Tag: ٹی ایل پی

  • ٹی ایل پی کی جانب سے چکوال کے صحافی کو دھمکیاں، ایچ آرسی پی کا ردعمل

    ٹی ایل پی کی جانب سے چکوال کے صحافی کو دھمکیاں، ایچ آرسی پی کا ردعمل

    اسلام آباد : ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کا ٹی ایل پی کی صحافیوں کو دھمکیوں پر ردعمل سامنے آگیا ، جس میں مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو دھمکیاں دینے والوں کیخلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان نے ٹی ایل پی کی جانب سے چکوال کے صحافی کو دھمکیاں پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت کوایسےواقعات کافوری نوٹس لیناچاہیے اور دھمکیاں دینےوالوں کیخلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔

    ایچ آرسی پی نے مزید کہا کہ کسی بھی صحافی کواپنےفرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈمیڈیاپرسنزایکٹ کےتحت حکومت کارروائی کرے۔

  • ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج

    ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج

    راولپنڈی: ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامع ضیاء العلوم سے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں سید عنایت الحق، مفتی عمیر، ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ شفیق قادری سمیت 28 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے مطابق خفیہ اطلاع ملی کہ ملزمان جامع ضیاء العلوم میں چیف جسٹس پاکستان کے خلاف ملکی سطح پر جلسہ جلوس کا پروگرام طے کرنے کی میٹنگ کر رہے تھے، ملزمان نے چیف جسٹس کو برطرف کر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تقریر کی، جو مذہبی منافرت اور مجرمانہ سازش کی حامل ہے۔

    ملزمان مسلح گن مینوں، مدرسے کے طالب علموں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں آئے، ہائی کورٹ روڈ بلاک کر دی، مسلح گن مینوں کے سڑک پر آنے کے باعث عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا، دہشت گردی کا سماں پیدا ہوا۔

    مقدمے کے مطابق پولیس کے پہنچنے پر کچھ لوگ گاڑیوں میں سوار ہو کر جی ٹی روڈ سواں کی طرف اور طلبہ مدرسے کی جانب گلیوں میں بھاگ گئے، ملزمان نے چیف جسٹس کے خلاف شدید نعرے بازی کر کے اشتعال دلایا۔

  • NA 50 اٹک : ٹی ایل پی کے حافظ محمد سعد آگے

    NA 50 اٹک : ٹی ایل پی کے حافظ محمد سعد آگے

    کراچی : ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی جانب سے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کی تازہ ترین اپڈیٹ کی فراہمی کا تسلسل بھی برقرار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے این اے50اٹک کے 36پولنگ اسٹیشن کا غیر حتمی نتیجہ موصول ہوا ہے جس کے تحت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے حافظ محمد سعد8975ووٹ لیکر آگے ہیں۔

    دوسری جانب ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ایمان وسیم 5721لے کر پیچھے ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستند اور تازہ ترین نتائج ناظرین تک پہنچانے کی روایت کو برقرار رکھا ہے، ملک بھر سے اے آر وائی نیوز کو ابتدائی نتائج موصول ہو رہے ہیں۔

  • تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے حکومتی اراکین کو مطالبات پیش کر دیے

    تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے حکومتی اراکین کو مطالبات پیش کر دیے

    اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کے ایک وفد نے رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ رات ٹی ایل پی کے ایک وفد نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اور وفاقی وزیر ایاز صادق سے ملاقات کی۔

    تحریک لبیک کی جانب سے وفد میں ڈاکٹر شفیق امینی، غلام عباس فیضی، مفتی محمد عمیر الزہری، اور مولانا غلام غوث شامل تھے۔

    ٹی ایل پی کی مذاکراتی کمیٹی نے حکومتی اراکین کے سامنے اپنے مطالبات پیش کیے، حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ ان مطالبات کے سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کی جائے گی۔

