Tag: ٹیکنالوجی

  • چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    شنگھائی میں پیر 28 جولائی کو منعقدہ ’ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 2025 (WAIC) کے دوران چین نے روبوٹکس کے شعبے میں اپنی تازہ ترین کمالات کے مظاہرے سے دنیا کو حیران کر دیا ہے، شائقین نے نہ صرف باکسنگ کرنے والے ہیومنائیڈ ربوٹس کی مہارت دیکھی بلکہ مہجونگ کھیل کھیلنے والے روبوٹ بھی۔

    نمائش میں سب سے زیادہ توجہ باکسنگ رِنگ میں اترنے والے انسانی روبوٹس نے حاصل کی، جنھوں نے ہیڈ گئیر پہنا ہوا تھا، اور وہ ایک دوسرے کو زور دار پنچ، ہُک اور کراس مار رہے تھے، یہ باکسنگ روبوٹ یونی ٹری (Unitree) نامی چینی روبوٹکس کمپنی نے تیار کیا ہے، روبوٹ کا نام G1 ہے، جس کا وزن تقریباً 35 کلوگرام (77.16 پاؤنڈ) ہے اور اس کا قد 1.32 میٹر (4.3 فٹ) ہے۔

    مقابلے کے دوران روبوٹ باکسر کو رِنگ کے باہر موجود آپریٹرز ایک ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا رہے تھے، باکسنگ مقابلے میں روبوٹس کو نہایت پھرتی، توازن، اور مؤثر حرکتوں کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ان میں مکے، لاتیں مارنے اور گر کر دوبارہ کھڑے ہونے جیسی صلاحیتیں شامل ہیں۔ G1 روبوٹ میں نصب مختلف سینسرز کی وجہ سے یہ انسانوں کی طرح جنگی مہارتیں مؤثر طریقے سے انجام دینے کے قابل ہے۔


    اوپن اے آئی کے سربراہ نے پوڈ کاسٹ میں چیٹ جی پی ٹی کے حوالے سے ہولناک بات کا اعتراف کر لیا


    اے آئی کانفرنس میں ایک اور روبوٹ نے بھی لوگوں کو حیران کیا، یہ روبوٹ چین کا ایک کھیل مہجونگ کھیل رہا تھا اور انسانوں نے بھی اس کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا، اس روبوٹ میں یہ خصوصیت ہے کہ یہ ایسے حالات میں بھی فیصلے کر سکتا ہے جہاں میز پر موجود معلومات مکمل نہ ہوں، اور مقابل انسان کے اقدامات بھی غیر متوقع ہوں۔

    یہ روبوٹ بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنی PsiBot کے شریک بانی چن یوان پے (Chen Yuanpei) نے کہا: ’’سب سے مشکل بات یہ ہے کہ مہجونگ کے علم کو روبوٹ ماڈل میں کیسے شامل کیا جائے، کیوں کہ زیادہ تر کمپنیاں یا عمومی الگورتھمز کے لیے یہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 26 سے 28 جولائی تک جاری رہی، جس میں 800 سے زائد ٹیکنالوجی کمپنیوں اور ماہرین کو اپنے کام پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔

  • ویڈیو رپورٹ: ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب ’’اے آئی اپنے فیصلے اب خود کرے گا‘‘

    ویڈیو رپورٹ: ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب ’’اے آئی اپنے فیصلے اب خود کرے گا‘‘

    ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب آ گیا چین نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں ایک قدم اور آگے بڑھا دیا جس کے بعد اب اے آئی اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہوگیا۔

    دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت کے میدان میں ترقی کر رہی ہے۔ چین نے اس میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک اور اہم پیش رفت کی ہے اور ایسا اے آئی ماڈل روبوٹ تیار کیا ہے جس کو کسی ہدایت کی ضرورت نہیں بلکہ وہ اپنے فیصلے خود کر سکے گا۔

    چین جس نے گزشتہ ماہ ڈیپ سیک متعارف کرا کے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا اب مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبورکر کے سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔

