Tag: ٹی ٹی پی

  • ’طالبان نے یقین دہانی کرائی کہ سرزمین کسی اور ملک کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے‘

    ’طالبان نے یقین دہانی کرائی کہ سرزمین کسی اور ملک کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے‘

    اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) آج بھی حملوں کیلئے افغان سر زمین استعمال کر رہی ہے۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی آج بھی حملوں کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہی ہے ہم  یہ معاملہ کابل کے نوٹس میں لے کر آئے ہیں۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کا جب دورہ کیا تھا تو طالبان سے  اس حوالے سے تفصیلی بات ہوئی، افغان طالبان قیادت نے تعاون کیلئے رضامندی کا بھی اظہار کیا تھا۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے انٹرویو میں مزید کہا کہ طالبان نے یقین  دہانی کرائی کہ سرزمین کسی اور  ملک کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے، افغان طالبان نے اس مسئلے سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کیساتھ ہمارے کافی اچھے تعلقات ہیں، افغان طالبان نےکہا تھا اپنی زمین  کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔

    وزیردفاع خواجہ آصف کا مزید کہا کہ ٹی ٹی پی کے پاس امریکا کے افغانستان میں چھوڑے جدید آلات ہیں، بھارت آج بھی طالبان کی مدد کر رہا ہے، افغان رہنماؤں سے بات کر کے تاثر ملا کہ وہ ٹی ٹی پی سے فاصلہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔

  • کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: شہر قائد سے سیکیورٹی اداروں‌ نے کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پاکستان اور رینجرز نے سائٹ ایریا میں نورس چورنگی کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد الیاس کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق دہشت گرد سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزم قاری شاکر اللہ کا قریبی ساتھی ہے، جو گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

    ریڈ بک میں شامل ملزم سعودی عرب فرار ہوا تھا، ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ ساتھیوں سمیت 2013 میں سائٹ کے علاقے میں اس نے شیر احمد کو قتل کیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے 2012 میں کالعدم ٹی ٹی پی کے خلیفہ عمر منصور گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی، ملزم کے دیگر کیسوں سے متعلق بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • پاکستان کے امن کا دُشمن، انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی مارا گیا

    پاکستان کے امن کا دُشمن، انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی مارا گیا

    اسلام آباد: پاکستان کے امن کا دُشمن ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی مارا گیا۔

    تفصیلات کےمطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ترجمان دہشت گرد محمد خراسانی افغانستان کے صوبے ننگرہار میں مارا گیا۔

    دہشت گرد محمد خراسانی تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان تھا، اور اس کا اصل نام خالد بلتی تھا، محمد خراسانی میرانشاہ میں دہشت گردی کا مرکز چلا رہا تھا۔

    آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد محمد خراسانی افغانستان بھاگ گیا تھا، وہ شاہد اللہ شاہد کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کا ترجمان بنا تھا۔

    محمد خراسانی معصوم عوام اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، وہ ٹی ٹی پی کے مختلف دھڑوں کو متحد کرنے میں مصروف تھا، اور ٹی ٹی پی کے سربراہ مفتی نور ولی محسود کے ساتھ مل کرپاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹی پی دہشت گرد محمد خراسانی نے حال ہی میں پاکستان کے اندر مختلف کارروائیوں کا اشارہ بھی دیا تھا۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل کچھ گروہ حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل کچھ گروہ حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان میں شامل کچھ گروہ امن کے لیے حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ترک ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں، ایسے گروہوں کے ساتھ افغانستان میں بات چیت ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے انٹرویو میں بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو غیر مسلح کرنے کے لیے مذاکرات کیے ہیں، جن میں افغان طالبان ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا اگر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے یہ گروپ ہتھیار ڈال کر غیر مسلح ہو جاتے تو انھیں معافی دے دی جائے گی، اور وہ بھی معمول کی زندگی گزار سکیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، اور ہم تحریک طالبان پاکستان کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں، وہ ہتھیار ڈال دیں تو معاف کر دیں گے، وہ عام شہری کی طرح رہ سکتے ہیں۔

    ترک ٹی وی کو انٹریو میں ان کا کہنا تھا کہ کیوں کہ مذاکرات افغانستان میں ہو رہے ہیں اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ وہ بات چیت کے اس عمل میں تعاون کر رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ مسائل کے فوجی حل پر یقین نہیں رکھتے ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ بحیثیت سیاست دان معاملات کو سیاسی طور پر لے کر آگے بڑھنا چاہیے۔

  • ‘کابل میں طالبان کے آنے کے بعد پاکستان میں ٹی ٹی پی دوبارہ متحرک ہو سکتی ہے’

    ‘کابل میں طالبان کے آنے کے بعد پاکستان میں ٹی ٹی پی دوبارہ متحرک ہو سکتی ہے’

    اسلام آباد: ایشیا پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائیکل کوگلمین نے اس خدشے کا اظہار کہا ہے کہ کابل میں طالبان کے آنے کے بعد پاکستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دوبارہ متحرک ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج آن لائن منعقدہ افغانستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایشیا سے متعلق امریکی تنظیم ایشیا پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائیکل کوگلمین نے خبردار کیا ہے کہ کابل میں طالبان آ گئے ہیں، پاکستان میں بھی ٹی ٹی پی دوبارہ متحرک ہو سکتی ہے، ٹی ٹی پی چند ماہ میں دوبارہ ابھری ہے، اور اس نے پاکستان میں حملے کیے ہیں۔

