Tag: ٹیکساس

  • امریکہ میں ہوائی بگولوں نے تباہی مچادی، 11 افراد ہلاک

    امریکہ میں ہوائی بگولوں نے تباہی مچادی، 11 افراد ہلاک

    امریکا کی ریاست ٹیکساس میں طوفان اور ہوائی بگولوں نے تباہی مچادی، جس کے باعث 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہوائی بگولوں کے باعث ارکنساس اور اوکلاہوما میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ہزاروں افراد بجلی سے بھی محروم ہوگئے۔

    ٹیکساس کی کوک اور ڈینٹن کاؤنٹیز میں ہفتے کی رات آنے والے شدید طوفان کے باعث کم از کم 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

    آرکنساس اور اوکلاہوما میں بھی طوفان سے 4 افراد لقمہ اجل بن گئے، ہر ریاست میں دو، دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    ڈیڑھ میل کا علاقہ طوفان ہوائی بگولوں سے تباہی کے نتیجے میں ملبہ بن گیا، طوفان سے مجموعی طور پر 11 افراد ہلاک ہوئے۔

    دوسری جانب بھارت کے دارلحکومت دہلی میں ایک اسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 7 نومولود جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشرقی عہلی کے وویک وہار علاقے میں پیش آیا جہاں بچوں کے ایک اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے نتیجے میں سات نومولود جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق آگ لگتے ہی تیزی سے پھیلنے لگی۔ عمارت کی پہلی منزل پر 12 نوزائیدہ بچے موجود تھے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے سات بچے ہلاک ہو گئے جب کہ پانچ کا علاج جاری ہے۔

    اسرائیلی فوج کا رفح میں پناہ گزین کیمپ پرحملہ، 75 فلسطینی شہید

    رات گئے لگنے والی آگ کی اطلاع پر کئی فائر ٹینڈرز وہاں پہنچے اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ ڈی ایف ایس کے سربراہ اتل گرگ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

  • امریکا میں مال بردار بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا

    امریکا میں مال بردار بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں مال بردار بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا، جس سے پل اور جہاز کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ٹیکساس کے شہر گیلویسٹن میں ایک بارج (چپٹے پیندے والا بحری جہاز) پل کے ستون سے ٹکرا گیا، جس سے ارد گرد کے پانیوں میں تیل پھیل گیا ہے، جب کہ زخمیوں کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    پُل سے ٹکرانے کے بعد جہاز سے تیل کا رساؤ جاری ہے، حادثے کے نتیجے میں پل کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، پُل کو عارضی طور پر بند کر کے مرمت شروع کر دی گئی ہے، مرمت کے علاوہ رساؤ پر قابو پانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

    پُل بند ہونے سے پیلیکن آئی لینڈ کا رابطہ گیلویسٹن شہر سے منقطع ہو گیا ہے۔

    حکام کے مطابق بحری جہاز صبح دس بجے کے قریب اس وقت پیلیکن جزیرے کی طرف جانے والے پل سے ٹکرایا جب دو بارجز (چپٹے پیندے والے بحری جہازوں) کو کھینچنے والی ایک ٹگ بوٹ پل کے ساتھ واقع ٹیکساس انٹرنیشنل ٹرمینلز سے واپس نکلتے ہوئے بے قابو ہو گئی۔

    مقامی برج سپرنٹنڈنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ایک طرف دریا میں بلند لہریں اٹھ رہی تھیں اور دوسری طرف پانی کی روانی بھی غیر متوازن تھی، چناں چہ ٹگ بوٹ نے کنٹرول کھو دیا، اور ایک بارج پل اور دو ٹیلی فون کھمبوں سے ٹکرا گیا۔

  • لاپتہ ماں بیٹی کی لاشیں تالاب سے برآمد

    لاپتہ ماں بیٹی کی لاشیں تالاب سے برآمد

    رابنسن : امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے میں ایک تالاب سے ماں اور کمسن بیٹی کی لاشیں ملنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں لاپتہ ماں اور 4 سالہ بیٹی تالاب میں مردہ پائے گئے۔

    اس حوالے سے رابنسن پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ماں بیٹی کی لاشیں ملنے کا واقعہ ایک کار کا حادثہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    گزشتہ روز رابنسن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کی جس میں 33 سالہ لارین بونویلین اور اس کی بیٹی4 سالہ سوانا باگلی کو تلاش کرنے میں مدد کی درخواست کی گئی تھی۔

    مبینہ طور پر ان دونوں ماں بیٹی کو آخری بار 14 اپریل کو کورسیکا کے علاقے سے رابنسن کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

