Tag: ٹی ایل پی

  • کالعدم تنظیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے والے افراد پکڑے گئے

    کالعدم تنظیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے والے افراد پکڑے گئے

    اسلام آباد: ایف آئی اے سائبر کرائم راولپنڈی نے ایک کارروائی میں کالعدم تحریک لبیک کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے والے 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں فیڈرل انویسٹگیشن ایجنسی نے تین افراد گرفتار کر لیے، ملزمان فیس بک اور ٹویٹر پر ٹی ایل پی کی جانب سے اشتعال انگیز مواد شیئر کر رہے تھے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ڈیٹا قبضے میں لے لیا گیا ہے، اور ملزموں کے خلاف الیکٹرانک ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نے ٹویٹر اور فیس بک پر مختلف اکاؤٹس بنا رکھے ہیں۔

    قومی سلامتی کمیٹی کا کالعدم جماعت کیساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہ کرنے کا فیصلہ

    دوسری طرف آج بھی کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کی جانب سے جاری احتجاج کو ختم کرانے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، 2 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں ایک طرف حکومت کی رٹ قائم رکھنے کا فیصلہ ہوا اور دوسری جانب فیصلہ ہوا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا جائے گا، شیخ رشید نے بتایا کہ مذاکرات میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، امید ہے رات کو میں اور نورالحق قادری پھر ان سے مذاکرات کریں۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے واٹس ایپ گروپس انڈیا، ہانگ کانگ، جنوبی افریقا سے چل رہے ہیں، بعض واٹس ایپ گروپس جنوبی کوریا اور امریکا سے بھی چل رہے ہیں، ایف آئی اے کو اس سلسلے میں تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، انھوں نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے سارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس باہر سے چل رہے ہیں۔

  • حکومت پاکستان کے کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کامیاب

    حکومت پاکستان کے کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کامیاب

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گرفتاریوں اور دیگر مطالبات پر کافی سارے نکات طے ہوئے ہیں، منگل تک ان کے مطالبات کو حتمی شکل دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، حکومتی وفد میں شیخ رشید، نور الحق قادری، راجہ بشارت و دیگر شامل تھے۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الحمد اللہ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ طے پایا ہے یہ لوگ منگل کی شام تک وہیں پرامن احتجاج کریں گے، جو راستے بلاک ہیں وہ کھول دیے جائیں گے، آج اسلام آباد میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں اور دیگر مطالبات پر کافی سارے نکات طے ہوئے ہیں، منگل تک ان کے مطالبات کو حتمی شکل دیں گے۔

  • کالعدم تنظیم نے اپنی کمیٹی کا اعلان کر دیا، حکومتی ٹیم سے مذاکرات آج ہوں گے

    کالعدم تنظیم نے اپنی کمیٹی کا اعلان کر دیا، حکومتی ٹیم سے مذاکرات آج ہوں گے

    لاہور: حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے لیے کالعدم تنظیم نے بھی اپنی کمیٹی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم نے حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنا دی، جس میں مفتی محمد وزیر علی، علامہ غلام عباس فیضی، اور مفتی محمد عمیر الظاہری شامل ہیں۔

    گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات کے لیے پنجاب کابینہ کے سینئر اراکین راجہ بشارت اور چوہدری ظہیر الدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

    کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، علی امین گنڈا پور آج خصوصی طیارے سے لاہور پہنچے، جب کہ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں۔

    آج بھی کالعدم تنظیم کے لانگ مارچ کے دوران شیخوپورہ میں جی ٹی روڈ پر مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی، پولیس کی متعددگاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، جب کہ مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی۔

    عثمان بزدار نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت کو مظاہرین سے ہر صورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختون خوا سے 30 ہزار پولیس اہل کار طلب کیے گئے ہیں۔

    کالعدم تنظیم کے احتجاج اور لانگ مارچ کے سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت آج لاہور میں اجلاس ہوا، حکام نے امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دی، حکومتی ٹیم آج کالعدم تنظیم سے مذاکرات کرے گی، پیر نورالحق قادری نے اس سلسلے میں علمائے کرام سے بھی رابطے کیے۔

  • عثمان بزدار نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    عثمان بزدار نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    لاہور: پنجاب میں صوبائی سطح پر تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انھوں نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے ہم نے پنجاب کابینہ کے سینئر اراکین راجہ بشارت اور چوہدری ظہیر الدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔

    حکومت کا کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حضور اکرم ﷺ کی سنت کے مطابق ملک میں امن و آشتی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ 29 اپریل 2021 کو ٹی ایل پی نے کالعدم قرار دیے جانے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی تھی، یہ درخواست انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دی گئی تھی۔

    5 مئی کو وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی پابندی پر نظر ثانی کی اس درخواست پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی تھی۔

    آخر کار 13 جولائی کو وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی ہٹانے سے متعلق بھیجی گئی سمری کو مسترد کرتے ہوئے اس پر پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

