Tag: ٹیکنالوجی

  • کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے فونز کی آن لائن فروخت محدود کردی ہے، فیصلہ آئی فونز کی پروڈکشن میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

    ایپل نے چین اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں اپنے فونز کی آن لائن فروخت کو محدود کردیا ہے۔ ایپل پہلے ہی چین کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے اسٹورز بند کر چکا ہے، ایسا مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد کیا گیا ہے۔

    بعض ممالک بشمول چین، ہانگ کانگ، سنگاپور، اور تائیوان میں ویب سائٹ کھولنے پر صارف کو بتایا جاتا ہے کہ ایک آرڈر پر صرف 2 ہی پروڈکٹس بھیجی جاسکیں گی۔

    ایسا اس سے قبل سنہ 2007 میں کیا گیا تھا جب پہلی بار آئی فون لانچ کیا گیا تھا، اس وقت لوگوں نے بڑی تعداد میں فون خرید کر دوبارہ بیچنے شروع کردیے تھے جس کے بعد کمپنی کو اس کی فروخت محدود کرنی پڑی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ فروخت کو محدود کرنے کا سبب اس کی پروڈکشن میں کمی آنا بھی ہے، چین میں 13 مارچ سے ایپل کے اسٹورز دوبارہ کھل گئے ہیں اور فیکٹریوں میں کام بھی معمول کے مطابق شرع ہوگیا ہے تاہم دنیا بھر میں اس کی فروخت میں بدترین کمی دیکھی جارہی ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس قلت کے سبب اسے بلیک مارکیٹ میں بھی بیچے جانے کا خدشہ ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی آن لائن فروخت محدود کی گئی ہے۔

  • ملک میں ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت ضروری ہے،وزیراعظم

    ملک میں ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت ضروری ہے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے برطانیہ میں مقیم سائنسدانوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان روابط اور پارٹنر شپ بڑھےگی۔ وزیراعظم کی جانب سے سائنس دانوں پر مشتمل وفد کا خیرمقدم کیا گیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سائنس،ٹیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت ضروری ہے۔

    انہوں نے برطانیہ میں قابلیت کا لوہا منوانے والی پاکستانی نژاد کمیونٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جدیدعلوم کے فروغ میں ایسے افراد کی قابلیت سے استفادہ ملکی مفاد میں ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کےتعلیمی، تحقیقاتی اداروں کے 70سائنسدانوں کا وفدپاکستان میں موجود ہے، وفد ایگریکلچر نیوٹریشن، ہیلتھ کیئر، بائیو ٹیکنالوجی فروغ پر مبنی ورکشاپ میں شرکت کر رہا ہے۔ ورکشاپ کا مقصد ان شعبہ جات میں جدیدعلوم، تجربات اور معلومات کا تبادلہ ہے۔

  • جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مری ہوئی بیٹی ماں کے سامنے زندہ ہوگئی

    جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مری ہوئی بیٹی ماں کے سامنے زندہ ہوگئی

    سوئل: جنوبی کوریا میں جدید ورچوئل ٹیکنالوجی کی مدد سے ماں کے سامنے اس کی مری ہوئی بیٹی مصنوعی طور پر زندہ دکھائی گئی۔

    غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں ایڈوانس ورچوئل ٹیکنالوجی کی مدد سے 9 منٹ کی ایک ڈوکیومنٹری تیار کی گئی جس میں ژنگ جی سنگ نامی خاتون کے سامنے اس کی مری ہوئی بیٹی مصنوعی طور پر زندہ دکھائی گئی لیکن بدقسمتی سے ماں اسے چھو نہیں سکتی تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکوہ خاتون کی بیٹی 2016 میں ہی وفات پاچکی ہے۔ گرین پردے کی مدد سے مصنوعی انداز میں ماں کو ایک پارک دکھایا گیا جہاں اس کی بیٹی کھیل رہی تھی، اس دوران خاتون کو الٹرا ڈیجیٹل ہیڈ سیٹ پہنایا گیا جس کے ذریعے یہ سارے مناظر دکھائی دے رہے تھے۔

