Tag: ٹیکسی

  • اے آئی ٹیکنالوجی، سڑکوں پر خود سے ڈرائیو ہونے والی ٹیکسیاں کب سے چلیں گی؟

    اے آئی ٹیکنالوجی، سڑکوں پر خود سے ڈرائیو ہونے والی ٹیکسیاں کب سے چلیں گی؟

    لندن: ٹرانسپورٹ اور اے آئی کمپنیوں کا ایک بڑا منصوبہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت اب سڑکوں پر خود سے ڈرائیو ہونے والی ٹیکسیاں چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اوبر نے ایک اے آئی کمپنی سے مل کر نیا منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت آئندہ سال 2026 کے موسم بہار سے لندن میں سیلف ڈرائیو ٹیکسی چلائی جائے گی، یہ سڑکوں پر چلنے والی مکمل طور پر خود مختار ٹیکسی ہوگی۔

    برطانیہ کی حکومت نے بھی نئی قانون سازی کے بعد سیلف ڈرائیو کار کے ٹرائلز کے سلسلے کو تیز کر دیا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ ڈرائیور کے بغیر ’’ٹیکسی اور بس جیسی‘‘ سروسز کے تجارتی ٹرائلز مقررہ وقت سے ایک سال پہلے شروع ہوں گے۔

    ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرائل کے دوران ابتدائی طور پر گاڑی میں ہیومن سیفٹی ڈرائیور موجود ہوگا، تاہم توقع ہے کہ ان ٹرائلز کے دوران ہی مکمل طور پر بغیر ڈرائیور کی آزمائش بھی کر لی جائے گی۔


    مصنوعی ذہانت نوکریاں کھا گئی : آئی بی ایم سے ہزاروں ملازمین برطرف


    بغیر ڈرائیور کی اس کار میں جدید ترین 4 AI ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جسے مائیکروسافٹ جیسے سرمایہ کاروں کی مدد حاصل ہے، یہ ٹیکنالوجی پیچیدہ ماحول کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے اس لیے اس کا تجربہ لندن کی بدنام ترین مصروف اور غیر متوقع سڑکوں پر کیا جائے گا۔

    برطانوی حکومت کا خیال ہے کہ ان ٹرائلز کو تیز کرنے سے بڑے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، جن میں سڑک پر مسافروں کی حفاظت کو بہتر بنانا، اندازاً 38,000 ملازمتیں پیدا کرنا اور 2035 تک 42 ارب پاؤنڈ تک کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکریٹری ہیڈی الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ برطانیہ نقل و حمل کو جدید طرز میں ترقی دے کر عالمی رہنما کے طور پر اپنا مقام بنائے گا۔

    دوسری طرف ناقدین اور لندن کے بلیک کیب ڈرائیورز نے خبردار کیا ہے کہ شہر کی تنگ سڑکیں، ٹریفک رش اور جی پی ایس سگنل اس منصوبے کی کامیابی میں اہم رکاوٹیں ہیں،

    واضح رہے کہ اوبر پہلے ہی امریکا اور دیگر جگہوں پر روبو ٹیکسیاں کامیابی سے چلا چکی ہے۔

  • ٹیکسی اچانک گول گول گھومنا شروع، مسافر چکرا کر رہ گیا، ویڈیو دیکھیں

    ٹیکسی اچانک گول گول گھومنا شروع، مسافر چکرا کر رہ گیا، ویڈیو دیکھیں

    خود کار ٹیکسی کے مسافر  نے آئندہ اس میں سفر کرنے سے توبہ کرلی، گاڑی نے راستے میں اچانک سے گول چکر لگانے شروع کردیے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    امریکی انگریزی جریدے ’روڈ اینڈ ٹریک‘ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ایریزونا میں پیش آیا، مقامی شہری مائیک جونز  نے شاید ہی کبھی سوچا ہو کہ اس کے ساتھ اس طرح کی عجیب و غریب صورت حال بھی پیش آسکتی ہے۔

