Tag: ٹیکس

  • بحرین میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ

    بحرین میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ

    مناما: بحرین بجٹ خسارے کو روکنے اور مملکت کی آمدنی بڑھانے کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) کو10 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق معیشت کو تقویت دینے کے لیے قانون سازوں نے شہریوں کو دی جانے والی اجرت میں کمی اور اس کے علاوہ سماجی بہبود کی بابت اختیارات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

    اس کےعلاوہ آئی ایم ایف کے تخمینوں کے مطابق بحرین کا بجٹ خسارہ تیل کی کم قیمتوں کے بعد رواں سال آدھا رہ جائے گا اور عالمی وبا کرونا وائرس نے اس خسارے کو 2020 میں ریکارڈ 18 فیصد معاشی پیداوار تک پہنچا دیا ہے۔

    واضح رہے کہ بحرین کی حکومت نے 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ جنوری 2019 سے کیا تھا جسے اب دوگنا کر کے 10 فیصد کیے جانے کا ارادہ کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی سے 1500 ملین روپے سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس جمع

    کراچی سے 1500 ملین روپے سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس جمع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے 1500 ملین روپے سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں جمع کیا گیا، صوبے میں موٹر وہیکل ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے موٹر وہیکل ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں، کراچی سے موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 1509.112 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ حیدر آباد سے 64.973 ملین روپے اور سکھر سے 26.785 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، شہید بے نظیر آباد سے 10.436 ملین روپے اور لاڑکانہ سے 15.794 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں میرپور خاص سے 9.036 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکس نادہندگان فوری طور پر اپنا ٹیکس جمع کروائیں۔ ٹیکس آن لائن بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفاتر میں ٹیکس جمع کروانے والوں کی رہنمائی کے لیے عملہ موجود ہے، بروقت ٹیکسز جمع کروا کے قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کے لیے جلد روڈ چیکنگ مہم شروع کی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے گاڑیوں کے مالکان اپنے ٹیکسز جمع کروائیں۔

  • وزیر اعظم نے ٹیکس وصولی سے متعلق خوشخبری سنادی

    وزیر اعظم نے ٹیکس وصولی سے متعلق خوشخبری سنادی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی اور اگست میں 850 ارب ٹیکس وصولی کی، یہ شرح گزشتہ سال کی نسبت 51 فیصد زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس وصولی سے متعلق خوش خبری ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی اور اگست میں 850 ارب ٹیکس وصولی کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ شرح ٹیکس وصولی کے ہدف سے 23 فیصد اور گزشتہ سال کی نسبت 51 فیصد زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ رفتار سے ٹیکس کا سالانہ ہدف 5 ہزار 829 ارب آسانی سے حاصل کیا جا سکے گا۔

  • ایف بی آر نے پھل، سبزی فروشی کو دستاویزی معیشت میں شامل کرنا مشکل قرار دے دیا

    ایف بی آر نے پھل، سبزی فروشی کو دستاویزی معیشت میں شامل کرنا مشکل قرار دے دیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں پھل اور سبزی فروشی کا کاروبار غیر دستاویزی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے کہا ہے کہ پھل اور سبزی فروشی دستاویزی معیشت میں شامل ہی نہیں ہیں، ان کو دستاویزی معیشت میں شامل کرنا مشکل ہے۔

    آج طلحہ محمود کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں ایف بی آر نے کہا کہ مالی سال 2019 سے 2021 تک ایک کروڑ 27 لاکھ نوٹسز جاری کیے گئے، ان نوٹسز کے جاری ہونے کے بعد 2 ارب 58 کروڑ کا ٹیکس موصول ہوا۔

    ایف بی آر نے کہا کہ نوٹسز جاری ہونے کے بعد 13 لاکھ 15 ہزار ریٹرنز فائل ہوئیں، جب کہ اتنی ٹیکس ریٹرنز فائل ہونے پر 64 ارب روپے کا ٹیکس بنتا تھا۔

    اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ نوٹسز نہیں جاری ہوں گے، جب کہ ایف بی آر نوٹسز بھیج رہا ہے، ایف بی آر کے ممبر ڈاکٹر اشفاق نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کو میسجز کے ذریعے ریٹرنز فائل کرنے کا پیغام دیا جاتا تھا، اور ٹیکس ادا کرنے والے کو کبھی جیل نہیں بھیجا گیا۔

    ایف بی آر حکام کے مطابق پنجاب حکومت سے ای اسٹیمپ سے متعلقہ معلومات لی گئی تھیں، جس میں ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا، ای اسٹیمپ کی معلومات کے باعث 10 ہزار افراد کو نوٹسز بھیجے گئے۔

