Tag: ٹیچرز

  • ٹیچرز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں  فلمیں دیکھنے کی ہدایت

    ٹیچرز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں فلمیں دیکھنے کی ہدایت

    جہلم: ٹیچرز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی ہدایت کردی گئی اور نوٹیفکیشن ڈپٹی ڈی او عبدالکریم نے جاری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم جہلم کا انوکھا اقدام سامنے آیا ، ٹیچرز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں فلمیں دیکھنے کی ہدایت کردی۔

    اساتذہ کو ہالی ووڈ اور بالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی ہدایت نوٹیفکیشن کے ذریعے کی گئی سی ای او ایجوکیشن رانا جاوید اختر نے بتایا کہ نوٹیفکیشن ڈپٹی ڈی اوعبدالکریم نے جاری کیا، فلمیں سبق آموز ہیں تاکہ وہ تعلیمی میدان میں بچوں کی مدد کرسکیں۔

    ڈپٹی کمشنر کے نوٹس پرمحکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کو فلمیں دیکھنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔

  • پیدل چل کر ملازمت پر آنے والے اسکول چوکیدار کو تحفے میں کار مل گئی

    پیدل چل کر ملازمت پر آنے والے اسکول چوکیدار کو تحفے میں کار مل گئی

    امریکا میں ایک اسکول کے چوکیدار کو اس وقت نہایت حیرت کا سامنا ہوا جب اسکول کے عملے نے اسے ایک کار تحفے میں دی، چوکیدار روزانہ گھر سے پیدل اپنی ملازمت پر آیا کرتا تھا۔

    امریکا کی مختلف ریاستوں میں اسکول دوبارہ سے کھولے جارہے ہیں اور اسکولوں کا عملہ واپس ملازمتوں پر آرہا ہے۔ ایسے ہی ایک اسکول میں ایک معاشی طور پر پریشان ملازم کو اس وقت حیرت کا شدید جھٹکا لگا جب اسے ایک گاڑی گفٹ کی گئی۔

    کرس جیکسن نامی یہ ملازم روزانہ اپنے گھر سے ایک گھنٹے کی مسافت طے کر کے اسکول پہنچتا تھا اور شدید معاشی مشکلات کا شکار تھا۔

    اسکول کے تمام ملازمین کو اس کی پریشانی کا احساس تھا لہٰذا سب نے رقم جمع کی اور اس ملازم کو ایک گاڑی تحفے میں دی جسے دیکھ کر وہ نہایت خوش ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیکسن کو اس تحفے کا یقین نہیں آیا۔

    اسکول کے ملازمین نے پیسے جمع کر کے صرف گاڑی ہی نہیں خریدی بلکہ جیکسن کے دیگر اخراجات کی رقم بھی اسے دی۔

    اسکول کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جیکسن مشکل حالات کا سامنا کر رہا ہے اس کے باوجود اس کے چہرے سے ہنسی غائب نہیں ہوئی، وہ نہایت خوش اخلاق ہے اور بچے بھی اسے بے حد پسند کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسکول کے تمام عملے کے اس اقدام کی تعریف کی اور انہیں بے حد سراہا۔

  • نٹ کھٹ جانور نے اسکول میں ٹیچرز کی دوڑیں لگوا دیں

    نٹ کھٹ جانور نے اسکول میں ٹیچرز کی دوڑیں لگوا دیں

    امریکا میں ایک اسکول میں ایک نٹ کھٹ ریکون نے ٹیچرز کی دوڑیں لگوا دیں، استاد جانور کو پکڑنے کے لیے آنے والے افسر کے ساتھ مل کر اسے پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں ایک ریکون اسکول کے اندر داخل ہوگیا اور ادھر سے ادھر بھاگ دوڑ کرنے لگا۔

    انتظامیہ نے اسے پکڑنے کے لیے مدد طلب کی تو ایک اینیمل کنٹرول افسر اسے اسکول سے نکالنے کے لیے پہنچ گیا لیکن شرارتی جانور نے اسے تگنی کا ناچ نچا دیا۔

    اسکول کے پرنسپل نے اسکول میں لگے سیکیورٹی کیمرا کی فوٹیج جاری کی جس میں کئی استاد افسر کی مدد کرتے نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 7 کے قریب ٹیچرز اور کنٹرول افسر ریکون کو پکڑنے کے لیے اسکول کی راہداریوں میں یہاں سے وہاں دوڑ لگا رہے ہیں۔

    ریکون کی رفتار بہت تیز ہے اور وہ کسی کے ہاتھ نہیں آرہا۔ پھر آخر وہ خود ہی ایک کھلے دروازے سے باہر نکل گیا۔

    اس سے قبل ایک بینک میں بھی 2 ریکون چہل قدمی کرتے پائے گئے تھے جو کسی طرح اندر داخل ہوگئے تھے جنہیں بعد میں سیکیورٹی اہلکاروں نے بڑی مشکل سے باہر نکالا۔