    پڑوسی دوست ملک چین نے ڈیپ سیک کے بعد نیا جدید ترین اے آئی ماڈل مینس ’’Manus‘‘ لانچ کردیا ہے۔

    یہ محض ایک چیٹ بوٹ یا سرچ انجن نہیں، بلکہ پہلا خودمختار اے آئی ماڈل ہے جو خود فیصلے کرتا، منصوبے بناتا اور بغیر انسانی ہدایات کے کام مکمل کرتا ہے۔

    یہ جدید ماڈل علی بابا کی ذیلی کمپنی مانیکا نے تیار کیا ہے۔ یہ کمپنی پہلے ہی ڈیپ سیک جیسے انقلابی ماڈلز کے ذریعے چین کی تکنیکی برتری کو دنیا ثابت کر چکی ہے۔

    مینس کو جدید ترین اجینٹک "agentic” ماڈلز کے برابر سمجھا جا رہا ہے، جس نے چین کو اے آئی کی عالمی دوڑ میں صفِ اول میں لا کھڑا کیا ہے۔

     

    اس ویڈیو میں Manus AI کے عروج، اس کی تکنیکی ترقی، حقیقی دنیا کی ایپلی کیشنز، اور AI زمین کی تزئین میں خود مختار ایجنٹوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/fatwa-robot-installed-in-masjid-al-haram/

  • زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے اربوں ڈالر سالانہ آمدن کا امکان

    زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے اربوں ڈالر سالانہ آمدن کا امکان

    پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے سالانہ 10 ارب ڈالر حاصل کرسکتے ہیں۔

    پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے ایگری ٹیک پر رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی فصلوں کی پیدوار میں 30 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے اور کاشت نقصانات 75 فیصد کم ہوسکتے ہیں، اس کیلئے یونیورسٹیوں، نجی شعبے اور بین الاقوامی ماہرین کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے۔

    پاشا کی رپورٹ کے مطابق درست فارمنگ، اے آئی، آئی او ٹی اور بلاک چین کا استعمال زرعی پیدوار بڑھانے  کے ساتھ کسانوں کی ناکامیوں کو دور کرکے وسیع منڈیوں تک رسائی یقینی بناسکتا ہے۔

    پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے تجویز دی ہے کہ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ فراہمی بہتر بناکر کسانوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ جوڑا جائے، کولڈ اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورکس پر سرمایہ کاری کی تجویز بھی دے دی۔

    پاشا کا کہنا ہے کہ حکومت ایگری ٹیک اسٹارٹ اپس کو کم شرح سود پر قرضوں کے ساتھ  ٹیکس چھوٹ بھی دے، صوبوں کو زرعی پالیسیوں پر ہم آہنگ کرنے کیلئے قومی ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل مارکیٹ اور لاجسٹکس کو بہتر بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے، زرعی شعبہ پاکستان کی 50 ورکس فورس کو ملازمت فراہم کرتا ہے اگر زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کیا جائے تو سالانہ 10 ارب ڈالرز حاصل ہوسکتے ہیں۔

  • دنیا میں ٹیکنالوجی کی وجہ سے ترقی ممکن ہوئی: وزیراعظم

    دنیا میں ٹیکنالوجی کی وجہ سے ترقی ممکن ہوئی: وزیراعظم

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہی ترقی ممکن ہوئی۔

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی ترقی ممکن ہوئی، طلبا کو تسخیر اور دریافت پر توانائی صرف کرنا چاہیے۔

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے میرے دل کے قریب ہیں، اسلام میں حصول علم پر بہت زور دیا گیا ہے، حضرت آدم ؑ کو علم کی وجہ سے ہی فرشتوں پر فوقیت ملی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے میرے دل کے قریب ہیں۔ میں ان لوگوں کی بہت تعریف کرتا ہوں جنہوں نے اس انسٹی ٹیوٹ کا تصور پیش کیا۔

  • سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی تعاون کا معاہدہ

    سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی تعاون کا معاہدہ

    ریاض: سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرے گا، معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی کابینہ نے ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار وزیر تعلیم کو تفویض کیا ہے۔

    کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ کے قصر السلام میں ہوا جس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

    کابینہ نے کرونا بحران پر ہنگامی صحت صورتحال کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب وباؤں سے نمٹنے کے سلسلے میں عالمی برادری کے لیے ایک مثال رہا ہے۔

    کابینہ نے وزیر تعلیم کو، جو ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ ٹریننگ کے قومی ادارے کی مجلس انتظامیہ کے سربراہ بھی ہیں، پاکستان میں ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ کے قومی ادارے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی ہدایت کی ہے۔

    کابینہ نے اس حوالے سے مذاکرات اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی تفویض کیا ہے۔

    چین کے ساتھ ہائی کمیشن کی تشکیل سے متعلق ضمنی پروٹوکول،، فرانس کے ساتھ سٹریٹجک شراکت کے لیے مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر خارجہ کو دیا گیا۔

    ترکی کے ساتھ سماجی خدمات کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کو تفویض کیا گیا۔

    انڈونیشیا کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    کابینہ نے بحیرہ احمر کی قومی حکمت عملی اور معاشرے کے فروغ کے لیے سخا پروگرام قائم کرنے اور سعودی سرحدوں کی نگرانی کے لیے سیٹلائٹس کے ذریعے ریڈیو مانیٹرنگ کے مربوط انفراسٹرکچر کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی۔

  • دنیا کی بڑی آبادی بہری ہوسکتی ہے!

    دنیا کی بڑی آبادی بہری ہوسکتی ہے!

    جدید ٹیکنالوجی ایک طرف تو اپنے ساتھ آسانیوں اور آسائشوں کی بھرمار لے آئی تو اس کے ساتھ آنے والے نقصانات کی بھی کوئی کمی نہیں، اسکرینز کے مستقل استعمال سے بینائی کو نقصان پہنچنے کے بعد اب ماہرین نے ایک اور خطرے کی اشارہ کردیا۔

    حال ہی میں بی ایم جے گلوبل ہیلتھ میں جاری کردہ ایک منظم جائزے کے مطابق نوجوانوں کی بڑی تعداد موسیقی کو غیر محفوظ طریقوں جیسے ہیڈ فون اور ڈیجیٹل میوزک پلیئر سے تیز آواز میں سنتی ہے جو ان کی سماعت کے لیے بتدریج نقصان کا باعث بن رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس موسیقی میں خاص پمپنگ بیٹس کا ذکر کیا گیا ہے، موسیقی کی یہ قسم نوجوانوں میں کافی مقبول ہے۔

    اس تجزیے کے مطابق پمپنگ ٹیونز دنیا بھر میں 1.35 بلین نوجوانوں کو سماعت سے محروم ہونے کے خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔

    اس جائزے میں قوت سماعت سے متعلق سنہ 2000 سے 2021 کے دوران کیے گئے 33 مطالعات کا تجزیہ کیا گیا، جس میں 12 سے 34 سال کی عمر کے 19 ہزار سے زیادہ افراد شامل تھے۔

    اس مطالعے میں غیر محفوظ سننے کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے جس کی شناخت 80 ڈیسیبل سے اوپر کی سطح ہے اور ساتھ ہی اس کا دورانیہ ہفتے میں 40 گھنٹے سے زیادہ سننا بھی شامل ہے۔

    یعنی ایک ایسا شخص جو کہ 80 ڈیسیبل سے اوپر آواز رکھ کر ہفتے میں 40 گھنٹے تک موسیقی سنتا ہے تو اس نے موسیقی سننے کا غیر محفوظ طریقہ اختیار کیا ہوا ہے۔

