Tag: ٹینکر حادثہ

  • ملیر ہالٹ ٹینکر حادثہ، ڈرائیور کے خلاف عدالتی فیصلہ آ گیا

    ملیر ہالٹ ٹینکر حادثہ، ڈرائیور کے خلاف عدالتی فیصلہ آ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر ہالٹ میں تیز رفتار ٹینکر کے میاں، بیوی اور بچے کو کچلنے کے کیس میں ملزم ٹینکر ڈرائیور اور ہیلپر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تفتیشی پولیس نے ملیر ہالٹ ٹینکر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور رحیم بادشاہ اور اس کے ہیلپر عمر وقاص کو مجسٹریٹ شرقی کے جج کے روبرو پیش کیا، تفتیشی افسر منصور علی کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ ماڈل کالونی میں مقدمہ درج ہے، مقدمہ میں دفعہ 322 بھی شامل کر دی گئی ہے، اب ملزم سے تفتیش کرنی ہے کہ کہیں یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تو نہیں، جس کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ چاہیے، ہم نے ٹینکر مالک کا بھی معلوم کرنا ہے۔


    ملیر ٹینکر حادثے کو روکا جا سکتا تھا، مگر کیسے؟ کے راٹ کی رپورٹ میں انکشاف


    عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہیوی ٹریفک کا تو ان اوقات میں داخلہ بھی ممنوع ہے، تاہم ملزم کے وکیل نے بتایا کہ واٹر ٹینکرز کو سڑکوں پر آنے کی اجازت ہے، جس پر عدالت نے نکتہ اٹھایا کہ یہ بھی معلوم کرنا ہوگا کہ جس روٹ سے ٹینکر آ رہا تھا وہاں اجازت تھی یا نہیں۔

    جج اشفاق پنہور نے ملزم ڈرائیور رحیم بادشہ کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

  • ایک اور ٹینکر حادثہ، کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر گھس گیا

    ایک اور ٹینکر حادثہ، کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر گھس گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک اور ٹینکر حادثہ پیش آ گیا ہے، اس بار ٹینکر کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر اندر گھس گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سخی حسن میں ہائیڈرنٹ کے قریب ایک بے قابو ٹینکر کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گیا، اس کی زد میں آنے والی 3 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو گیا تھا، اور ہائیڈرنٹ کے قریب رہائشی فلیٹس کی دیوار میں جا گھسا تھا، جس سے دیوار ٹوٹ گئی، اور تین گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔

    حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور فرار ہو گیا، جب کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہریوں نے متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے۔

    گورنر سندھ نے ڈمپر حادثات کو کراچی میں ’ٹریفک گردی‘ سے تعبیر کیا

    واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 107 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔

    بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے لیکن حادثات نہیں رک سکے ہیں۔

  • بینک میں ٹینکر کے گھسنے کا حادثہ کیسے پیش آیا، خوف ناک منظر کی ویڈیو سامنے آ گئی

    بینک میں ٹینکر کے گھسنے کا حادثہ کیسے پیش آیا، خوف ناک منظر کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: چار دن قبل کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد، شارع نور جہاں میں ٹینکر کا ایک خوف ناک حادثہ پیش آیا تھا، جس کی سی سی ٹی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 9 نومبر کو نارتھ ناظم آباد میں شارع نور جہاں تھانے کے سامنے ایک ٹینکر تیز رفتاری سے آتے ہوئے بینک میں جا گھسا تھا، اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    یہ حادثہ کیسے پیش آیا، اور ٹینکر ڈرائیور کیسے کئی لوگوں کو کچل کر بھاگا، اے آر وائی نیوز نے اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی، جس میں حادثے کا خوف ناک  منظر دیکھا جا سکتا ہے۔

    ٹینکر کا ڈرائیور ٹوٹی ہوئی ونڈ اسکرین میں سے نکل کر بھاگ رہا ہے

    اُس دن معمول کے مطابق لوگ بل جمع کرنے قطار میں کھڑے تھے جب کٹی پہاڑی سے اترنے والا ٹینکر بے قابو ہو کر تیزی سے بڑھتا ہوا بینک میں جا گھسا، فوٹیج میں بینک کے باہر عوام کو یوٹیلیٹی بل کاؤنٹر پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    کراچی : تیزرفتار ٹینکر بینک کے اندر جا گھسا، ایک شخص جاں بحق ،5 زخمی

    فوٹیج میں دوسری جانب بینک کا سیکورٹی گارڈ بھی دکھائی دے رہا ہے، سیکورٹی گارڈ اور دیگر افراد نے ٹینکر کو بینک کی جانب آتے دیکھا، کئی افراد ادھر ادھر بھاگنے لگے، گارڈ نے بھی بھاگنے کی کوشش کی۔

    فوٹیج کے مطابق جیسے ہی حادثہ ہوا، اور ٹینکر بینک میں گھسا، ٹینکر کی ونڈ اسکرین چکناچور ہو گئی، اور ڈرائیور نے کوئی موقع ضایع کیے بغیر فوری طور پر وہاں سے نکل کر راہ فرار اختیار کر لی۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس تاحال فرار ہونے والے ڈرائیور کر گرفتار نہیں کر سکی ہے۔