    Michael Kugelman

    انھوں نے کہا کہ امریکا کے لیے ٹی ٹی پی کوئی ترجیح نہیں، بلکہ افغان طالبان اہم ہیں، حقانی نیٹ ورک کی طرف امریکا کی توجہ ہے، تاہم بڑا سوال یہ ہے کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی سے متعلق کیا کرتے ہیں۔

    پاکستان آئندہ کی افغان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کرے گا

    مائیکل کا کہنا تھا ٹی ٹی پی اور افغانستان طالبان کی سوچ ایک ہے، اور انھوں نے افغانستان میں مشترکہ کارروائیاں بھی کی ہیں، مائیکل نے واضح کیا کہ امریکا افغانستان میں ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ نہیں لے گا۔

    دریں اثنا، افغانستان کانفرنس کے جیو پولیٹیکل سیشن سے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈین مارکی نے خطاب میں کہا کہ افغانستان سے توجہ ابتدا میں عراق پر حملے کی وجہ سے ہٹ گئی تھی، تاہم اس سلسلے میں امریکی پالیسی پر مبنی بائیڈن انتظامیہ کے درجنوں اجلاس ہوئے۔

    انھوں نے کہا امریکا کا افغانستان سے انخلا ایک حکمت عملی اور سوچا سمجھا فیصلہ تھا، امریکا کی ترجیح ہے کہ خود کو عالمی سیاست میں متحرک اور اہم رکھے۔

  • پاکستان آئندہ کی افغان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کرے گا

    پاکستان آئندہ کی افغان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کرے گا

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ کی افغان حکومت سے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ ٹی ٹی پی دہشت گرد اور کالعدم تنظیم ہے، اس تنظیم پر پاکستان اور اقوام متحدہ نے پابندی لگائی ہے، پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے پر ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کا مطالبہ کیا، ہم افغانستان میں پرامن انتقال اقتدار کے حامی ہیں، اس دوران افغانستان میں بڑے پیمانے پر تشدد نہیں پھیلا، زیادہ پرتشدد کارروائیاں دیکھنے کو نہیں ملیں، صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعظم بھی مختلف ممالک کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں۔

    انھوں نے کہا افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے، ہم مسئلے کے حل کے لیے انٹرا افغان مذاکرات کے خواہاں ہیں، پاکستان عالمی برادری کے ساتھ افغانستان کے مستقبل پر مشاورت کے لیے رابطے میں ہے۔

    واضح رہے کہ کابل میں پاکستان کا سفارت خانہ بھی کھلا ہے جو عالمی اداروں کو سروسز فراہم کر رہا ہے، آج پی آئی اے کے ذریعے 400 غیر ملکی سفارت کاروں اور دیگر اہل کاروں کا افغانستان سے انخلا عمل میں آیا۔

    دوسری طرف ترجمان طالبان سہیل شاہین نے واضح کیا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ نہیں بنے گا، پہلے ہی کہہ چکے ہیں اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، جو کہتا ہے یہاں دہشت گرد ہیں تو بتائیں کہاں ہیں، ہمیں ثبوت دیں، ہم کارروائی کریں گے۔

  • سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو آگ لگائی جبکہ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں سیف اللہ عرف محسن عرف صدام اور حضرت بلال عرف بلال شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے سنہ 2013 میں ٹی ٹی پی سجناں گروپ میں شمولیت اختیار کی، دونوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں، ملزمان سے شارٹ مشین گن، دستی بم، ایمونیشن اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے منگھو پیر سے بھتہ لے کر کمانڈر فخرالدین عرف ملنگ کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار دہشت گرد سیف اللہ نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو بھی آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے، واردات کے بعد سیف اللہ شوال کے علاقے میں چلا گیا تھا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے، گرفتارملزمان بھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

  • پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا بیان اقوام متحدہ رپورٹس اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، پچھلے کئی سالوں میں تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کیے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مقاصد کو تسلیم کیا گیا۔ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کا بلا امتیاز دہشت گردی کے خلاف ہر طرح کا مقابلہ کرنے کا عزم واضح ہے، پاکستان نے امن کے لیے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان انٹرا افغان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

  • شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آپریشن میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بویا میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد اشرف اللہ عرف طوفانی مارا گیا۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد اشرف اللہ ہلاک ہو گیا، وہ ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اشرف اللہ ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں ملوث تھا۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    ڈی آئی خان: خیبرپختونخوا میں پولیس مقابلے کے دوران تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی نے بگوانی گاؤں میں مکان پر چھاپہ مارا اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے 2دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں مقابلہ تاحال جاری ہے، بکتربند گاڑی اور مزید نفری روانہ کردی گئی، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت وقار اور نوید کے نام سے ہوئی۔

    ٹی ٹی پی خودکش اسکواڈ کا سربراہ افغانستان میں مارا گیا

    دہشت گردوں سے وائر لیس سیٹ، کلاشنکوف، دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوئی، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ سے تھا، مارے گئے دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث تھے۔

    آر پی او کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملے میں بھی مطلوب تھے۔