    نوجوان مسافر نے اسکائی ہاربر ہوائی اڈے جانے کے لیے ایک نجی کمپنی کی خود کار ٹیکسی منگوائی تاکہ وہ لاس اینجلس کے لیے بروقت روانہ ہوسکے، جیگوار ماڈل کی خود کار گاڑی نے کچھ دور جانے کے بعد راستے میں اچانک گول گول چکر لگانے شروع کر دیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Daily Loud (@daily_loud)

    پہلے تو نوجوان صورتحال سے گھبرا گیا تاہم اپنے ہواس پر قابو پاتے ہوئے اس نے مذکورہ کمپنی کے نمائندے سے رابطہ کیا اور تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا، اس نے بتایا کہ میری فلائٹ ہے جس کے لیے مجھے وقت پر ہوائی اڈے پہنچنا ہے جب کہ یہ گاڑی مسلسل گول گول گھومے جا رہی ہے اور مجھے چکر محسوس ہو رہے ہیں۔

    نواجوان نے بتایا کہ یہ گاڑی تقریباً 5 منٹ تک گول دائرے میں گھومتی رہی تاہم بعد ازاں ریموٹ آپریٹر اس فنی خرابی کو دور کرنے میں کامیاب ہوگیا اور گاڑی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگئی۔

    انگریزی جریدے ’روڈ اینڈ ٹریک‘ کے مطابق کمپنی ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے کے سبب اس نوجوان مسافر سے خود کار ٹیکسی کا کرایہ وصول نہیں کیا گیا ہے۔

  • دبئی میں اب بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلیں گی

    دبئی میں اب بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلیں گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جلد بغیر ڈرائیور ٹیکسیاں سڑکوں پر دکھائی دیں گی، بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کا تجربہ جمیرا ون زون سے کیا جائے گا۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے عہدیدار خالد العوضی کا کہنا ہے کہ جلد دبئی کی سڑکوں پر ڈرائیور لیس ٹیکسیاں نظر آئیں گی۔

    خالد العوضی کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر خود کار 5 ٹیکسیاں تجرباتی طور پر چلائی جائیں گی، بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کا تجربہ جمیرا ون زون سے کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرائیور لیس ٹیکسیوں کا تجربہ آئندہ چند ہفتوں میں اور سال رواں کے اختتام سے قبل شروع کردیا جائے گا۔

    اتھارٹی الخیلج کمرشل زون اور سٹی سینٹر میں اسمارٹ گاڑیاں چلانے کے لیے میپ تیار کر رہی ہے، جمیرا ون زون کا اضافہ بھی اس میں ہو گا۔ یہ نقشے جولائی میں ہی تیار کرلیے گئے تھے۔

    العوضی نے جیٹیکس 2022 نمائش میں شرکت کے موقع پر کہا کہ اتھارٹی نے جیٹیکس کے اپنے اسٹال پرعوام کو دکھانے کے لیے خود کار ٹیکسی سجائی گئی ہے، یہ سان فرانسسکو میں زیر استعمال ان دسیوں ٹیکسیوں میں سے ایک ہے جو وہاں عام ہو چکی ہیں۔

    اس طرح کی مزید 4 ٹیکسیاں لائی جائیں گی اور دبئی میں ان کا تجربہ ہوگا۔

    العوضی کا کہنا تھا کہ جیٹیکس میں جو کروز ٹیکسی دکھائی جا رہی ہے وہ اسمارٹ گاڑی ہے اور یہ سان فرانسسکو میں 50 ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے، اس سے وہاں کے لوگ سفر کر چکے ہیں۔

  • سعودی عرب: ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے حکام کی اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب: ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے حکام کی اہم ہدایات جاری

    ریاض: سعودی عرب میں ٹیکسی چلانے کے قواعد و ضوابط میں ترامیم کی گئی ہیں، ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ٹیکسی ڈرائیورز کے خلاف 3 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکسیوں کے قواعد و ضوابط میں کی جانے والی ترامیم پر اتوار 24 اپریل سے عمل درآمد کا آغاز کیا گیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر نے لائحہ عمل میں ترامیم کی منظوری دی تھی۔