  • مفتی منیب سمیت دیگر کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری

    مفتی منیب سمیت دیگر کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری

    کراچی: کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے معاملے میں مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علما کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری شروع ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج اور ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کے تناظر میں مفتی منیب الرحمان سمیت کراچی کی دیگر شخصیات کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری ہو رہی ہے، اس سلسلے میں فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔

    اس فہرست میں حاجی رفیق پردیسی، غلام غوث بغدادی، مولانا ریحان امجد نعمانی، علی محمد اسلم اور عامر چھوٹانی کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

    ضلع شرقی کے تھانوں سے فورتھ شیڈول میں نام ڈالنے کے لیے تفصیلات طلب کی گئی ہیں، نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کے لیے سفارشات بھی تیار کی جا رہی ہیں، پولیس کی جانب سے دستاویزات سی ٹی ڈی کو بھجوائی جائیں گی۔

    مفتی منیب کا آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

    یاد رہے کہ مفتی منیب نے 19 اپریل کو کراچی میں پریس کانفرنس میں لاہور یتیم خانہ چوک واقعے پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تھا، مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی نے بھی مفتی منیب کی ہڑتال کی کال کی حمایت کی تھی۔

    انھوں نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے گرفتار کیے گئے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنے اور ان کے خلاف درج کیے گئے مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • حکومت اور ٹی ایل پی مذاکرات کامیاب، شیخ رشید نے بیان جاری کر دیا

    حکومت اور ٹی ایل پی مذاکرات کامیاب، شیخ رشید نے بیان جاری کر دیا

    اسلام آباد: حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے اہم ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    شیخ رشید نے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے، طے پایا ہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی، یہ قرارداد قومی اسمبلی میں آج پیش کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی مسجد رحمت اللعالمینﷺ سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کرے گی، جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا، جن کے خلاف مقدمات ہیں، فورتھ شیڈول سمیت، ان کا اخراج کیا جائے گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ اس سلسلے میں تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دوں گا۔

    ادھر وزیر مذہبی امور و اوقاف پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں تمام مراحل کامیابی سے طے پا گئے، ماہ رمضان کی برکت ملک بڑے فتنے سے بچ گیا، بریک تھرو میں کامیاب ہوگئے ہیں، تحریک لیبک اسلام آباد میں لانگ مارچ نہیں کرے گی۔

    راولپنڈی: مظاہرین نے لال حویلی کا گھیراؤ کرلیا

    کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کرنے والے علمائے اہل سنت کا بھی ویڈیو بیان جاری ہوا، صاحب زادہ حامد رضا نے بیان میں کہا عوام کو کامیاب مذاکرات پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، کارکنوں کی رہائی کا مرحلہ آج شروع ہو جائے گا، جب کہ پرائیویٹ ممبر اسمبلی میں فرانسیسی سفیر سے متعلق قرارداد پیش کرے گا۔

    حامد رضا نے کہا فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے افراد پر نظر ثانی کی جائے گی، علمائے اہل سنت حکومتی کمیٹی نہیں ہے، ہم نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، امید ہے حکومت معاہدے پر عمل کرے گی۔

    دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن ٹی ایل پی شوریٰ شفیق امینی اور دیگر مرکزی رہنما بیان جاری کریں گے، جب کہ حکومتی اعلان شیخ رشید، نورالحق قادری اور راجہ بشارت کریں گے، ذرائع نے کہا کہ 16 ایم پی او کے تحت گرفتار 2600 افراد ملک بھر سے رہا کیے جائیں گے، کالعدم تنظیم کے جن کارکنان پر مقدمات ہیں ان کی ضمانتیں کروائی جائیں گی۔

  • ٹی ایل پی سے مذاکرات شروع، مظاہرین نے یرغمال اہل کار چھوڑ دیے: شیخ رشید

    ٹی ایل پی سے مذاکرات شروع، مظاہرین نے یرغمال اہل کار چھوڑ دیے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیے گئے ہیں، جن پولیس اہل کاروں کو ترغمال بنایا گیا تھا انھیں چھوڑ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کی اطلاع دی، انھوں نے کہا ٹی ایل پی سے مذاکرات کا پہلا دور ہو چکا ہے، مذاکرات کا دوسرا دور بھی آج صبح ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا مظاہرین نے 11 یرغمال پولیس اہل کار چھوڑ دیے ہیں، بات چیت کا پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا، اور ٹی ایل پی کے لوگ مسجد رحمت اللعالمین میں چلے گئے ہیں، پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا پنجاب حکومت کی پہلی میٹنگ کامیابی سے ہم کنار ہوئی ہے، دوسرے راؤنڈ میں باقی معاملات بھی طے پا جائیں گے، اللہ سے امید ہے ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔

    گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز کو اغوا کیا گیا تھا جس پر مظاہرین کے خلاف آپریشن کیا گیا، انھوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوگی، ریاست کالعدم ٹی ٹی پی مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی۔

    ادھر آج لاہور واقعے کے خلاف مفتی منیب الرحمان نے دیگر علما کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک بھر میں پر امن پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جس کی حمایت مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی سمیت تاجر اور ٹرانسپورٹر تنظمیوں نے بھی کر دی ہے۔