  • پاناما لیکس کا تہلکہ، بھارتی اداروں نے بھی اربوں کے اثاثوں کا پتا لگا لیا

    پاناما لیکس کا تہلکہ، بھارتی اداروں نے بھی اربوں کے اثاثوں کا پتا لگا لیا

    نئی دہلی: بھارتی ٹیکس حکام نے 2 سو ارب سے زائد غیر ظاہر اثاثہ جات کا سراغ لگا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما پیپرز میں بھارتیوں کی کرپشن کی ان گنت کہانیاں بھی سامنے آ گئی ہیں، ٹیکس چرانے کے لیے بھارتیوں نے بھی اربوں کے بے نامی اثاثے بنائے اور چھپائے۔

    بھارتی ٹیکس اتھارٹیز 200 ارب روپے کے بے نامی اثاثہ جات تک پہنچ گئیں، 2016 سے اب تک سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز نے تحقیقات کر کے بھارت اور بیرون ملک اربوں کے بے نامی اثاثہ جات کا پتا لگایا۔

    بھارت میں بلیک منی اور انکم ٹیکس ایکٹ پر 46 مقدمے دائر کیے جا چکے ہیں، بھارتی ٹیکس اتھارٹیز نے ان مقدمات میں 142 کروڑ کی ریکوری کر لی ہے، جب کہ مزید 83 کیسز میں سرچ اور سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مزید کیسز کے مقدمات دائر ہونے پر مزید کروڑوں روپے کی ریکوری کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی سطح پر پاناما پیپرز نے پانچ سال کا ہندسہ عبور کر لیا ہے، آئی سی آئی جے نے اندازہ لگایا ہے کہ مجموعی طور پر دنیا بھر میں ٹیکس حکام نے ٹیکسوں اور جرمانوں کی مد میں 1.36 بلین ڈالرز سے زیادہ کی ریکوری کی ہے، جب کہ سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے کے اعداد و شمار برطانیہ، جرمنی، اسپین، فرانس اور آسٹریا کے تھے۔

    2016 میں اپریل میں بحر اوقیانوس کے کنارے پر واقع ملک پاناما کی صحافتی تنظیم آئی سی آئی جے نے ایک قانونی فرم موزاک فونسیکا سے غیر قانونی اثاثہ جات کی ڈیڑھ لاکھ دستاویزات لے کر پامانہ پیپرز کے نام سے شائع کی تھیں، جس کے باعث کئی ممالک کی حکومتیں ہل گئی تھیں۔

    پاناما دستاویزات میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سمیت دیگر 400 سے زائد افراد کے نام سامنے آئے تھے، شریف خاندان کی آفشور کمپنیاں منظر عام پر آنے کے بعد نواز شریف نے قوم سے خطاب کر کے مطمئن کرنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔

  • کراچی سے گاڑیوں کا اربوں روپے کا ٹیکس وصول

    کراچی سے گاڑیوں کا اربوں روپے کا ٹیکس وصول

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے رواں مالی سال موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 7570 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا، جبکہ جائیداد ٹیکس کی مد میں 1477 ملین سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے موٹر وہیکل ٹیکس اور جائیداد ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے موٹر وہیکل ٹیکس اور جائیداد ٹیکس کی وصولی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی 2020 سے مئی 2021 تک کراچی سے موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 7570.429 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسی مد میں حیدر آباد سے 461.486 ملین روپے، سکھر سے 216.018 ملین روپے اور شہید بےنظیر آباد سے 86.333 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    مکیش کمار چاولہ کا کہنا تھا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں لاڑکانہ سے 107.402 ملین روپے اور میرپور خاص سے 55.261 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    صوبائی وزیر کے مطابق جائیداد ٹیکس کی مد میں کراچی سے 1477.755 اور حیدر آباد سے 71.440 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ اسی مد میں سکھر سے 33.183 ملین روپے، شہید بے نظیر آباد سے 9.165 ملین روپے اور لاڑکانہ سے 21.067 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کی مد میں میرپور خاص سے 10.198 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    مکیش کمار چاولہ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے اور ٹیکسز کی وصولی کے لیے بہترین کارکردگی کے لیے محکمے کے افسران اور عملہ قابل ستائش ہے۔

  • جیف بیزوس کے گھر کے باہر احتجاج کیوں ہوا؟

    جیف بیزوس کے گھر کے باہر احتجاج کیوں ہوا؟

    دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کے گھر کے باہر لوگوں نے احتجاج شروع کردیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ جیف بیزوس ایمانداری سے ٹیکس ادا کریں۔

    بین الاقوامی یوب سائٹ کے مطابق دنیا کے سب سے امیر ترین شخص جیف بیزوس کے گھر کے باہر کروڑ پتی افراد نے جمع ہو کر احتجاج کیا اور ان سے مزید ٹیکس دینے کا مطالبہ کر دیا۔