    اس ڈوکیومنٹری کے دوران ژنگ جی اپنے بیٹی سے ملی، دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر خوب مسکرا رہے تھے، ماں کو اس کی مری ہوئی بیٹی نے آبدیدہ کردیا، خاتون نے اسے چھونے کی بڑی کوششیں کی لیکن ناکام ٹھہری۔

    اس دوران جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، ژنگ نے اپنی بیٹی سے پوچھا تم کہاں ہو میں تمہیں بہت یاد کرتی ہوں۔ خیال رہے کہ اس ڈوکیومنٹری کی فلمنگ کے دوران خاتون کے شوہر اور دیگر بچے بھی موجود تھے جن کی آنکھوں میں بھی آنسوں بھر آئے۔

  • کیبل فالٹ کے باعث  انٹرنیٹ سروس متاثر

    کیبل فالٹ کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر

    اسلام آباد: انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس بری طرح سے متاثر ہوئی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے مطابق قطر کے قریب انٹرنیشنل سب میرین میں خرابی کے باعث صارفین کو انٹرنیٹ براؤزنگ میں مشکلات کا سامنا ہے، سب میرین کا فالٹ جلد دور کرنے کے لیے انٹرنیشنل کنسورشیم کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، امید ہے خرابی پر جلد قابو پالیا جائے گا جس کے بعد صارفین بلاتعطل انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: میرین کیبل میں خرابی، پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر

    انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین بھی اپنی شکایات کا اظہار کررہے ہیں، متاثرہ صارفین نے اپنی پوسٹنگ میں درپیش مسائل کو بیان کیا ہے.

    واضح رہے کہ رواں سال 29 اکتوبر کو بھی انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں‌ خرابی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس بری طرح متاثر ہوئی تھی.

  • نسٹ کے علاوہ دیگر درس گاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا عندیہ

    نسٹ کے علاوہ دیگر درس گاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا عندیہ

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے ایک ٹویٹ کے ذریعے نسٹ کے علاوہ دیگر درس گاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا عندیہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسٹ میں ٹیکنالوجی پارک علم پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے، وزیر اعظم عمران خان دیگر درسگاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔

    انھوں نے لکھا کہ انسانی زندگی کا کوئی شعبہ ٹیکنالوجی کے بغیر مکمل نہیں، نسٹ کا منصوبہ ایکیڈیمیا اور صنعت میں پل کا کردار ادا کرے گا، اس منصوبے سے ڈیجیٹل اکانومی اور تحقیق و ترقی کو فروغ ملے گا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ یہ علم پر مبنی معیشت کے فروغ کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا اور تخلیقی ذہنوں کو مل کر بیٹھنے کا پلیٹ فارم مہیا کرے گا، اس سے ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا نسٹ میں پاکستان کے پہلے خصوصی ٹیکنالوجی زون اور پارک کا افتتاح نئے پاکستان میں شعبہ ٹیکنالوجی کو دی جانے والی خصوصی اہمیت کا مظہر ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے نسٹ میں پہلے ٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون اور ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔

  • ڈیجیٹل اکانومی تک ایلیٹ کلاس کے ساتھ نچلے طبقے کی رسائی ضروری ہے: اسد عمر

    ڈیجیٹل اکانومی تک ایلیٹ کلاس کے ساتھ نچلے طبقے کی رسائی ضروری ہے: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک میں ڈیجیٹل اکانومی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایلیٹ کلاس کے ساتھ ساتھ نچلے طبقے کی بھی ڈیجیٹل اکانومی تک رسائی ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسد عمر اسلام آباد میں منعقدہ ایس ڈی پی آئی ڈیجیٹل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے سوشل سیکٹر ریسرچ میں ایس ڈی پی آئی کا کردار قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے پیمانے پر بھی سرمایہ کاری سے ملکی ترقی میں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم گورننس کے احتساب کی بات کرتے ہیں تو پھر ہمارے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا کردار زیادہ اہم ہو سکتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے دور میں سب کو معلوم ہوتا ہے حکومت کیا کر رہی ہے، ہمیں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید خود مختار بنانا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی پاکستان کے لیے ایک انتہائی اہم چیز ہے، اس تک ایلیٹ کلاس کے ساتھ نچلے طبقے کی بھی رسائی ہونی چاہیے، ڈیجٹلائزیشن کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے سلسلے میں کافی پیش رفت ہو چکی ہے، پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو بھی فروغ دے رہا ہے، اس سلسلے میں ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کی منظوری بھی دی گئی تھی، جس کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی سروس انڈسٹری کے لیے ترجیحی پالیسیاں پیش کرنا اور پاکستان کے لیے ایک ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام بنانا تھا۔

  • ’پاکستان کی 6 کمپنیاں آئندہ ہفتے سنگاپور میں اپنی پراڈکٹس متعارف کرائیں گی‘

    ’پاکستان کی 6 کمپنیاں آئندہ ہفتے سنگاپور میں اپنی پراڈکٹس متعارف کرائیں گی‘

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 6 کمپنیاں آئندہ ہفتے سنگاپور میں اپنی پراڈکٹس متعارف کرائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی 6 کمپنیاں آئندہ ہفتے اپنی پراڈکٹس متعارف کرائیں گی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پراڈکس سنگاپورمیں فن ٹیک فیسٹول میں متعارف کرائی جائیں گی، پراڈکس کے لیے فیسٹول میں اسٹارٹ کر پلیٹ فارم کا استعمال ہوگا۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ اسٹارٹ کر پلیٹ فارم پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستانی کمیونٹی کی کاوش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ٹیکنالوجی میں سرگرم اپنے نوجوانوں پر فخر ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماضی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی، پاکستان کو مستقبل میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں وزیراعظم کی خصوصی توجہ ہے، جس کے پاس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے متعلق آئیڈیاز ہیں ہم سے شیئر کرے، کوشش ہے نوجوانوں کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں چارج دے سکیں۔

  • مستقبل کی کار پیش کردی گئی

    مستقبل کی کار پیش کردی گئی

    چین میں گاڑیوں کے ڈیزائن میں مزید جدت پیدا کرتے ہوئے ایسی گاڑی پیش کردی گئی جو فولڈ ایبل اسکرینز سے مزین ہے۔

    چین کے شمالی صوبے ہیبی میں منعقدہ چائنہ انٹرنشیل ڈیجیٹل اکانومی ایکسپو میں کانسیپٹ وہیکل پیش کی گئی جس میں ہر جگہ فولڈ ایبل اسکرینز مزین ہیں۔

    اسے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں گاڑی صرف آمد و رفت کا ذریعہ نہیں ہوگی بلکہ تفریح کا ذریعہ بھی ہوگی اور دوران سفر کاروباری امور بھی انجام دیے جاسکیں گے۔

    گاڑی کے اسٹیئرنگ ویل اور گیئر لیول بھی ٹچ اسکرین سے آراستہ ہیں۔ اسٹیئرنگ ویل کی اسکرین موسم کی صورتحال اور نقشہ فراہم کرتی ہے۔

    چین میں منعقدہ ایکسپو میں اس گاڑی کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

  • اندھیرے میں چمکنے والی سولر جیکٹ تیار

    اندھیرے میں چمکنے والی سولر جیکٹ تیار

    برطانوی ماہرین نے ایسی انوکھی جیکٹ تیار کرلی ہے جو سورج کی توانائی سے چارج ہو کر اندھیرے میں چمکتی ہے۔

