نے اپنے سیا سی آڑیوں کو اکھٹا کر نے کیلئے پہلی رمضان کو دعوت افطار کا اہتمام کیا ہے۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ زرداری صا حب تند و تیز حملوں کے بعد مفاہمت کا راستہ ڈھو نڈ رہے ہیں ؟ یا پھر اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے ایک نئی صف بندی کیلئے فضا سازگار بنا نے کے متمنی ہیں ؟

  • نواز شریف کا ملائشیاء کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت

    نواز شریف کا ملائشیاء کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت

    اسلام آباد : وزیراعظم  میاں محمد نواز شریف نے ہفتہ کو ملائیشیاء کے اپنے ہم منصب نجیب عبدالرزاق کو ٹیلی فون کیا اور ملائیشیا کے ہائی کمشنر کی اہلیہ حبیبہ بنت محمود کی پاکستان کے شمالی علاقہ میں ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں ہلاکت پر تعزیت کی۔

    وزیراعظم نے ملائیشیا کی حکومت ، مرحومہ کے خاندان اور عوام کیلئے گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے وزیراعظم نے ہائی کمشنر کی بیگم کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیاء کے سفیر کی اہلیہ دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ دینے میں کوشاں تھیں انہوں نے کہا کہ مرحومہ کا جسد خاکی جلد بھیج دیا جائے گا ایک وفاقی وزیر کو جسد خاکی کے ہمراہ بحیج جائے گا۔

  • یمن صورتحال : نواز شریف کی شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو تعاون کی یقین دہانی

    یمن صورتحال : نواز شریف کی شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ٹیلی فون کیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں یمن کی موجودہ صورتحال اور یمن سے پاکستانیوں کے انخلا ء سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

    وزیراعظم نے شاہ سلمان کو سعودی عرب کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا، وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا پاکستان سعودی عرب کے تحفظ کے لیے تمام میسر وسائل بروئے کار لائے گا۔

    واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی فضائی کارروائی جاری ہے، حملوں میں باغیوں کے ٹھکانوں اور سعدہ میں اسلحہ ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    مصر اور سعودی عرب کے بحری بیڑے یمن پہنچ گئے ہیں۔ یمن کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں باغیوں کے زیرِ تسلط فوجی بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے یمن کا دفاعی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

    فضائی حملوں کے باوجود جنوبی اور مشرقی علاقوں میں باغیوں کی پیش قدمی جاری ہے۔ یمنی حکام کا کہنا ہے کہ باغیوں کے مکمل خاتمے تک فضائی حملے جاری رہیں گے اور باغیوں کی پیش قدمی رکتے ہی حملے ختم کردئیے جائیں گے۔

  • سینیٹر رحمان ملک کا ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون

    سینیٹر رحمان ملک کا ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کےرہنماء سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ملک کو قومی اتفاق رائےاور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو کی اور ملک کے سیاسی حالات سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    دونوں رہنماوں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےاتفاق کیا کہ سینیٹ کےالیکشن کے موقع پر ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات ہونے چاہئیں، کیونکہ ہارس ٹریڈنگ کا عمل قومی سیاست کیلئے کسی طرح بھی مناسب نہیں۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ملک کو نازک صورتحال اور چیلنجز کا سامنا ہے اور ان حالات میں قومی اتفاق رائے اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔

  • حیدر آباد میں یونیورسٹی کاقیام باطل کی شکست ہے ، الطاف حسین

    حیدر آباد میں یونیورسٹی کاقیام باطل کی شکست ہے ، الطاف حسین

    حیدرآباد: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ خدا کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں، حیدرآباد میں یونیورسٹی کے خلاف باطل قوتوں کی گھناؤنی سازشیں ناکام ہوگئیں۔

    حیدرآباد میں ارکان زونل کمیٹی سے گفتگو مین الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کی حق پرست عوام اور ایم کیو ایم کے کارکنان کی بے شمار قربانیاں ہیں باوجود شدید ظلم و ستم کے بھی حیدرآباد کے حق پرست عوام اور ایم کیو ایم کے کارکنان ثابت قدم رہے جس کے صلے میں اللہ تعالی نے ہمیں اتنی بڑی خوشخبری سے نوازا۔الطاف حسین نے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام میں بحریہ ٹاؤن کے روح ِ رواں ملک ریاض اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا بہت بڑا حصہ ہے۔ الطاف حسین نے حیدرآباد کی حق پرست عوام اورطلبہ و طالبات کو یونیورسٹی کے قیام کے اعلان پر مبارکباد پیش کی۔

  • ملک ریاض کا کراچی حیدرآباد میں جامعات کی تعمیر کا اعلان

    ملک ریاض کا کراچی حیدرآباد میں جامعات کی تعمیر کا اعلان

    کراچی: گورنر سندھ سید عشرت العباد اور بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض نے مشترکہ طور پر پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے نام پر یونیورسٹی بنائیں گے۔

    بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی اپنی قوم کے لیے بہت خدمات ہیں اور ہم ان کا اعتراف کرتے ہوئے الطاف حسین کے نام کی عالمی سطح کی یونیورسٹیاں قائم کریں گے،انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی فیس سرکاری اداروں سے بھی کم ہو گی اور نہ صرف کراچی بلکہ حیدرآباد میں بھی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلی یونیورسٹی کراچی میں قائم ہوگی اور اس سلسلے میں اگلے ماہ کام شروع کر دیا جائے گا،اس کے علاوہ ملک ریاض نے ایم کیو ایم کے شہید ہونے والے کارکنان کو بحریہ ٹاﺅن میں پلاٹ بھی دینے کا اعلان کیا۔

    ہاکی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب ہماری ٹیم کا لوہا پوری دنیا میں مانا جاتا تھا،انہوں نے ہاکی ٹیم کو 50 لاکھ روپے اعام کے طور پر دیا جبکہ یہ اعلان بھی کیا کہ اگر ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی جیتے گی تو ٹیم کو ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا،ان کے علاوہ گورنر سندھ عشرت العباد نے بھی ہاکی ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