    بعد ازاں ہل کاؤنٹی پولیس نے تصدیق کی کہ الرٹ جاری کرنے کے بعد ایک گاڑی میں ماں بیٹی مردہ پائے گئے، حکام نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ بونویلین کی گاڑی ہائی وے سے ہٹ کر حادثاتی طور پر ایک تالاب میں جا گری جس سے وہ دونوں اندر پھنس کر ہلاک ہوگئے۔

  • فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک

    فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک

    ٹیکساس: امریکا میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میکسیکو سرحد پر گشت پر مامور نیشنل گارڈ کا ہیلی کاپٹر جمعہ کو ٹیکساس میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں دو فوجی اور ایک امریکی بارڈر پٹرولنگ ایجنٹ ہلاک ہو گیا اور ایک اور فوجی زخمی ہو گیا۔

    امریکی فوج کے مطابق UH-72 لکوٹا ہیلی کاپٹر کو حادثہ ریو گرانڈے سٹی، ٹیکساس کے قریب دوپہر ڈھائی بجے کے بعد پیش آیا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر سرحد پر فضائی مانیٹرنگ کے سلسلے میں محو پرواز تھا۔

    فوج نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے، فوج نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں حادثے کے وقت موسمی حالات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔

  • قتل کے مجرم کو 30 برس بعد موت کا انجیکشن دے دیا گیا

    قتل کے مجرم کو 30 برس بعد موت کا انجیکشن دے دیا گیا

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں قتل کے ایک مجرم برینٹ رے بریور کو 30 برس بعد آخر کار موت کا انجیکشن دے دیا گیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 53 سالہ برینٹ بریور نے اپریل 1990 میں 19 سال کی عمر میں 140 ڈالر کی ڈکیتی کے دوران 66 سالہ شہری رابرٹ لامینیک کو قتل کر دیا تھا، دراصل مقتول لامینیک نے برینٹ بریور اور اس کی گرل فرینڈ کرسٹی لین نیسٹروم کو اپنی گاڑی میں سوار کیا تھا جو اس کے لیے جان لیوا عمل ثابت ہوا۔

    بریور کو قتل کا مجرم قرار دے کر 1991 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن 2007 میں امریکی سپریم کورٹ نے بریور اور ٹیکساس کے دو دیگر قیدیوں کی سزائے یہ کہتے ہوئے کالعدم قرار دے دی تھی کہ جیوری نے تمام عوامل کا جائزہ نہیں لیا۔ تاہم بریور کو 2009 میں سزا کے ایک نئے مقدمے کے دوران دوبارہ موت کی سزا سنائی گئی۔

    برینٹ بریور نے عدالتی فیصلے کے بعد 30 سال سے زیادہ کا عرصہ سزائے موت دیے جانے کے انتظار میں جیل میں گزارا۔ آخرکار جمعرات کی شام کو اسے موت کا انجیکشن لگا دیا گیا۔ پینٹوباربیٹول کا جیسے ہی اثر ہوا، بریور نے کئی خراٹے لیے اور پھر چند پرسکون سانسیں لیں اور پھر 30 سیکنڈ کے اندر اندر اس کا جسم ہمیشہ کے لیے بے حس و حرکت ہو گیا۔

    سزائے موت کے وقت مقتول کی بیٹی ڈیبرا کوربن بھی جیل میں موجود تھی، اس نے سارا عمل دیکھا، ڈیبرا نے آخر میں کہا ’’ہماری ماں کہتی ہیں کہ ہمارا خاندان 33 سال سے جیل میں ہے، ہمیں آج رہائی مل گئی۔‘‘

    اپنے آخری بیان میں برینٹ بریور نے کہا ’’میں متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو بتانا چاہوں گا کہ میں نے جو توڑا ہے اسے میں کبھی الفاظ نہیں جوڑ سکتا، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ آپ یہ جان لیں کہ آج یہ 53 سالہ شخص 1990 کا وہ 19 سالہ لاپرواہ بچہ نہیں ہے، مجھے امید ہے کہ آپ کو سکون ملے گا۔ آپ کا شکریہ، وارڈن۔‘

    دراصل بریور کے وکلا نے اپیل کورٹ سے اس بنیاد پر سزائے موت کو روکنے کے لیے استدعا کی تھی کہ ماہر نفسیات رچرڈ کونز کو جب 2009 میں جائزے کے لیے بھیجا گیا تھا تو اس نے برینٹ بریور سے انٹرویو کے لیے ملاقات ہی نہیں کی، اور بغیر ملے رائے دی کہ ’’مجرم کا کوئی ضمیر نہیں، وہ مستقبل میں پرتشدد کاررائیوں کا ارتکاب کرے گا۔‘‘ تاہم یہ اپیل مسترد کر دی گئی۔