    ٹائم میگزین کی جانب سے سنہ 2018 کی بہترین ایجاد قرار دی جانے والی یہ جیکٹ سولر تو ہے، تاہم اس کا کام کرنے کا انداز بھی انوکھا ہے۔ یہ پودے کی طرح کام کرتی ہے یعنی سورج سے خودبخود روشنی جذب کر کے توانائی جمع کرتی ہے۔

    اس جیکٹ کا بنیادی کام یہ ہے کہ یہ اندھیرے میں چمکتی ہے جس کی وجہ سے یہ رات میں کام کرنے والے افراد جیسے سرکاری اہلکار یا پولیس اہلکاروں کے لیے معاون ثابت ہوسکتی ہے جو اس جیکٹ کو پہن کر دور سے نظر آسکتے ہیں۔

    اس کا ایک اور فیچر یہ بھی ہے کہ اندھیرے میں ٹارچ کی روشنی کی مدد سے اس پر کچھ لکھا بھی جاسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی شخص رات کے وقت کہیں پھنس جائے تو وہ اس جیکٹ پر ہیلپ کا لفظ لکھ کر دور سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرسکتا ہے۔

    جیکٹ کی بیرونی تہہ کا مٹیریل فاسفورس سے تیار ایک خاص مرکب سے بنا ہے۔ اس پر روشنی پڑتی ہے تو جیکٹ اسے جذب کرتی ہے اور جگمگا اٹھتی ہے۔

    اپنی نوعیت کی اس منفرد ایجاد کی ابتدائی قیمت 445 ڈالر رکھی گئی ہے۔

  • ہم سب کا دوست گوگل 21 سال کا ہوگیا

    ہم سب کا دوست گوگل 21 سال کا ہوگیا

    دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل آج اپنی 21 ویں سالگرہ منا رہا ہے، اپنی سالگرہ پر گوگل نے اپنے ڈوڈل پر ایک ناسٹلجک تصویر سجائی ہے۔

    گوگل کا قیام سنہ 1998 میں عمل میں آیا تھا، اس کے مالکان لیری پیج اور سرگئے برن نے اس کی بنیاد رکھی تھی اور آج گوگل ایپل کے بعد دنیا کی سب سے امیر ترین کمپنی ہے۔

    تاہم ایسا لگتا ہے کہ گوگل جو ساری دنیا کے بارے میں جانتا ہے اپنی سالگرہ کے اصل دن سے خود بھی واقف نہیں ہے۔ سنہ 2006 سے گوگل نے اپنی سالگرہ 27 ستمبر کو منانا شروع کی تاہم اس سے قبل گوگل اپنی سالگرہ 26 ستمبر کو منا رہا تھا۔

    صرف یہی نہیں بلکہ گوگل نے اپنی چھٹی سالگرہ 7 ستمبر کو منائی تھی اور اس سے پہلے یہ سالگرہ ستمبر کی 8 تاریخ کو منائی گئی تھی حالانکہ مذکورہ بالا میں سے کوئی بھی گوگل کی حقیقی سالگرہ نہیں ہے۔

    گوگل پر موجود اس کے اپنے کلینڈر کے مطابق کمپنی کا قیام ستمبر کی 4 تاریخ کو عمل میں لایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ گوگل کی تشکیل اسٹین فورڈ یونی ورسٹی کے ریسرچ پراجیکٹ کے طور پر ہوئی تھی۔

    گوگل نے سنہ 2013 میں تسلیم کیا کہ اس نے چار مختلف تاریخوں پر سالگرہ منائی ہے تاہم اب یہ سالگرہ کئی سالوں سے 27 ستمبر کو ہی منائی جارہی ہے اور یہ وہ دن ہے جب گوگل نے 2002 میں پہلی بار اپنی سالگرہ کے لیے ڈوڈل کا استعمال کیا تھا۔

    آج اکیسویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اپنے ڈوڈل کو پرانے کمپیوٹر سے سجایا ہے جس پر گوگل کا پرانا لوگو ہے۔