  • پنجاب میں ٹیچرز کے لیے لائسنس ہونا ضروری

    پنجاب میں ٹیچرز کے لیے لائسنس ہونا ضروری

    لاہور: پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار اسکول ایجوکیشن پالیسی تشکیل دی ہے، ان کے مطابق اب اساتذہ کا بھی لائسنس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزرا مراد راس اور فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو پر حملے کے وقت سیکیورٹی کی ذمہ داری رحمٰن ملک کی تھی، حیرت ہے رحمٰن ملک حملے کے فوراً بعد اسپتال کے بجائے زرداری ہاؤس پہنچے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بلاول کو پاپا سے پوچھنا ہوگا رحمٰن ملک بینظیر بھٹو کو چھوڑ کر زرداری ہاؤس کیوں پہنچے۔ بینظیر بھٹو کی موت کے بعد زرداری نے فون کر کے کیوں کہا کہ پوسٹ مارٹم نہ کرنا۔ بلاول سے کہوں گا کہ آج اپنے پاپا سے یہ سوال پوچھیں۔

    انہوں نے کہا کہ زرداری گروپ نے کھربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرپشن کی ہے۔ پیپلز پارٹی کھربوں روپے جلسوں پر لگا رہی ہے۔ یہ پیسے سندھ میں لگا دیتے تو آپ کا کچھ بن جاتا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کوشش ہے سب کو ایک چھتری کے نیچے لانا ہے، لوگ پوچھتے ہیں کرپٹ لوگوں کو پکڑا جاتا ہے تو کیا ایکشن ہوا۔ جج بلیک میلنگ ویڈیو کیس ابھی عدالت میں چل رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عدالت کے حکم پر کارروائی کی۔

    پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ اسکولوں پر 21 کروڑ روپے خرچ آئے گا۔ جن علاقوں میں اسکول موجود نہیں موبائل اسکول بھجوا رہے ہیں۔ پنجاب میں پہلی بار اسکول ایجوکیشن پالیسی تشکیل دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیچر لائسنس کا معاملہ کابینہ نے منظور کرلیا ہے۔ وکیل کا لائسنس ہو سکتا ہے تو ٹیچر کا بھی ہونا چاہیئے۔

  • سندھ میں ایک لاکھ اساتذہ پڑھانے اسکول جاتے ہی نہیں:  وزیر تعلیم کا انکشاف

    سندھ میں ایک لاکھ اساتذہ پڑھانے اسکول جاتے ہی نہیں: وزیر تعلیم کا انکشاف

    کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں ایک لاکھ اساتذہ اسکولوں میں پڑھاتے ہی نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں شعبہ تعلیم کی بد حالی کے حوالے سے وزیر تعلیم نے بڑا انکشاف کیا ہے، سردار شاہ نے بتایا کہ ایک لاکھ اساتذہ ایسے ہیں جو پڑھانے کے لیے اسکول جاتے ہی نہیں۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسکولوں میں صرف 34 ہزار اساتذہ پڑھاتے ہیں، جب کہ تعداد ایک لاکھ 34 ہزار ہے۔

    سید سردار شاہ نے کہا کہ ایسے اساتذہ کو نکالنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن معاہدہ کرے کہ نہ پڑھانے والے اساتذہ کو نکالنے پر احتجاج نہیں کیا جائے گا۔

    دریں اثنا، چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں مختلف مقامات کو ثقافتی ورثہ قرار دینے سمیت اہم ایجنڈا پیش کیا گیا۔

    سیکریٹری ثقافت نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع کے 603 مقامات کا سروے کیا گیا، سروے کے بعد 504 مقامات ثقافتی ورثہ قرار دینے کی سفارشات منظور کی گئی ہیں۔

    اجلاس میں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو 5 اسٹار ہوٹل بنانے کی درخواست پر غور کیا گیا، چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ محکمہ ثقافت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کا دورہ کر کے سفارشات تیار کرے۔

    ایڈوائزری کمیٹی نے خالق دینا ہال کے ایم سی سمیت دیگر عمارات کی بحالی کی بھی منظوری دی، اجلاس میں پارسی کالونی کو تاریخی رہایشی کالونی قرار دیا گیا۔

  • اساتذہ کا دو روز سے جاری کفن پوش دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    اساتذہ کا دو روز سے جاری کفن پوش دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے باہر سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف اساتذہ کا دو روز سے جاری دھرنا مطالبات کی منظوری کے بعد ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف پنجاب بھر سے آئے اساتذہ نے پرائمری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف دو روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    صدر پنجاب ٹیچرز یونین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی دو روز سے جاری محنت رنگ لے آئی اور حکومت پنجاب سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے مظاہرین سے مزید کہا کہ اساتذہ کے اتحاد، عزم و ہمت کو دیکھ کر پنجاب حکومت نے ٹیچرز یونین کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔

    مذاکرات کی کامیابی کی خبرسنتے ہی اساتذہ کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ جن اسکولوں کی کارکردگی پچیس فیصد سے کم ہوگی حکومت کو اُس اسکول کی نجکاری کا حق حاصل ہے۔

    دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ’’ اساتذہ کے جائز مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے کمیٹی قائم کی جارہی ہے، انہوں نے ٹیچر یونین کے رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی کہ اساتذہ کی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    پنجاب اسمبلی کے سامنے سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف اساتذہ کا احتجاج جاری

     واضح رہے سرکاری اسکولوں کی ذبوں حالی اوراساتذہ کی ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے وزارتِ تعلیم پنجاب نے کچھ اسکولوں کو نجی اداروں کی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے خلاف پنجاب بھر کی اساتذہ تنظیموں نے پنجاب اسمبلی کے باہر دو روز قبل کفن پوش دھرنا شروع کیا تھا۔