Tag: ٹیکس مہم

  • ملک کے 5 بڑے شہروں میں  آج سے سب سے بڑی ٹیکس مہم کا آغاز ہورہا ہے

    ملک کے 5 بڑے شہروں میں آج سے سب سے بڑی ٹیکس مہم کا آغاز ہورہا ہے

    اسلام آباد : ملک بھر میں آج سے سب سے بڑی ٹیکس مہم کا آغاز ہورہا ہے، جس میں چھوٹے تاجروں، دکانداروں،ہول سیلر، ریٹیلرز کو ٹیکس دینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط پر 10 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس دہندہ بنانے کے اور ہدف اور معیشت میں ٹیکسز کا حصہ 14 فیصد تک پہنچانے کیلئے بڑا اقدام سامنے آیا۔

    انکم ٹیکس ،سیلز ٹیکس چوری روکنے کیلئےاہم ٹیکس ڈرائیو کا آغازہوگیا ، انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دیئے بغیر کاروبار نہیں ہوسکے گا۔

    ملک کے 5 بڑے شہروں میں آج سے سب سے بڑی ٹیکس مہم کا آغاز ہورہا ہے، جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور شامل ہیں۔

    تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن آج سے تیس اپریل تک جاری رہے گی، چھوٹے تاجر، دکاندار، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کیلئے پوائنٹ آف سیل سسٹم، فسکل الیکٹرانک ڈیوائس اینڈ سافٹ ویئر کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    ریئل اسٹیٹ، بلڈر، بڑے اسپتال، لیبارٹری، کلینکس، میڈیکل پریکٹشنر،جم اور ہیلتھ کلب بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں۔

    تاجر دوست اسپیشل پروسیجر کے تحت ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی پندرہ جولائی سے ہوگی جبکہ تاجروں اور دکانداروں کو ایڈوانس انکم ٹیکس ہر ماہ کی پندرہ تاریخ تک جمع کرانا ہوگا۔

    انکم ٹیکس کیلئے دوست ایپ میں رجسٹریشن بھی کرانا ہوگی، تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پررجسٹریشن کراسکیں گے جبکہ رجسٹریشن ٹیکس سہولت مراکز کے ذریعے بھی کرائی جاسکے گی۔

    تاجروں اور دکانداروں کیلئے کم از کم ایڈوانس ٹیکس بارہ سو روپے ہوگا۔

  • ٹیکس مہم: گاڑی مالکان ناخوش گوار صورت حال سے بچنا چاہتے ہیں تو ۔۔۔

    ٹیکس مہم: گاڑی مالکان ناخوش گوار صورت حال سے بچنا چاہتے ہیں تو ۔۔۔

    کراچی: چار دن میں محکمہ ایکسائز سندھ کی روڈ چیکنگ مہم کے دوران 2 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس وصول کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز سندھ کی روڈ چیکنگ مہم کے چوتھے دن تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 17 ہزار 406 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

    مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس کی وصولی کی مہم 18 فروری تک جاری رہے گی، وہ گاڑی مالکان جنھوں نے ٹیکس ادا نہیں کیا، کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے اپنے ٹیکس فوری طور پر جمع کروا دیں۔

    روڈ چیکنگ مہم کے دوران گزشتہ چار روز میں کراچی میں 3875، حیدرآباد میں 4804، اور سکھر میں 1601 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، جب کہ لاڑکانہ میں 2397، میرپور خاص میں 2796، اور شہید بے نظیر آباد میں 1933 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

    مہم کے دوران مختلف وجوہ پر 1242 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا جب کہ 1988 گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کیے گئے۔

    چار دنوں میں گاڑیوں سے مجموعی طور پر دو کروڑ روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا، صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے اپنے ایک بیان میں روڈ چیکنگ مہم کے دوران عوام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکسز کی وصولی کی روڈ چیکنگ مہم 18 فروری تک جاری رہے گی۔

  • ترقیاتی منصوبے زیادہ ٹیکس دینے والے شہریوں کے نام کرنے کا فیصلہ

    ترقیاتی منصوبے زیادہ ٹیکس دینے والے شہریوں کے نام کرنے کا فیصلہ

    سیالکوٹ: ملک بھر میں ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے نئی مہم شروع کرنے کا منصوبہ، ترقیاتی منصوبے زیادہ ٹیکس دینے والے شہری کے نام سے منسوب کیے جائیں گے، منصوبوں کا افتتاح بھی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہری کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے، نوجوان پروگرام کی ذمہ داری نعیم الحق کی وجہ سے مجھے سونپی گئی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نعیم الحق وزیر اعظم عمران خان اور پارٹی کے وفادار ساتھی تھے، نعیم الحق کو خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے ضمیر فروشی نہیں کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں کمزور معیشت ملنے کے باوجود ہم نے ترقیاتی کام جاری رکھے، پانی کے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ سول اسپتال کے آئی سی یو میں 4 وینٹی لیٹر بیڈ لگائے گئے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے ٹیکس دہندہ کے پیسوں سے مکمل کیے جاتے ہیں، ٹیکس دہندہ کو کبھی وہ عزت نہیں دی گئی جو دینی چاہیئے، پاکستان کے ٹیکس دہندہ اس ملک کا اثاثہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ محسوس ہو رہا ہے ٹیکس ہدف سے کم اکٹھا ہوگا، 70 ہزار ٹیکس فائلرز کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے شہر، دیہات اور گلی محلوں تک نئی مہم شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ترقیاتی منصوبوں کو زیادہ ٹیکس دینے والے کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر مہم کا آغاز سیالکوٹ سے کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہری کرے گا۔

    منصوبے کے مطابق گلیوں اور سڑکوں سے لے کر ہر ترقیاتی منصوبے پر ٹیکس پیئر کے نام کی تختی ہوگی۔ مذکورہ منصوبے پر عملدر آمد ایف بی آر اور نادرا کے اشتراک سے کیا جائے گا، دونوں ادارے گلی محلے کی سطح پر بھی ٹیکس دہندگان کی شناخت کریں گے۔

    عثمان ڈار کے مطابق مہم کا آغاز گلی، وارڈ، یونین کونسل اور شہرکی سطح پر بیک وقت ہوگا۔ مقامی افراد کو اپنے اپنے شہروں کی ترقی کا شراکت دار بنائیں گے۔