بیجنگ : چین کے گوو ڈونگ گروپ نے پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چین کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی گوو ڈونگ گروپ نے پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یہ پیشرفت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے فعال اقدامات کے باعث ممکن ہوئی ہے، جو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے شنگھائی میں عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس کے موقع پر گوو ڈونگ گروپ کے تین رکنی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت گروپ کے بانی و چیئرمین لو جیے نے کی۔
ملاقات میں پاکستان کے آئی سی ٹی (ICT)، ٹیلی کام انفراسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ای وی چارجنگ اسٹیشنز، اور گرین انرجی کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گوو ڈونگ گروپ کا شمار چین کی صف اول کی مواصلاتی کمپنیوں میں ہوتا ہے اور اس کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کو پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک معیشت کی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے چینی وفد کو اسلام آباد دورے کی دعوت دی تاکہ باہمی تعاون کو عملی شکل دی جا سکے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایس آئی ایف سی نے حالیہ مہینوں میں مختلف شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور جدید ٹیکنالوجی، توانائی، اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کو قومی ترجیح قرار دیا ہے۔
حکومت کو توقع ہے کہ گوو ڈونگ گروپ جیسے عالمی اداروں کی شمولیت پاکستان کی ٹیکنالوجی اور معیشت کو نئے عروج پر لے جائے گی۔