Tag: ٹی20 ورلڈکپ

  • امریکا سے شرمناک شکست پر انور مقصود کا دلچسپ تبصرہ

    امریکا سے شرمناک شکست پر انور مقصود کا دلچسپ تبصرہ

    کراچی : معروف ادیب انور مقصود نے ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ میں پاکستان کی امریکا سے شکست  کی دلچسپ وجہ بتادی۔

    پاکستان کے لیجنڈری مصنف، طنز و مزاح نگار اور میزبان انور مقصود کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہوں نے ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی عبرتناک شکست کی انوکھی وجہ بتائی ہے۔

    پاکستانی ٹیم کو امریکا سے ہار کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے، جبکہ شوبز شخصیات بھی پاکستان کی شکست پر دلچسپ ردعمل دیتے نظر آرہے ہیں۔

    انور مقصود کی وائرل ویڈیو میں اُن سے کسی نے پوچھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا سے میچ ہارنے پر وہ کیا کہیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انور مقصود نے کہا کہ پاکستان مجبوری میں امریکا سے میچ ہارا ہے کیونکہ ہمیں آئی ایم ایف سے قرضہ ملنا ہے جو ابھی تک نہیں ملا۔

    انور مقصود نے کہا ہوسکتا ہے کہ میچ میں شکست کی بھی شرط رکھی گئی ہو  کہ پہلے امریکا سے میچ ہارو پھر پیسے دیں گے ورنہ پاکستان کے ہارنے کی کوئی اور وجہ سمجھ نہیں آتی۔

    انور مقصود نے پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کہ اب جن پاکستانیوں نے 9 جون کے ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں وہ آدھی قیمت میں اپنے ٹکٹ بیچیں گے۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔

  • شاہین آفریدی کس بات پر ناراض ہوگئے؟ وجہ سامنے آگئی

    شاہین آفریدی کس بات پر ناراض ہوگئے؟ وجہ سامنے آگئی

    قومی کرکٹر شاہین آفریدی کے ساتھ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے فوٹو شوٹ کے دوران عجیب واقعہ رونما ہوا۔

    شاہین شاہ آفریدی کو فوٹو شوٹ کے دوران پوسٹر کے ہمراہ تصویر کھینچوانے کا کہا گیا تو اس پر ان کے نام کے ساتھ بالر تحریر تھا، جس پر وہ شدید برہم ہوگئے۔

    قومی کرکٹر نے شکایت کی کہ میں ایک آل راؤنڈر ہوں، آپ نے میرے نام کے آگے صرف بولر کیوں لکھا ہے؟۔

    قومی کرکٹر نے اس عمل کی آئی سی سی کی میڈیا ٹیم کو شکایت درج کروائی۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ڈیلاس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کا ایونٹ کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے، ٹورنامنٹ جیتنے آئے ہیں، کوشش ہوگی ہر میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    محمد عامر کا کہنا تھا کہ چیلنج قبول کرتے ہوئے اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، ہرطرح کی صورتحال کیلیے ہمیشہ تیارہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موسم ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے،ہم نے اچھی پریکٹس کی ہے،جس کھلاڑی نے پرفارم کیا ہوتا ہے اس کی صلاحیت پر شک نہیں ہونا چاہیے۔

    فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اعظم خان جس طرح کے کھلاڑی ہیں اکیلے میچ جتواسکتے ہیں، ہمیشہ سے مانتا ہوں بطور سینئر کھلاڑی آپ کو اپنا رول قبول کرنا پڑتا ہے۔

    پاک امریکا میچ، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ڈیلاس کا رُخ کرلیا

    فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ منصوبہ بتا نہیں سکتا لیکن ہمارے پلان تیار ہیں، حارث، شاہین اور نسیم گزشتہ 4 سال سے عمدہ پرفارم کررہے ہیں۔