    نئی ترمیم کے تحت ٹریفک کمپنی پر پابندی لگائی گئی ہے کہ سروس شروع کرنے سے قبل ٹیکسی سلامتی کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں مثلاً اس میں آگ بجھانے والا سلنڈر، فرسٹ میڈیکل ایڈ باکس اور اسٹیپنی موجود ہونا چاہیئے۔

    حادثے کی صورت میں گاڑی کے عقب میں متنبہ کرنے والی علامت کی موجودگی بھی ضروری ہے۔

    ترمیم کے تحت اگر ٹیکسی مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسافروں کو سروس فراہم کرے گی تو 3 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    26 ویں دفعہ کی چوتھی شق میں کی جانے والی ترمیم کے تحت ضروری ہوگا کہ ٹیکسی، ڈرائیور یا کسی ادارے کی ملکیت ہو، اس بات کی گنجائش بھی دی گئی ہے کہ گاڑی کا مالک کسی کو چلانے کا مختار نامہ جاری کرے تاہم اس کی منظوری لینا ہوگی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے بیٹے کا ٹیکسی میں سفر

    وزیر اعظم عمران خان کے بیٹے کا ٹیکسی میں سفر

    لندن: وزیر اعظم عمران خان کے بیٹے سلیمان خان کی اوبر سروس استعمال کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، لوگوں نے وزیر اعظم کے بیٹے کے عام افراد کی طرح سفر کرنے پر نہایت حیرانی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے بیٹے سلیمان خان نے ٹیکسی سروس اوبر میں سفر کیا تو ڈرائیور نے ان کے ساتھ تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔

    ڈرائیور کا کہنا تھا کہ پہلے تو انہیں یقین نہ آیا کہ ایک برسر اقتدار وزیر اعظم کا بیٹا اوبر سروس استعمال کر رہا ہے، اس کے بعد انہوں نے سلیمان کی اجازت سے اس کے ساتھ تصویر بھی کھینچی۔

    ڈرائیور کا کہنا تھا کہ سلیمان نہایت خوش اخلاق اور عاجز انسان ہیں اور ان کے لہجے سے ذرا بھی نہیں لگتا کہ وہ وزیر اعظم کے بیٹے ہیں، ان کا رویہ عام انسانوں جیسا ہے۔

    ڈرائیور نے مزید کہا کہ اگر ان کی جگہ حمزہ شہباز یا بلاول بھٹو ہوتے تو وہ پاکستانی ہائی کمیشن کے خرچ پر مہنگی گاڑیوں پر سفر کر رہے ہوتے۔

  • سعودی عرب: ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے بڑی خبر

    سعودی عرب: ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے بڑی خبر

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ایپلی کیشن ٹیکسی سروس بحال کرنے کی منظوری دے دی گئی، ٹیکسی سروس اس وقت مؤثر ہوگی جب کرفیو نہیں ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر نقل و حمل انجینیئر صالح الجاسر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ایپلی کیشن ٹیکسی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ان شہروں میں جہاں 24 گھنٹے کا کرفیو نہیں ہے ایپلی کیشن ٹیکسی سروس بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔

    حکام کے مطابق سعودی عرب کے ایسے تمام شہر جہاں جزوی کرفیو لگا ہوا ہے وہاں ایسے اوقات میں جب کرفیو نہ ہو ایپلی کیشن ٹیکسی سروس مؤثر ہوگی۔

    الجاسر نے بتایا کہ متعدد اداروں کی نمائندہ ورکنگ ٹیم نے ایپلی کیشن ٹیکسی سروس کے ضوابط ترتیب دے دیے ہیں تاکہ کرونا وائرس کی وبا سے ٹیکسی ڈرائیور متاثر ہوں اور نہ ہی ان کی سواریوں کی صحت و سلامتی کو کسی طرح کا کوئی نقصان پہنچے۔