    اس مطالعے میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ سننے کے غیر محفوظ طریقوں کی شرح نو عمروں اور نوجوان بالغوں میں زیادہ ہے، ان میں سے 23.81 فیصد غیر محفوظ سطح پر ذاتی آلات سے موسیقی سن رہے تھے جبکہ 48.2 فیصد بلند آواز والے تفریحی مقامات جیسے کنسرٹ وغیرہ سے موسیقی سن رہے تھے۔

    اتنی بڑی آبادی کے غیر محفوظ طریقے سے میوزک سننے کے بعد اندازہ لگایا گیا تو اس کے نتائج حیران کن تھے یعنی اس طرح دنیا کے 1.35 بلین نوجوان قوت سماعت سے محرومی کے خطرے سے دو چار ہیں۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں 430 ملین سے زیادہ افراد پہلے ہی سماعت سے محرومی کا شکار ہیں اور اگر سماعت سے محرومی کی روک تھام کو ترجیح نہ دی گئی تو اس کا پھیلاؤ دوگنا ہو سکتا ہے۔

    اونچی آواز میں موسیقی سننا سماعت کے لیے کس طرح نقصان کا باعث ہوسکتا ہے؟

    اونچی آواز، بشمول موسیقی، اندرونی کان میں بالوں کے خلیوں اور جھلیوں کو نقصان پہنچا کر ان کوختم کر سکتی ہے۔

    ایک بار سماعت ختم ہوجانے کے بعد کوئی بھی شخص اپنے ارد گرد کی آوازوں کو نہ تو سن سکتا ہے اور نہ ہی سمجھ سکتا ہے جبکہ ابھی تک اس کا مکمل اور تسلی بخش علاج دریافت نہیں کیا گیا ہے۔

    حیرت کی بات یہ ہے کہ اونچی آواز کان میں کسی درد کا سبب بنے بغیر سماعت کے نقصان کا باعث بنتی ہے اور آہستہ آہستہ سماعت کم ہوتی جاتی ہے۔

    اگر تیز آواز میں میوزک سننے کے بعد کانوں میں گھنٹیاں سی بجنے لگیں یا کسی طرح کی آوازیں آنے لگیں تو جان لیں کہ یہ خطرے کی گھنٹی ہے، اس سے جو نقصان ہوگا وہ دائمی ہوگا جسے صحیح نہیں کیا جاسکتا۔

    قوت سماعت میں کمی یا محرومی سے بچنے کے لیے کچھ اقدامات پر عمل کریں، جیسے میوزک کم آواز اور کم وقت کے لیے سنیں، ہیڈ فون پر سننے کے بجائے دھیمی آواز میں اسپیکر پر لگا لیں، کنسرٹ میں جانا بھی ہو تو اسپیکر سے دور رہیں اور کانوں میں ایئر مفس یا ایئر پلگ کا استعمال کریں تاکہ سماعت کو نقصان سے بچایا جاسکے۔

    اب زیادہ ترموبائل فونز بھی ایسے سافٹ ویئر کے ساتھ آرہے ہیں جو نہ صرف سننے کی محفوظ سطح کی نگرانی کرتے ہیں بلکہ آواز بڑھانے پر نقصان دہ ہونے سے آگاہ بھی کرتے ہیں۔

  • ٹوئٹر کے بعد میٹا سے بھی بری خبر

    ٹوئٹر کے بعد میٹا سے بھی بری خبر

    ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (سابقہ فیس بک) کی جانب سے بھی ملازمین کے لیے بری خبر آ گئی۔

    وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر سے بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفی کے بعد، اب مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا نے بھی ملازمین کو نکالنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ 

    سوشل میڈیا کمپنی میں برطرفی کا عمل بدھ سے شروع ہوگا، جس کی وجہ سے ہزاروں ملازمین اپنی ملازمتوں سے محروم ہو سکتے ہیں، کمپنی کی 18 سالہ تاریخ میں پہلی بار اس طرح کی وسیع پیمانے کی برطرفیاں کی جا رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ستمبر تک فیس بک اور انسٹاگرام کی بنیادی کمپنی میٹا کے ملازمین کی تعداد 87 ہزار سے زائد تھی، میٹا سرمایہ کاروں نے کمپنی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی افرادی قوت میں کم از کم 20 فی صد کمی کرے۔