  • امریکی محکمہ انصاف نے ٹیکساس کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

    امریکی محکمہ انصاف نے ٹیکساس کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ انصاف نے میکسیکو کی سرحدی رکاوٹ پر ٹیکساس کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دریائے ریوگرانڈے میں فلوٹینگ بیریئر لگانے پر امریکی محکمہ انصاف نے پیر کو امریکی ریاست ٹیکساس کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

    امریکی محکمہ انصاف نے تیرتے پیپوں (فلوٹینگ بیریئرز) کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مقدمہ دائر کیا ہے، ریاست ٹیکساس کے حکام نے میکسیکو سے تارکینِ وطن کی آمد کو روکنے کے لیے گزشتہ ہفتے یہ بیریئر ایگل پاس پر دریا کے بیچوں بیچ لگائے ہیں۔

    ٹیکساس کے ریپبلیکن گورنر گریگ ایبَٹ نے اسے آپریشن لون اسٹار کا نام دیا ہے، گریگ ایبٹ نے ایک ہزار فٹ تک پھیلی اس رکاوٹ کو رضاکارانہ طور پر ہٹانے کی اپیل مسترد کر دی تھی، جس کے بعد یہ مقدمہ دائر کیا گیا۔

    ایسوسی ایٹ اٹارنی جنرل وینیتا گپتا نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکساس نے مطلوبہ وفاقی اجازت حاصل کیے بغیر ریو گرانڈے میں رکاوٹیں لگا کر وفاقی قانون کی خلاف ورزی کی ہے، یہ تیرتی رکاوٹ نیویگیشن اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ ہے۔

  • امریکا میں لاکھوں مچھلیاں پانی میں دم گھٹنے سے مر گئیں

    امریکا میں لاکھوں مچھلیاں پانی میں دم گھٹنے سے مر گئیں

    ٹیکساس: امریکا میں لاکھوں مچھلیاں پانی میں دم گھٹنے سے مر گئیں، حکام کا کہنا ہے کہ مچھلیاں شدید گرمی برداشت نہیں کر سکیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں کوئنٹانا بیچ پر لاکھوں کی تعداد میں مردہ مچھلیاں بہہ کر ساحل پر آ گئی ہیں، شدید گرمی میں مچھلیوں کا دم پانی میں گھٹنے لگا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ مچھلیاں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث پانی میں دم گھٹنے سے مریں، ٹیکساس میں محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار کا کہنا ہے کہ گرم پانی میں آکسیجن کی کمی ہے۔

    گرم پانی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مچھلیوں کو سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے اور وہ مر جاتی ہیں، اس عمل کی وجہ سے مرنے والی زیادہ تر مچھلیاں مینہیڈن نسل کی ہوتی ہیں، مردہ مچھلیوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں مچھلیوں کا اس طرح مرنا ایک عام واقعہ ہے، ساحل کے قریب کا پانی سمندر میں گہرے پانی سے زیادہ تیزی سے گرم ہوتا ہے، اکثر ایسا ہوتا ہے کہ مچھلیاں ساحل کے قریب پانی میں پھنس جاتی ہیں اور واپس نہیں جا پاتیں۔ مچھلیاں مرنے سے پہلے پانی سے نکل کر آکسیجن لینے کی کوشش کرتی ہیں، جب کہ کچھ سردی کے لیے دامنِ کوہ کی طرف جاتی ہیں۔

    ٹیکساس کے ساحل پر جمعہ سے مردہ مچھلیوں کا آنا جاری ہے، تاہم انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ انھیں ہٹا کر ساحل سمندر کی صفائی کر رہے ہیں۔

  • ٹیکساس کے شاپنگ سینٹر میں مسلح شخص نے قیامت ڈھا دی، 8 افراد ہلاک، لاشوں کے خوفناک مناظر

    ٹیکساس کے شاپنگ سینٹر میں مسلح شخص نے قیامت ڈھا دی، 8 افراد ہلاک، لاشوں کے خوفناک مناظر

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک شاپنگ سینٹر میں فائرنگ سے 8 افراد ہلاک ہو گئے، حملہ آور بھی پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیلاس، ٹیکساس میں ایک مسلح شخص نے شاپنگ مال میں لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

    واقع ایلن شہر کے مال میں پیش آیا، عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک شخص نے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