    سعودی وزیر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات سے متاثرہ نجی اداروں کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لیے کیا گیا ہے، متاثرہ اداروں کے مسائل کا احساس ہے جن میں ایپلی کیشن ٹیکسیاں بھی شامل ہیں۔

    ایپلی کیشن ٹیکسی سروس کی بحالی سے مملکت بھر میں ایک لاکھ گاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا، 5 ہزار ایسے سعودی شہری بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو کسی ایپلی کیشن کمپنی سے جڑے ہوئے نہیں ہیں۔

  • سعودی عرب میں غیر ملکیوں کا ٹیکسی چلانا مشکل ہوگیا

    سعودی عرب میں غیر ملکیوں کا ٹیکسی چلانا مشکل ہوگیا

    ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکیوں کا ٹیکسی چلانا مشکل ہوگیا، سعودی حکومت نے ٹیکسی کمپنیوں کو پابند کردیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کی جگہ سعودی شہریوں کو ملازمت دیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر ماجد الزہرانی کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشن ٹیکسی سروس میں سعودائزیشن کا ہدف حاصل کرنے میں غیر معمولی کامیابی ہوئی ہے۔ نئے سال کے آغاز سے ہی غیر ملکی ڈرائیوروں کی جگہ 20 ہزار سعودی رجسٹر کیے جاچکے ہیں۔

    الزہرانی کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشن ٹیکسی کے شعبے میں 100 فیصد سعودائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جسے مقررہ مدت میں حاصل کر لیا جائے گا۔

    سعودی عرب کی ایپلی کیشن ٹیکسی سروس میں 11 رجسٹرڈ کمپنیاں کام کررہی ہیں جن میں اس وقت تک 6 لاکھ کے قریب سعودی ڈرائیور رجسٹر ہیں، ان میں 2 ہزار سعودی خواتین بھی شامل ہیں۔

    الزہرانی کے مطابق اس وقت ایپ ٹیکسی سروس میں 20 ہزار کے قریب غیر ملکی خدمات کام کر رہے ہیں ان کی جگہ جلد ہی سعودی لے لیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزارت نقل و حمل کی جانب سے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اس امر کا جائزہ لیتی ہیں کہ کون سی کمپنیاں سعودائزیشن کے قانون پر عمل کر رہی ہیں اور کون اس کی خلاف ورزی کی مرتکب ہیں، وہ کمپنیاں جو سعودی کارکنوں کی جگہ غیر ملکیوں کو ڈرائیور کے طور پر رجسٹر کرتی ہیں ان کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔

    سعودیوں کی جگہ غیر ملکیوں کو رکھنے پر کمپنی پر فی ڈرائیور 5 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے جبکہ کمپنی کی سروسز بھی بند کر دی جاتی ہیں، خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی اس کے علاوہ ہے جس میں جرمانہ اور وزارت محنت کا لائسنس منسوخ یا معطل کیا جانا شامل ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ٹیکسی کمپنیوں کو تحریری نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں کہ رواں برس تمام غیر ملکی ڈرائیوروں کی جگہ سعودی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی سختی سے پابندی کی جائے۔

  • ٹیکسی میں سفر کرنے والے افراد ان اصولوں کے بارے میں جانیں

    ٹیکسی میں سفر کرنے والے افراد ان اصولوں کے بارے میں جانیں

    پاکستان میں تیزی سے مقبول ہوتی مختلف ٹیکسی سروسز نے ٹیکسی کو ذرائع آمد و رفت کا نہایت آسان ذریعہ بنا دیا ہے جو اسمارٹ فون رکھنے والے ہر شخص کی دسترس میں ہے۔

    ہر ملک میں ٹیکسی ڈرائیور اور مسافر چند بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے پابند ہوتے ہیں جن کا مقصد مسافر کی حفاظت، سہولت اور ڈرائیور کی جائز آمدنی کو یقینی بنانا ہے۔