    جون میں میٹا کے چیف پروڈکٹ آفیسر کرس کاکس نے ملازمین کو خبردار کیا تھا کہ وہ معاشی بحران میں زیادہ مؤثر طریقے سے کام کریں، جب کہ پچھلے مہینے کمپنی کے سربراہ زکربرگ نے کہا تھا کہ 2023 میں وہ سرمایہ کاری کو مخصوص شعبوں تک محدود کر دیں گے۔

    انھوں نے خبردار کر دیا تھا کہ 2023 میں کمپنی پہلے کی نسبت تقریباً وہی یا اس سے کم ہو جائے گی۔

    تشویش ناک امر یہ ہے کہ میٹا کی آمدنی نے ایک اور سہ ماہی میں 4 فی صد کمی ظاہر کر دی ہے، اور سرمایہ کاروں نے کمپنی سے اپنی رقم نکالنا شروع کر دی ہے۔

  • آئی فون 14 میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ؟

    آئی فون 14 میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ آئی فون 14 میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ کیا کی گئی ہے؟

    بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے گزشتہ دنوں متعارف ہونے والے آئی فون 14 میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ ڈسپلے سے متعلق ہے۔

    آپ جانتے ہوں گے کہ آئی فون استعمال نہ بھی ہو رہا ہو، تب بھی اس کی اسکرین آرام نہیں کرتی اور الارمز اور دیگر مختلف ویجٹس کو ڈسپلے کرتی رہتی ہے، ایپل کے نئے فلیگ شپ فونز میں بڑی تبدیلی اسی حوالے سے ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر سے فون کے استعمال کا وقت بڑھ جائے گا، اور اب صارفین لاک اسکرین میں ہی نوٹیفکیشن، وقت، ریمائنڈرز اور دیگر چیزیں دیکھ سکیں گے۔

    آئی فون 14 میں اب صارفین کو فون اَن لاک کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

    ایپل کمپنی کے مطابق لاک اسکرین سے صارفین کے اسکرین ٹائم پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے، البتہ اس سے انگیجمنٹ بڑھ سکتی ہے۔

    سیلولر ٹیکنالوجی پر نگاہ رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل ہمیشہ نئے فیچرز کو سب سے پہلے متعارف کرانے والی کمپنی نہیں، مگر وہ جب بھی کچھ پیش کرتی ہے اس کا انداز سب سے مختلف ہوتا ہے۔

  • کیا مستقبل میں مُردوں سے بات کرنا ممکن ہوگا؟

    کیا مستقبل میں مُردوں سے بات کرنا ممکن ہوگا؟

    ٹیکنالوجی کی حالیہ رفتار کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا مشکل ہے کہ اگلی چند دہائیوں میں ہم کہاں ہوں گے، ممکن ہے کہ ہم مرنے والوں سے گفتگو کرسکیں اور ان کا ایک دھندلا سا خاکہ بھی دیکھ سکیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کینسر کا پتہ لگانے والے بیت الخلا، آنکھوں میں نصب کمپیوٹر اور روحوں کی لائبریری جہاں ہم اپنے مرحومین کو دیکھ سکیں گے، یہ چند دماغ کو حیران کرنے والی ایجادات اور پیشرفت ہیں جو ممکنہ طور پر ہمارے بچوں اور پوتے پوتیوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن سکتی ہیں۔

    دلچسپ سائنسی دستاویزی فلم 2077 – 10 سیکنڈز ٹو دی فیوچر، میوٹیشن میں سال 2077 کے حوالے سے کچھ انتہائی عجیب اور حیرت انگیز پیش گوئیوں پر ایک نظر ڈالی گئی ہے۔