    واقعے کے بعد مال سے سینکڑوں لوگوں کو نکالا گیا، فائرنگ سے 7 افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں، مرنے والوں میں کچھ بچے بتائے جاتے ہیں، جب کہ زیر علاج افراد میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔

    ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے فائرنگ کو ناقابل بیان سانحہ قرار دے دیا۔

    امریکی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انھوں نے کوئی ویڈیو بنائی ہے تو وہ ایف بی آئی سے رابطہ کریں، تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

    گن وائلنس آرکائیو کے مطابق اس سال اب تک امریکا میں کم از کم 198 ’ماس شوٹنگ‘ کے واقعات پیش آئے ہیں، ایسے واقعات جن میں چار یا اس سے زیادہ افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہوں۔

  • ٹیکساس کے پہلے مسلمان رکن اسمبلی سلیمان لالانی نے حلف اٹھا لیا

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے پہلے پاکستانی نژاد مسلمان رکن اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے پہلے پاکستانی نژاد مسلمان رکن اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے حلف اٹھا لیا، ڈاکٹر سلیمان لالانی نے ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں قرآن پاک پر حلف اٹھایا۔

    اس موقع پر ان کی اہلیہ اور والدہ بھی ان کے ساتھ تھیں، حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ہیوسٹن سے متعدد بسوں پر ڈیموکریٹ رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی کے ریاستی حلقے کے عوام ٹیکساس کے کپیٹل آسٹن گئے، پاکستانی کمیونٹی بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئی۔

    ڈاکٹرسلیمان لالانی نے حلف برداری کے بعد ریاست میں صحت کے شعبے میں قانون سازی کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ ٹیکساس ہاؤس 150 نمائندوں پر مشتمل ہے، اور رکن منتخب ہونے کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ رکن کم از کم 2 سال ریاست میں رہا ہو، اور ضلعی سطح پر کم از کم ایک سال تک نمائندگی کی ہو۔

  • بائیڈن کو دیکھ کر لوگ نعرے لگانے لگے ’کچھ کریں، کچھ کریں‘

    بائیڈن کو دیکھ کر لوگ نعرے لگانے لگے ’کچھ کریں، کچھ کریں‘

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے اسکول کے دورے کے موقع پر لوگ صدر بائیڈن کو دیکھ کر ڈو سم تِھنگ کے نعرے لگانے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹیکساس میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے اسکول راب ایلیمنٹری کا دورہ کیا، جہاں موجود لوگ انھیں دیکھ کر نعرے لگانے لگے ‘کچھ کریں، کچھ کریں’۔

    امریکی صدر نے یادگار پر سفید پھول چڑھائے اور اس موقع پر وہ آب دیدہ بھی ہوئے، انھوں نے لوگوں کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے کہا ’ہاں میں کروں گا۔‘

    بائیڈن جب اتوار کو اسکول پہنچے تو وہاں بچوں کے والدین اور دوسرے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جو بائیڈن مرنے والے بچوں کے والدین اور ان افراد سے ملے جو اس واقعے میں بچ گئے تھے، امریکی صدر نے سانحے میں جان سے جانے والے 19 بچوں کے لیے دعا بھی کی۔

    خیال رہے کہ فائرنگ کے بعد امریکا میں اس امر پر بہت غصہ پایا جاتا ہے کہ حملہ آور ایک گھنٹے تک کلاس روم میں موجود رہا، جب کہ پولیس باہر انتظار کرتی رہی اور بچے 911 پر کالز کرتے رہے۔

    امریکی عدالت انصاف نے کہا ہے کہ اس امر کا پھر سے جائزہ لیا جا رہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا رد عمل سست کیوں تھا۔

    امریکی صدر نے دورے کے دوران ایک ٹویٹ بھی کی، جس میں انھوں نے لکھا ’ہم آپ کے ساتھ دکھ کا اظہار کرتے ہیں، ہم آپ کے لیے دعا کرتے ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس دکھ کو عمل میں تبدیل کریں گے۔‘

    اسکول پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سے یہ بحث پھر سے زوروں پر ہے کہ امریکا میں ہتھیاروں کو کنٹرول کیا جائے اور اسلحے کے مخالف لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اس کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں۔ موجودہ ڈیموکریٹ امریکی صدر بائیڈن، کئی بار اس ضمن میں بڑے اقدامات کا خیال ظاہر کرتے رہے ہیں تاہم ابھی تک فائرنگ کے ایسے واقعات نہیں روکے جا سکے اور نہ ہی امریکی صدر ری پبلکنز کو قائل کر پائے ہیں کہ سخت قوانین کی بدولت ایسے واقعات سے بچا جا سکتا ہے۔