    آج ہم آپ کو ایسے ہی کچھ اصولوں سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں جن کو اپناتے ہوئے آپ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچ کر اور مناسب رقم میں سہولت سے اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے۔


    طویل راستہ

    اکثر ڈرائیور حضرات کرایے کی رقم میں اضافے کے لیے طویل راستہ اختیار کرتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ڈرائیور کو اپنی منزل اور راستے کے بارے میں درست طور پر آگاہ کریں۔


    ڈرائیور کا گفتگو کرنا ممنوع

    ٹیکسی ڈرائیور کا مسافر سے گفتگو کا آغاز کرنا قابل سرزنش ہے۔ اگر آپ کا ٹیکسی ڈرائیور آپ سے بات کرنا چاہ رہا ہے اور آپ اس سے الجھن محسوس کر رہے ہیں تو آپ واضح طور پر اسے گفتگو کرنے سے منع کرسکتے ہیں۔

    یہ اخلاقی اور قانونی طور پر بالکل درست ہے۔


    آپ کا فون نمبر

    گو کہ آئن لائن ٹیکسی سروس کے اکاؤنٹ میں آپ کا فون نمبر محفوظ ہوتا ہے تاہم اس بات کی طرف سے مطمئن ہوجائیں کہ وہ خفیہ ہوتا ہے اور اسے ڈرائیور یا کوئی اور شخص کسی بھی صورت میں (آپ کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے بعد بھی) ہرگز استعمال نہیں کرسکتا۔


    منزل کے بارے میں آگاہی

    آن لائن ٹیکسی بک کرواتے ہوئے بعض افراد اپنی منزل کے بارے میں نہیں لکھتے جس سے ڈرائیور اس بات سے بے خبر ہوتا ہے کہ آپ کو کہاں جانا ہے۔

    یہ عادت اس وقت پریشانی کا سبب بن سکتی ہے جب آپ کو کہیں دور جانا ہو، آپ نے اپنی منزل کا پتہ بتائے بغیر ڈرائیور کو بلا لیا، اور اب ڈرائیور نے اتنی دور جانے سے انکار کردیا۔

    اس صورت میں آپ کا وقت بھی ضائع ہوگا اور یقیناً کچھ پیسے بھی دینے پڑ جائیں گے۔

    دور کے سفر میں خاص طور پر اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ منزل کا پتہ ضرور لکھیں تاکہ آپ کو لینے کے لیے وہی ڈرائیور آئے جو اتنی دور جانے کے لیے تیار ہو۔


    میٹر

    بعض ٹیکسی ڈرائیورز آپ کی بلائی ہوئی جگہ پر پہنچتے ہی میٹر چلادیتے ہیں۔ اس کے بعد آپ جتنا وقت ڈرائیور کو انتظار کروائیں گے اس وقت کی رقم بھی کرایے میں جمع ہوگی۔

    میٹر کس وقت چلایا گیا ہے یہ جاننا تو مشکل ہے، تاہم اس سے بچنے کا بہترین حل یہی ہے کہ آپ ڈرائیور کو انتظار کروائے بغیر فوراً ہی ٹیکسی میں جا کر بیٹھ جائیں۔


    بری ریٹنگ

    ٹیکسی سروس کمپنیوں میں ڈرائیور حضرات کی نوکری کا انحصار آپ کی طرف سے دی جانے والی ریٹنگ پر بھی ہوتا ہے۔ کسی ڈرائیور کو اگر مستقل 4.7 سے کم ریٹنگ ملے تو اسے نوکری سے برخاست کیا جاسکتا ہے۔

    لہٰذا کسی معمولی بات کو وجہ بنا کر کسی ڈرائیور کو خراب ریٹنگ دینے سے قبل ایک بار ضرور سوچیں۔ ان ریٹنگز کو معمولی مت سمجھیں، یہ واقعی کسی کی زندگی میں خرابی یا بہتری لانے کا سبب بن سکتی ہیں۔