    اس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ سہ 2077 تک سائنسی علم میں آج کے دور کے مقابلے میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہوگا۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے نک بوسٹروم کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت تمام شعبوں کو نئی ادویات کی دریافت اور بیماری کے علاج سے لے کر معاشی اشیا کی پیداوار کے چیلنج کو حل کرنے میں کردار ادا کرے گی، تاکہ لوگوں کو غربت میں زندگی گزارنے کی ضرورت نہ پڑے۔

    نیویارک کے سٹی کالج کے نظریاتی طبیعیات دانمیچیو کاکو کا کہنا ہے کہ صدی کے آخر تک روبوٹ بندروں کی طرح ہوشیار ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہمیں ان کے دماغوں میں ایک چپ رکھنی چاہیئے تاکہ اگر وہ قاتل بن جائیں تو انہیں بند کیا جا سکے۔

    ایک اور پیشگوئی روحوں کی لائبریری کے حوالے سے کی گئی ہے جہاں لوگ مرنے والوں کے ساتھ بات چیت کر سکیں گے۔

    ڈاکٹر کاکو نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جب آپ لائبریری جاتے ہیں اور ونسٹن چرچل کے بارے میں پڑھنا چاہتے ہیں، تو آج آپ ونسٹن چرچل کے بارے میں ایک کتاب نکالتے ہیں۔

    مستقبل میں آپ ونسٹن چرچل سے بات کریں گے، آپ لائبریری جائیں گے اور ایک ہولو گرافک تصویر سامنے آئے گی اور ہولو گرام کے دوسری طرف والا شخص ونسٹن چرچل کی طرح لگتا ہوگا، اس کی طرح بات کرتا ہوگا، اس کے تمام طرز عمل، اس کی یادیں، اس کی تمام تقریریں سب کچھ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آپ کے پوتے نواسے لائبریری جائیں گے اور آپ سے بات کریں گے۔

    وہ اندازہ لگائیں گے کہ آپ کون ہیں، آپ ڈیجیٹل فنگر پرنٹ چھوڑیں گے، آپ کی تمام عادات، آپ کی تمام یادیں، آپ کے احساسات کا نقشہ چھوڑیں گے اور آپ اپنی اولاد کے ساتھ ایک دلچسپ بات چیت کرنے کے قابل ہو جائیں گے چاہے آپ طویل عرصے سے موجود ہی کیوں نہ ہوں،

    ڈاکٹر کاکو نے کہا کہ پورے دماغ کی ڈیجیٹلائزیشن جسے ہیومن کنیکٹوم پروجیکٹ کے نام سے جانا جاتا ہے، ڈیجیٹل لافانیت کا باعث بن سکتی ہے۔

  • کیا آپ اینڈرائڈ سسٹم کے ان 8 اہم فیچرز سے واقف ہیں؟

    کیا آپ اینڈرائڈ سسٹم کے ان 8 اہم فیچرز سے واقف ہیں؟

    دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی اینڈرائڈ سسٹم والے فونز بے حد مقبول ہو رہے ہیں، اس میں بہت سارے ایسے فیچرز موجود ہیں جن سے ابھی تک ہماری واقفیت نہیں ہوئی ہوگی۔

    صارفین اینڈرائڈ فونز کے مختلف ورژنز استعمال کر رہے ہیں، تاہم اسمارٹ فون آپریٹنگ سسٹم کے 8 ایسے دل چسپ فیچرز ہیں جن سے اکثریت ناواقف ہوگی۔

    سیاہ بیک گراؤنڈ

    اگر آپ اپنے اسکرین کے لیے سیاہ بیک گراؤنڈ منتخب کرتے ہیں تو از خود پکسل ہائی لائٹ کا آپشن بند ہو جائے گا، اور آپ کی بیٹری دیر تک چلے گی (تاہم یہ فیچر تمام اینڈرائڈ فونز میں دستیاب نہیں)۔

    کتاب سنیں

    ٹیکسٹ ٹو اسپیچ آپشن کے ذریعے آپ اپنے اینڈرائڈ فون پر کوئی بھی مضمون یا کتاب سن سکتے ہیں کیوں کہ یہ آپشن ٹیکسٹ کو آواز میں بدل کر سناتا ہے۔ اس کے لیے پہلے سیٹنگز میں جائیں پھر ایسسیبلٹی آپشن پر جا کر ٹیکسٹ ٹو اسپیچ آپشن آن کر دیں۔