    تحریک لبیک پاکستان اور حکومتی وفد کے مابین مذاکرات کا دوسرا دور آج دوپہر کو منعقد ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس وقت تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، ٹی ایل پی کا پاکستان بچاؤ مارچ گجرات سے لالہ موسیٰ پہنچ گیا ہے، اور مارچ کے شرکا آج رات جہلم میں قیام کریں گے، اس مارچ کا آغاز 22 مئی کو کراچی میں مزار قائد سے ہوا تھا جس کی قیادت علامہ سعد حسین رضوی نے کی۔

  • مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی کی ہڑتال کی کال ، کئی شہروں میں کاروبار جزوی بند، ٹریفک معمول سے کم

    مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی کی ہڑتال کی کال ، کئی شہروں میں کاروبار جزوی بند، ٹریفک معمول سے کم

    کراچی : مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی کی ہڑتال کے باعث کی شہروں میں کاروبار جزوی بند ہے جبکہ ٹریفک معمول سے کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی کی کال پر ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے، کئی شہروں میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے تو کہیں جزوی بند ہے۔

    کئی شہروں میں مظاہرے ہورہے ہیں ، جس میں حکومت کے خلاف نعرے اور مہنگائی میں کمی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    ٹی ایل پی کی جانب سے مہنگائی کیخلاف ہڑتال کی کال پر کراچی شہر میں تمام کاروبای مراکز معمول کےمطابق کھلے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر رواں دواں ہے۔

    کراچی: تاجررہنماؤں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا جبکہ شہر کے تمام پیٹرول پمپس بھی کھلیں ہے تاہم مضافاتی علاقوں میں جزوی ہڑتال ہے۔

    اورنگی، بلدیہ ، اتحادٹاؤن اور ملیر میں دکانیں اوراسکول بند کرادیے ، مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائرجلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکےروڈ بند کردیا۔

    حیدرآباد میں ہڑتال کےباعث صبح کےاوقات میں بازار اور دکانیں اور بیشتر پٹرول پمپس بھی بند ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    سجاول میں پٹرول پمپس سمیت تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند ہے جبکہ ٹنڈو محمد خان میں بھی تمام کاروباری مراکز بندہیں۔

    گھوٹکی ، کشمور میں شاہی بازار،مین روڈ، شاہی پل، فتح شاہ بخاری سميت مختلف مارکیٹیں بند ہے جبکہ حب،وندر،اوتھل اوربیلہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

    لاہور میں ٹی ایل پی کی جانب سے مہنگائی کے پیش نظر ہڑتال کی کال پر شہر بھر میں مارکیٹیں جزوی طور پر بند ہیں۔

  • اعجاز چوہدری نے ٹی ایل پی سے تصادم میں پولیس شہادتوں کی انوکھی وجہ بتا دی

    اعجاز چوہدری نے ٹی ایل پی سے تصادم میں پولیس شہادتوں کی انوکھی وجہ بتا دی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری نے تحریک لبیک سے تصادم میں پولیس شہادتوں کی انوکھی وجہ بتا دی ہے، انھوں نے کہا کہ جب پولیس والوں سے 24 گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر اعجاز چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پولیس والوں سے 24 گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا، 24 گھنٹے جگائے رکھنے کے بعد ایسی قوت کے سامنے لائیں گے تو ان کا کیا ہوگا۔

    انھوں نے کہا پولیس والوں سے مجھے زیادہ ہمدردی ہے، جس پر اے آر وائی نیوز نے سوال کیا کہ آپ کو ہمدردی ہے تو کیا ان کے گھر گئے، انھوں نے جواب دیا جی نہیں، میں پولیس والوں کے گھر نہیں گیا۔ اعجاز چوہدری سے سوال کیا گیا کہ آپ اس معاملے میں پولیس والوں کے خاندانوں کو کیسے مطمئن کریں گے، انھوں نے جواب دیا میں نے پولیس افسران سے بات کی ہے، اب آپ اس پر بات نہ کریں۔

    اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ میں تو مسلسل کہتا رہا طاقت سے اس کا حل نہیں نکلے گا، فواد چوہدری کے حوالے سے سوال پر کہا کہ میں ان کا جواب نہیں دینا چاہتا کیوں کہ فواد چوہدری نے غیر مہذب زبان استعمال کی، ان کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے ایسی زبان سے انتہا پسندی بڑھتی ہے، برائی کو بھلائی سے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اعجاز چوہدری نے کہا ہم مجبور ہو جاتے ہیں اس لیے ان سے بھی بات کرتے ہیں جو ناقابل قبول ہوں، میں نے ٹی ایل پی سے کسی سیاسی اتحاد کی بات نہیں کی ہے، سعدرضوی کو اپنی مرضی سے پھول دیے تھے۔

    انھوں نے کہا بات چیت اورگفت و شنید ہی ہر مسئلے کا حل ہے، اے آر وائی نیوز نے اس پر سوال کیا کہ کیا اسی لیے آپ ٹی ٹی پی سے بھی بات چیت کر رہے ہیں؟ انھوں نے جواب دیا یہ ہماری مجبوری ہے، وہ سوسائٹی کا حصہ ہیں۔

    اس سوال پر کہ کیا آپ پریانتھا کو جلانے والوں سے بھی یہی رویہ اپنائیں گے؟ انھوں نے جواب دیا آپ دونوں معاملات کو غلط ملا رہے ہیں۔

  • ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا

    ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا

    لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ حافظ سعد حسین رضوی کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کے بعد سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا ہے، وہ مسجد رحمت اللعالمین پہنچیں گے۔

    سعد رضوی کا جیل سے رہائی کے وقت کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔ ٹی ایل پی کارکن مسجد رحمت اللعالمین کے باہر ان کا استقبال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سعد رضوی کی رہائی حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔

    سعد رضوی اپنے والد مولانا خادم حسین رضوی کے کل سے شروع ہونے والے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، مولانا خادم حسین رضوی کا عرس 21 نومبر تک جاری رہے گا۔

    یاد رہے کہ ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی کو 12 اپریل کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر نظر بند کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق نظر بندی کے دوران سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا، بعد ازاں، سعد رضوی کی رہائی کے لیے فیڈرل ریویو بورڈ کو صوبائی حکومت نے درخواست کی تھی۔

    سعد رضوی کو پہلی مرتبہ اپریل 2021 میں ایک مہینے کے لیے نظر بند کیا گیا تھا۔

  • فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی ملکی برآمدات ختم ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور علمائے اکرام کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس میں وزیر اعظم نے کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے خلاف قائم کیسز ختم کرنے کے لیےگرین سگنل دیا، وزیر اعظم نے کہا معاملات ٹھیک کرنے میں 2 سے 3 ہفتے درکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ فرانس سے متعلق کالعدم جماعت کا مطالبہ ملکی مفاد میں نہیں، اگر فرانسیسی سفیر کو نکالا تو یورپی ممالک سے ہونے والی 10 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس ختم ہو جائیں گی، اس فیصلے سے ملکی کرنسی پر بے پناہ دباؤ آئے گا، اور مہنگائی بڑھے گی۔

    حکومت سعد رضوی کے کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی، ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان نے علمائے کرام سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک میری حکومت میں اب تک 6 مرتبہ سڑکوں پر آ چکی ہے، میں نے 25 سال پہلے پاکستان میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا سوچا تھا، میرے ہاتھ پاؤں مضبوط کرنے کی بجائے یہ لوگ میرے ہی خلاف سڑکوں پر آ گئے۔

    انھوں نے کہا حکومت اپنے ہی لوگوں پر طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار نہیں کرناچاہتی، لیکن ریاست کی رٹ پر کسی صورت کمپرومائز نہیں ہونے دوں گا، جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے علما پر امید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے معاملے پر وزیر اعظم سے ملاقات اچھی رہی، وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ حکومت کی رٹ بھی ہو اور مذاکرات بھی چلیں، اگر دونوں طر یہی امن پسند رویہ اختیار کیا گیا تو مسائل حل ہو جائیں گے۔

  • حکومت سعد رضوی کے کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی، ذرائع