    آپ کی ریٹنگ

    شاید آپ لا علم ہوں مگر بعض ٹیکسی سروسز میں ڈرائیورز بھی مسافر حضرات کو ریٹنگز دیتے ہیں۔ خود کو دی جانے والی ریٹنگ آپ اپنے ٹیکسی سروس کے اکاؤنٹ میں دیکھ سکتے ہیں۔

    آپ کو دی جانے والی ریٹنگ کا انحصار دوران سفر آپ کے رویے پر ہوتا ہے۔ اگر آپ ڈرائیور کو بے جا انتظار کروا رہے ہیں، اس سے خراب لہجے میں بات کر رہے ہیں، یا راستہ بتاتے ہوئے تنگ کر رہے ہیں تو یقیناً آپ کو بری ریٹنگ دی جائے گی۔

    تاہم اس ریٹنگ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، خراب ریٹنگ کی بنیاد پر کوئی ڈرائیور آپ کو لینے سے انکار تو کرسکتا ہے، تاہم ایسے ڈرائیورز گنے چنے ہی ہوتے ہیں۔


    مختصر راستہ

    اگر آپ نے کسی ایسے مختصر راستے کے لیے ٹیکسی بلوائی ہے جسے آپ پیدل بھی باآسانی طے کرسکتے تھے تو یہ آپ کی پروفائل کو خراب کرسکتا ہے۔ ایسی صورت میں ڈرائیور اپنی مطلوبہ کمائی کا ہدف نہیں حاصل کرسکے گا اور آپ کو خراب ریٹنگ دے دے گا۔

    تاہم بعض ٹیکسی کمپنیاں پہلے سے اپنے صارف کو آگاہ کرتی ہیں کہ ٹیکسی بلانے کی صورت میں کم سے کم راستہ کتنی مسافت کا ہونا چاہیئے۔


    کمپنی کی سرزنش کریں

    اگر آپ ٹیکسی سروس کے معیار یا کرایے سے مطمئن نہیں تو اس کی ذمہ دار کمپنی ہے، ڈرائیور نہیں۔ بعض کمپنیوں کے ڈرائیور صرف ضروری کام کے لیے ہی دفتر جاتے ہیں لہٰذا کمپنی کے پیکجز یا دیگر قواعد و ضوابط سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

    اگر آپ کو اس سے کوئی شکایت ہے تو ڈرائیور سے بحث کرنے کے بجائے کمپنی کی ہیلپ لائن پر کال کی جاسکتی ہے۔


    پیکس

    اگر آپ باقاعدگی سے ٹیکسی میں سفر کرنے کے عادی ہیں تو آپ کا نام ’پیکس‘ ہے۔

    بین الاقوامی معیار کے تحت ٹیکسی میں سفر کرنے والے مسافروں کو پیکس کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ نام پائلٹس اور ٹیکسی ڈرائیور اپنے مسافروں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

  • بھارتی نوجوان کا مسلمان ڈرائیور کی ٹیکسی میں بیٹھنے سے انکار

    بھارتی نوجوان کا مسلمان ڈرائیور کی ٹیکسی میں بیٹھنے سے انکار

    نئی دہلی : بھارت میں ہندوانتہاپسندوں کی مسلمانوں سے نفرت عروج پرہے، کبھی مسلمانوں کوگھردینے سے منع کیا جاتا ہے تو ہندو انتہا پسند کبھی مسلمان ڈرائیور کی ٹیکسی میں بیٹھنے سے انکار کر دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے بھارت میں مسلمانوں کا جینا مشکل کردیا، مودی سرکارمیں مسلمانوں کو جان کے لالے ہیں اورساتھ ساتھ معاشی بدحالی اور تنگی کی طرف بھی دھکیلا جا رہا ہے۔

    نئی دہلی میں ہندو انتہا پسند تنظیم کے کارندے  ابھیشیک مشرا نے پرائیوٹ ٹیکسی کی بکنگ صرف اس لئے منسوخ کرا دی کہ ڈرائیورمسلمان ہے۔