    جیف بیزوس کا فلیٹ جس کی مالیت 10 ارب روپے ہے، اس کے باہر جمع ہونے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ جیف بیزوس ایمانداری سے ٹیکس ادا نہیں کررہے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایمازون کے مالک نے کووڈ وبا کے دوران بے حساب دولت کمائی لیکن اسی شہر کے لوگ بے روزگاری اور مسائل میں گرفتار ہیں۔

    مظاہرین نے شہر میں اشتہاری بورڈ والے ٹرک بھی چلائے جن پر امیروں پر ٹیکس لگاؤ اور جیف بیزوس کی تصویر کے ساتھ مجھ سے ٹیکس لے کر دکھاؤ جیسے نعرے درج تھے۔

  • 10 ماہ میں سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    10 ماہ میں سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ میں رواں مالی سال کے 10 ماہ میں ٹیکس اہداف 93 فیصد تک حاصل کرلیے گئے، صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک ٹیکس وصولی کی رپورٹ جاری کردی، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے 81569.844 ملین روپے ٹیکس وصول کیا۔

    گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 64536.673 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

    محکمہ ٹیکسیشن کے مطابق جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک 7886.617 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 67218.742 ملین روپے اور جائیداد ٹیکس کی مد میں 1559.460 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    اسی طرح پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 494.853 ملین روپے وصول کیے گئے جبکہ کاٹن فیس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں بالترتیب 93.017 اور 30.213 ملین روپے ٹیکس وصولی کی گئی۔

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، رواں مالی سال میں اب تک 93 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل 100 فیصد سے زائد ٹیکس اہداف حاصل کرلیں گے، ایکسائز افسران ٹیکس وصولی کی رفتار تیز کردیں، افسران و عملے کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

  • وبا کے دوران بے تحاشہ منافع کمانے والی کمپنیوں پر نئے ٹیکس لگانے کا فیصلہ

    وبا کے دوران بے تحاشہ منافع کمانے والی کمپنیوں پر نئے ٹیکس لگانے کا فیصلہ

    لندن: کرونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا بھر کی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا تاہم کچھ کمپنیاں ایسی بھی رہیں جنہوں نے اس وقت کے دوران بے تحاشہ منافع کمایا، برطانیہ میں ایسی کمپنیوں پر نیا ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ نے ایسی ٹیکنیکل اور ریٹیلر کمپنیوں پر مزید ٹیکس لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جنہوں نے کرونا وائرس کے دنوں میں ضرورت سے زیادہ منافع حاصل کیا ہے۔

    برطانوی حکومت نے کمپنیوں کو آن لائن سیلز ٹیکس کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے طلب کیا ہے، اس کے علاوہ ضرورت سے زیادہ منافع پر بھی ٹیکس لگانے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر خزانہ رشی سونک 3 مارچ کو ہونے والے بجٹ اعلان میں یہ ٹیکس لاگو کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، اس سے قبل ٹیکس پروگرام میں توسیع اور کاروباری اداروں کے لیے تعاون پر توجہ دی جائے گی۔

    اس کے بجائے سال کی دوسری ششماہی میں اس ٹیکس کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی منظر عام پر آ سکتی ہے۔

    وزیر خزانہ نے وعدہ کیا ہے کہ کرونا وبا کے خاتمے کے بعد معیشت کی بحالی شروع ہونے سے مالی استحکام کی پائیدار بنیاد پر رکھیں گے۔

  • کویت سے رقم بھیجنے والوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سے رقم بھیجنے والوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویتی حکام ملک سے باہر رقم بھیجنے و ترسیلات زر پر 1 فیصد ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر غور کر رہے ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی قانون ساز کمیٹی کا اگلے ہفتے پیر کے روز اجلاس منعقد ہوگا جس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان میں سب سے نمایاں ملک سے باہر ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کرنا ہے۔

    کمیٹی آئندہ نسلوں کے لیے مہذب زندگی کے تحفظ، وزارت داخلہ کے ملازمین کے لیے نجی اسپتال کے قیام، اور عراقی جارحیت کے خاتمے اور کویت کو آزاد کروانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں غیر کویتی فوجی اہلکاروں کے بارے میں ایک تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔

    اجلاس میں ملک کے معاشی منصوبوں کے لیے مالیاتی اداروں کے لیے قرضوں سے متعلق ایک قانون پر گفت و شنید بھی کی جائے گی۔

    علاوہ ازیں صحت انشورنس کے ریٹائرڈ مستفید افراد کا دائرہ بڑھانے اور اس میں گھریلو خواتین اور معذور افراد کو شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کرے گی۔