    فون گم ہونے پر ڈیٹا کیسے ڈیلیٹ کریں؟

    سیٹنگز پر جائیں، وہاں سے سیکیورٹی پر جا کر ڈیوائس منیجر کے آپشن میں سے اینڈرائڈ ڈیوائس منیجر کا انتخاب کریں اور پھر ریموٹلی لوکیٹ دِس ڈیوائس سے allow remote lock and erase کے آپشن پر کلک کر دیں۔ اب اگر آپ کا فون چوری یا گُم ہو جاتا ہے تو آپ ویب سائٹ کے ذریعے اس کا سارا ڈیٹا مٹا سکتے ہیں اور موبائل فون لاک کر سکتے ہیں۔

    اگر فون کچھ دیر کے لیے کسی کو دینا چاہتے ہیں؟

    اگر آپ اپنے دوست کو وقتی طور پر استعمال کے لیے اپنا اسمارٹ فون دینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے مہمان (گیسٹ) موڈ کا بہترین آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    فون کو دو انگلیوں سے سوائپ کریں، اور یوزر آئکن کو ٹچ کریں جو اوپر سیدھی جانب موجود ہے، ایک گیسٹ آئکن سامنے آ جائے گا۔ اب یہاں آپ ان سہولیات اور آپشن پر کلک کر سکتے ہیں جنھیں دوسرا استعمال کر سکتا ہے، آپ اپنے ڈیٹا کو بھی چھپا سکتے ہیں۔

    نظر کمزور ہے

    اسکرین میگنیفائر کے آپشن سے آپ ٹیکسٹ اور دیگر اشیا کو اپنے اسکرین پر بڑا کر کے دیکھ سکتے ہیں۔ اگر کسی کی نظر کمزور ہے تو اینڈرائڈ کا ایک آپشن اس کا مداوا کر سکتا ہے اور آپ فون کے کسی بھی حصے کو میگنیفائی کر سکتے ہیں۔

    سیٹنگز کے آپشن پر جائیں پھر وہاں سے ایسیسبلٹی تک اور اس کے بعد میگنیفکیشن کا آپشن استعمال کریں، پھر اسکرین کے کسی بھی حصے کو تھپتھپا کر زوم کر لیں۔

    وائی فائی ہاٹ اسپاٹ

    آپ کو مختلف ڈیوائسز چلانے کے لیے قیمتی موڈیم اور راؤٹر خریدنے کی ضرورت نہیں، اسمارٹ فون ازخود وائی فائی ہاٹ اسپاٹ بن سکتا ہے۔ سیٹنگز پر جائیں اور ٹیتھرنگ اینڈ پورٹیبل ہاٹ اسپاٹ پر جا کر پورٹیبل WLAN ہاٹ اسپاٹ آپشن پر چیک کر دیں۔

    سر کی حرکت سے فون کنٹرول

    کیا آپ جانتے ہیں کہ اینڈرائڈ فون کو سر کی حرکت سے بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے، ایک فری ایپ فیشل eva فیشل ماؤس کے ذریعے اینڈرائڈ آلات کو بڑی آسانی سے سروں کی حرکت سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔

    چھپا گیم

    اینڈرائڈ 2.3 جنجر بریڈ میں ایک چھوٹا گیم چھپا ہے لیکن اسے ڈھونڈ نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے، سیٹنگز میں جائیں اور اباؤٹ فون اور اباؤٹ ٹیبلٹ کے آپشن میں جائیں۔ اب اینڈرائڈ ورژن پر کئی بار ٹیپ کریں۔ اس کے ساتھ ہی ایک چھوٹی مارش میلو (نرم میٹھی سوغات) سامنے آ جائے گی۔ اس پر ٹیپ کریں اور ایک دل چسپ گیم آپ کے سامنے ہوگا۔