    ہندو انتہاپسند نوجوان  ابھیشیک مشرا نے زہراگلتے ہوئے کہا کہ میں کسی جہادی کو پیسے دے کراس کا فائدہ نہیں کرسکتا، لہذا بکنگ کینسل کرادی۔

    ہندوانتہاپسند نے بکنگ منسوخی کی تفصیل بھارتی وزیردفاع سمیت دیگروزرا کو بھی بھیج دیں۔

    واضح رہے کہ مسلمانوں سے بدترین سلوک کا یہ پہلا واقعہ نہیں، فروری میں بھی ممبئی میں کیفے پریڈ کے قریب 3 روز قبل چار حملہ آوروں نے 35 سالہ قاسم شیخ پر حملہ کیا اور اسے جوتا چاٹنے پرمجبور کیا، قاسم شیخ یہ ذلت برداشت نہ کرسکا اور اس نے گلے میں پھندا لگایا اور چھت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔

    اسی طرح  بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں سال نو کے موقع پر مبینہ طور پر اونچی آواز میں موسیقی بجانے سے منع کرنے پر ایک مسلمان کو مار مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بالی وڈ کے مسلمان اداکار بھی انتہاپسندی کا نشانہ بن چکے ہیں، ممبئی میں مشہوراداکارہ شبانہ اعظمی، رائٹر اور شاعر جاوید اختراوراداکارعمران ہاشمی کو محض اس لئے گھر دینے سے انکار کیا گیا کہ وہ مسلمان ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاکستانی ڈرائیور کی دیانت داری، 17 لاکھ درہم واپس لوٹا دیے

    پاکستانی ڈرائیور کی دیانت داری، 17 لاکھ درہم واپس لوٹا دیے

    شارجہ: پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے دیانت داری کی مثال کرتے ہوئے اپنی گاڑی سے برآمد ہونے والے 17 لاکھ درہم کی رقم مقامی پولیس کی مدد سے اُس کے مالک تک پہنچادی۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں مقیم پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نصیر اللہ شیر دولا نے دیانت داری کی نئی مثال قائم کی اور اپنی گاڑی سے ملنے والی رقم کو پولیس کے ہمراہ اس کے اصل مالک تک پہنچایا۔

    پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی گاڑی سے ایک بریف کیس برآمد ہوا جس میں 17 لاکھ درہم کی رقم موجود تھی، گاڑی سے رقم برآمد ہونے پر نصیر اللہ نے قریبی پولیس اسٹیشن اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور کے ہمراہ اصل مالک کی  تلاش شروع کی۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی رقم ایک تاجر کی تھی جو مشرقی ایشیائی ملک سے شارجہ ائیرپورٹ آیا اور وہاں سے گاڑی میں بیٹھ کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا تاہم مسافر کو چھوڑ کر واپس آتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور کی نظر بریف کیس پر پڑی جس اُس نے فوری طور پر اپنے دفتر (ٹیکسی آفس) اطلاع کی ۔آفس اسٹاف نے مقامی پولیس کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا اور اُن کے ہمراہ بریف کیس کے مالک کو تلاش کیا۔

    ڈائریکٹر برائے ٹرانسپورٹ شارجہ عبدالعزیز الجرواں نے واقعے پر پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی نیک نیتی پر اُن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’دولا کی طرح کے لوگوں کا ٹیکسی ڈرائیور ہونا ہم سب کے لیے مسرت کا باعث ہے‘‘۔

    بعد ازاں محکمہ ٹرانسپورٹ نے پاکستانی ڈرائیور نصیر اللہ کو اُن کی ایمان داری پر اسناد کو کیش انعام سے نوازا۔ اس ضمن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں الجرواں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ہمیشہ ایمان دار اور مخلص لوگوں کی قدر کرتے ہیں، ہمارے درمیاں اتنے مخلص لوگ موجود ہیں یہ ہماری خوش نصیبی ہے تاہم ڈرائیورز کی تربیت اور ایما نداری کی مثالیں قائم کرنے کے لیے یہ واقعہ بہت اہم ہے جسے اجاگر کیا جائے۔