    حکومت سعد رضوی کے کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی، ذرائع

    اسلام آباد: ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت ٹی ایل پی کے گرفتار رہنما سعد حسین رضوی کے خلاف کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے علما و مشائخ کی نہایت اہم ملاقات ہوئی، اگر چہ اس ملاقات میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سعد رضوی کے خلاف تمام کیسز ختم کرنے کے لیے رضا مند ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت کو کیسز ختم کرنے کے لیے دو تین ہفتے درکار ہیں، اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت لانگ مارچ کے شرکا پر کوئی تشدد نہیں کرنا چاہتی، لیکن جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک علما نے مذہبی معاملات میں بعض وفاقی وزرا کی مداخلت پر اعتراض کیا، بالخصوص وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کے بیانات کے حوالے سے بات کی گئی۔

    علمائے کرام نے فواد چوہدری کے بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حساس مذہبی معاملات ہوں تو وزرا محتاط بیانات دیا کریں۔

    دوسری طرف اس صورت حال میں فواد چوہدری نے فوری کسی رد عمل سے گریز کیا ہے، انھوں نے آج شیڈول پریس کانفرنس بھی نہیں کی۔

    ملاقات کے بعد نور الحق قادری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں بڑی شخصیات شامل تھیں، وزیر اعظم نے بتایا کہ وہ ملک میں خون خرابا نہیں چاہتے، اور ہمیشہ سنجیدہ مذاکرات کا خیر مقدم کیا۔

    انھوں نے کہا ملاقات میں 12 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے، جو حکومت اور تحریک لبیک سے رابطے میں ہوگی، اس وفد میں شامل شخصیات کی وجہ سے فضا میں بہتری ہوگی، مظاہرین سے بھی درخواست کی جاتی ہے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    ادھر پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے احتجاج سے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے، امسال دھرنے سے تاحال پونے 4 ارب کا نقصان ہو چکا ہے، کالعدم تنظیم 2017 سے تاحال 35 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا چکی ہے، جب کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود 4 پولیس اہل کار شہید اور ڈھائی سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ مظاہرین نے تاحال تقریباً 360 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا، سڑکوں کی بندش سےسبزیوں اور پھلوں کی منڈیوں تک ترسیل معطل ہے، اربوں کاسامان سڑکوں پر کھڑے ٹرکوں میں خراب ہو رہا ہے۔

    حسان خاور کے مطابق شر پسند عناصر کے خلاف 620 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔

  • ریاست کو کمزور نہ سمجھیں، ہم نے بڑے بڑے دہشت گرد گروپس کو شکست دی ہے: فواد چوہدری

    ریاست کو کمزور نہ سمجھیں، ہم نے بڑے بڑے دہشت گرد گروپس کو شکست دی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کالعدم تنظیم کی جانب سے پُر تشدد احتجاج اور راستے بند کرنے کے حوالے سے متنبہ کیا ہے کہ ریاست کو کمزور نہ سمجھیں، ہم نے بڑے بڑے دہشت گرد گروپس کو شکست دی ہے۔

    وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، ٹی ایل پی کے احتجاج میں 5 پولیس اہل کار شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

    انھوں نے کہا رحمتہ للعالمینﷺ سے متعلق پوری امت مسلمہ متحد ہے، لیکن تحریک لبیک والے ایک جتھہ لے کر آگئے اور حکومت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا پانچ چھ دن سے جی ٹی روڈ بلاک ہے، اور تاجر ریاست کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکومت نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے، یہ جان لیں کہ ہم نے بڑے بڑے دہشت گرد گروپس کو شکست دی ہے۔

    وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے، ملک میں بادشاہت نہیں جمہوریت ہے، حکومت سب سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا ریاست کو کم زور نہ سمجھیں، اپنے گھروں کو جائیں، حکومت زیادہ دیر مذاق برداشت نہیں کر سکتی، مظاہرین کو ایک حد سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، احتجاج کے باعث صورت حال ایسی ہو گئی ہے کہ کلمہ گو کو اپنی گواہی دینا پڑ رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم امن سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں تاہم اسے ریاست کی کمزوری نہ سمجھا جائے، ڈنڈوں کے زور پر مطالبات تسلیم نہیں کرائے جا سکتے، ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